Wednesday, 27 August 2025

Text-آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 27 اگست 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 27 August-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ:۷۲/ اگست ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ گجرات میں الیکٹرک گاڑیوں کی بیٹری مینوفیکچرنگ پلانٹ ”ای۔ وٹارا“ کا وزیر اعظم کے ہاتھوں افتتاح۔ میک ان انڈیا کے سفر میں ایک نیا باب شامل ہوا۔وزیر اعظم کا اظہار خیال۔
٭ مزدوروں سے متعلق قوانین میں اصلاحات۔ خانہ بدوش ذاتوں اور قبائل کے لیے کابینی اجلاس میں فیصلے۔
٭ ناندیڑ۔ ممبئی وندے بھارت ایکسپریس کا ہری جھنڈی دکھاکر وزیر اعلیٰ کے ہاتھوں افتتاح۔
٭ آج گنیش چتورتھی۔عوامی اور گھریلو گنپتی کے استقبال کے لیے ہر جگہ جوش و خروش
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ میں محکمۂ موسمیات کی جانب سے اس ہفتے زیادہ تر اضلاع کے لیے بارش کا یلو الرٹ
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ بھارت کے میک ان انڈیا کے سفر میں ایک نیا باب شامل ہوا ہے اور یہ میک فار ورلڈ کے ہدف کی سمت بڑی چھلانگ ہے۔ گجرات کے ہنسل پور میں میڈ ان انڈیا بیٹری الیکٹرک گاڑیوں ’ای۔ وٹارا‘ کاافتتاح کل وزیر اعظم کے ہاتھوں ہوا۔اس موقع پر اپنے خطاب میں وزیر اعظم نے کہا کہ اس منصوبے سے بھارت جاپان تعلقات کو نیا رخ ملے گا۔ انہوں نے کہا۔۔۔
Byte: PM Narendra Modi
***** ***** *****
ریاستی کابینہ نے مزدوروں سے متعلق قوانین میں ترامیم کرکے مہاراشٹر لیبر کوڈ کے قواعد تیارکرنے کی تجویز کومنظوری دیدی ہے۔وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کی زیر صدارت منعقدہ کابینی اجلاس میں خانہ بدوش قبائل اور ذاتوں کے افراد کو شناختی کارڈ، صداقت نامے اورمختلف اسکیموں کے فوائد کو فراہم کرنے کے عمل کو موثر طریقے سے نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس سلسلے میں VJNTطبقے کے افراد کو شناختی کارڈز فراہم کرنے کے لیے مختلف مقامات پر کیمپ لگائے جائیں گے۔ اب تحصیلدار اور ارباب مجاز کی تصدیق اورمقامی سطح پر تحقیقات کے بعد ہی یہ سرٹیفیکٹ جاری کیا جائیں گے۔
***** ***** *****
مہاراشٹر لیبر کوڈ کے قوائد و ضوابط تیار کیے گئے ہیں جن میں مہاراشٹر پروفیشنل سیفٹی۔ہیلتھ۔اور کام کرنے کی جگہ کے حالات قانون 2025کا مسودہ منظوری کے لیے مرکزی حکومت کو بھیجا جائے گا۔ مجلس وزراء نے ناگپور۔ گوندیا ایکسپریس وے کو بھی منظوری دی ہے جس سے تین گھنٹے کا فاصلہ اب دیڑھ گھنٹے میں طئے ہوگا۔بیڑ ضلع کے آشٹی میں عدالت کے قیام کے لیے اخراجات کو بھی منظوری دی گئی۔ اس کے علاوہ بیڑ ضلع میں تین پشتوں کی توسیع کا بھی فیصلہ کیاگیا جس سے خریف اور ربیع کی فصلوں کے لیے پانی کی دستیابی میں اضافہ ہوگا۔
***** ***** *****
نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے ہدایت کی ہے کہ بیڑ ضلع کے امباجوگائی میں ایک ہزار 150بستروں کا جدید سرکاری اسپتال قائم کیا جائے۔ اس کے علاوہ سوامی رامانند تیرتھ دیہی میڈیکل کالج کاکام معیاری طریقے سے کیا جائے۔ کل منترالیہ میں سوامی رامانند تیرتھ دیہی میڈیکل کالج کے کام سے متعلق منعقدہ جائزاتی اجلاس سے وہ خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر نائب وزیر اعلیٰ نے کاموں کا جائزہ لینے کے بعد متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات جاری کیں۔
***** ***** *****
ناندیڑ۔ ممبئی وندے بھارت ایکسپریس کو وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کل ورچوئل طرز پر سبز جھنڈی دکھاکر افتتاح کیا۔اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وندے بھارت ایکسپریس کے سبب ناندیڑ شہر ریاستی دار الحکومت ممبئی سے مزید قریب آگیاہے۔جس سے مراٹھواڑہ کی خوش حالی کا دروازہ کھل گیا ہے۔سابق وزیر اعلیٰ اشوک چوہان نے اس موقع پر کہا کہ اس ٹرین کا مراٹھواڑہ کے اہم اضلاع کو فائدہ ہوگا۔ رکن پارلیمان اجیت گوپچھڑے نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ وہ ناندیڑ تا ممبئی خصوصی ٹرین شروع کرنے کے لیے کوشش کریں گے۔
***** ***** *****
مراٹھا ریزرویشن رہنما منوج جرانگے پاٹل کو پیشگی اجازت کے بغیر ممبئی کے آزاد میدان پر مظاہرہ کرنے ممبئی عدالت عالیہ نے روک دیا ہے۔عدالت عالیہ کے چیف جسٹس سندیپ مارنے کی بینچ کے جاری کرد فیصلے کے مطابق مقامی انتطامی افسران کی پیشگی اجازت کے بغیر شہر کے اہم علاقوں میں کسی بھی احتجاج اور مظاہرے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ عدالت نے وضاحت کی ہے کہ منوج جرانگے پاٹل کے مظاہرے کے لیے حکومت مہارشٹر کے پاس کھارگھر اور نئی ممبئی میں جگہ دینے کا متبادل موجود ہے۔ دریں اثناء
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
آج گنیش چتورتھی ہے۔ گنیش اتسو کا آج سے آغاز ہو رہا ہے۔ اس سال گنیش اتسو کو ریاستی تہوار کا درجہ ملنے سے اس کی ثقافتی شناخت مزید مضبوط ہوگی۔ اس تہوار کی تیاریاں آخری مراحل میں ہیں اور آج گھروں میں اورعوامی گنیش منڈلوں میں گنیش کا استقبا ل کیا جائے گا۔ اس اتسو کے استقبال سے وسرجن تک تہوار کو خوش اسلوبی سے منانے کے لیے مقامی انتظامیہ اور پولس مشنری پوری طرح تیار ہے۔ چھتر پتی سمبھاجی نگر شہر سمیت ضلع بھر میں گنپتی کی مورتیوں کو فروخت کرنے کے مراکز قائم کیے گئے ہیں۔
***** ***** *****
پربھنی نے سری شیواجی کالج کے طلباء نے ماحول دوست گنیش مورتیاں تیار کی ہیں۔ مٹی سے بنائی گئی ان مورتیوں میں درختوں کے بیج شامل کیے گئے ہیں۔ جو ماحول بچاؤ زمین بچاؤ نعرے کے مطابق ہیں۔یہ اطلاع پرنسپل ڈاکٹرباڑا صاحب جادھو نے دی۔ گنیش اتسو کے موقع پر صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے عوام کو مبارکباد دی ہے۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا ہے کہ یہ تہوار نئے اہداف کے ساتھ مثبت سوچ کے ساتھ آگے بڑھنے کی ترغیب دیتا ہے۔
***** ***** *****
اس سال کا بی رگھوناتھ ایوارڈ معروف مصنف پرساد کومٹھیکر کو ان کے افسانوں کے مجموعے ”اِترگوشٹی“ کے لیے دیا گیا۔ سنیئر ادیب بی رگھوناتھ کی برسی کے موقع پر 7ستمبر کو چھترپتی سمبھاجی نگر میں مجوزہ ایک تقریب میں کومٹھیکر کو یہ ایوارڈ دیا جائیگا۔
***** ***** *****
چھتر پتی سمبھاجی نگر ضلع میں کھیلوں کے دن کا اہتمام کیا جائے گا۔ تین دن چلنے والے ان کھیلوں میں تمام طلباء سے شرکت کی اپیل ضلع کلکٹر دلیپ سوامی نے کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس دوران طلباء کو میدانی کھیلوں کی افادیت سے آگاہ کیا جائے گا۔ جو طلباء انڈور کھیلوں یا کمپیوٹر اورموبائیل گیمز میں منہمک ہوتے ہیں انہیں اس سے دور کرکے میدانی کھیلوں کی طرف راغب کرنے کے لیے اس کا انعقاد کیا گیاہے۔
***** ***** *****
رکن اسمبلی رانا جگجیت سنگھ پاٹل نے کہا ہے کہ کرشنا فیلڈ کنٹرول پروجیکٹ کی تکمیل کے بعد مراٹھواڑہ کو اس کے حق کا 16اعشاریہ چھ چھ ملین مکعب میٹر سے زیادہ پانی دستیاب ہوگا۔ وہ کل دھاراشیو میں اخباری نمائندو ں سے گفتگو کر رہے تھے۔انہوں نے بتایا کہ ورلڈ بینک کے تعاون سے ریاستی حکومت اس پروجیکٹ پر کام کررہی ہے اور اس سے متعلق سروے رپورٹ موصول ہو چکی ہے۔
***** ***** *****
ناندیڑ ضلع میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا جائزہ لینے کے لیے کانگریس کے ریاستی صدر ہرش وردھن سپکاڑ کی ہدایت پر ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ سینئر کانگریسی لیڈر مانک راؤ ٹھاکرے کی زیر قیادت ایک 11رکنی کمیٹی کل جمعرات 28اگست کو مکھیڑ تعلقے کا دورہ کرے گی اورسیلاب سے متاثرہ علاقوں کامعائینہ کرے گی۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ کے بیشتر اضلاع کے لیے محکمہئ موسمیات نے آئندہ تین دنوں کے لیے بارش کا یلو الرٹ جاری کیا ہے۔ چھترپتی سمبھاجی نگر، جالنہ اورپربھنی اضلاع کے لیے بدھ، جمعرات اور جمعہ جبکہ ناندیڑ ضلع کے لیے آج اورکل یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔دریں اثناء چھتر پتی سمبھاجی نگر کے جائیکواڑی ڈیم کا پانی کا ذخیرہ اب 98فی صد ہو چکا ہے۔ اور 30ہزار ملین مکعب فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے پانی کی آمد جاری ہے۔ جبکہ 18ہزار 864ملین مکعب فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے پانی چھوڑا جارہا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ گجرات میں الیکٹرک گاڑیوں کی بیٹری مینوفیکچرنگ پلانٹ ”ای۔ وٹارا“ کا وزیر اعظم کے ہاتھوں افتتاح۔ میک ان انڈیا کے سفر میں ایک نیا باب شامل ہوا۔وزیر اعظم کا اظہار خیال۔
٭ مزدوروں سے متعلق قوانین میں اصلاحات۔ خانہ بدوش ذاتوں اور قبائل کے لیے کابینی اجلاس میں فیصلے۔
٭ ناندیڑ۔ ممبئی وندے بھارت ایکسپریس کا ہری جھنڈی دکھاکر وزیر اعلیٰ کے ہاتھوں افتتاح۔
٭ آج گنیش چتورتھی۔عوامی اور گھریلو گنپتی کے استقبال کے لیے ہر جگہ جوش و خروش
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ میں محکمۂ موسمیات کی جانب سے اس ہفتے زیادہ تر اضلاع کے لیے بارش کا یلو الرٹ
***** ***** *****
اس کے ساتھ ہی علاقائی خبریں ختم ہوئیں۔
ان خبروں کو آپ AIR چھترپتی سمبھاجی نگر یوٹیوب چینل‘ پر دوبارہ کسی بھی وقت سن سکتے ہیں۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment