Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 10 July-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۰۱/ جولائی ۵۲۰۲ء
وقت: ۰۰:۹-۰۱:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ وزیرِ اعظم کو نامیبیا کا اعلیٰ ترین شہری ایوارڈ تفویض؛ پانچ ممالک کے دورے کے بعد وزیرِ اعظم وطن روانہ۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر میں نابالغ لڑکیوں پر مظالم کے معاملے میں ضلع چائلڈ ڈیولپمنٹ افسران کی فوری معطلی؛ متعلقہ ادارے کی منظوری منسوخ کرنے کے وزیرِ اعلیٰ کے احکامات۔
٭ ریاست میں ٹکڑا بندی قانون میں نرمی؛ پندرہ دِنوں میں طریقہئ کار ظاہر کرنے کا وزیرِ محصول کا اعلان۔
٭ کسانوں کے فصل قرض کیلئے چھترپتی سمبھاجی نگر انتظامیہ کی ”درخواست دیں‘ قرض حاصل کریں“ مہم۔
اور۔۔۔٭ بھارت اور انگلینڈ تیسرا ٹسٹ کرکٹ مقابلہ آج سے لارڈس میں کھیلا جائے گا۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
وزیرِ اعظم نریندر مودی گھانا‘ ترینداد و ٹوبیگو‘ ارجینٹینا‘ برازیل اور نامبیا ان پانچ ممالک کے کامیاب دوروں کے بعد وطن لوٹ رہے ہیں۔ وزیرِاعظم کو کل نامیبیا کے اعلیٰ ترین شہری اعزاز ”آرڈر آف دَ موسٹ نیشیئیٹ ویلوی تودیا میرا بیلس“ سے نوازا گیا۔ یہ 27 واں اعزاز ہے جو انھیں بیرون ملک ملا ہے اور ان کے موجودہ دورے کے دوران یہ چوتھا ایوارڈ ہے۔ انھوں نے کہااس ایوارڈ کیلئے نامیبیا کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا اور اپنے احساس کا اظہار کیا کہ یہ ایوارڈ بھارت اور نامبیا کے درمیان پائیدار دوستی کی علامت ہے۔ ہمارے نامہ نگار نے اس دورے کے بارے میں مزید تفصیلات دیں‘ جو کچھ اس طرح ہیں۔
Byte: Aparna Khund, All India Radio
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر کے وِدّیادیپ چلڈرن ہوم میں نابالغ لڑکیوں پر مظالم کے معاملے میں ضلع چائلڈ ڈیولپمنٹ آفیسر کو فوری معطل کردیا گیا ہے اور وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے متعلقہ ادارے کی منظوری منسوخ کرنے کی ہدایت دی ہے۔ رکنِ اسمبلی چتراواگھ نے کل قانون ساز کونسل میں وقفہئ صفر کے دوران یہ مسئلہ اٹھایا تھا۔
قائد ِ حزبِ اختلاف امباداس دانوے نے اس سلسلے میں بات کرتے ہوئے الزام لگایا کہ اس چلڈرن ہوم میں نابالغ لڑکیوں کو مارا پیٹا جاتا ہے اور غیر انسانی تشدد کیا جاتا ہے اور اُن پر مذہب تبدیل کرنے کیلئے دباؤ ڈالا جاتا ہے۔ وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ اس معاملے کی تحقیقات کیلئے تین سینئر خواتین پولس انسپکٹرز پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے اور یہ کمیٹی آج اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔
***** ***** *****
نائب وزیرِ اعلیٰ و وزیرِ خزانہ اجیت پوار نے کہا ہے کہ ریاست کی مالی حالت مضبوط ہے اور ان کی توجہ آمدنی کے نئے ذرائع پیدا کرنے پر ہے۔ وہ کل قانون ساز اسمبلی کے ضمنی مطالبات پر بحث کا جواب دے رہے تھے۔ پوار نے کہا کہ چونکہ ضمنی مطالبات کی رقم ترقیاتی اسکیموں پر خرچ کی جارہی ہے اس سے ریاست کے وسائل میں اضافہ ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ ریاستی انتظامیہ مالی نظم و ضبط پر سختی سے عمل پیرا ہے اور خزانے پر پڑنے والا مالی بوجھ بھی قابو میں ہے۔
***** ***** *****
امباداس دانوے نے کل ایون میں یہ مسئلہ اٹھایا کہ جب کسانوں کے کھیتوں میں بوائی نہیں ہوئی تو زرعی پیداوار مارکیٹ کمیٹی کے اہلکار یا ملازمین فصلوں اندراج دکھاکر بدعنوانی کے مرتکب ہورہے ہیں۔ دانوے نے ان اہلکاروں کے خلاف فوری کارروائی کامطالبہ کیا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
وزیرِ محصول چندر شیکھر باون کڑے نے کل اسمبلی میں اعلان کیا کہ ریاست کے ٹکڑا بندی قانون میں نرمی کی جائے گی اور مستقبل میں اس قانون کو منسوخ کرنے کیلئے مناسب طریقہئ کار طئے کیا جائے گا۔یکم جنوری 2025 تک شہری علاقوں میں جو اراضی کے ٹکڑے ہوئے ہیں انھیں باضابطہ منظوری دینے کیلئے یہ فیصلہ کرنے کی اطلاع وزیرِ محصول نے دی۔ انھوں نے کہا کہ اس سلسلے میں چار رکنی کمیٹی قائم کرکے پندرہ دنوں میں طریقہئ کار ظاہر کیا جائے گا۔ یہ کمیٹی ہر ایک علاقے کا مطالعہ کرکے سفارش پیش کرے گی۔
***** ***** *****
رواں برس میں چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے میں ایک لاکھ 54ہزار 770 کسانوں کو ایک ہزار 596 کروڑ 63 لاکھ روپؤں کے فصل قرض فراہم کرنے کا عہد ہے۔ ان میں سے 93 ہزار 102 کسانوں کو 730 کروڑ روپئے قرض تقسیم کیے جاچکے ہیں۔ کسانوں کو بروقت فصل قرض فراہم ہو اس کیلئے چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع انتظامیہ نے ”درخواست دو‘ قرض لو“ مہم شروع کی ہے۔ اس ضمن میں کل چیتے گاؤں میں ہوئے قرض کیمپ میں ضلع کلکٹر دلیپ سوامی موجود تھے۔ انھوں نے کسانوں سے اپیل کی ہے کہ پرانے فصل قرض کو اپڈیٹ کرلیں۔
***** ***** *****
گرو پورنیما کا تہوار آج منایا جارہا ہے۔ اس موقعے پر ہر جگہ گرو پوجا سمیت مختلف پروگراموں کا اہتمام کیا گیا ہے۔ گرو پورنیما کا تہوار کل شرڈی میں شروع ہوا۔
***** ***** *****
پیٹھن کے سنت بھانوداس مہاراج کی برسی تقاریب کل پنڈھرپور میں منائی گئیں۔ کہا جاتا ہے کہ سنت ایکناتھ مہاراج کے پردادا بھانوداس مہاراج نے پنڈھر پور کے پانڈورنگ کی مورتی کو ہمپی سے واپس لاکراسے پنڈھر پور میں نصب کیا تھا۔ پیٹھن کے ناتھ مندر میں بھی کل برسی کی تقریب منعقد ہوئی۔
***** ***** *****
لاتور شہر کے مرکزی علاقے اور چھترپتی شیواجی مہاراج چوک پر پارکنگ کی سہولیات کے ساتھ ایک بس اسٹینڈ کے قیام کا مطالبہ رکنِ اسمبلی امیت دیشمکھ نے کیا ہے۔ انہوں نے کل وزیرِ ٹرانسپورٹ پرتاپ سرنائیک سے ملاقات کرکے یہ مطالبہ کیا۔ متعلقہ خبر میں بتایا گیا ہے کہ سرنائیک نے تمام مطالبات منظور کر لیے ہیں اور متعلقہ محکمہ جات کو ہدایات جاری کی ہیں۔
***** ***** *****
بیڑ ضلعے کے پرلی میں کل ضلع کلکٹر ویویک جانسن کی موجودگی میں چھترپتی شیواجی مہاراجسوا سمادھان کیمپ منعقد ہوا۔ ضلع کلکٹر جانسن نے کہا کہ ہر پیر اور جمعرات کو دوپہر بارہ سے دو بجے کے دوران منعقد ہونے والے اس جنتا دربار میں شہری اپنی شکایات راست انتظامیہ کے سامنے پیش کریں، انہیں فوری طور پر حل کیا جائے گا۔ اس کیمپ میں کسان، طلباء اور عام شہری بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔
***** ***** *****
اینڈرسن- ٹینڈولکر کرکٹ ٹسٹ سیریز کے تحت بھارت اور انگلینڈ کے درمیان تیسرا کرکٹ میچ آج سے لندن کے لارڈز میدان میں کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیمیں پانچ میچوں کی سیریز میں ایک- ایک مقابلہ جیت کر برابری پر ہیں۔ بھارتی ٹیم انتظامیہ نے وضاحت کی ہے کہ تیز گیند باز جسپریت بمراہ اس میچ میں دستیاب رہیں گے۔
***** ***** *****
دھاراشیو ضلعے کے 75 ہزار 677 کسانوں میں خریف ہنگام2024 کی کٹائی کے بعد فصلوں کے نقصانات کے عوض 55 کروڑ روپے تقسیم کیے جائیں گے۔ رکنِ اسمبلی رانا جگجیت سنگھ پاٹل نے اطلاع دی ہے کہ اس کیلئے درکارفنڈز کو منظوری دے دی گئی ہے۔
***** ***** *****
مزدور قوانین کے خلاف کل‘ بھارتیہ ٹریڈ یونینوں کی جانب سے چھترپتی سمبھاجی نگر میں بند کا اعلان کرکے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اسی طرح بیڑ میں بھی کامگاروں سے متعلق قانون کی مذمت میں کل CITU کی طرف سے ضلع کلکٹر دفترپر ایک احتجاجی مورچہ نکالا گیا۔
***** ***** *****
وسطی مہاراشٹر میں آج کئی مقامات پر بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ جبکہ شمالی وسطی مہاراشٹرا اور مراٹھواڑہ کے کچھ مقامات پر بجلی کی چمک کے ساتھ ہلکی تا درمیانی بارش کا امکان ہے اور تقریباً تیس تا چالیس کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے ہوائیں چلنے کی پیش گوئی محکمہئ موسمیات کی جانب سے کی گئی ہے۔
دریں اثناء‘ پیٹھن کے جائیکواڑی آبی پشتے میں پانی کی سطح 68.28 فیصد تک پہنچ گئی ہے‘ جبکہ ڈیم میں پانی 45 ہزار 580 مکعب فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے آرہا ہے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کل قانون ساز کونسل کو بتایا کہ اسمارٹ میٹر لگانے کیلئے ریاست میں کوئی مجبوری نہیں ہے لیکن اسمارٹ میٹر لگانے کی وجہ سے صارفین کے بجلی بلوں میں کمی آئی ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ وزیرِ اعظم کو نامیبیا کا اعلیٰ ترین شہری ایوارڈ تفویض؛ پانچ ممالک کے دورے کے بعد وزیرِ اعظم وطن روانہ۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر میں نابالغ لڑکیوں پر مظالم کے معاملے میں ضلع چائلڈ ڈیولپمنٹ افسران کی فوری معطلی؛ متعلقہ ادارے کی منظوری منسوخ کرنے کے وزیرِ اعلیٰ کے احکامات۔
٭ ریاست میں ٹکڑا بندی قانون میں نرمی؛ پندرہ دِنوں میں طریقہئ کار ظاہر کرنے کا وزیرِ محصول کا اعلان۔
٭ کسانوں کے فصل قرض کیلئے چھترپتی سمبھاجی نگر انتظامیہ کی ”درخواست دیں‘ قرض حاصل کریں“ مہم۔
اور۔۔۔٭ بھارت اور انگلینڈ تیسرا ٹسٹ کرکٹ مقابلہ آج سے لارڈس میں کھیلا جائے گا۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment