Saturday, 25 October 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 25 اکتوبر 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 25 October-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۵۲/اکتوبر ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ سرکاری ملازمت‘ ملک کی خدمت کیلئے فعال کردار ادا کرنے کا موقع؛ 17 ویں روزگار میلے میں وزیرِ اعظم کا اظہارِ خیال؛ ملک بھر میں 51 ہزار نوجوانوں میں سرکاری نوکریوں کے تقرر نامے تقسیم۔
٭ ضمانتی نرخ سے کم قیمت پر زرعی اشیاء فروخت نہ کریں: وزیرِ اعلیٰ کی کپاس اور سویا بین کے کاشتکاروں کو تاکید؛ سرکاری نظام کے تحت مکمل خریداری کی یقین دہانی۔
٭ اس بار کا ”دَکشتا جن جاگرتی سپتاہ“ 27 اکتوبر تا 2 نومبر کے درمیان منایا جائے گا۔
اور۔۔۔٭ بھارت اور آسٹریلیاء کے مابین تیسرا ایک روزہ کرکٹ میچ آج۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
و زیرِ اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ سرکاری ملازمت صرف نوکری نہیں بلکہ ملک کی خدمت میں فعال کردار ادا کرنے کا ایک موقع ہے۔ 17 ویں روزگار میلے میں ملک بھر کے 51ہزار سے زائد نوجوانوں میں تقرر نامے تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر اپنے ویڈیو پیغام میں وزیرِ اعظم نے ملازمتیں حاصل کرنے والے نوجوانوں کو ترغیب دی کہ وہ مستقبل کے بھارت کیلئے ایمانداری سے کام کریں۔ انھوں نے کہا:
Byte: Prime Minister Narendra Modi
نریندر مودی نے بتایا کہ ملک بھر میں اب تک روزگار میلے کے ذریعے 11 لاکھ تقرریاں کی جاچکی ہیں۔
ناگپور میں نتن گڈکری کی موجودگی میں‘ ممبئی میں وزیرِ تجارت پیوش گوئل اور پونامیں مرکزی مملکتی وزیر مرلی دھر موہوڑ کی موجودگی میں نوکری پانے والے افراد کو تقرر نامے تفویض کیے گئے۔
***** ***** *****
گورنر آچاریہ دیو وَرَت نے کہا ہے کہ آئندہ نسلوں کو صحت مند بنانے کیلئے قدرتی کاشتکاری ضروری ہے۔ وہ کل ممبئی میں قدرتی کاشتکاری کے موضوع پر منعقدہ ایک سیمینار سے خطاب کررہے تھے۔ اسی دوران‘ ”مودیز مشن“ کے نا م سے وزیرِ اعظم نریندر مودی کی سوانح حیات کا اجراء بھی کل ممبئی میں گورنر کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ معروف قانون داں برجس دیسائی نے یہ کتاب لکھی ہے۔
***** ***** *****
ریاستی حکومت نے حکم جاری کیا ہے کہ بنگلہ دیشی غیر قانونی شہریوں کی بلیک لسٹ تیار کرکے اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ یہ شہری سرکاری اسکیموں سے فائدہ نہ اٹھا سکیں۔ جن پونے تیرہ سو غیر قانونی بنگلہ دیشیوں کے خلاف انسدادِ دہشت گردی اسکواڈ نے مقدمہ درج کیا ہے ان کے پاس اگر کوئی بھی دستاویزات موجود بھی ہوں تو انھیں منسوخ کرنے کا حکم بھی ریاستی حکومت نے جاری کیا۔ اس حکمنامے میں مزید کہا گیا ہے کہ راشن کارڈ جاری کرتے وقت دستاویزات کی باریک بینی سے جانچ کی جائے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ کپاس اور سویا بین کے کاشتکار ضمانتی نرخ سے کم قیمت پر اپنا مال فروخت نہ کریں۔ کل ممبئی میں اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے یقین دہانی کروائی کہ مرکز اور ریاستی حکومت کے خریداری مراکز پر کسانوں کی فصلیں مکمل طور پر خریدی جائیں گی۔ انھوں نے مزید کہا کہ ریاستی حکومت یہ خریداری مراکز شروع کررہی ہے جس کیلئے رجسٹریشن کے عمل کا 30 اکتوبر سے ہوگا۔ جس کے بعد تمام کسانوں کی اشیاء مکمل طور پر خریدی جائیں گی۔
***** ***** *****
ملک میں بہت جلد امدادِ باہمی کے اُصولوں پر کام کرنے والی ”بھارت ٹیکسی“ خدمات شروع کی جائیں گی۔ اس منصوبے کا آزمائشی مرحلہ ابتداء میں دہلی، مہاراشٹر، گجرات اور اُترپردیش میں شروع کیاجائے گا اور بعد میں اسے ملک بھر میں وسعت دی جائیگی۔ یہ ملک بھر میں اپنی نوعیت کی پہلی کوآپریٹیو ٹیکسی خدمات ہوں گی۔
***** ***** *****
بدعنوانیوں کے خلاف بیداری پیدا کرنے کی غرض سے ہر برس سردار ولبھ بھائی پٹیل کے یومِ پیدائش 31 اکتوبر سے ”دَکشتا جن جاگرتی سپتاہ“ یعنی چوکسی عوام بیداری ہفتہ منایا جاتا ہے۔ اس برس 27 اکتوبر تا 2 نومبر 2025 کے دوران منعقد ہونے والے اس ہفتے میں ریاست بھر میں مختلف پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔ اس بار کے ہفتے کا نعرہ ”چوکسی ہماری اجتماعی ذمہ داری“ ہوگا۔
***** ***** *****
نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار آج صبح ناندیڑ ضلع کے دورے پر پہنچ رہے ہیں۔ اپنے دورے کے دوران وہ عمری اور دیگلور تعلقوں میں پارٹی کارکنوں کے اجتماعات میں شرکت کریں گے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
موسمیاتی تغیر کے پیشِ نظر گذشتہ چند برسوں کی طرح ملک میں سردی کی لہر کے امکان کے پیشِ نظر رکھتے ہوئے پیشگی تیاری کرنے کی ہدایت قومی انسانی حقوق کمیشن نے دی ہے۔ 19 ریاستی حکومتوں اور چار مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں کو یہ ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ کمیشن نے بتایا کہ 2019 تا 2023 کے دوران سرد لہر کے باعث 631 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
***** ***** *****
آندھرا پردیش کے کُرنول ضلع میں کل صبح ایک خانگی بس کو آگ لگ جانے سے 20مسافر ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ حیدرآباد سے بنگلورو جانے والی اس بس میں 40 مسافر سوار تھے۔ مہلوکین کے ورثاء کو وزیرِ اعظم امدادی فنڈ سے دو۔ دو لاکھ روپئے اور زخمیوں کو فی کس 50ہزار روپئے امداد دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
عالمی پولیو دن کل منایا گیا۔ مرکزی وزیرِ صحت اور خاندانی بہبود جے پی نڈا نے کہا کہ بے لوث طبّی کارکنوں کی انتھک کوششوں کی بدولت ملک سے پولیو کا خاتمہ ممکن ہوسکا ہے۔ اس موقع پر انھوں نے تلقین کی کہ ہر بچے کو بروقت ویکسینیشن کریں اور صحت مند و پولیو سے پاک بھارت بنانے کیلئے مشترکہ طور پر کوشش کریں۔
***** ***** *****
قومی حیاتیاتی تنوع انتظامیہ نے مہاراشٹر اور اُتر پردیش حیاتیاتی تنوع کی بقاء کیلئے ایک کروڑ 36 لاکھ روپئے منظور کیے ہیں۔ اس میں ریاست کے ساتارا ض لع کے ساکھر واڑی اور پونا ضلع کے کونجیر واڑی میں اس خصوص میں انتظامی کمیٹیوں کو 45 لاکھ 50 ہزار روپئے کے فنڈ ملیں گے۔
***** ***** *****
دھاراشیو ضلع میں پربھات کوآپریٹیو سوسائٹی کی تیر شاخ کی نئی عمارت کا سنگ ِ بنیاد راجستھان کے گورنر ہری بھاؤ باگڑے کے ہاتھوں رکھا گیا۔ اس موقع پر انھوں نے کہا کہ امدادِ باہمی شعبے کے کارکنوں کو ہمیشہ مستعد رہنا چاہیے۔ اس موقع پر رکنِ اسمبلی رانا جگجیت سنگھ پاٹل بھی موجود تھے۔
***** ***** *****
ریاستی وزیر برائے امدادِ باہمی بابا صاحب پاٹل نے کہا ہے کہ امدادِ باہمی سے ترقی اور خوشحالی حاصل کی جاسکتی ہے۔ وہ کل ناندیڑ میں بھاؤ راؤ چوہان کوآپریٹیو شوگر فیکٹری کے 30 ویں کشید ہنگام کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ اس کارخانے کا تین دہائیوں پر مشتمل سفر‘ کسانوں کی محنت‘ کوآپریٹیو طاقت اور اجتماعی ترقی کے عزم کی کہانی ہے۔
***** ***** *****
راشٹریہ سویم سیوک سنگھ آر ایس ایس پر پابندی عائد کیے جانے کے مطالبے پر کل ونچت بہوجن آگھاڑی کی جانب سے چھترپتی سمبھاجی نگر میں جن آکروش مورچہ نکالا گیا۔ اس موقع پر پارٹی کی جانب سے اپنے کارکنوں پر درج مقدمات واپس لینے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔ ونچت آگھاڑی کے رہنماء سجات امبیڈکر سمیت کئی کارکنوں نے اس جلوس میں شرکت کی۔
***** ***** *****
بھارت اور آسٹریلیاء کے مابین جاری تین ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچوں کی سیریز کا تیسرا اور آخری میچ آج سڈنی میں کھیلا جارہا ہے۔ آسٹریلیاء نے ٹاس جیت کر پہلے بلّے بازی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ آخری خبریں آنے تک آسٹریلیاء نے ایک اعشاریہ چار اوور میں کوئی رن نہیں بنایا۔ آسٹریلیاء پہلے دو میچوں میں فتح حاصل کرکے پہلے ہی یہ سیریز جیت چکا ہے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر شہر اور ضلع بھر میں کل ہلکی بارش ہوئی۔ آئندہ دو دنوں میں مراٹھواڑہ اور ودربھ کے چند مقامات پر بارش کی پیشگوئی دفتر ِ موسمیات نے کی ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ سرکاری ملازمت‘ ملک کی خدمت کیلئے فعال کردار ادا کرنے کا موقع؛ 17 ویں روزگار میلے میں وزیرِ اعظم کا اظہارِ خیال؛ ملک بھر میں 51 ہزار نوجوانوں میں سرکاری نوکریوں کے تقرر نامے تقسیم۔
٭ ضمانتی نرخ سے کم قیمت پر زرعی اشیاء فروخت نہ کریں: وزیرِ اعلیٰ کی کپاس اور سویا بین کے کاشتکاروں کو تاکید؛ سرکاری نظام کے تحت مکمل خریداری کی یقین دہانی۔
٭ اس بار کا ”دَکشتا جن جاگرتی سپتاہ“ 27 اکتوبر تا 2 نومبر کے درمیان منایا جائے گا۔
اور۔۔۔٭ بھارت اور آسٹریلیاء کے مابین تیسرا ایک روزہ کرکٹ میچ آج۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment