Friday, 12 September 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 12 ستمبر 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 12 September-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۲۱/ستمبر ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ سرمایہ کاری اور صنعتوں کیلئے ریاست میں ماحول سازگار: وزیرِ اعلیٰ کا بیان۔ حکومت کے مختلف کمپنیوں کے ساتھ ایک لاکھ آٹھ ہزار 599 کروڑ روپئے کے مفاہمتی قرار۔
٭ مرکزی حکومت کی جانب سے دکانداروں کو GST کی شرح میں کمی کے بعد نظرِ ثانی شدہ قیمتوں کے نوٹس بورڈ پر لگانے کے احکامات۔
٭ سی پی رادھا کرشنن آج بطورِ نائب صدرِ جمہوریہ لیں گے حلف۔
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ کے چھترپتی سمبھاجی نگر اور جالنہ کے علاوہ باقی اضلاع کیلئے آج بارش کا یلو الرٹ جاری۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ کاروبار کرنے میں آسانی کے تحت ریاست میں سرمایہ کاری اور صنعت کیلئے سازگار ماحول ہے۔ وہ کل ممبئی میں انڈیا- آسٹریلیاء فورم کی گلوبل لیڈرز میٹ اس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ یہ بتاتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت سرمایہ کاروں اور صنعت کاروں کی توقعات پر پورا اُترنے کیلئے ہمیشہ تیار ہے وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ آنے والے دنوں میں 14 شعبوں کیلئے پالیسیوں کا اعلان کیا جائے گا، جن میں سروس سیکٹر بھی شامل ہے۔
دریں اثناء" وزیرِ اعلیٰ نے آپلے سرکار پورٹل کو ٹکنالوجی دوست بنانے اور اسے 2 اکتوبر تک فعال کرنے کے احکامات دئیے ہیں۔ وہ کل ممبئی میں سمگر تنظیم کے ساتھ اس ضمن میں ایک میٹنگ کے بعد مخاطب تھے۔ انھوں نے یقین ظاہر کیا کہ سرکاری خدمات واٹس ایپ پر بھی دستیاب ہوں گی اور ہماری ریاست گڈ گورننس میں دوسری ریاستوں کے مقابلے آگے بڑھے گی۔
دریں اثناء‘ کل ممبئی میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ نے اطلاع دی کہ ریاستی حکومت نے تقریباً ایک لاکھ آٹھ ہزار 599 کروڑ روپؤں کے مفاہمتی قرار کیے ہیں۔ اس سرمایہ کاری سے تقریباً 47 ہزار ایک سو روزگار پیدا ہوں گے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ نے کہا ہے کہ حیدرآباد گزیٹیئر کا حکومتی فیصلہ او بی سی سماج کے ریزرویشن کو نقصان نہیں پہنچائے گا۔ اس سرکاری حکمنامے کیخلاف او بی سی لیڈران کے عدالت جانے کے سوال پر انھوں نے تمام لیڈروں سے حکومتی فیصلے کو دوبارہ پڑھنے کی اپیل کی۔ دریں اثناء‘ حکومت فیصلے کے شکوک دور کرنے یا اس فیصلے کو واپس لینے کا مطالبہ او بی سی لیڈر وزیر چھگن بھجبل نے کیا ہے۔ وہ کل ناسک میں نامہ نگاروں سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ یہ فیصلہ جاری کرنے کے پیچھے وزیرِ اعلیٰ کی نیت صاف ہوسکتی ہے لیکن اس سے او بی سی زمرے کو نقصان ہوسکتاہے۔
***** ***** *****
نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار نے احکامات دئیے ہیں کہ اناصاحب پاٹل معاشی ترقیاتی بورڈ کی اسکیموں کا فائدہ زیادہ سے زیادہ اہل مستفیدین کو ملے اس کی طرف دھیان دیں۔ کل منترالیہ میں مختلف بورڈ کے کاموں کا جائزہ لینے کے بعد وہ مخاطب تھے۔ انھوں نے کل ایک میٹنگ میں اَشٹ ونائیک مندر علاقے کے ترقیاتی منصوبے کے ساتھ ساتھ کھیل پالیسی کا بھی جائزہ لیا۔ پوار نے ریاست کے تمام اسپورٹس کمپلیکس کو اَپڈیٹ کرنے‘ کھلاڑیوں کو بین الاقوامی معیار کی تربیت فراہم کرنے وغیرہ کی ہدایت دی۔
***** ***** *****
اشیاء و خدمات ٹیکس GST کی شرح میں کمی کے بعد کم ہوئی قیمتوں کے بورڈ دکانوں میں لگانے کے احکامات مرکزی حکومت نے دکانداروں کو دئیے ہیں۔ تھوک اور خوردہ فروشوں کو اس طرح کے بورڈ لگانے کی ہدایت مرکزی انکم ٹیکس بورڈ نے مختلف تنظیموں کی میٹنگ میں دی۔
دریں اثناء‘ اشیاء و خدمات ٹیکس GST کونسل کی جانب سے ٹیکس نظام میں کی گئی تبدیلیاں 22 تاریخ سے نافذ ہوں گی۔ اس سلسلے میں مزید تفصیلات ہمارے نمائندے نے دی ہے۔
Voice Cast
***** ***** *****
سی پی رادھا کرشنن نے نائب صدرِ جمہوریہ منتخب ہونے کے بعد کل مہاراشٹر کے گورنر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ صدرِ جمہوریہ درَوپدی مُرمو نے گجرات کے گورنر آچاریہ دیووَرَت کو مہاراشٹر کے گورنر کے عہدے کا اضافی چارج دیا ہے۔
دریں اثناء‘ سی پی رادھاکرشنن آج نائب صدرِ جمہوریہ کے عہدے کا حلف لیں گے۔ صدرِ جمہوریہ درَوپدی مُرمو انھیں عہدے کا حلف دلائیں گی۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
چھتیس گڑھ میں کل نکسلی تشدد کے تین الگ الگ واقعات پیش آئے۔ گریابند ضلع میں سیکوریٹی فورسیز کے ساتھ تصادم میں دس نکسلی جنگجو مارے گئے۔ مرنے والوں میں ایک نکسلی تنظیم کا کمانڈر منوج بھی تھا‘ جس پر تقریباً ایک کروڑ روپئے کا انعام تھا۔ سیکوریٹی فورسیز نے کل بیجاپور ضلع کے مختلف علاقوں سے 26 نکسلیوں کو گرفتار کیا۔ ان میں سے چھ کے سرپر تقریباً 13 لاکھ روپئے کا انعام تھا۔ تیسرا استقبالیہ واقعہ نارائن پور ضلعے میں پیش آیا، جہاں 16 نکسلیوں نے پولس سپرنٹنڈنٹ کے سامنے خود سپردگی کی۔ ریاستی حکومت نے ان سبھی کو 50 ہزار روپئے کی مدد دی۔
***** ***** *****
دھاراشیو ضلع کلکٹر کیرتی کرن پجار نے کل دھاراشیو ضلعے کے تلجاپور میں شاردیہ نوراتر تہوار کی تیاریو ں کا جائزہ لیا۔ روایت کے مطابق تلجابھوانی دیوی کی منچکی ندرا 14 ستمبر کو ہوگی اور نوراتری کے دوران عقیدت مندوں کے بڑھتے ہوئے ہجوم کو مدِنظر رکھتے ہوئے 22 ستمبر کو گھٹ استھاپنا ہوگا۔
***** ***** *****
بدھ گیا کا مہابودھی بدھ وہار بودھ سماج کو دینے کے مطالبے کیلئے لاتور اور احمدپور میں کل عوامی رابطہ پروگرام منعقد کیا گیا۔ احتجاج کے سربراہ بھنتے وِن چاریہ کی خصوصی موجودگی میں لاتور شہر کے ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر چوک تا ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر پارک اس راستے پر دھمّ پرچم ریلی نکالی گئی۔ اس ریلی میں بودھ اُپاسک بڑی تعداد میں شریک تھے۔
***** ***** *****
دھاراشیو ضلعے کی تمام گرام پنچایتوں کے سرپنچ اور گرام سیوکوں سے حکومت کی وزیرِ اعلیٰ سمردھ پنچایت راج مہم کے تحت آپسی تال میل سے کام کرنے کی اپیل رکنِ اسمبلی کیلاش پاٹل نے کی۔ کل دھاراشیو میں اس ضمن میں منعقدہ کیمپ سے وہ مخاطب تھے۔ مختلف گرام پنچایتوں کو پنچایت راج مہم میں امتیازی کام کرنے پر رکنِ اسمبلی پاٹل کے ہاتھوں سرپنچ اور گرام سیوکوں کی ستائش کی گئی۔
***** ***** *****
بیڑ ضلعے میں کئی عرصے سے زیرِ التواء ریلوے خدمات آئندہ 17 ستمبر مکتی سنگرام سے شروع ہوں گی۔ اس سلسلے میں ضلع انتظامیہ کی تیاریاں جاری ہیں۔ اس کیلئے ضلع کلکٹر ویویک جانسن، اعلیٰ ریلوے افسر برجیش کمار سنگھ اور دیگر افسران نے کل بیڑ ریلوے اسٹیشن اور علاقے کا معائنہ کیا۔
***** ***** *****
وزیر اعلیٰ کے 150 دن کے پروگرام کے ایک حصے کے طور پر، کل پربھنی میں انوکمپا کی اہلیت رکھنے والے امیدواروں کیلئے سفارشی خطوط ضلع کلکٹر سنجے چوہان کے ہاتھوں تفویض کیے گئے۔ گذشتہ 2 ستمبر کو ہونے والی اس سے متعلق جانچ میں 19 امیدوار اس تقرری کیلئے اہل پائے گئے تھے۔ متعلقہ تقررات کا مجاز دفتر جلد ہی ان امیدواروں کو تقرری مکتوب جاری کرے گا۔
***** ***** *****
ناندیڑ کی سوامی رامانند تیرتھ مراٹھواڑہ یونیورسٹی اور پونے کے ایسپائر نالج اینڈ اسکلز انڈیا پرائیویٹ لمیٹڈ کے اشتراک سے ناندیڑمیں یونیورسٹی میں 13 ستمبر کو ایک روزگار میلہ کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ تقریباً پانچ ہزار تین سو طلباء نے اس میلے کیلئے رجسٹریشن کرایا ہے، اور کئی صنعتی گروپس سمیت25 سے 30 کمپنیاں اس روزگار میلے میں امیدواروں کے انتخاب کیلئے شرکت کریں گی۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے میں ’شری گنیشا آروگیاچا‘ پہل پر مؤثر طریقے سے عمل درآمد کیا گیا۔ اس اقدام کے تحت ضلع میں 246 طبّی جانچ کیمپوں میں مجموعی طور پر 20 ہزار شہریوں کی مفت طبّی جانچ کی گئی۔
***** ***** *****
ریاست کے ودربھ، مراٹھواڑہ اور مغربی مہاراشٹر کے بیشتر اضلاع میں آج بارش کا یلو الرٹ دیا گیا ہے۔ چھترپتی سمبھاجی نگر اور جالنہ کو چھوڑ کر مراٹھواڑہ کے دیگر تمام اضلاع میں بارش ہونے کی پیشن گوئی کی گئی ہے۔
***** ***** *****
بیڑ پولس نے گنیش وسرجن جلوس کے دوران شہر میں 15 ڈی جے کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے پانچ لاکھ چار ہزار روپے کا جرمانہ وصول کیا۔ یہ کارروائی عدالت ِ عظمیٰ، نیشنل گرین ٹریبونل اور ریاستی حکومت کی ہدایات پر عمل نہ کرنے کی پاداش میں کی گئی ہے۔
***** ***** *****
لاتور ضلعے کے اودگیر دیہی حدود میں اے ٹی ایم مشین کو گیس کٹر سے توڑکر نقد رقم چوری کرنے والی بین الریاستی ٹولی کو پکڑنے میں لاتور پولس کو کامیابی ملی ہے۔ مقامی کرائم برانچ محکمے کے دستے مدھیہ پردیش کے چار افراد کو اس معاملے میں گرفتار کیا ہے۔ ان ملزمین کی جانب سے بارہ لاکھ روپئے کا سامان ضبط کیا گیا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ سرمایہ کاری اور صنعتوں کیلئے ریاست میں ماحول سازگار: وزیرِ اعلیٰ کا بیان۔ حکومت کے مختلف کمپنیوں کے ساتھ ایک لاکھ آٹھ ہزار 599 کروڑ روپئے کے مفاہمتی قرار۔
٭ مرکزی حکومت کی جانب سے دکانداروں کو GST کی شرح میں کمی کے بعد نظرِ ثانی شدہ قیمتوں کے نوٹس بورڈ پر لگانے کے احکامات۔
٭ سی پی رادھا کرشنن آج بطورِ نائب صدرِ جمہوریہ لیں گے حلف۔
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ کے چھترپتی سمبھاجی نگر اور جالنہ کے علاوہ باقی اضلاع کیلئے آج بارش کا یلو الرٹ جاری۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment