Wednesday, 6 August 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 06 اگست 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 06 August-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۶/ اگست ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ اسٹارٹ اَپ‘ صنعت اور اختراعی پالیسی کو کابینی اجلاس میں منظوری؛ پانچ سالوں میں تقریباً سوا لاکھ صنعتکار اور 50 ہزار اسٹارٹ اَپس شروع کرنے کا ہدف۔
٭ دیوالی کے بعد بلدیاتی انتخابات‘ ریاستی الیکشن کمشنر کا بیان۔
٭ اُتراکھنڈ کے اُترکاشی میں بادل پھٹا؛ سیاحت کیلئے گئے ناندیڑ ضلعے کے گیارہ نوجوان محفوظ؛ انتظامیہ کی اطلاع۔
٭ ریاست ِ مہاراشٹر کے مراٹھی فلم ایوارڈ تفویض۔
٭ ہر گھر ترنگا مہم کے تحت یوم ِ آزادی تک مختلف پروگراموں کا انعقاد۔
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ کے بیشتر مقامات پر اگلے تین دنوں کیلئے محکمہئ موسمیات کی جانب سے یلو اَلرٹ۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
مہاراشٹر اسٹارٹ اَپ‘ صنعت و اختراعی پالیسی 2025 کو کل ریاستی کابینہ کی میٹنگ میں منظوری دی گئی۔ اس پالیسی سے توقع ہے کہ اگلے پانچ سالوں میں تقریباً سوا لاکھ صنعتکار پیدا ہوں گے اور ریاست میں تقریباً 50 ہزار اسٹارٹ اَپ شروع ہوں گے۔ اس میں شہری اور دیہی علاقوں کے ساتھ ساتھ خواتین اور نوجوانوں کی قیادت میں اسٹارٹ اَپس کی خصوصی حوصلہ افزائی کی جائیگی۔
ریاستی کابینہ نے ایس ٹی کارپوریشن کی فاضل زمینوں کی تجارتی بنیادوں پر استعمال کرنے کی نظرِ ثانی شدہ پالیسی کو منظوری دے دی۔ اس پالیسی کے مطابق کابینہ نے کارپوریشن کی زمینوں کی لیز کی مدت 49 سال کے دو مرحلوں میں 60 سال سے بڑھاکر 98 سال کرنے کو منظوری دے دی۔ کابینہ نے کل مال بردار راہ داری کو منظوری دی جوکہ مہاراشٹر سمردّھی ہائی وے کو واڑھون بندرگاہ سے جوڑنے والی ایک تیز رفتار دوہری لائن ہے۔ اس ہائی وے کیلئے کل کی میٹنگ میں 528 کروڑ 90 لاکھ روپئے فنڈ کو بھی منظوری دی گئی۔ اس ہائی وے کی تین سالوں میں مکمل ہونے کی امید ہے۔
جذام کے مریضوں کیلئے کام کرنے والی این جی اوز کو تقریباً چار ہزار روپئے کی امداد بڑھانے کا فیصلہ کل کیا گیا۔اس فیصلے سے تقریباً 29 اداروں کو اضافی گرانٹ ملے گی۔ کل کابینہ کے اجلاس میں سرکاری اراضی کو چھوٹی نامناسب اور آسان رسائی کے بغیر مختص کرنے کی پالیسی کو بھی منظوری دی گئی۔
کل چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے کے خلدآباد میں چھترپتی سمبھاجی مہاراج کی منصوبہ بند یادگار کے بارے میں وزیرِ اعلیٰ کی صدارت میں ایک میٹنگ بھی ہوئی۔
***** ***** *****
ایس ٹی کارپوریشن جلد ہی یاترا چھاوا رائیڈ ایپ شروع کرے گی جو ڈرائیور کو معقول معاوضہ اور مسافروں کو محفوظ سفر کو یقینی بنائے گی۔ وزیرِ ٹرانسپورٹ اور ایس ٹی کارپوریشن کے چیئرمین پرتاپ سرنائیک نے یہ اطلاع دی۔ یہ ایپ بس رکشہ، ٹیکسی اور ای بس گاڑیوں کی خدمات کیلئے شروع کی جائیگی۔ اس کا مقصد مراٹھی نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے۔
***** ***** *****
ریاستی الیکشن کمشنر دنیش واگھمارے نے کہا کہ ریاست میں بلدیاتی انتخابات اکتوبر 2025 اور جنوری 2026 کے درمیان دیوالی کے بعد ہوں گے۔ واگھمارے کل ناسک میں شمالی مہاراشٹر کے پانچوں اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کا جائزہ لینے کے بعد مخاطب تھے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے ریاست کی ندیوں کے احیاء کیلئے ریاست ِ مہاراشٹر ریور دی وائیٹلائزیشن اتھاریٹی کے قیام کو منظوری دی۔ انھوں نے اس حوالے سے کل ایک اجلاس میں کہا کہ یہ اتھاریٹی دریاؤں کے قدرتی بہاؤ کو برقرار رکھنے اور ان کی بحالی میں ترقیاتی کردار ادا کرے گی۔ وزیرِ ماحولیات پنکجا منڈے نے اتھاریٹی کے ڈھانچے اور تصور پر مبنی تفصیلی رپورٹ پیش کی۔
***** ***** *****
اُتراکھنڈ کے اُترکاشی ضلع میں کل بادل پھٹنے سے بڑے پیمانے پر نقصان ہوا۔ اس واقعے کے بعد گھرالی کے علاقے میں کھیرگنگا ندی اپنے کناروں سے بہہ گئی جس سے کئی مکانات‘ دکانوں اور دیگر تجارتی اداروں کو شدید نقصان پہنچا۔ فوج‘ ریاستی و مرکزی ڈیزاسٹر رسپانس دستوں کی جانب سے علاقے میں راحت اور بچاؤ کے کام کیے جارہے ہیں۔
دریں اثناء‘ ناندیڑ ضلع کے بلولی تعلقے کے ڈون گاؤں کے گیارہ نوجوان اُتراکھنڈ میں پھنسے ہوئے ہیں اور سبھی کے محفوظ ہونے کی اطلاع ہے۔ اگر کوئی سیاح اُترا کھنڈ میں پھنسا ہو تو ان کے رشتہ داروں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ متعلقہ تعلقے کے تحصیلدیا ضلعی ڈیزاسٹر اینڈ ایمرجنسی دفتر سے ربط کریں۔
***** ***** *****
ریاست مہاراشٹر مراٹھی فلم ایوارڈ کل تفویض کیے گئے۔ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس‘ نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار اور ثقافتی اُمور کے وزیر آشیش شیلار نے یہ اعزاز پیش کیے۔ غزل گلوکار بھیم راؤ پانچاڑے کو لتا منگیشکر ایوارڈ تفویض کیا گیا، جبکہ راج کپور اسپیشل کنٹری بیوشن ایوارڈ اداکارہ کاجول کو‘ راج کپور لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ اداکار انوپم کھیر کو‘ وی شانتا رام اسپیشل کنٹری بیویشن ایواڈ اداکارہ مکتا بروے اور وی شانتا رام لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ ڈائریکٹر و اداکار مہیش مانجریکر کو تفویض کیا گیا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
ریاستی حکومت کا پہلا چھترپتی شیواجی مہاراج ایوارڈعظیم ورثہ ایوارڈ یونیسکو میں بھارت کے نمائندے وشال شرما کو تفویض کیا گیا۔ وشال شرما نے چھترپتی شیواجی مہاراج کے قلعوں کو عالمی ثقافتی ورثے کی فہرست میں شامل کروانے میں بہت اہم کردار ادا کیا ہے۔ آل مہاراشٹر کوہِ پیما تنظیم کو بھی اس ایوارڈ سے نوازا گیا۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ میری لاڈلی بہن اسکیم کا ریاست بھر میں 14ہزار مردوں کے فائدہ حاصل کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔ ریاستی حکومت نے ان تمام کو پیسے واپس کرنے کا نوٹس جاری کیا ہے اور مہینہ بھر میں پیسے واپس نہ کرنے پر مقدمہ درج کرنے کا انتباہ بھی دیا ہے۔ اسکیم شروع ہونے سے لیکر اب تک تقریباً ساڑھے اکیس کروڑ روپئے ان لوگوں کے کھاتوں میں جمع ہوئے ہیں۔
***** ***** *****
ہر سال کی طرح اس سال بھی یوم آزادی کے موقعے پر ہر گھر ترنگا مہم چلائی جا رہی ہے۔ حکومت نے ہر ایک سے قومی ترنگا پرچم لہرانے اور اس کے ساتھ اپنی سیلفی ویب سائٹ Har Ghar Tiranga.com پر اپلوڈ کرنے کی اپیل کی ہے۔
چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے کے اسکولوں میں بھی ہر گھر ترنگا مہم پر عمل درآمد کیا جائے گا۔ اس کے تحت پہلے مرحلے میں 2 اگست سے 8 اگست تک اسکول کی دیواروں اور بورڈز کی ترنگے سے مزین تصاویر سے آرائش، فوجیوں اور پولس اہلکاروں کو راکھی ارسال کرنے کی سرگرمیاں‘ جبکہ دوسرے مرحلے میں 9 سے 12 اگست تک ترنگا یاترائیں نکالی جائیں گی‘ ساتھ ہی اس مہم کے تیسرے مرحلے میں 13 سے 15 اگست تک پرچم کشائی سمیت ترنگے پرچم کے ساتھ سیلفی نکال کر اسے ویب سائٹ پر اپلوڈ کیا جائے گا۔
***** ***** *****
پربھنی کی 89 سالہ کملا بائی جوگڑ کے انتقال کے بعد ان کے اہلِ خانہ نے ان کی آنکھیں عطیہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ جس کے بعد آنجہانی خاتون کی آنکھیں جالنہ میں متعلقہ ادارے کو عطیہ کردی گئیں۔ رواں سال جالنہ ضلعے میں آنکھوں کے عطیے کا یہ دوسرا موقع ہے۔ ضلع سیول سرجن ڈاکٹر ناگیش لکھماوار نے اس واقعے سے ترغیب لیکر شہریوں سے آنکھوں کا عطیہ کرنے کا عہد لینے کی اپیل کی ہے۔
***** ***** *****
محکمہ موسمیات نے آئندہ تین دنوں تک جنوب وسطی مہاراشٹر اور مراٹھواڑہ کے کچھ اضلاع میں مختلف مقامات پر ہلکی سے اوسط درجے کی بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ اس سلسلے میں مراٹھواڑہ کے تمام اضلاع کیلئے یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
دریں اثناء‘ چھترپتی سمبھاجی نگر میں تقریباً ایک ہفتے کے وقفے کے بعد آج صبح زوردار بارش ہوئی‘ جس کے باعث گرمی سے پریشان شہریوں کو راحت حاصل ہوئی۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر ہاؤسنگ اینڈ ائیریا ڈیولپمنٹ اتھارٹی - MHADA کے ایک ہزار 341 رہائشی فلیٹس اور ناسک ڈویژن میں 67 فلیٹس اس طرح مجموعی طور پر ایک ہزار 408 فلیٹوں کیلئے 31 اگست تک آن لائن درخواست دی جا سکتی ہے۔ ضمانت رقم کے ساتھ موصولہ درخواستوں کی قرعہ اندازی ضلع کلکٹر دفتر میں 26 ستمبر کو کی جائے گی۔ مہاڈا چھترپتی سمبھاجی نگر ڈویژن کے چیف آفیسر دتاتریہ نولے نے یہ اطلاع دی۔
***** ***** *****
آبی وسائل کے وزیر رادھا کرشن وِکھے پاٹل نے آبپاشی کارپوریشن کو ہدایت دی ہے کہ پربھنی ضلعے کے مانوت اور پربھنی تعلقے کے 54 دیہاتوں کو پانی کی فراہمی سے متعلق سروے رپورٹ اندرونِ تین ماہ پیش کرے۔ پاتھری کے رکنِ اسمبلی راجیش وِٹیکر کی جانب سے اس کام میں تاخیر کی شکایت کے بعد وِکھے پاٹل نے آبپاشی کارپوریشن کو یہ ہدایت دی۔
***** ***** *****
ناندیڑ ضلعے کے بھوکر تعلقے کے اِڑے گاؤں میں ڈینگو کا ایک مریض پایا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ضلع صحت افسر ڈاکٹر سنگیتا دیشمکھ اور ضلع انسدادِ وبائی امراض افسر ڈاکٹر امرت چوان نے متعلقہ دیہات کا دورہ کرکے گاؤں میں طبّی سروے کرنے، جراثیم کش ادویات کا چھڑکاؤ کرنے اورطبی دستے تشکیل کرنے کی ہدایات دیں۔ انہوں نے گاؤں کے ساکنان سے ہفتے میں ایک روز خشک دن منانے کی بھی اپیل کی۔
***** ***** *****
ٹینڈولکر- اینڈرسن ٹسٹ سیریز ڈراء ہونے کے بعد بھارت ورلڈ ٹیسٹ ٹیبل میں تیسرے نمبر پر پہنچ گیا ہے۔ اس ٹسٹ میچ سے پہلے انگلینڈ کی ٹیم ٹیبل میں تیسرے مقام پر تھی۔ ٹیبل میں آسٹریلیاء سرِفہرست ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ اسٹارٹ اَپ‘ صنعت اور اختراعی پالیسی کو کابینی اجلاس میں منظوری؛ پانچ سالوں میں تقریباً سوا لاکھ صنعتکار اور 50 ہزار اسٹارٹ اَپس شروع کرنے کا ہدف۔
٭ دیوالی کے بعد بلدیاتی انتخابات‘ ریاستی الیکشن کمشنر کا بیان۔
٭ اُتراکھنڈ کے اُترکاشی میں بادل پھٹا؛ سیاحت کیلئے گئے ناندیڑ ضلعے کے گیارہ نوجوان محفوظ؛ انتظامیہ کی اطلاع۔
٭ ریاست ِ مہاراشٹر کے مراٹھی فلم ایوارڈ تفویض۔
٭ ہر گھر ترنگا مہم کے تحت یوم ِ آزادی تک مختلف پروگراموں کا انعقاد۔
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ کے بیشتر مقامات پر اگلے تین دنوں کیلئے محکمہئ موسمیات کی جانب سے یلو اَلرٹ۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment