Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 02 August-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۲؍ اگست ۲۰۲۵ء
وقت: ۰۰:۹-۱۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ وزیر اعظم کے ہاتھوں آج پردھان منتری کسان سنمان یوجنا کی 20ویں قسط ہوگی تقسیم۔
٭ حکومت کے مقاصد کو قومی اور سماجی مفاد کے مقاصد میں تبدیل کرنا ضروری ہے - مرکزی وزیر نتن گڈکری کی ترغیب۔
٭ دہی ہانڈی تہوار کیلئےڈیڑھ لاکھ سے زیادہ گووندا کو بیمہ تحفظ فراہم کرنے کا ریاستی حکومت کا فیصلہ۔
٭ ریاست بھر میں آج سے ’’ہر گھر ترنگا‘‘مہم کاہوگا آغاز؛ تین مرحلوں میں مختلف سرگرمیوں کا انعقاد۔
٭ 71 ویں قو می فلم ایوارڈز کا اعلان - شیام چی آئی بہترین مراٹھی اور ناڑ دون بچوں کی بہترین فلم کے ایوارڈ کیلئے منتخب۔
اور۔۔۔٭ چھترپتی سمبھاجی نگر میں جعلی نوٹ سازی کے کا کارخانے پر چھاپہ؛ سات ملزمان گرفتار۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
پردھان منتری کسان سنمان یوجنا کی بیسویں قسط آج وزیرِ اعظم نریندر مودی کے ہاتھوں مستحق کسانوں میں تقسیم کی جائےگی۔ وزیرِ اعظم کے اتر پردیش کے وارانسی کے دورے کے دوران آج 9 کروڑ 70 لاکھ کسانوں کے بینک کھاتوں میں 20ہزار پانچ سو کروڑ روپے سے زیادہ کی رقم براہ راست جمع کی جائے گی۔ چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے کے پیٹھن روڈ پر واقع زرعی سائنسی مرکز میں یہ پرو گرام براہِ راست نشر کیا جائے گا۔اس کی اطلاع زرعی سائنسی مرکز کی سربراہ اور سائنسداں ڈاکٹر دِپتی پاٹگاؤنکر نے دی۔
***** ***** *****
UPI ادائیگی ایپ کے استعمال سے متعلق نئےضابطے کل سے نافذ ہو گئے ہیں۔ جس کے بعد صارفین ایسی ایپس کے ذریعے اپنے بینک کھاتے سے متعلق تفصیل دن میں 50 بار دیکھ سکتے ہیں۔ بینکنگ ضابطہ ترمیمی قانون بھی کل سے نافذ العمل ہوگیا۔
***** ***** *****
مرکزی انتخابی کمیشن نےکل‘ نائب صدرِ جمہوریہ کے انتخاب کے پرو گرام کا اعلان کر دیا ہے۔ اس عہدے کیلئے رائے دہی آئندہ ماہ 9 ستمبر کو ہوگی۔
***** ***** *****
مرکزی وزیر نتن گڈکری نے کہا ہے کہ اقتدار اور حکمرانی کے مقصد کو قوم اور سماج کے مفاد اور مقاصد میں تبدیل کرنا ضروری ہے۔ کل پونے میں لوک مانیہ تلک قومی ایوارڈ قبول کرنے کے بعد گڈکری مخاطب تھے۔ اس موقعے پر وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس ‘ لوک مانیہ تلک ٹرسٹ کے صدر روہت تلک سمیت دیگر معزز شخصیات موجود تھیں۔ یہ ایوارڈ ایک سپاسنامہ، مومنٹو اور ایک لاکھ روپے پر مشتمل ہے۔ اعزاز سے نوازے جانے کے بعد گڈکری نے اپنے خطاب میں کہا کہ ملک میں پیسے یا ٹیکنالوجی کی کمی نہیں ہے، بلکہ ایمانداری سے کام کرنے والے لوگوں کی کمی ہے۔
***** ***** *****
لوک مانیہ تلک کو ان کی برسی اور عوامی شاعر انابھاؤ ساٹھے کو یوم پیدائش پر کل ہر طرف خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ تعلیمی اداروں کے ساتھ ساتھ سرکاری و نیم سرکاری دفاتر میں بھی ان قومی رہنمائوں کی تصا ویر اور مجسّموں پر گلہائے عقیدت نچھاور کرکے ان کی خدمات کو یاد کیا گیا۔
***** ***** *****
ریاستی حکومت نے دہی ہانڈی تہوار میں حصہ لینے والے ڈیڑھ لاکھ گووندا کو بیمہ تحفظ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اورینٹل انشورنس کمپنی کی معرفت یہ بیمہ تحفظ فراہم کیا جائے گا۔ اس تہوار کے دوران انسانی مینار بناتے وقت اکثر گووندا گرنے سے زخمی ہو جاتے ہیں‘ اس کے پیشِ نظر محکمہ کھیل اور ریاستی دہی ہانڈی گووندا سنگھ کے اشتر اک سے اس اسکیم کوچلانے کا اعلان کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
ممبئی عدالت ِ عالیہ نے کولہاپور میں ایک سرکٹ بنچ دستیاب کرائی ہے۔ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کل یہ اطلاع دی۔ آئندہ 18 اگست سے یہ سرکٹ بنچ کام شروع کرے گا۔ کولہاپور، ستارا، سانگلی، شولاپور، رتناگیری اور سندھو دُرگ ان چھ اضلاع کیلئےیہ سرکٹ بینچ فراہم کیا گیا ہے ۔
***** ***** *****
آج سے ریاست بھر میں ’’ 'ہر گھر ترنگا‘‘ مہم شر وع کی جائے گی۔ ثقافتی امور کے سکریٹری ڈاکٹر کرن کلکرنی نے اس کی اطلاع دی۔ یہ مہم تین مرحلوں میں چلائی جائے گی، جس کے پہلے مرحلے میں اسکول اور کالج کی سطح پر مختلف مسابقتی سرگرمیاں ہوں گی‘ جبکہ دوسرا مرحلہ 9 اگست سے اور تیسرا مرحلہ 13 سے 15 اگست کے درمیان ہو گا۔
***** ***** *****
71ویں قومی فلم ایوارڈز کا گزشتہ رو ز اعلان کیا گیا۔ جس میں ٹویلتھ فیل بہترین فلم، جبکہ 'سیم بہادرقوم پرستی اور سماجیت کو فروغ دینے والی بہترین فلم قرار پائی ، اسی طرح ’’راکی اور رانی کی پریم کہانی‘‘ بہترین تفریحی فلم اور تیلگو فلم 'ہنومان بہترین اینیمیشن فلم کے خطاب کی حقدار ثابت ہوئی۔ 'دی کیرالہ اسٹوری فلم کیلئے سدپتو سین کا بہترین ہدایت کار ایوارڈ کیلئے انتخاب کیا گیا۔ یہ تمام ایوارڈ طلائی تمغے اور تین لاکھ روپے رقم کی شکل میں ہیں۔
رانی مکھرجی کو فلم ’’مسز چٹرجی ورسیز ناروے‘‘ کیلئے بہترین اداکارہ کا ایوارڈ اور فلم ’’جوان‘‘ کیلئے شاہ رخ خان جبکہ فلم ٹویلتھ فیل کے کرداروں کیلئے وکرانت میسی کو بہترین اداکار کے ایوارڈز کیلئے منتخب کیا گیا۔ پی وی این ایس روہت بہترین گلوکار اور شلپا راؤ بہترین گلوکارہ قرار پائی۔ یہ ایوارڈ نقرئی تمغہ اور دو لاکھ روپے رقم کی شکل میں ہے۔
بہترین ڈیبیو ڈائریکٹر کے ایوارڈ کیلئے آتم پافلیٹ کے ہدایت کار آشیش بینڈے کو منتخب کیا جبکہ بچوں کی بہترین فلم کے ایوارڈ کیلئے فلم ناڑ دون کو منتخب کیا گیا ہے۔ یہ دونوں ایوارڈز طلائی تمغے اور تین لاکھ روپے رقم کی شکل میں ہوں گے۔ جبکہ فلم شیامچی آئی بہترین مراٹھی فلم قرار پائی اور فلم کو دو لاکھ رقم سمیت کانسے کے تمغے کا ایوارڈ تفویض کیا جائے گا۔
بہترین اطفال اداکار کے ایوارڈ کیلئے فلم جپسی کیلئے کبیر کھندارے اور ناڑ دون کیلئے تریشا ٹھوسر ‘ سری نواس پوکلے اور بھارگو جگتاپ کو مشترکہ طور حقدار قرار دیا گیا ہے۔
***** ***** *****
رکنِ اسمبلی چترا واگھ نے جالنہ ضلع اسپورٹس ادارے میں نابالغ لڑکیوں پر مظالم کے معاملے کی مکمل جانچ اور قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کا تیقن دیا ہے۔ چتر ا واگھ نے کل جالنہ میں متاثرہ لڑکیوں سے بات چیت کی۔ بعد ازاں میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انھوں نے قصوروار افسران پر سخت کارروائی کا انتباہ دیا۔
***** ***** *****
اہلیانگر پولس نے کل جعلی کرنسی نوٹ تیار کرنے والے سات لوگوں کے ایک گروہ کو گرفتار کیا ہے۔ گرفتار شدہ تمام ملزمان کا تعلق اہلیا نگر، چھترپتی سمبھاجی نگر اور بیڑ اضلاع سے بتایا گیا ہے۔ پولس نے ان کے قبضے سے 69 لاکھ 50 ہزار روپے کے جعلی کرنسی نوٹ سمیت مجموعی طور پر 88 لاکھ 20 ہزار 600 روپے برآمد کیے ہیں۔ پولس نے چھترپتی سمبھاجی نگر کے والوج صنعتی علاقے میں واقع اس ٹولی کی نوٹ بنانے کی فیکٹری پر بھی چھاپہ مارا۔ اس دو ران نوٹ چھاپنے کیلئے استعمال ہونے والا جدید ترین پرنٹر، سیاہی اور نوٹ چھاپنے کیلئے استعمال کیا جانے والا کاغذ بھی ضبط کیا گیا۔
***** ***** *****
ناندیڑ ضلع بینک کی سابق ڈائریکٹر اسنیہہ لتا پاٹل کل انتقال کرگئیں۔ وہ 80 برس کی تھی۔ آج ناندیڑ میں ان کی جسد خاکی پر آخری رسومات ادا کی جائیں گی۔ اسنیہہ لتا پاٹل‘ سابق مرکزی وزیرِ داخلہ ڈاکٹر شنکر راؤ چوہان کی بڑی بیٹی اور سابق وزیر بھاسکر راؤ پاٹل کھت گاؤنکر کی اہلیہ تھیں۔
***** ***** *****
دھاراشیو ضلعے کے نلدُرگ میں بجلی تقسیم کار محکمے کا علاقائی دفتر کھولنے کی تجویز کو منظوری دے دی گئی ہے۔ رکنِ اسمبلی رانا جگجیت سنگھ پاٹل نے یہ اطلاع دی۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ ساہتیہ پریشد کے صدر پرنسپل کوتک راؤ ٹھالے پاٹل نے کہاہے کہ 'ثقافت اور زبان پر پڑنے والے اثرات کے باوجود، مراٹھواڑہ نے نہ صرف مراٹھی زبان کو تحفظ دیا ہے بلکہ اس کی ترویج و اشاعت میں بھی نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ کل لاتور ضلع کے دیونی میں پریشد کی شاخ کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاٹل نے ادب میں مر اٹھواڑہ کی شراکت کو تاریخ میں ملحوظ نہ رکھنے پر افسوس کا اظہار کیا۔
***** ***** *****
پربھنی ضلع کے سون پیٹھ میں سرکاری صنعتی تربیتی ادارے کی نئی عمارت کیلئے 15 کروڑ روپے کا فنڈ منظور کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے سرکاری حکمنامہ جاری کر دیا گیا ہے۔
***** ***** *****
ہنگولی ضلع کے آکھاڑا بالاپور زرعی بازار سمیتی کے بورڈ آف ڈائرکٹرس کے انتخاب کیلئے کل آخری دن 115 امیدو اروں نے پرچہ نامزدگی داخل کیے۔ 18 ڈائریکٹرس کے انتخاب کیلئے یہ انتخابی عمل کیا جا رہا ہے۔
***** ***** *****
بھارت اور انگلینڈ کے ما بین جاری پانچ ٹیسٹ میچوں سیریز کے پانچویں اور آخری ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن آج اوول میں بھارت اپنی دوسری اننگز 2 وکٹ پر 75 رنز سے آگے شروع کرے گا۔ کل دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے پر سلامی بلّے باز یشسوی جیسوال 51 اور آکاش دیپ چار رنز بناکرکریز پر موجود تھے۔ اس سے قبل انگلینڈ کی پہلی اننگز 247 پر سمٹ گئی۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ وزیر اعظم کے ہاتھوں آج پردھان منتری کسان سنمان یوجنا کی 20ویں قسط ہوگی تقسیم۔
٭ حکومت کے مقاصد کو قومی اور سماجی مفاد کے مقاصد میں تبدیل کرنا ضروری ہے - مرکزی وزیر نتن گڈکری کی ترغیب۔
٭ دہی ہانڈی تہوار کیلئےڈیڑھ لاکھ سے زیادہ گووندا کو بیمہ تحفظ فراہم کرنے کا ریاستی حکومت کا فیصلہ۔
٭ ریاست بھر میں آج سے ’’ہر گھر ترنگا‘‘مہم کاہوگا آغاز؛ تین مرحلوں میں مختلف سرگرمیوں کا انعقاد۔
٭ 71 ویں قو می فلم ایوارڈز کا اعلان - شیام چی آئی بہترین مراٹھی اور ناڑ دون بچوں کی بہترین فلم کے ایوارڈ کیلئے منتخب۔
اور۔۔۔٭ چھترپتی سمبھاجی نگر میں جعلی نوٹ سازی کے کا کارخانے پر چھاپہ؛ سات ملزمان گرفتار۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment