Wednesday, 10 September 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 10 ستمبر 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 10 September-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۰۱/ستمبر ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ سی پی رادھا کرشنن ملک کے نائب صدرِ جمہوریہ منتخب؛ صدرِ جمہوریہ اور وزیرِ اعظم کی جانب سے مبارکباد۔
٭ ریاستی حکومت کی نمو کسان مہا سمّان اسکیم کی ساتویں قسط جمع۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن کے پانی فراہمی منصوبے کیلئے 822 کروڑ 22 لاکھ روپئے فنڈ دینے کو ریاستی کابینہ کی منظوری۔
٭ مراٹھا ریزرویشن سے متعلق GR واپس لینے کیلئے چھگن بھجبل کا وزیرِ اعلیٰ کو خط‘ جبکہ جی آر واپس نہ لینے کی رادھا کرشن وِکھے پاٹل کی وضاحت۔
اور۔۔۔٭ ایشیاء کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں آج بھارت اور میزبان UAE کے مابین مقابلہ۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
سی پی رادھا کرشنن ملک کے نائب صدرِ جمہوریہ منتخب ہوگئے ہیں۔ اس عہدے کیلئے کل ہوئے انتخاب میں رادھا کرشنن نے اپنے حریف انڈیا اتحاد کے امیدوار سبکدوش جج جسٹس بی سدرشن ریڈی کو 152 ووٹوں سے شکست دی۔ رادھا کرشنن کو 452 ووٹ ملے، جبکہ ریڈی کو 300 ووٹ ملے۔
4 مئی 1957 کو اس وقت کے مدراس کے تیروپور میں رادھا کرشنن پیدا ہوئے۔ انھوں نے 16 سال کی عمر میں راشٹریہ سویم سنگھ (RSS) اور جن سنگھ کیلئے کام کرنا شروع کیا۔ وہ 1998 اور 1999 میں کوئمبتور حلقے سے دو مرتبہ لوک سبھا کیلئے منتخب ہوئے۔ انھوں نے مالیات اور پبلک سیکٹر انڈرٹیکنگز پر پارلیمانی کمیٹیوں کے رُکن اور شیئر بازار بدعنوانی جانچ کمیٹی کے رکن کے طور پر بھی کام کیا۔ وہ جھارکھنڈ اور مہاراشٹر کے گورنر بھی رہے ہیں۔
دریں اثناء نائب صدرِ جمہوریہ کے اس انتخاب میں تقریباً 781 میں سے 767 ارکانِ پارلیمان نے ووٹ دیا۔ ان میں 15 ووٹ نادرست جبکہ 752 ووٹ درست ثابت ہوئے۔
صدرِ جمہوریہ دروپدی مُرمو اور وزیرِ اعظم نریندر مودی نے رادھا کرشنن کو مبارکباد دی۔ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ مہاراشٹر کے گورنر سی پی رادھا کرشنن بھارت کے نائب صدرِ جمہوریہ منتخب ہوئے ہیں یہ مہاراشٹر کیلئے فخر کی بات ہے۔
***** ***** *****
ریاستی حکومت کی نمو کسان مہا سمّان اسکیم کی ساتویں قسط کل تقسیم کی گئی۔ یہ قسط ممبئی میں ریاستی کابینہ کی میٹنگ کے بعد وزیرِ اعلیٰ اور نائب وزیرِ اعلیٰ کی موجودگی میں اہل کسانوں میں تقسیم کی گئی۔ پھڑنویس نے کہا کہ 91 لاکھ 65 ہزار 156 کسانوں کے اکاؤنٹس میں ایک ہزار 892 لاکھ روپئے جمع کرائے گئے ہیں۔
ریاستی کابینہ نے کل اپنی میٹنگ میں آئندہ دو سالوں کیلئے اِیریگیشن اسکیموں کیلئے بجلی بل میں رعایت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ چونکہ بہت زیادہ دباؤ‘ زیادہ دباؤ اور کم دباؤ ایریگیشن جیسی تمام قسموں کی ایک ہزار 789 اسکیموں کو بجلی کے نرخوں میں رعایت مل رہی ہے۔ اس لیے تمام اہل کسان اس اسکیم سے مستفید ہوں گے۔ اس کیلئے ریاستی حکومت نے ایک ہزار 758 کروڑ روپئے کا انتظام کیا ہے۔ کابینہ کی میٹنگ میں چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن کے پانی فراہمی کے منصوبے کیلئے 822کروڑ 22 لاکھ روپئے کی فراہمی کو منظوری دی گئی ہے۔ اس کیلئے شہری انفراسٹرکچر ترقی قرض اسکیم کے تحت ہڈکو سے دو ہزار کروڑ روپئے کا قرض لینے کی منظوری دی گئی ہے۔
***** ***** *****
دیگر پسماندہ طبقات کے رہنماء اور اناج فراہمی کے وزیر چھگن بھجبل نے مطالبہ کیا ہے کہ مراٹھا ریزرویشن سے متعلق حکومتی فیصلے میں ترمیم کی جائے یا فیصلہ واپس لیا جائے۔ انھوں نے اس سلسلے میں کل وزیرِ اعلیٰ پھڑنویس کو ایک محضر دیا۔ بھجبل نے اس میں ذکر کیا کہ حیدرآباد گزیٹیئر کے نفاذ سے متعلق حکومتی فیصلے میں ترمیم کی جائے اور یہ واضح کیا جائے کہ اس سے او بی سی ریزرویشن پر کوئی اثر نہیں پڑے گا‘یا اس فیصلے کو واپس لیا جائے۔ ادھر کابینہ کی ذیلی کمیٹی نے اس حوالے سے کہا کہ تمام فیصلے بہت سو چ سمجھ کر کیے گئے ہیں۔ ذیلی کمیٹی کے چیئرمین رادھا کرشن وکھے پاٹل نے کہا کہ حکومتی فیصلے کو واپس لینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ وہ کل ذیلی کمیٹی کے اجلاس کے بعد صحافیوں سے مخاطب تھے۔ ذیلی کمیٹی نے بحث کا دروازہ سب کیلئے کھلا رکھا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اگر بھجبل کو کوئی غلط فہمی ہے تو وہ ان سے مل کر اسے دور کریں گے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
مراٹھا ریزرویشن پر حکومت کا فیصلہ ثبوت پر مبنی ہے نہ کہ عام ہے اس سے صرف وہی لوگ فائدہ اٹھائیں گے جن کے پاس کُنبی ہونے کا ثبوت ہے۔ اس لیے او بی سی ریزرویشن کسی بھی طرح متاثر نہ ہونے کی یقین دہانی او بی سی طبقات ترقی کے وزیر اتل ساوے نے کی۔ وہ کل ممبئی میں نیشنل او بی سی فیڈریشن کے مختلف مطالبات پر تبادلہ خیال کرنے کیلئے منعقدہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ حکومت کی تمام اسکیموں کا مقصد او بی سی سماج کو تعلیمی‘ معاشی اور سماجی طور پر بااختیار بنانا ہے۔ ساوے نے کہا کہ او بی سی سماج کے تمام مطالبات پر مثبت انداز میں بات کرنے کے بعد فیصلے کیے جائیں گے۔
***** ***** *****
مرکزی وزیرِ ماحولیات بھوپیندر یادو نے کل صاف و شفاف ہوا سروے کیلئے ایوارڈ تفویض کیے۔ اس میں مہاراشٹر کے امراوتی شہر نے تین سے 10 لاکھ کی آبادی والے گروپ میں 75 لاکھ روپئے کا پہلا انعام حاصل کیا ہے۔ مدھیہ پردیش کے اندور نے 10 لاکھ سے زیادہ آبادی والے گروپ میں پہلا مقام حاصل کیا ہے۔
***** ***** *****
جنگ ِ آزادی میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے نندوربار کے شہید بچوں کو کل ان کی 83 ویں برسی پر خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ شریش کمار مہتا‘ لال داد شاہ‘ دھن سکھ لال وانی‘ ششی دھر کیتکر اور گھنشیام داس شاہ یہ پانچ بچے جنھوں نے چلے جاؤ تحریک میں حصہ لیا تھا اور انگریزوں کی فائرنگ میں شہید ہوئے تھے۔
***** ***** *****
اشیاء و خدمات ٹیکس (GST) کونسل کی حالیہ تنظیمِ نو نے زراعت کیلئے مفید بہت سی اشیاء پر جی ایس ٹی کی شرح کو تبدیل کردیا ہے۔ زرعی کام کیلئے استعمال ہونے والے ٹریکٹرز‘ ٹریکٹرز کے ٹیوب ٹائر‘ کھاد اور کیڑے مار ادویات کے اجزاء‘ نیم سے بننے والی کیڑے مار دوائیوں کو 12 فیصد سے کم کرکے پانچ فیصد کردیا گیا ہے۔ اس طرح کا اظہارِ خیال پربھنی کے کسان وجئے بنسوڑے نے کیا ہے۔
دریں اثناء‘ تمباکو کے استعمال کی حوصلہ شکنی کیلئے پان مسالہ، تمباکو کی دیگر مصنوعات اور نکوٹین پرمبنی دھوئیں والی مصنوعات جیسے ای سگریٹ پر ٹیکس 28 فیصد سے بڑھا کر 40 فیصد کردیا گیاہے۔ اس میں واحد استثنیٰ تیندو کے پتوں سے بنی بیڑی ہے، جس پر ٹیکس 18 فیصد سے کم کرکے پانچ فیصد کیا گیا ہے۔ نیا ٹیکس نظام 22 ستمبر سے نافذ ہوگا۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن نے اسکولی کھیلوں کے مقابلوں میں تمام کھیلوں کے ریفریوں کے مشاہروں میں اضافہ کیا ہے۔ اب 300 روپئے یومیہ کی بجائے ایک ہزار روپئے انھیں حاصل ہوں گے۔ یہ اطلاع چھترپتی سمبھاجی نگر اولمپک اسوسی ایشن کے صدر پنکج بھارساکھلے نے دی۔
***** ***** *****
محکمہئ موسمیات نے آج مراٹھواڑہ کے پربھنی‘ ہنگولی‘ ناندیڑ اور لاتور اضلاع میں ہلکی تا درمیانی بارش کی پیشن گوئی کی ہے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے میں 17 ستمبر سے 2 اکتوبر کے درمیان سیوا پندھرواڑہ پر عمل درآمدکیا جائے گا۔ اس سلسلے میں ضلع کلکٹر دلیپ سوامی نے تمام سرکاری محکمہ جات سے اپیل کی کہ وہ عوام پر مبنی اور اختراعی اقدامات کے ذریعے عام شہریوں کو سرکاری اسکیمات کا فائدہ پہنچانے کی کوشش کریں۔
***** ***** *****
پربھنی ضلع پریشد کی سی ای او نتیشا ماتھر نے ضلعے کی تمام گرام پنچایتوں سے وزیرِ اعلیٰ سمردّھ پنچایت راج ابھیان میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کی ہے۔ وہ گزشتہ روز ضلعی سطح کے رہنمائی ورکشاپ سے خطاب کر رہی تھیں۔
***** ***** *****
ایشیاء کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں بھارت اپنا پہلا میچ آج دبئی میں میزبان متحدہ عرب امارات کے خلاف کھیلے گا۔ میچ بھارتی وقت کے مطابق رات آٹھ بجے شروع ہوگا۔ متحدہ عرب امارات میں کل شروع ہوئے اس ٹورنامنٹ کا پہلا میچ افغانستان اور ہانگ کانگ کے درمیان کھیلا گیا۔ بھارت کا اگلا میچ آئندہ 14 تاریخ کو پاکستان کے خلاف ہو گا۔
***** ***** *****
سر سبز اور آلودگی سے پاک شہر بنانے کیلئے بیڑ کے ضلع کلکٹر ویویک جانسن نے کل شجرکاری مہم کا رسمی افتتاح کیا۔ جانسن نے شہر کے اہم راستوں‘ ڈیوائیڈرز اور قومی شاہراہوں کے دونوں اطراف بڑے پیمانے پر درخت لگانے کے عزم کا اظہار کیا۔
***** ***** *****
ناندیڑ-ہنگولی قومی شاہراہ پر کلمنوری تعلقے کے وروڑ شیوار میں پیش آئے ایک بس اور دوپہیہ کے متصادم ہونے سے پیش آئے حادثے میں دوپہیہ سوار کی موت ہو گئی۔ ڈرائیور کے بس پر سے قابو کھو دینے سے وہ موٹر سائیکل سے متصادم ہوئی اور پھر بجلی کے کھمبے سے جاٹکرائی۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ سی پی رادھا کرشنن ملک کے نائب صدرِ جمہوریہ منتخب؛ صدرِ جمہوریہ اور وزیرِ اعظم کی جانب سے مبارکباد۔
٭ ریاستی حکومت کی نمو کسان مہا سمّان اسکیم کی ساتویں قسط جمع۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن کے پانی فراہمی منصوبے کیلئے 822 کروڑ 22لاکھ روپئے فنڈ دینے کو ریاستی کابینہ کی منظوری۔
٭ مراٹھا ریزرویشن سے متعلق GR واپس لینے کیلئے چھگن بھجبل کا وزیرِ اعلیٰ کو خط‘ جبکہ جی آر واپس نہ لینے کی رادھا کرشن وِکھے پاٹل کی وضاحت۔
اور۔۔۔٭ ایشیاء کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں آج بھارت اور میزبان UAE کے مابین مقابلہ۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment