Tuesday, 22 July 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 22 جولائی 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 22 July-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۲۲/ جولائی ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ نائب صدرِ جمہوریہ جگدیپ دھنکڑ مستعفی۔
٭ پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کا ہنگامہ خیز آغاز؛ آپریشن سندور پر پارلیمنٹ میں 16 گھنٹے طویل مباحثہ متوقع۔
٭ ممبئی مضافاتی ریلوے میں سلسلہ وار بم دھماکوں کے تمام 12 ملزمان باعزت بری؛ فیصلے کو عدالت ِ عظمیٰ میں چیلنج کرنے کا وزیرِ اعلیٰ کا اعلان۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع انتظامیہ کے خواتین بااختیاری منصوبوں کو خواتین کمیشن قومی سطح پر چلائے گا۔
اور۔۔۔٭ ایک ہفتے کے وقفے کے بعد مراٹھواڑہ میں بارش کی دوبارہ واپسی۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
نائب صدرِ جمہوریہ اور راجیہ سبھا کے چیئرمن جگدیپ دھنکڑ نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیاہے۔ انھوں نے اپنا استعفیٰ صدرِ جمہوریہ دروپدی مُرمو کو کل ارسال کیا۔ انھوں نے کہا کہ خرابیئ صحت کے باعث وہ استعفیٰ دے رہے ہیں۔ اپنے دورِ ملازمت میں صدرِ جمہوریہ کی جانب سے کی گئی رہنمائی اور تعاون پر انھوں نے شکریہ بھی ادا کیا۔ وزیرِ اعظم نریندر مودی اور مرکزی کابینہ کے تمام اراکین کی جانب سے کیے گئے تعاون کا بھی انھوں نے شکریہ ادا کیا۔
***** ***** *****
پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کا کل آغاز ہوا۔ اجلاس کے پہلے ہی دن لوک سبھا میں حزبِ اختلاف کی جانب سے شدید شور و غل کے باعث کام کاج میں خلل پڑا۔ اسپیکر اوم برلا کی جانب سے سوال جواب کا وقت شروع کیے جانے کے اعلان کے فوری بعد ارکانِ حزبِ اختلاف نے آپریشن سندور پر حکومت کی جانب سے بیان دئیے جانے کا مطالبہ کیا۔ جس پر اسپیکر نے کہا کہ اپوزیشن اس سلسلے میں باقاعدہ مطالبہ کرتی ہے تو حکومت آپریشن سندور کی تفصیلات پیش کرے گی۔ تاہم اس کے بعد بھی ہنگامہ آرائی جاری رہی‘ جس پر ایوان کی کارروائی تین بار اور بعد میں دن بھر کیلئے ملتوی کردی گئی۔
***** ***** *****
راجیہ سبھا میں کل سماجی کارکن سی سدانندن ماسٹر‘ سابق خارجہ سیکریٹری ہرش وردھن شرنگلا‘ تاریخ داں اور ماہرِ تعلیم میناکشی جین‘ ان نئے ارکان کو رکنیت کا حلف دیا گیا۔ ایوان کی کارروائی شروع ہوتے ہی قائد ِ حزبِ اختلاف ملک ارجن کھرگے نے رُول 267 کے تحت پہلگام دہشت گردی حملہ کا معاملہ اٹھایا۔ انھوں نے کہا کہ آپریشن سندور کی کانگریس سمیت اپوزیشن کی تمام جماعتوں نے حمایت کی تھی۔ اس لیے حکومت اس معاملے کی مکمل تفصیلات پیش کرے۔ اس پر قائد ِ ایوان جے پی نڈا نے کہا کہ پہلگام حملے اور آپریشن سندور پر مباحثے اور ملک کو مکمل معلومات دینے کیلئے حکومت تیار ہے۔ تاہم‘ اس بیان سے غیر مطمئن ارکانِ حزبِ اختلاف نے شورو غل جاری رکھا۔
راجیہ سبھا میں کل لینڈنگ بل 2025 منظور کرلیا گیا۔ یہ آبی حمل و نقل کے لین دین کو آسان بنانے والا قانون ہے۔ یہ بل گذشتہ اجلاس میں ہی لوک سبھا میں منظور ہوچکا ہے۔
***** ***** *****
دریں اثناء‘ کل پارلیمنٹ ہاؤس میں ایوانوں کے کام کاج سے متعلق مشاورتی کمیٹی کا اجلاس بھی ہوا۔ جس میں طئے کیا گیا کہ پہلگام دہشت گردی حملے اور آپریشن سندور پر 16 گھنٹے طویل مفصل بحث کروائی جائے گی۔
***** ***** *****
ممبئی لوکل ٹرینوں میں سن 2006 میں ہوئے بم دھماکوں کے معاملے میں ممبئی عدالت ِ عالیہ نے تمام 12 ملزمان کو ناکافی شواہد اور عدم ثبوت کی بنیاد پر باعزت بری کردیا ہے۔ اس سے قبل خصوصی عدالت نے ان 12 ملزمان میں سے پانچ کو پھانسی کی سزا اور بقیہ کو عمر قید کی سزا سنائی تھی۔ جسٹس انیل کِلور اور جسٹس شیام چانڈک پر مشتمل بینچ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ تفتیشی ایجنسیاں ان ملزمان کے خلاف ایک بھی جرم ثابت کرنے میں ناکام رہی ہیں۔
دریں اثناء‘ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ ملزمان کو باعزت بری کرنے کے عدالت ِ عالیہ کے اس فیصلے کو حکومت ِ مہاراشٹر عدالت ِ عظمیٰ میں چیلنج کرے گی۔ کل ممبئی میں اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ دھماکوں کے بعد اے ٹی ایس نے ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے خلاف شواہد جمع کیے تھے اور یہ ثبوت عدالت کے سامنے پیش کیے گئے تھے‘ لیکن عدالت ِ عالیہ کا اس طرح کا فیصلہ یقینا حیران کُن ہے۔ اس لیے انھوں نے متعلقہ وکیل سے بات چیت کی ہے اور کوشش کی جائیگی کہ جلد از جلد اس فیصلے کو عدالت ِ عظمیٰ میں چیلنج کیا جائے۔ واضح رہے کہ ممبئی میں 11 جولائی کو مضافاتی ٹرینوں میں ہوئے سلسلے وار بم دھماکوں میں 189 افراد ہلاک اور 700 سے زائد افراد زخمی ہوگئے تھے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع کے پھلمبری تعلقے میں تین بچوں کو اچانک فالج جیسی کیفیت لاحق ہوگئی تھی۔ ان میں سے دو بچوں کی حالت اب بہتر ہے۔ ضلع ہیلتھ افسر ڈاکٹر ابھئے دھانورکر نے کل متعلقہ دیہات کا دورہ کرکے صو رتحال کا جائزہ لیا۔ انھوں نے بتایا کہ گاؤں میں پینے کے پانی کے نمونے تجزیے کیلئے بھیجے گئے ہیں۔ نیز اس کے بعد گاؤں میں کسی کو بھی اس طرح کی بیماری لاحق نہیں ہوئی۔ انھوں نے کہا کہ انتظامیہ صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے، اس کے علاوہ اسکولوں میں اس سلسلے میں بیداری پیدا کرنے کیلئے اقدامات کیے گئے ہیں اور صورتحال قابو میں ہے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع انتظامیہ کی جانب سے چلائے جارہے خواتین بااختیاری منصوبوں پر قومی کمیشن برائے خواتین کی چیئرمن وجیا راہٹکر نے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ان منصوبوں کو ریاست اور ملک بھر میں چلائے جانے پر غور کیا جارہا ہے۔ ضلع کلکٹر دفتر میں مشاورت قبل از نکاح کے کونسلنگ مرکز ”سُوپن تجھے ماجھے“ کا دورہ کرنے کے بعد وہ نامہ نگاروں سے گفتگو کررہی تھیں۔
چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن میں بھی خواتین کے تحفظ اور کام کرنے کی جگہ پر خواتین کے ساتھ جنسی ہراسانی کی انسداد کیلئے اقدامات سے متعلق ایک جائزہ اجلاس میں بھی وجیا راہٹکر نے شرکت کی۔
***** ***** *****
سنت نامدیو مہاراج کی جائے پیدائش مانے جانے والے ہنگولی ضلع کے نرسی نامدیو میں کل کامیکا ایکادشی کے سلسلے میں عقیدت مندوں کا درشن کیلئے ہجوم دیکھا گیا۔ نرسی نامدیو میں درشن کے بغیر اشاڑھی واری کے مکمل نہ ہونے کی روایت پر عقیدت مندوں نے کل وہاں بڑی تعداد میں درشن کیے۔
***** ***** *****
راشٹروادی کانگریس پارٹی کے ریاستی صدر اور رکنِ پارلیمان سنیل تٹکرے نے کہا ہے کہ لوکل باڈیز الیکشن‘ ان کی پارٹی مہایوتی کے ساتھ مل کر لڑے گی۔ کل دھاراشیو میں ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھو ں نے کہا کہ لاتورمیں چھاوا تنظیم کے عہدیدار سے ہاتھاپائی کے سلسلے میں پارٹی عہدیدار سورج چوہان کو پارٹی سے برطرف کردیا گیا ہے۔
اسی دوران گھاٹگے پاٹل حملے کی مذمت میں کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں چھاوا تنظیم کے کارکنوں نے مظاہرہ بھی کیا۔
***** ***** *****
رکنِ اسمبلی ڈاکٹر رتناکر گٹے نے کہا ہے کہ ”دلت بستی اصلاحات“ پروگرام ترقی نہیں بلکہ سماجی انصاف کا حصہ ہے۔ پربھنی ضلع کے گنگا کھیڑ تعلقے کے دھاراشیو میں دلت بستی سبھا منڈپ کا سنگ ِ بنیاد رکھنے کے بعد وہ خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے بتایا کہ دلت بستیوں میں بنیادی سہولیات فراہم کیے جانے کیلئے وہ وقتاً فوقتاً کوشش کرتے ہیں۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر کی معروف ماہر امراضِ نسواں ڈاکٹر سویتا پانٹ آج علی الصبح چل بسیں۔ وہ 81 برس کی تھیں۔ خرابیِ صحت کے باعث گذشتہ ہفتے انھیں ایک نجی اسپتال میں داخل کیا گیا تھا، جہاں ان کا علاج جاری تھا۔ ڈاکٹر پانٹ نے تین دہائیوں تک طبّی کالج میں تدریس کا کام کیا۔ انھوں نے ساکار نامی ادارے کے ذریعے سینکڑوں یتیم بچوں کی پرورش کی۔ 400 یتیم بچوں کو قانونی طریقے سے گود لیکر مستقل گھر دلوانے میں مدد کی۔
***** ***** *****
موسم: تقریباً ایک ہفتے طویل غیر حاضری کے بعد مراٹھواڑہ میں کل دوبارہ بارشوں کاآغاز ہوا۔ کل بیشتر مقامات پر ہلکی تا اوسط بارش ہوئی۔ ناندیڑ ضلع میں کل سے ہی بارش جاری ہے۔ ناکافی بارش کے باعث خریف کی فصلوں کو وہاں نقصان پہنچ رہا تھا۔ ضلع میں اب بھی 23 آبپاشی منصوبے خشک ہیں۔ ناندیڑ شہر کو آبرسانی کرنے والے وشنو پوری ڈیم میں پانی کا ذخیرہ صرف 20 فیصد ہے۔
دھاراشیو شہر اور اطراف و اکناف میں بھی کل سے بارش جاری ہے۔ جالنہ اور چھترپتی سمبھاجی نگر میں بھی آج صبح سے بارش جاری ہے۔ آج وسطی مہاراشٹر اور مراٹھواڑہ میں بیشتر مقامات پر گھن گرج کے ساتھ بارش کے امکان کا اظہار کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ نائب صدرِ جمہوریہ جگدیپ دھنکڑ مستعفی۔
٭ پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کا ہنگامہ خیز آغاز؛ آپریشن سندور پر پارلیمنٹ میں 16 گھنٹے طویل مباحثہ متوقع۔
٭ ممبئی مضافاتی ریلوے میں سلسلہ وار بم دھماکوں کے تمام 12 ملزمان باعزت بری؛ فیصلے کو عدالت ِ عظمیٰ میں چیلنج کرنے کا وزیرِ اعلیٰ کا اعلان۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع انتظامیہ کے خواتین بااختیاری منصوبوں کو خواتین کمیشن قومی سطح پر چلائے گا۔
اور۔۔۔٭ ایک ہفتے کے وقفے کے بعد مراٹھواڑہ میں بارش کی دوبارہ واپسی۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment