Sunday, 21 September 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 21 ستمبر 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 21 September-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۱۲/ستمبر ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ دیگر ممالک پر انحصار ہمارا سب سے بڑا دشمن ہے: وزیرِ اعظم کا بیان۔
٭ ایس ٹی کارپوریشن میں 17 ہزار پانچ سو ڈرائیور اور کنڈکٹروں کی کانٹریکٹ بنیاد پر ہوگی بھرتی۔
٭ ریاست میں شدید بارش سے متاثر کوئی بھی کسان معاوضے سے نہیں رہے گا محروم: وزیرِ زراعت کا تیقن۔
٭ سوامی رامانند تیرتھ مراٹھواڑہ یونیورسٹی کی 28 ویں تقسیمِ اسناد تقریب میں 19 ہزار سے زیادہ گریجویٹس کو ڈگریاں تفویض۔
اور۔۔۔٭ ایشیاء کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے سپر فور میں آج بھارت- پاکستان مقابلہ۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ دوسرے ممالک پر انحصار ہمارا سب سے بڑا دشمن ہے۔ وہ کل گجرات کے بھاؤ نگر میں ”سمندر سے ترقی تک“ نامی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقعے پر انھوں نے ممبئی میں بین الاقوامی کروز ٹرمینل سمیت 34 ہزار 200 کروڑ روپئے کے ترقیاتی کاموں کا افتتاح کیا۔ وزیرِ اعظم نے ایک ویڈیو کانفرنس کے ذریعے بندرگاہوں اور جہاز رانی کی وزارت کو 88 ہزار کروڑ روپئے کے 21مفاہمت نامے سونپے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ اگر بھارت آزادی کے سو سال یعنی 2047 تک ترقی کرنا چاہتا ہے تو اس کے پاس خودانحصاری کے سوا کوئی چارہ نہیں۔ انھوں نے کہا:
Byte: Prime Minister Narendra Modi
***** ***** *****
وزیرِ ریلوے اشونی ویشنو نے کہا ہے کہ ممبئی- احمدآباد بلٹ ٹرین کا پہلا مرحلہ 2027 میں شروع ہوگا۔ وہ کل گھنسولی تا شل پھاٹہ سرنگ توسیع کے افتتاح کے بعد مخاطب تھے۔ اس منصوبے کا تھانے ضلعے کا مرحلہ 2028 تک مکمل ہوجائے گا اور اس کے بعد باندرہ- کُرلا کمپلیکس کا مرحلہ شروع ہوگا۔ ویشنو نے کہا کہ کام کا معائنہ کرنے کیلئے جاپان سے آئی ایک ماہر ٹیم نے کام کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعظم نریندر مودی کی قیادت والی حکومت خدمت اور بہتر حکمرانی کے نعرے کے ذریعے تبدیلی اور ترقی لانے کیلئے انتھک محنت کررہی ہے۔ سیوا پَرو آج کے ایپی سوڈ میں آئیے حکومت کی طرف سے لائے گئے UPI انقلاب کے بارے میں جانتے ہیں۔
Voice Cast
***** ***** *****
ایس ٹی کارپوریشن مستقبل میں نئی آنے والی آٹھ ہزار بسوں کیلئے 17 ہزار 450 ڈرائیورس اور کنڈکٹرس عہدوں کیلئے بھرتی کا عمل شروع ہوگا۔ آئندہ دو اکتوبر سے ٹینڈر کا عمل شروع ہونے کی اطلاع وزیرِ ٹرانسپورٹ اور ایس ٹی کارپوریشن کے چیئرمین پرتاپ سرنائیک نے دی۔ وہ کل ممبئی میں مخاطب تھے۔ ان عہدوں کیلئے 30 ہزار روپئے تنخواہ ہوگی۔
***** ***** *****
فلمی دنیا کا باوقار دادا صاحب پھالکے ایوارڈ جنوبی ہند کے سینئر اداکار موہن لال کو ظاہر کیا گیا ہے۔ یہ اعلان کل کیا گیا۔ سال 2023 کا یہ ایوارڈ موہن لال کو 23 تاریخ کو منعقد ہونے والی 71 ویں نیشنل فلم ایوارڈز تقریب میں تفویض کیا جائے گا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
ریاست کے وزیرِ زراعت دتاتریہ بھرنے‘ نے یقین دلایا کہ کوئی بھی کسان شدید بارش سے ہوئے نقصان کے معاوضے سے محروم نہیں رہے گا۔ وہ کل آکولہ میں مخاطب تھے۔ انھوں نے بتایا کہ ریاست میں اب تک شدید بارشوں کی وجہ سے 63 لاکھ 51 ہزار 520 ہیکٹر اراضی کو نقصان پہنچا ہے۔ بھرنے‘ نے کہا کہ شدید بارشوں سے متاثرہ کسانوں کیلئے منظور شدہ فنڈز اگلے ہفتے سے ان کے کھاتوں میں جمع کردئیے جائیں گے۔
دریں اثناء‘ شیوسینا اُدّھو بالا صاحب ٹھاکرے گروپ کے عہدیداروں نے کل ہنگولی- واشم شاہراہ پر بھرنے کے قافلے کو روک کر سیاہ جھنڈے دکھائے۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ ریاست میں گیلا قحط ظاہر کیا جائے۔
***** ***** *****
قدرتی آفات سے متاثرہ علاقے کی سو فیصد نقصان بھرپائی ملنے والا ناندیڑ ریاست کا پہلا ضلع بن گیا ہے۔ حکومت نے تیسرے مرحلے میں ناندیڑ کیلئے 553 کروڑ 48 لاکھ 62 ہزار روپئے فنڈ منظور کیا ہے، جبکہ خستہ حال اور گال سے لیس زمینوں کیلئے 20 کروڑ 81لاکھ روپئے کا فنڈ فراہم کیا جائے گا۔ منظور شدہ رقم کل سے کسانوں کے بینک کھاتوں میں براہِ راست جمع ہونا شروع ہوجائے گی۔
***** ***** *****
وزیرِ اعظم نریندر مودی کی زندگی پر مبنی چلو جیتے ہیں فلم فی الحال سینما گھروں میں دکھائی جارہی ہے۔ چھترپتی سمبھاجی نگر کے ریلائنس آئناکس میں یہ فلم دیکھنے کیلئے لوگوں نے بھیڑ لگادی تھی۔ ان میں سے ایک منوج ویدیہ نامی شائق نے اپنے تاثرات کچھ اس طرح بیان کیے۔
Byte: Manoj Vaidya
***** ***** *****
اعلیٰ و تکنیکی تعلیم کے وزیر چندر کانت پاٹل نے کہا ہے کہ حکومت نے مختلف اسکیموں کے ذریعے نئی نسل کیلئے مواقع کے دروازے کھولے ہیں۔ وہ کل ناندیڑ میں سوامی رامانند تیرتھ مراٹھواڑہ یونیورسٹی کے 28 ویں تقسیمِ اسناد پروگرام میں مخاطب تھے۔ انھوں نے کہا کہ طلبہ میں سنجیدگی، ذمہ داری اور ماحول سے متعلق عقیدت ضروری ہے۔ وائس چانسلر ڈاکٹر منوہر چاسکر اس پروگرام کے صدر تھے۔ اس موقعے پر 19 ہزار 400 ڈگریاں تفویض کی گئیں۔
***** ***** *****
ایشیاء کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے سپرفور میں آج بھارت- پاکستان مقابلہ ہوگا۔ دبئی میں کھیلے جانے والے اس مقابلے کی شروعات بھارتی وقت کے مطابق رات آٹھ بجے ہوگی۔
***** ***** *****
خواتین کی کرکٹ میں آسٹریلیا اور بھارت کے مابین جاری یک روزہ میچز کی سیریز میں آسٹریلیا نے تیسرا میچ جیت کر سیریز دو- ایک سے جیت لی۔ بھارتی بلے باز اسمرتی مندھانا کو سیریز کی بہترین کھلاڑی کے اعزازسے نوازا گیا۔
***** ***** *****
بزرگ تاریخ داں ڈاکٹر واسو دیو ملاٹے کو بھگوان راؤ لومٹے میمورئیل ایوارڈ دیا گیا۔ امبہ جوگائی میں ہوئے پروگرام میں ساہتیہ پریشد کے صدر ڈاکٹر راؤ صاحب کسبے نے ملاٹے کو یہ ایوارڈ تفویض کیا۔ یہ ایوارڈ سپاسنامہ، مومنٹو اور 25ہزار روپئے نقد پر مشتمل ہے۔
***** ***** *****
ناندیڑ ضلع کے بھوکر شہری میں کل صبح زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوئے۔ ریختر پیماء پر ان جھٹکوں کی شدت ایک اعشاریہ ایک درج کی گئی۔ بھوکر تعلقے کے پانڈورنا گاؤں میں گذشتہ کچھ دنوں سے زمین سے پُراسرار آوازیں آرہی ہیں۔
***** ***** *****
لاتور میں ایک چار پہیہ کے شیشے توڑ کر تقریباً 30 لاکھ روپئے چوری کرنے کا واقعہ پیش آیا۔ اوسا روڈ پر واقع ICICI بینک کے سامنے پیش آیا یہ واقعہ سی سی ٹی وی کیمرے میں قید ہوگیا۔ پولس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور ملزمین کی تلاش جاری ہے۔
***** ***** *****
ڈویژن میں ہر طرف بارش کا سلسلہ جاری ہے اور آبی منصوبوں میں پانی کی سطح میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ جس کی وجہ سے کئی پشتوں سے بڑی مقدار میں پانی خارج کیا جا رہا ہے، اور ندیوں کے کنارے واقع دیہات کے ساکنان کو خبردار رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے میں جائیکواڑی آبی پشتہ بھی 98 اعشاریہ 62 فیصد بھرا ہوا ہے۔
***** ***** *****
موسم
کوکن، مغربی مہاراشٹر اور خاندیش کے کچھ اضلاع کو چھوڑ کر آج ریاست کے تمام اضلاع میں بارش کا یلوالرٹ جاری کیا گیا ہے۔ مراٹھواڑہ کے تمام اضلاع میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیشن گوئی کی گئی ہے۔
***** ***** *****
تلجاپور کے مرکزی بس اسٹینڈ کو شری تلجا بھوانی بس اسٹینڈ، جبکہ تزئین شدہ قدیم بس اسٹینڈ کو چھترپتی سمبھاجی مہاراج بس اسٹینڈ نام دیا گیا ہے۔ کل سے شروع ہونے والے نوراتری تہوار کے ضمن میں نئی پچاس لال پری بسیں کل سے مختلف راستوں پر روزانہ دو سو راؤنڈ کریں گی۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ دیگر ممالک پر انحصار ہمارا سب سے بڑا دشمن ہے: وزیرِ اعظم کا بیان۔
٭ ایس ٹی کارپوریشن میں 17 ہزار پانچ سو ڈرائیور اور کنڈکٹروں کی کانٹریکٹ بنیاد پر ہوگی بھرتی۔
٭ ریاست میں شدید بارش سے متاثر کوئی بھی کسان معاوضے سے نہیں رہے گا محروم: وزیرِ زراعت کا تیقن۔
٭ سوامی رامانند تیرتھ مراٹھواڑہ یونیورسٹی کی 28 ویں تقسیمِ اسناد تقریب میں 19 ہزار سے زیادہ گریجویٹس کو ڈگریاں تفویض۔
اور۔۔۔٭ ایشیاء کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے سپر فور میں آج بھارت- پاکستان مقابلہ۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment