Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 18 July-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۸۱/ جولائی ۵۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ صفائی ملک کے تہذیبی اور روحانی شعور کا اہم پہلو ہے: صدرِ جمہوریہ کا سوچھ سرویکشن ایوارڈ کے جلسے میں اظہارِ خیال۔
٭ مہاراشٹر کے نئی ممبئی‘ میرا بھائیندر سمیت کئی شہروں کو صفائی کے مختلف زمروں میں دئیے گئے ایوارڈس۔
٭ ریاست کے تمام اضلاع میں ”سائنس اور اختراعی پہل“ کے مراکز قائم کرنے کا فیصلہ۔
٭ قانون ساز اسمبلی کے احاطے میں اراکینِ اسمبلی پر حملہ؛ واقعے کی تحقیقات کرکے کارروائی کی جائیگی۔ اسمبلی اسپیکر کا تیقن۔
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ کے بیشتر اضلاع کیلئے محکمہئ موسمیات کی جانب سے آج یلو الرٹ جاری‘ جائیکواڑی ڈیم میں پانی کا ذخیرہ ہوا78 فیصد۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
صدرِ جمہوریہ دروپدی مُرمو نے کہا ہے کہ صفائی ملک کے تہذیبی اور روحانی شعور کا اہم پہلو ہے۔ وہ کل نئی دہلی میں سن 2024-25 کے سوچھ سرویکشن ایوارڈس‘ کی تقسیم کے جلسے سے خطاب کررہی تھیں۔ صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ صفائی بھارتیوں کی فطرت میں شامل ہے۔ انھوں نے کہا:
Byte: President Daravpadi Murmu
اس مقابلے میں مدھیہ پردیش کے اندور نے مسلسل آٹھویں مرتبہ ملک کا سب سے صاف ستھرا شہر ہونے کا اعزاز برقرار رکھا ہے۔ 10 لاکھ سے زیادہ آبادی والے شہروں کے گروپ میں اندور کو پہلا‘ سورت دوسرا اور نئی ممبئی کو تیسرا مقام دیا گیا۔ صدرِ جمہوریہ کے ہاتھوں کل مختلف زمروں میں کُل 78 ایوارڈس دئیے گئے۔ میرا- بھائیندر شہر کو تین تا دس لاکھ کی آبادی کے ساتھ کلین سٹی کے زمرے میں ایوارڈ دیا گیا۔ اس درجہ بندی میں پونے شہر نے ملک میں آٹھواں اور ریاست میں دوسرا مقام حاصل کیا ہے۔ اسی طرح کراڑ‘ پنچ گنی‘ پنہالہ، ویٹا، ساسوڑ، دیولائی، پرورا وغیرہ دیہاتوں کو مختلف زمروں میں اعزاز سے نوازا گیا۔
***** ***** *****
ریاست کے تمام اضلاع میں سائنسداں جینت نارلیکر کے نام سے منسوب ”سائنس اور اختراعی پہل“ کے مراکز قائم کیے جائیں گے۔ فی الحال ایسے مراکز چند اضلاع میں کام کررہے ہیں۔ آئندہ پانچ برسوں کے دوران 23 اضلاع اسٹیٹ انسٹیٹیوٹ آف اکیڈمک کاریڈور‘ ریاستی انتظامی اُمور سے متعلق تعلیمی مراکز سمیت جدید ٹکنالوجی پر مبنی 28 نئی تجزیہ گاہیں قائم کی جائیں گی۔ انفارمیشن ٹکنالوجی کے ریاستی وزیر آشیش شیلار نے کل اسمبلی کے دونوں ایوانوں میں اس کا اعلان کیا۔ فی الحال یہ مراکز چھ مقامات پر کام کررہے ہیں‘ جبکہ ناندیڑ، آکولہ اور پربھنی میں ایسے مراکز شروع کرنے کا کام جاری ہے۔
***** ***** *****
توانائی کی وزیرِ مملکت میگھنا ساکورے بورڈیکر نے بتایا کہ جن کسانوں نے سولار پمپ کیلئے کوٹیشن دیاہے انھیں 120 دنوں میں کنکشن فراہم کیے جائیں گے۔ وزیرِ موصوفہ کل قانون ساز اسمبلی میں رکن راہل پاٹل کے سوال کا جواب دے رہی تھیں۔ اس حوالے سے مزید معلومات دیتے ہوئے انھوں نے بتایا کہ پربھنی ضلع میں کُل 26ہزار 275 لوگوں نے کوٹیشن داخل کیا ہے، جن میں سے 15ہزار 772 شہریان نے سولار پمپس کی تنصیب کیلئے Agenag کا چناؤ بھی کرلیا ہے۔ ان میں سے نو ہزار شہریان کے یہاں ص سولار پمپس کی تنصیب کی جاچکی ہے۔
***** ***** *****
نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کل اسمبلی کو بتایا کہ آئندہ چار مہینوں میں بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں گے۔ انھوں نے ایوان کی توجہ اس جانب مبذول کروائی کہ او بی سی ریزرویشن معاملے میں سپریم کورٹ کی جانب سے دئیے گئے اسٹے کے سبب یہ چناؤ نہیں ہوپائے تھے۔ مخالف جماعتوں نے اس حوالے سے ”Right to Reply“ کا مطالبہ کیا ہے۔ اس معاملے پر ہنگامہ آرائی کیے جانے پر اسپیکر نے اسمبلی کی کارروائی دس منٹ کیلئے ملتوی کردی۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کل قانون ساز کونسل میں بتایا کہ مذہب کی تبدیلی کے ذریعے حاصل کیے گئے ”درج فہرست ذات“ کے صداقت نامے منسوخ کردئیے جائیں گے۔ انھوں نے بتایا کہ سپریم کورٹ کے 26 نومبر 2024 کے فیصلے کے مطابق صرف ہندو‘ بودھ اور سکھ مذہب کے شہریان ہی ’درجِ فہرست ذات‘ کے ریزرویشن کا فائدہ حاصل کرسکتے ہیں۔ وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ دیگر مذاہب کے جن لوگوں نے غلط راستوں سے یہ صداقت نامے بنوائے ہیں‘ انھیں منسوخ کردیا جائے گا اور ان کے ذریعے حاصل کردہ فوائد کی وصولی کی جائے گی۔
***** ***** *****
ودھان بھون کے احاطے میں کل بی جے پی کے رکنِ اسمبلی گوپی چند پڈلکر اور این سی پی شرد چندر پوار گروپ کے رکنِ اسمبلی جتندر اوہاڑ کے حامیوں کے درمیان ہاتھا پائی ہوئی۔ اسمبلی اسپیکر راہل نارویکر نے اس کا سنجیدگی سے نوٹس لیا ہے اور رپورٹ طلب کی ہے۔ وزیرِ اعلیٰ پھڑنویس نے اس واقعے پر سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ انتہائی غیر مہذب اور غلط ہے۔ انھوں نے اسمبلی اسپیکر اور قانون ساز کونسل کے چیئرمن سے اس معاملے میں سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
***** ***** *****
اسی دوران کل ودھان بھون کے احاے میں اراکینِ اسمبلی کے ساتھ ہاتھا پائی کے معاملے کو دونوں ایوانوں میں اٹھایا گیا۔ جتندر اوہاڑ نے الزام عائد کیا کہ انھیں مارنے کیلئے باہر سے لوگ لائے گئے تھے۔ اسی طرح رکنِ اسمبلی گوپی چند پڈلکر کو ودھان بھون کی لابی میں دھکا دئیے جانے پر سنجئے اُپادھیائے نے کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ این سی پی شرد چندر پوار گروپ کے رکن ِ اسمبلی نتن دیشمکھ کو ودھان بھون کے احاطے میں مارا پیٹا گیا۔ ان تمام معاملات پر رپورٹ طلب کی گئی ہے اور اسمبلی اسپیکر راہل نارویکر نے کارروائی کرنے کا یقین دلایا ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
اسمبلی کے مانسون اجلاس کا آج آخری دن ہے۔ قانون ساز کونسل میں حزبِ اختلاف کے قائد امبا داس دانوے نے آخری ہفتہ کی تجویز پیش کی۔ انھوں نے کئی دیگر مسائل پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ریاست میں امن و امان مکمل طور پر ختم ہوچکا ہے اور مجرموں کو قانون کا کوئی خوف نہیں ہے۔ وہیں دانوے نے یہ بھی الزام لگایا کہ چھترپتی سمبھاجی نگر اور جالنہ اضلاع میں ریاستی حکومت کی ملہار راؤ ہولکر طلبہ ترقی اسکیم میں ضوابط توڑے جارہے ہیں۔ انھوں نے اس معاملے کی تفتیش کرنے اور کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔
***** ***** *****
محصول کے ریاستی وزیر چندر شیکھر باون کڑے نے قانون ساز اسمبلی میں بتایا کہ یکم جنوری 2025 سے قبل کی ایک ہزار مربع فٹ سے زیادہ قطعہئ اراضی کو اب قانونی طور پر تسلیم کیا جائے گا۔ وزیرِ موصوف نے یہ بھی بتایا کہ ریاست میں ریت اور عام معدنیات کی چوری کے خلاف سخت کارروائی کی خاطر ایک نیا طریقہئ کار تیار کیا جائے گا۔
***** ***** *****
ریاست میں کئی افسران و لیڈران ”ہنی ٹریپ“ میں پھنسے ہوئے ہیں۔ ساتھ ہی حساس اور خفیہ معلومات بھی افشاء ہوئی ہے۔ نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کل قانون ساز اسمبلی میں بتایا کہ حکومت اس بارے میں سنجیدہ ہے۔ انھوں نے کہ اس معاملے میں کارروائی کی جائیگی۔ تاہم رکنِ اسمبلی بھاسکر جادھو نے اس معاملے میں حکومت پر گمراہ کرنے کا الزام عائد کیا۔ اس معاملے پر ہنگامہ کرنے کے بعد اپوزیشن اراکین ایوان سے واک آؤٹ کرگئے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میں ریت کانکنی گھپلے معاملے میں قصوروار پائے گئے افسران کو معطل کردیا گیا ہے اور متعلقہ کمپنی پر 56کروڑ سے زیادہ کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ وزیرِ محصول باون کڑے نے قانون ساز کونسل میں کل یہ اطلاع دی۔
***** ***** *****
نرسوں کی ریاستی تنظیم نے کل پربھنی اور لاتور سمیت ریاست بھر میں مختلف مطالبات کی یکسوئی کیلئے احتجاجی مظاہرے کیے۔ نرسوں کی تنظیم نے انتباہ دیا ہے کہ اگر ان کے مطالبات پر توجہ نہ دی گئی تو آج سے غیر معینہ مدت کیلئے ریاست گیر ہڑتال کی جائے گی۔
***** ***** *****
جالنہ ضلع کے گھن ساونگی میں بدھ کی رات ہوئی موسلادھار بارش سے خریف کی فصلوں کو نقصان پہنچا ہے۔ کئی مقامات پر نالے وار ندیاں بہہ رہی ہیں اور چند پلوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ اسی بیچ محکمہئ موسمیات نے آج مراٹھواڑہ کے اضلاع پربھنی‘ بیڑ ہنگولی‘ ناندیڑ‘ لاتور اور دھاراشیو کیلئے یلو الرٹ جاری کیا ہے۔ بیشتر مقامات پر تیز ہواؤں‘ بجلی کی چمک اور بادلوں کی گرج کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ وہیں چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع میں واقع جائیکواڑی ڈیم میں پانی کی سطح فی الحال 78 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ صفائی ملک کے تہذیبی اور روحانی شعور کا اہم پہلو ہے: صدرِ جمہوریہ کا سوچھ سرویکشن ایوارڈ کے جلسے میں اظہارِ خیال۔
٭ مہاراشٹر کے نئی ممبئی‘ میرا بھائیندر سمیت کئی شہروں کو صفائی کے مختلف زمروں میں دئیے گئے ایوارڈس۔
٭ ریاست کے تمام اضلاع میں ”سائنس اور اختراعی پہل“ کے مراکز قائم کرنے کا فیصلہ۔
٭ قانون ساز اسمبلی کے احاطے میں اراکینِ اسمبلی پر حملہ؛ واقعے کی تحقیقات کرکے کارروائی کی جائیگی۔ اسمبلی اسپیکر کا تیقن۔
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ کے بیشتر اضلاع کیلئے محکمہئ موسمیات کی جانب سے آج یلو الرٹ جاری‘ جائیکواڑی ڈیم میں پانی کا ذخیرہ ہوا78 فیصد۔
***** ***** *****
اس کے ساتھ ہی علاقائی خبریں ختم ہوئیں۔
ان خبروں کو آپ AIR چھترپتی سمبھاجی نگر یوٹیوب چینل‘ پر دوبارہ کسی بھی وقت سن سکتے ہیں۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment