Monday, 27 October 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 27 اکتوبر 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 27 October-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۷۲/اکتوبر ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ GST کے رواں بچت میلے کے باعث شہریوں میں جوش و خروش: وزیرِ اعظم نریندر مودی کا ”من کی بات“ میں اظہارِ خیال۔
٭ مرکزی وزیرِ داخلہ امیت شاہ ممبئی دورے پر؛ اِنڈیا میری ٹائم ویک کانفرنس کا افتتاح۔
٭ ڈاکٹر سمپدا منڈے کی موت کے معاملے میں کارروائی کا وزیرِ اعلیٰ کا تیقن؛ ایس آئی ٹی کے ذریعے تحقیقات کا مطالبہ۔
٭ قومی سائنس ایوارڈز کا اعلان؛ ڈاکٹر جینت نارَڑِیکر کو بعد از مرگ وِگیان رَتن ایوارڈ۔
اور۔۔۔٭ خواتین عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں بارش کے باعث بھارت- بنگلہ دیش مقابلہ منسوخ۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ فی الحال جاری جی ایس ٹی بچت میلہ جاری ہے جس سے شہریوں میں جوش و خروش پیدا ہوگیا ہے۔ آکاشوانی پر ”من کی بات“ پروگرام کے تحت وہ ملک کی عوام سے گفتگو کررہے تھے۔ یہ اس سلسلے کی 127 ویں قسط تھی۔ انھوں نے کہا کہ اس بار کے تہواروں کے موسم میں ملک میں تیار کردہ مصنوعات کی فروخت میں بڑا اضافہ ہوا ہے۔ انھوں نے ملک کی عوام کو چھٹ پوجا کی مبارکباد دی۔ آئندہ 31 اکتوبر کو مردِ آہن سردار پٹیل کی سالگرہ کا ذکر کرتے ہوئے مودی نے ان کے کارہائے نمایاں کا بھی تذکرہ کیا۔ سنسکرت زبان کی اہمیت اور اس کے تحفظ کیلئے جاری کوششوں کی تفصیلات سے وزیرِ اعظم نے آگاہ کیا اور اس سلسلے میں نوجوانوں کی جانب سے کی جارہی کوششوں پر اظہارِ مسرت کیا۔ انھوں نے رابندر ناتھ ٹیگور کے گیت وندے ماترم کے 7 نومبر کو ڈیڑھ سو برس مکمل ہونے کا بھی ذکر کیا۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ آپریشن سندور کے باعث ہر شہری فخر محسوس کررہاہے اور نکسلائٹس مخالف کارروائیوں کے باعث اس بار کے تہواروں میں خوشی کے چراغ جل اٹھے۔ نکسل اِزم کو مکمل طورپر ختم کرنے کے اپنے عزم کا بھی انھوں نے اعادہ کیا۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ ہندوستانی نسل کے کتے اپنے اطراف کے حالات کے ساتھ بہ آسانی ہم آہنگ ہوجاتے ہیں۔ اس لیے انھوں نے عوام اور مسلح افواج کو بھارتی نسل کے کتے پالنے کی اپیل کی۔ اس پر سرحدی حفاظتی دستوں اور مرکزی نیم فوجی دستوں نے اپنے اسکواڈ میں بھارتی نسل کے کتوں کی تعداد بڑھائی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ بارڈر سیکوریٹی فورس نے کتوں کو بھارتی نام دینے کی روایت شروع کی ہے۔ مہاراشٹر اور کرناٹک کے مودھوڑ اور اُترپردیش کے رام پور ہاؤنڈ نسل کے کتوں ں کو تربیت دی جارہی ہے۔
***** ***** *****
مرکزی وزیرِ داخلہ امیت شاہ آج ممبئی کے دورے پر ہیں۔ کل شب وہ ممبئی ایئرپورٹ پہنچے۔ مرکزی وزیرِ مملکت مرلی دھر موہوڑ، پروٹوکول کے وزیر جئے کمار راول سمیت دیگر اہم شخصیات نے ان کا استقبال کیا۔ آج ممبئی میں ”انڈیا میری ٹائم ویک“ کے عنوان سے پانچ روزہ کانفرنس کا امیت شاہ کے ہاتھوں افتتاح عمل میں آرہا ہے۔ مہاراشٹر، گجرات، گوا اور اڑیسہ کے وزرائے اعلیٰ بھی اس کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ گہرے سمندر میں ماہی گیری کیلئے خصوصی کشتیوں کی حوالگی آج مازگاؤں ڈاک پر امیت شاہ کے ہاتھوں عمل میں آئیگی۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ حکومت کا ہدف ماندیش کو سرسبز و شاداب بنانا ہے۔ کل پھلٹن میں نیرادیوگھر پروجیکٹ کی دائیں مرکزی نہر کے دوسرے مرحلے کے آغاز کے ساتھ ایک ہزار 352 کروڑ روپئے کے مختلف ترقیاتی کاموں کا سنگ ِ بنیاد اور افتتاح کی تقریب سے وہ خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ نے ڈاکٹر سمپدا منڈے کی خودکشی پر غم کااظہار کرتے ہوئے تیقن دیا کہ ان کی موت کے ذمہ داروں کو سزا دلوائی جائیگی۔
***** ***** *****
دریں اثناء‘ بیڑ کے کوڑ گاؤں کی رہائشی ڈاکٹر سمپدا منڈے کے خاندان کے افراد سے وزیرِ ماحولیات پنکجا منڈے نے ملاقات کرکے اظہارِ تعزیت کیا۔ انھوں نے ڈاکٹر سمپدا کی موت کو اذیت ناک قرار دیتے ہوئے یقین دلایا کہ انھیں انصاف دلانے کیلئے وزیرِاعلیٰ سے پیروی کی جائیگی۔
رکنِ اسمبلی سریش دھس اور دھننجئے منڈے نے بھی کل سمپدا منڈے کے افرادِ خاندان سے علیحدہ علیحدہ اظہارِ تعزیت کیا۔ انھوں نے کہا کہ ڈاکٹر سمپدا کی موت مشکوک ہے اور اس معاملہ کی تحقیقات کیلئے سینئر آئی پی ایس درجے کی خاتون پولس افسر کی زیرِ قیادت ایس آئی ٹی تشکیل دینے کا مطالبہ وزیرِ اعلیٰ سے کیا جائے گا۔ اس معاملے میں خاطیوں کو سزائے موت دینے کا مطالبہ ڈاکٹر سمپدا کے والد نے کیا ہے۔
***** ***** *****
سائنس کے شعبے میں نمایاں کارکردگی کیلئے دئیے جانے والے قومی سائنس ایوارڈز کا کل اعلان کردیا گیا۔ ڈاکٹر جینت نارڑیکر کو بعد از مرگ وگیان رَتن ایوارڈ دیا جائے گا۔ اس بار کے وِگیان شری ایوارڈ کیلئے آٹھ سائنسدانوں کو منتخب کیا گیا ہے۔ وگیان یوا زمرے کیلئے 14 نوجوان سائنسدانوں کے ناموں کا اعلان کیا گیا‘ جبکہ زرعی سائنس میں نمایاں کارکردگی کیلئے ٹیم ایوارڈ، ٹیم اورمامشن (سی ایس آئی آر) کو دیا جائے گا۔ ناگپور کے نیشنل انوائرنمنٹل ریسرچ انسٹیٹیوٹ ”نیری“ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ایس وینکٹ موہن کو اس سال وِگیان شری ایوارڈ کیلئے منتخب کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
ایمرجنسی کی پچاسویں سالگرہ کے موقع پر مراٹھی روزنامہ مراٹھواڑہ کے اس وقت کے تین صحافیوں گوپال ساکریکر، نیلو داملے اور اروند ویدیہ کو اننت بھالے راؤ ٹرسٹ کی جانب سے ایوارڈ دیا جائے گا۔ یہ ایوارڈ نقد رقم، اعزازی نشان اور سپاسنامے پر مشتمل ہوگا۔ 9 نومبر کو چھترپتی سمبھاجی نگر میں سبکدوش جج سنیل دیشمکھ کے ہاتھوں انھیں ایوارڈ دیا جائے گا۔ اس موقع پر ”ایمرجنسی: کل آج اور کل“ کے عنواان پر ونود شرساٹ کا لیکچر بھی ہوگا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
بھارت کا واحد پدم میلہ اس برس 5 تا 7 نومبرکے دوران چھترپتی سمبھاجی نگر کے ایکناتھ رنگ مندر میں منعقد ہوگا۔ اس بار 12پدم اعزاز یافتہ شخصیات اس میلے میں شرکت کریں گی۔ اس میلے کا یہ چوتھا برس ہے۔
***** ***** *****
کھیلوں کے وزیر مانک راؤ کوکاٹے نے ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی میں اسپورٹس اتھاریٹی آف انڈیا کے مرکز کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر اور این سی او ای چھترپتی سمبھاجی نگر سینٹر کی سربراہ ڈاکٹر مونیکا گھوگے کے ساتھ ملاقات کی۔ اس ملاقات میں مہاراشٹر میں کھیلوں کے ڈھانچے کو مستحکم بنانے اور کھلاڑیوں اور کوچز کی حوصلہ افزائی‘ بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور گراس روٹ لیول پر کھلاڑیوں کو ترغیب دینے کیلئے ریاستی اور قومی منصوبوں کو مؤثر طریقے سے نافذ کرنے پر تبادلہئ خیال ہوا۔
***** ***** *****
پربھنی ضلع پنچایت کی چیف ایگزیکٹیو افسر نتیشا ماتھر نے جل جیون مشن اسکیم کے تحت پربھنی تعلقے کی گرام پنچایت لوہ گاؤں‘ مانڈا کھڑی اور برہمن گاؤں کی گرام پنچایتوں کا دورہ کرکے آبرسانی نظام کا معائنہ کیا اور وہاں کے شہریوں سے بات چیت کرکے ان کے مسائل کو جاننے کی کوشش کی۔ بعد ازاں انھوں نے متعلقہ افراد کو ہدایات بھی جاری کیں۔
***** ***** *****
امدادِ باہمی کے وزیر بابا صاحب پاٹل نے کہا ہے کہ آنے والے مقامی خود مختار اداروں کے انتخابات نیشنلسٹ کانگریس پارٹی بھرپور طاقت سے لڑے گی۔ چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے کے رابطہ وزیر کی حیثیت سے مقرر کیے جانے کے بعد پاٹل نے کل پارٹی کارکنوں کے ساتھ پارٹی دفتر میں ملاقات کی اور ان کی رہنمائی کی۔ انھوں نے کہا کہ ان انتخابات میں نوجوانوں اور خواتین کو زیادہ مواقع دئیے جائیں گے۔
***** ***** *****
خواتین کے عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں کل ممبئی کے ڈی وائے پاٹل میدان پر بھارت اور بنگلہ دیش کے مابین مقابلہ بارش کے باعث منسوخ کردیا گیا۔ بارش کے باعث 27 اوورس تک محدود کردئیے گئے اس میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ بنگلہ دیش نے 9 وکٹ پر 119 رن بنائے تھے۔ ڈک وَرتھ لوئس میتھڈ کے تحت بھارت کو 27 اوورس میں 126 رن کا ہدف ملا، ہدف کے تعاقب میں بھارت نے بغیر کسی نقصان کے 57 رن بھی بنالیے تھے، لیکن بعد میں دوبارہ بارش کے باعث میچ منسوخ کرکے دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا۔ بھارت کی ٹیم پہلے ہی ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں پہنچ چکی ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ GST کے رواں بچت میلے کے باعث شہریوں میں جوش و خروش: وزیرِ اعظم نریندر مودی کا ”من کی بات“ میں اظہارِ خیال۔
٭ مرکزی وزیرِ داخلہ امیت شاہ ممبئی دورے پر؛ اِنڈیا میری ٹائم ویک کانفرنس کا افتتاح۔
٭ ڈاکٹر سمپدا منڈے کی موت کے معاملے میں کارروائی کا وزیرِ اعلیٰ کا تیقن؛ ایس آئی ٹی کے ذریعے تحقیقات کا مطالبہ۔
٭ قومی سائنس ایوارڈز کا اعلان؛ ڈاکٹر جینت نارَڑِیکر کو بعد از مرگ وِگیان رَتن ایوارڈ۔
اور۔۔۔٭ خواتین عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں بارش کے باعث بھارت- بنگلہ دیش مقابلہ منسوخ۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment