Monday, 8 September 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 08 ستمبر 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 08 September-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۸/ ستمبر ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ چھترپتی شیواجی مہاراج کا لڑائی میں ساتھ دینے والی 18 پگڑذاتوں کو قومی دھارے میں لایا جائے گا: وزیرِ اعلیٰ کا تیقن۔
راموشی- بیڈر سماج کیلئے مختلف اسکیمات کا اعلان۔
٭ ریاستی حکومت OBC اور مراٹھا ریزرویشن پر قائم ہے؛ کسی کے بھی ساتھ ناانصافی نہیں کی جائیگی: محصول کے ریاستی وزیر چندر شیکھر باون کُڑے کی یقین دہانی۔
٭ ممبئی‘ پونے سمیت بیشتر علاقوں میں گنیش وسرجن کا اختتام؛ چھترپتی سمبھاجی نگر میں تقریباً ڈیڑھ لاکھ مورتیوں کا وسرجن۔
٭ بھارت نے جیتا ایشیاء کپ ہاکی ٹورنامنٹ؛ فائنل میچ میں جنوبی کوریا کو دی شکست۔
اور۔۔۔٭ جائیکواڑی اور مانجرا آبی منصوبوں سے پانی کا اخراج جاری؛ ندی کنارے آباد دیہاتوں کو محتاط رہنے کی ہدایت۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ چھترپتی شیواجی مہاراج نے سوراج کے قیام کیلئے 18 ذاتوں کو متحد کیا۔ ان کے اس کام کو پایہئ تکمیل تک پہنچانے کی خاطر ان ذاتوں کو مرکزی دھارے میں لانا حکومت کا ہدف ہے۔ وزیرِاعلیٰ‘ کل پرندر تعلقے کے بھیوڑی میں راجے اُماجی نائیک کی 234 ویں جینتی کے موقع پر منعقدہ پروگرام سے خطاب کررہے تھے۔ حکومت نے راجے اُماجی نائیک اکنامک ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے ذریعے دو لاکھ روپؤں تک کا غیر ضمانتی قرض فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے‘ تاکہ راموشی- بیڈر سماج کو مرکزی دھارے میں شامل کیا جاسکے۔ ساتھ ہی اس برادری میں کاروباری افراد اور تاجر پیدا کرنے کیلئے 15 لاکھ روپؤں کا قرض فراہم کیا جائے گا۔ وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ راموشی سماج کی ترقی کی خاطر مستقبل میں بھی حکومت کا تعاون جاری رہے گا۔
***** ***** *****
محصول کے ریاستی وزیر چندر شیکھر باون کُڑے نے تیقن دیا ہے کہ ریاستی حکومت دیگر پسماندہ طبقات OBC اور مراٹھا ریزرویشن کیلئے اپنے موقف پر قائم ہے۔ انھوں نے وضاحت کی کہ ذیلی کمیٹیوں کے ذریعے کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں کی جائیگی۔ وزیرِ موصوف کل ناگپور میں صحیفہ نگاروں سے بات کررہے تھے۔ انھوں نے مانا کہ OBC تنظیموں کا احتجاج کا حق حاصل ہے‘ ساتھ ہی باون کُڑے نے اس یقین کا اظہار کیا کہ ذیلی کمیٹیوں کی سفارشات سے سماجی ہم آہنگی برقرار رہے گی۔ وزیرِ موصوف نے کہا کہ جمہوریت میں ہر کسی کو عدالت کا دروازہ کھٹکھٹانے کا حق ہے۔ اگر OBC تنظیموں کے عہدیدار عدالت جارہے ہیں تو یہ ان کا حق ہے۔ تاہم‘ حکومت بھی عدالت میں اپنا مؤقف مضبوطی سے پیش کرے گی۔ باون کُڑے نے اس موقع پر اپیل کی کہ کانگریس لیڈر وجئے وڑیٹیوار کو بھی سیاسی شور مچانے کی بجائے ذیلی کمیٹی کے سامنے اپنا رُخ پیش کرنا چاہیے۔
***** ***** *****
سماجی انصاف کے مرکزی وزیرِ مملکت رام داس آٹھولے نے ماتنگ سماج کے نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ درجِ فہرست ذاتوں‘ SC اور درجِ فہرست قبائل ST ریزرویشن کا فائدہ اٹھائیں اور تعلیم حاصل کرکے مرکزی دھارے میں شامل ہوں۔ وزیرِموصوف کل بلڈانہ ضلع کے شیگاؤں میں لوک شاہیر انابھاؤ ساٹھے کی 105 ویں جینتی کے موقع پر منعقدہ ایک پروگرام میں بول رہے تھے۔
***** ***** *****
پرسوں شروع ہونے والے گنیش وسرجن کا کل ریاست کے کئی مقامات پر اختتام عمل میں آیا۔ ممبئی کے لال باغ کے راجہ کے وسرجن میں تکنیکی خرابی کے سبب کافی دیر ہوئی۔ یہ غرقابی کل رات نو بجے عمل میں آئی۔ اسی طرح عمر کھاڑی کے راجہ اور چنچ پوکلی کے چنتامنی سمیت کُل 20 عوامی گنیش منڈلوں کے گنیش وسرجن کل پُرامن طریقے سے انجام پائے۔ پونے میں بھی کل دوپہر تک وسرجن کے جلوس رواں دواں تھے۔
چھترپتی سمبھاجی نگر کے چھاؤنی علاقے میں کل گنیش مورتیوں کا وسرجن کیا گیا۔ روایت کے مطابق ایک دن کی تاخیر سے چھاؤنی کے گنیش منڈلوں نے باپا کو الوداع کیا۔ چھاؤنی گنیش منڈلوں کے ساتھ ساتھ نندن ون کالونی‘ پڑے گاؤں‘ تیس گاؤں‘ بھیم نگر اور بھاؤ سنگھ پورہ کے گنیش منڈل بھی ان جلوسوں میں شامل تھے۔ رواں برس چھترپتی سمبھاجی نگر شہر میں کُل ایک لاکھ 43 ہزار 794 گنیش مورتیاں غرقاب کی گئیں اور تقریباً 52 ٹن چڑھاوا جمع کیا گیا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
ملک کے نائب صدرِ جمہوریہ کا کل انتخاب کیا جائے گا۔ اس کیلئے نیشنل ڈیموکریٹک الائنس نے مہاراشٹر کے گورنر سی پی رادھاکرشنن کو اپنا امیدوار نامزد کیا ہے۔ وہیں مخالف جماعتوں کے اتحاد ”انڈیا“ کی جانب سے سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس بی سدرشن ریڈی اس عہدے کیلئے امیدوار ہیں۔ اس انتخاب کے پس منظر میں شیوسینا پارٹی کے اراکینِ پارلیمان کی میٹنگ آج دہلی میں طلب کی گئی ہے۔
***** ***** *****
GST کونسل نے حال ہی میں اشیاء و خدمات ٹیکس (GST) کے سلیب میں انقلابی تبدیلیاں کی ہیں۔ ہمارے نمائندے کی طرف سے پیش ہے ان میں سے کچھ پہلوؤں کے بارے میں تفصیلی معلومات:
Voice Cast
***** ***** *****
چاند گہن کل بھارت میں واضح طورپر نظر آیا۔ رات نو بجکر 57 منٹ پر شروع ہونے والا گہن ایک بجکر 27 منٹ پر ختم ہوا۔ یہ نادر فلکیاتی واقعہ اُس وقت پیش آتا ہے جب مکمل چاند والی رات کو سورج‘زمین اور چاند ایک لائن میں آجاتے ہیں۔ مذکورہ چاند گہن دہائی کے طویل ترین چاند گہنوں میں سے ایک تھا۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر کے شیندرا-بڑکن صنعتی علاقے ”آرِک سٹی“ کا چھٹا یومِ تاسیس منایا جارہا ہے۔ اس موقع پر صنعتی ترقی‘ عالمی سرمایہ کاری اور پائیدار ترقی کے سفر کا جشن منایا جارہا ہے۔ آرِک سٹی ملک کے پہلے گرین فیلڈ صنعتی اسمارٹ شہروں میں سے ایک ہے۔ گذشتہ چھ برسوں کے دوران اس صنعتی علاقے میں 323 پلاٹس تقسیم کیے گئے۔ یہ علاقہ تین ہزار ایکڑ سے زائد رقبے پر پھیلا ہوا ہے۔ اس علاقے میں سرمایہ کاری کی کُل صلاحیت 71 ہزار 343 کروڑ روپئے ہے۔ جبکہ روزگار کی صلاحیت 62 ہزار 405 افراد کی ہے۔ فی الحال آرِک سٹی میں 78 صنعتی یونٹس کام کررہے ہیں۔
***** ***** *****
نائب وزیرِاعلیٰ ایکناتھ شندے آج چھترپتی سمبھاجی نگر کا دورہ کریں گے۔ وہ شہر کے مختلف ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیں گے‘ ساتھ ہی نائب وزیرِ اعلیٰ‘ شیوسینا عہدیداران کے سنت ایکناتھ رنگ مندر میں منعقدہ اجتماع میں شرکت کریں گے۔
***** ***** *****
بھارت نے کل مردوں کی ایشیائی ہاکی چمپئن شپ جیت لی ہے۔ بہار کے راجگیر میں منعقدہ فائنل میچ میں بھارت نے جنوبی کوریا کو 4-1 سے شکست دے دی۔ اس جیت کے ساتھ بھارت نے 2026 میں ہالینڈ اور بیلجیم میں منعقدہ ہاکی عالمی کپ کیلئے کوالیفائی کرلیا ہے۔ وزیرِ اعظم نریندر مودی نے اس جیت پر بھارتی ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔ انھوں نے سوشل میڈیا پر دئیے گئے اپنے پیغام میں کہاکہ دفاعی چمپئن ٹیم کو شکست دینا قابلِ فخر کارنامہ ہے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع کے پیٹھن میں واقع جائیکواڑی آبی پشتے میں پانی کی سطح 99 فیصد سے تجاوز کرگئی ہے۔ اس وقت ڈیم میں 33 ہزار 819 کیوبک فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے پانی کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ اس کے پیشِ نظر ڈیم سے پانی کے اخراج میں اضافہ کردیا گیا ہے۔ اس آبی منصوبے کے 18 دروازے دو فٹ تک کھولے گئے ہیں، جس سے 37 ہزار 728 کیوبک فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے پانی چھوڑا جارہا ہے۔ پانی کے اضافی اخراج کے سبب انتظامیہ نے ندی کنارے واقع دیہاتوں کے مکینوں سے محتاط رہنے کی اپیل کی ہے۔
اسی طرح لاتور شہر کو آبرسانی کرنے والا مانجرا آبی منصوبہ بھی 99 فیصد بھر گیا ہے۔ جس سے ایک ہزار 747 کیوبک فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے پانی کا اخراج کیا جارہا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ چھترپتی شیواجی مہاراج کا لڑائی میں ساتھ دینے والی 18 پگڑذاتوں کو قومی دھارے میں لایا جائے گا: وزیرِ اعلیٰ کا تیقن۔
راموشی- بیڈر سماج کیلئے مختلف اسکیمات کا اعلان۔
٭ ریاستی حکومت OBC اور مراٹھا ریزرویشن پر قائم ہے؛ کسی کے بھی ساتھ ناانصافی نہیں کی جائیگی: محصول کے ریاستی وزیر چندر شیکھر باون کُڑے کی یقین دہانی۔
٭ ممبئی‘ پونے سمیت بیشتر علاقوں میں گنیش وسرجن کا اختتام؛ چھترپتی سمبھاجی نگر میں تقریباً ڈیڑھ لاکھ مورتیوں کا وسرجن۔
٭ بھارت نے جیتا ایشیاء کپ ہاکی ٹورنامنٹ؛ فائنل میچ میں جنوبی کوریا کو دی شکست۔
اور۔۔۔٭ جائیکواڑی اور مانجرا آبی منصوبوں سے پانی کا اخراج جاری؛ ندی کنارے آباد دیہاتوں کو محتاط رہنے کی ہدایت۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment