Sunday, 3 August 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 03 اگست 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 03 August-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۳/ اگست ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ ووکل فور لوکل نظریہ کے تحت مقامی مصنوعات کو ترجیح دینے کی وزیرِ اعظم کی تلقین۔ پی ایم کسان یوجنا کی 20ویں قسط جاری۔
٭ انفرادی ترقی کے ساتھ ساتھ معاشرے کی ترقی کیلئے بھی جدوجہد کرنے کے ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کے رویے کو زندگیوں میں شامل کریں۔ چیف جسٹس بھوشن گوائی کی ترغیب۔
٭ گرینڈ ماسٹردِیویا دیشمکھ کا ریاستی حکومت کی جانب سے استقبال۔تین کروڑ روپئے کا انعام تفویض۔
اور۔۔۔٭ بھارت -انگلینڈ پانچواں ٹیسٹ دلچسپ مرحلے میں داخل۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
ووکل فور لوکل عزم کے تحت مقامی مصنوعات کو ترجیح دینے کی ترغیب وزیر اعظم نریندر مودی نے کی ہے۔ کل وارانسی میں وزیر اعظم نے پردھان منتری کسان سمان یوجنا کی 20ویں قسط جاری کی۔اس سلسلے میں منعقدہ پروگرام سے وہ خطاب کررہے تھے۔انہوں نے کہا:
Byte: Prime Minister Narendra Modi
انہوں نے مزید کہا کہ2019میں وزیر اعظم کسان سمان یوجنا شروع کیے جانے پر حزبِ اختلاف نے اس اسکیم سے متعلق کسانوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کی۔ تاہم حکومت اب تک اس اسکیم کے تحت پونے چار لاکھ کروڑ روپئے کسانوں کے کھاتوں میں جمع کروا چکی ہے۔کل منعقدہ تقریب میں 20ہزار 500کروڑ روپئے سے زیادہ رقم نو کروڑ 70لاکھ کسانوں کے بینک کھاتوں میں راست طور پر جمع کروائی گئی۔ اس یوجنا کی 20ویں قسط کی مد میں کل‘ مہاراشٹر کے کسانوں کو دو ہزار کروڑ روپئے سے زیادہ رقم موصول ہوئی۔
وزیر اعظم نے اسی تقریب میں اعلان کیا کہ حکومت نے کسانوں کے لیے نئی پردھان منتری دھن دھانیہ کرشی یوجنا شروع کی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ یہ منصوبہ پیداوار کے حوالے سے پسماندگی کا شکار اضلاع کیلئے ہوگا۔اپنی تقریر میں نریندر مودی نے آپریشن سندور میں کامیابی پر ہندوستانی افواج کو مبارکباد دی۔اور کہا کہ آپریشن کے دوران فوج کے سودیشی ہتھیاروں کی طاقت دنیا نے دیکھی۔
چھترپتی سمبھاجی نگر میں کرشی وگیان کیندر میں اس پروگرام کو براہِ راست نشر کیاگیا۔اس موقع پر زرعی ماہرین نے کسانوں کی خریف کی فصلوں، جراثیم کش ادویات کے چھڑکاؤ اورکھاد کی مقدار اور دیگر اہم موضوعات پر رہنمائی کی۔
***** ***** *****
چیف جسٹس بھوشن گوائی نے کہا ہے کہ شہریوں کو اپنی انفرادی ترقی کے ساتھ ساتھ معاشرے کی ترقی کیلئے جدوجہد کرنے کا بھارت رتن ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کا نظریہ اپنانا چاہیے۔ کل ناگپور میں ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کالج کی ڈائمنڈ جوبلی کی تقریب سے وہ مخاطب تھے۔ وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس بھی اس موقع پر موجود تھے۔اپنی تقریر میں انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کے دیئے گئے دستور کے ذریعے ملک میں مساوات کا نظام قائم کیا جاسکا۔ اسی دستور نے مساوی مواقع فراہم کیے اور ہر شخص کے خوابوں کو پورا کرنے کیلئے ایک پورا نظام وضع کیا۔
***** ***** *****
عالمی شطرنج چمپئن گرینڈ ماسٹر دیویا دیشمکھ کا کل وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کے ہاتھوں عوامی استقبال کیا گیا۔ اسکولی تعلیم و کھیل محکمے اور ریاستی شطرنج انجمن کے اشتراک سے یہ تقریب منعقد کی گئی تھی۔اس موقع پر اپنے خطاب میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دیویا دیشمکھ کی عالمی سطح پر یہ کامیابی ملک کے ہزاروں نوجوان لڑکے لڑکیوں کیلئے ایک محرک ثابت ہوگی۔دویا کو حکومت کی جانب سے تین کروڑ روپئے کا انعام دیا گیا۔مہاراشٹر شطرنج انجمن کی جانب سے بھی اسے 11لاکھ روپئے انعام میں دیئے گئے۔پارلیمانی کھیل کمیٹی کی جانب سے بھی ان کا استقبال کیاگیا۔
***** ***** *****
مارکیٹنگ کے وزیر جئے کمار راول نے کہا ہے کہ ریاست کی خانگی بازار کمیٹیوں کو دیئے گئے ون ٹائم اجازت ناموں کے حوالے سے حکومت از سرِ نو غور کررہی ہے اور صرف ان بازار کمیٹیوں کے اجازت ناموں کی تجدید کی جائے گی جو کسانوں کو بنیادی سہولیات مہیا کررہے ہیں۔وہ کل نندوربار میں ایک اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ مستقبل میں ”ایک تعلقہ ایک بازار کمیٹی“ہی حکومت کی پالیسی رہے گی۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
مرکزی انتخابی کمیشن نے رائے دہی مراکز کی سطح کے افسران کی تنخواہوں کو دوگنا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اس کے علاوہ رائے دہی مراکز کے مبصرین کے مشاہرے میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔ رائے دہندگان رجسٹریشن افسران اور معاون رجسٹریشن افسران کو بھی اس برس سے اعزازیہ دینے کا فیصلہ الیکشن کمیشن نے کیا ہے۔
***** ***** *****
میڈیکل پوسٹ گریجویشن نصاب میں داخلے کیلئے آج ملک بھر میں مختلف مراکز پر امتحانات لیے جارہے ہیں۔صبح ساڑھے نو بجے سے ساڑھے بارہ بجے تک یہ امتحانات ہونگے۔ملک بھر میں تقریباً ڈھائی لاکھ طلباء اس کمپیوٹرائزڈ امتحان میں شریک ہو رہے ہیں۔
***** ***** *****
اسٹیٹ ٹیکنیکل ایجوکیشن بورڈ کے جولائی 2025میں ایک سالہ کورسیز کے نتائج روکے گئے طلباء اورناکام ہونے والے طلباء کو دوبارہ امتحانات دینے کا موقع دیا گیا ہے۔یہ اطلاع تکنیکی تعلیم کے وزیر منگل پربھات لوڈھا نے دی۔انہوں نے بتایا کہ سپلیمنٹری امتحانات اب 23اگست کو لیے جائیں گے۔
***** ***** *****
ناندیڑ میں منعقدہ 20واں سمرستا ساہتیہ سمیلن آج اختتام پذیر ہوگا۔سمیلن کے صدر بزرگ ادیب پدم شری نامدیو کامبڑے نے اس سمیلن میں اپنے صدارتی خطبے میں کہا کہ مساوات پر مبنی ادبی تخلیق وقت کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر پدم شری گریش پربھونے‘ پدم شری بھکوجی دادا اِدھاتے اور سمّیلن کے سابق صدر شیش راؤ مورے کا استقبال بھی کیا گیا۔
***** ***** *****
آکاشوانی کے سبکدوش اناؤنسر منگیش واگھمارے کل پونہ میں چل بسے۔ وہ 65 برس کے تھے۔ گذشتہ کچھ عرصے سے وہ جگر کے عارضے میں مبتلاء تھے۔ وہ جالنہ ضلع کے عنبڑ کے متوطن تھے۔ انھوں نے چھترپتی سمبھاجی نگر مرکز میں بھی خدمات انجام دی تھیں۔ ان کی آخری رسومات آج پونا میں ادا کی جائیں گی۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میں سنڈے کلب اور دیشپانڈے خاندان کی جانب سے دیا جانے والا شیام دیشپانڈے اسمرتی گرنتھ سکھا ایوارڈ آج تفویض کیا جائے گا۔ یہ ایوارڈ امبا جوگائی کے مطالعہ تحریک کے سرگرم کارکن ابھیجیت جوندھڑے کو دیا جائے گا۔ اس سلسلے میں ایک تقریب صبح گیارہ بجے سوامی رامانند تیرتھ ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے ہال میں منعقد ہوگی۔
***** ***** *****
ماحولیات کی وزیر پنکجا منڈے نے کہا ہے کہ آئندہ کمبھ میلے کے پیشِ نظر گوداوری ندی کی آلودگی کم کرنے کی کوشش کی جائیگی۔ وہ کل ناسک میں ایک اجلاس سے خطاب کررہی تھیں۔ انھوں نے کہا کہ کئی کارخانوں کی جانب سے فاضل پانی کی صفائی کے منصوبے لگائے جانے کی بات کہی جاتی ہے تاہم زمینی حقیقت جاننے کیلئے خصوصی ٹیموں کے اس طرح کے کارخانوں کے اچانک دورے کرنے کی ہدایت انھوں نے کی۔
***** ***** *****
اینڈرسن- ٹینڈولکر ٹیسٹ سیریز کاپانچواں اور آخری کرکٹ ٹیسٹ میچ دلچسپ مرحلے میں داخل ہوگیا ہے اور بھارت کو میچ جیتنے کیلئے 9 وکٹ جبکہ انگلینڈ کو 324 رن مزید درکار ہیں۔ آج میچ کے چوتھے دن انگلینڈ اپنی دوسری اننگ ایک وکٹ پر 50 رن سے دوبارہ آگے شروع کرے گا۔ کل بھارت نے اپنی دوسری اننگ میں افتتاحی بلّے باز یشسوی جیسوال کی سنچری کی بدولت 396 رن بنائے اور انگلینڈ کو جیت کیلئے 376 رنوں کا ہدف دیا تھا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ ووکل فور لوکل نظریہ کے تحت مقامی مصنوعات کو ترجیح دینے کی وزیرِ اعظم کی تلقین۔ پی ایم کسان سمان یوجنا کی 20ویں قسط جاری۔
٭ انفرادی ترقی کے ساتھ ساتھ معاشرے کی ترقی کیلئے بھی جدوجہد کرنے کے ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کے رویےّ کو زندگیوں میں شامل کریں۔ چیف جسٹس بھوشن گوائی کی ترغیب۔
٭ گرینڈ ماسٹردِیویا دیشمکھ کا ریاستی حکومت کی جانب سے استقبال۔تین کروڑ روپئے کا انعام تفویض۔
اور۔۔۔٭ بھارت -انگلینڈ پانچواں ٹیسٹ دلچسپ مرحلے میں داخل۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment