Saturday, 13 September 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 13 ستمبر 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 13 September-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۱۳؍ستمبر ۲۰۲۵ء؁
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ بھارت کی علمی روایت دفاع، اختراع، تحفظ اور موافقت کے چار ستونوں پر کھڑی ہے۔ گیان بھارتم ویب سائٹ کے افتتاح کے موقعے پر وزیر اعظم کا اظہارِ خیال۔
٭ ریاست میں 34 ضلع پریشدوں کےصدر عہدوں کے ریزرویشن کا اعلان۔
٭ شدید بارشوں سے متاثرہ کسانوں کو 73 کروڑ 54 لاکھ روپے معاوضہ دینے سے متعلق سرکاری فیصلہ جاری۔
اور۔۔۔٭ چھترپتی سمبھاجی نگر میں 26 اساتذہ کو ضلعی سطح کے مثالی معلم ایو ارڈ تفو یض۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ بھارت کی علمی روایت‘ دفاع، اختراع، تحفظ اور موافقت جیسے چار ستونوں پر کھڑی ہے ۔ وزیرِ اعظم کل نئی دہلی میں ویب سائٹ ’’گیان بھارتم‘‘کے آغاز کے موقعے پر بات کر رہے تھے۔
مودی نے بتایا کہ اس تلخ حقیقت کے باوجود کہ تاریخ میں وحشیانہ حملوں سے لاکھوں مخطوطات تباہ کر دئیے گئے،تاہم‘ بھارت کے پاس اب بھی دنیا میں مخطوطات کا سب سے بڑا ذخیرہ موجود ہے۔ انہوں نے کہا...
Byte: Prime Minister Narendra Modi
خبروں میں بتایا گیا ہے کہ قدیم مخطوطات کو کمپیوٹرائزکر کے ڈیجیٹل شکل میںمحفوظ کیا جائے گا۔
***** ***** *****
ریاست میں 34 ضلع پریشدوں کے صدر کے عہدوں کے ریزرویشن کا ‘ کل اعلان کردیا گیا۔ اس کے مطابق، چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع پریشد- جنرل زمرے کیلئے، جالنہ ضلع پریشد پسماندہ زمرے کی خواتین کیلئے، بیڑ درج فہرست ذاتوں کی خواتین کیلئے، پربھنی درج فہرست ذات کے زمرے، ہنگولی پسماندہ زمرے، ناندیڑپسماندہ زمرےکی خواتین کیلئے‘جبکہ لاتور اور دھاراشیو ضلع پریشدجنرل زمرے کی خواتین کیلئے مختص کی گئی ہیں۔
***** ***** *****
ریاستی حکومت نے رواں سال جون اور اگست کے دوران غیر موسمی بارش اور موسلادھار بارشوں سے متاثرہ کسانوں کیلئے 73 کروڑ 54 لاکھ روپے کی مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔ حکومت نے اس سلسلے میں ایک سرکاری حکم نامہ کل جاری کیا۔ اس کا فائدہ 84 ہزار سے زائد کسانوں پہنچے گا اور امدادی رقم براہِ راست متاثرہ کسانوں کے بینک کھاتوں میں منتقل کی جائے گی۔
***** ***** *****
ریاستی حکومت نے کل مریکہ کے ریاست ہائے متحدہ آئیووا کے ساتھ ایک مفاہمتی معاہدے پر دستخط کیے۔ وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کی موجودگی میں اس معاہدے پر دستخط کیے گئے۔ وزیر اعلیٰ پھڑنویس نے اس خصوص میں بتایا کہ دونوں ریاستیں زراعت اور زرعی ٹیکنالوجی کے شعبوں میں مل کر کام کریں گی۔
***** ***** *****
مراٹھی زبان محکمہ آئندہ دنوں میں ایک ادبِ نوجواں کانفرنس، اد بِ اطفال کانفرنس اور ادبِ نسواں کانفرنس کا انعقاد کرے گا۔ مراٹھی زبان کے وزیر اور وزیرِ صنعت اُدئے سامنت نے کل اہلیانگر میں ایک صحافتی کانفرنس میں یہ اطلاع دی۔ سامنت نے بتایا کہ لندن میں چھترپتی شیواجی مہاراج کے نام سےمنسوب ایک عالمی مراٹھی لسانی مرکز آئندہ دو ماہ میں قائم کیا جائے گا۔ اس موقعے پر سامنت نے ریاست کی نئی صنعتی پالیسی، جواہرات اور زیورات سے متعلق پالیسی، اور نئی بانس پالیسی سمیت مختلف 12 پالیسیوں کا خاکہ بھی پیش کیا ۔
***** ***** *****
رکنِ پارلیمان رویندر چوہان نے مراٹھواڑہ میں بنجارہ یعنی لمان برادری کو حیدرآباد گزٹیئر کے مطابق درج فہرست قبائل کا درجہ دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کو ایک مطالباتی محضر پیش کیا۔ انھوں نے متعلقہ محضر نامے میں بنجارہ برادری کو تلنگانہ اور آندھرا پردیش ریاستوں میں اسی گزٹ کی بنیاد پر درج فہرست قبائل کا درجہ دئیے جانے کی طرف بھی توجہ مبذول کرائی ۔
***** ***** *****
ریاست کے خوراک‘ رسد او ر تحفظ ِ صارفین محکمے کے وزیر چھگن بھجبل نے کہا ہے کہ وہ مراٹھا ریزرویشن کے تحت تمام مراٹھوں کو او بی سی کوٹے کے تحت لانے کے فیصلے کو تسلیم نہیں کرتے ہیں۔ وہ گزشتہ روز لاتور میں صحافیوں سے بات کر رہے تھے۔
اسی دو ران ، بھجبل نے کل رینا پور تعلقے کے وانگ دری گاؤں میں خودکشی کرنے والے نوجوان بھرت مہادیو کراڑ کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی اور ان سے تعزیت کا اظہار کیا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
نیپال کی سابق چیف جسٹس سشیلا کارکی نے وزیرِاعظم کی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔ نیپال کے صدر رام چندر پَوڈیل نے کل کارکی کو عبوری وزیر اعظم کے عہدے کا حلف دلایا۔
***** ***** *****
ریاست کے سابق گورنر سی پی رادھا کرشنن نے کل نائب صدر ِ جمہوریہ کے عہدے کا حلف لیا۔ صدرِ جمہوریہ دروپدی مُرمو نے راشٹرپتی بھون میں منعقدہ ایک تقریب میں انہیں عہدے کا حلف دلایا۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میں 26 اساتذہ کو رابطہ وز یر سنجے شرساٹ کے ہاتھوں مثالی معلم کے اعزاز سے نوازا گیا۔ تقسیمِ ایو ارڈ تقریب میں بہوجن بہبود کے وزیر اتل ساوے کے علاوہ رکنِ کونسل وکرم کالے، رکنِ اسمبلی پرشانت بمب، ضلع کلکٹر دلیپ سوامی، ضلع پریشد کے سی ای او انکت اور کئی دیگر معزز شخصیات موجود تھیں۔ اس موقعے پر تعلیمی سال 2024-25 اور 2025-26کے ایوارڈز بھی معلّمین کو تفویض کیے گئے۔
***** ***** *****
اشیا اور خدمات ٹیکس-جی ایس ٹی میں اصلاحات الیکٹرانک اشیا پر ٹیکس میں بڑی تخفیف ہوگی۔ چھترپتی سمبھاجی نگر کے الیکٹرانک اشیا کے تاجر پنکج اگروال نے یقین ظاہر کیا ہے کہ آئندہ دسہرہ اور دیوالی تہوار کے دوران الیکٹرانک اشیا کی خریداری کی منصوبہ بندی کرنے والے صارفین کو اس کا بڑا فائدہ پہنچے گا۔
***** ***** *****
رکنِ اسمبلی نارائن کوچے نے کہا کہ عوامی شراکت، شفافیت اور مساوی مواقع کی بنیاد پر ہر گاؤں خود انحصار، مہذب اور ترقی یافتہ بنے گا۔ وہ کل جالنہ ضلعے کے بدناپور میں وزیر اعلیٰ سمردھ پنچایت راج ابھیان کے تحت منعقدہ ورکشاپ سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقعے پر کوچے نے مختلف ترقیاتی اُمور پر حاضرین کی رہنمائی بھی کی۔
***** ***** *****
وزیرِ اعظم نریندر مودی کے یوم پیدائش کی مناسبت سے ناندیڑ ضلعے میں عوامی مقامات پر صفائی، صفائی دوست تحفظ کیمپ، ماحول دوست اور صفر کچرا جیسی سرگرمیاں چلائی جائیں گی۔ اس دوران، ناندیڑ انتظامیہ نے خصوصی گرام سبھا منعقد کرکے صاف ستھرا گاؤں کا اعلان کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔
***** ***** *****
ازبکستان میں جاری FIDE گرینڈ سوئس شطرنج چیمپئن شپ میں خواتین کی عالمی چیمپئن دیویا دیشمکھ کووائلڈ کارڈ کے ذریعے داخلہ دیا گیا ہے اور کل ان کا گرینڈ ماسٹر ڈی گوکیش کے ساتھ تقریباً چھ گھنٹے تک جاری رہنے والا میچ برابری پر ختم ہوا۔ دیویا دیشمکھ کو فی الحال گوکیش سے آدھے پوائنٹ کی سبقت حاصل ہے۔
***** ***** *****
بھارت کے لکشیے سین اور ساتوک سائی راج رینکی ریڈی اور چراغ شیٹی ہانگ کانگ اوپن بیڈمنٹن ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں داخل ہو گئے ہیں۔ ساتوک سائی راج اور چراغ کی جوڑی کا آج صبح چینی تائپے کی جوڑی سے مقابلہ ہوگا۔ اسی طرح لکشیے سین کا مقابلہ مردوں کے سنگلز کے سیمی فائنل میں چینی تائپے کے کھلاڑی سے ہوگا۔
***** ***** *****
دھاراشیو ضلع صحافی تنظیم کی جانب سے آج سے دو روزہ دھاراشیو فیسٹیول کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ اس اوّلین فیسٹیول میں مدعو شاعروں کا ریاستی سطح کا مشاعرہ اور بھوپالی سے لے کر بھیروی تک مراٹھی لوک فنون پیش کیے جائیں گے۔ یہ پروگرام دھاراشیو نگر پریشد کے چھترپتی شیواجی مہاراج ناٹیہ گرہ میں شام چھ بجے منعقد ہوں گے۔
***** ***** *****
ہنگولی ضلعے میں بادل پھٹنے جیسی بارش کی وجہ سے تعلقہ کے کئی دیہاتوں سے رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔ اسی دوران ‘ کل گُنڈہ گاؤں کے قریب ایک ندی میں دو خواتین کے بہہ جانے کی اطلاع ہے۔
***** ***** *****
پربھنی ضلعے میں کل گھن گرج کے ساتھ زوردار بارش ہوئی۔ اس بارش سے زرعی فصلوں کو نقصان پہنچا ہے۔ چھترپتی سمبھاجی نگر علاقے میں بھی کل موسم ابر آلود رہاجبکہ کچھ علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی۔
***** ***** *****
ریاست میں آج ودربھ، مراٹھواڑہ اور مغربی مہاراشٹر کے کچھ اضلاع میں بارش کا یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ مراٹھواڑہ کے ناندیڑ اور لاتور اضلاع کےلئے آرینج الرٹ جبکہ پربھنی، ہنگولی، دھاراشیو اور بیڑ اضلاع کیلئےمحکمۂ موسمیات نے یلو الرٹ جاری کیا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ بھارت کی علمی روایت دفاع، اختراع، تحفظ اور موافقت کے چار ستونوں پر کھڑی ہے۔ گیان بھارتم ویب سائٹ کے افتتاح کے موقعے پر وزیر اعظم کا اظہارِ خیال۔
٭ ریاست میں 34 ضلع پریشدوں کےصدر عہدوں کے ریزرویشن کا اعلان۔
٭ شدید بارشوں سے متاثرہ کسانوں کو 73 کروڑ 54 لاکھ روپے معاوضہ دینے سے متعلق سرکاری فیصلہ جاری۔
اور۔۔۔٭ چھترپتی سمبھاجی نگر میں 26 اساتذہ کو ضلعی سطح کے مثالی معلم ایو ارڈ تفو یض۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment