Wednesday, 29 October 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 29 اکتوبر 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 29 October-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۹۲/اکتوبر ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ آٹھویں اُجرتی کمیشن کے قیام کو مرکزی کابینہ کے اجلاس میں منظوری۔
٭ شدید بارش سے متاثرین کو مزید 11 ہزار کروڑ روپئے کی امداد دینے کا ریاستی کابینہ کا فیصلہ۔
٭ شولاپور-تلجاپور-دھاراشیو ریلوے لائن کے ترمیم شدہ تخمینے سمیت اضافی فنڈ کو منظوری۔
٭ وزیرِاعظم نریندر مودی آج ممبئی کے دورے پر۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر میں غیر قانونی کال سینٹر کا انکشاف؛ تقریباً سوا سو نوجوان گرفتار۔
اور۔۔۔٭ مونتھا سائیکلون آندھرا پردیش کے ساحل سے ٹکراگیا؛ مہاراشٹر کے بیشتر مقامات پر برسات۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
آٹھویں اُجرتی کمیشن کے قیام کو مرکزی کابینہ نے منظوری دے دی ہے۔ مرکزی وزیرِ اطلاعات و نشریات اشونی ویشنو نے کل کابینی اجلاس کے بعد منعقدہ ایک اخباری کانفرنس میں یہ اطلاع دی۔ انھوں نے کہا:
Byte: Union Minister Ashwini Vaishnav
اسی دوران آئندہ ربیع کے موسم کیلئے فاسفورس اور پوٹاشیم آمیز کھادوں کی رعایت یافتہ نرخوں کو بھی مرکزی کابینہ نے منظور کرلیا۔ اس خصوص میں 37 ہزار 952 کروڑ روپئے فنڈ منظور کیا گیا ہے۔ یہ سبسیڈائزڈ نرخ یکم اکتوبر سے لاگو کردی گئی ہیں۔
***** ***** *****
ترقی یافتہ مہاراشٹر 2047 کے ویژن ڈاکیومنٹ کو ریاستی کابینہ کے اجلاس میں کل منظور کرلیا گیا۔ اس دستاویز پر عمل درآمد کیلئے ترقی یافتہ مہاراشٹر ویژن مینجمنٹ یونٹ تشکیل دیا جائے گا۔ اس ضمن میں زراعت‘ صنعت‘ خدمات اور سیاحت پر مبنی 16 گروپوں میں 100 پروگرامز شامل کیے گئے ہیں۔
حالیہ شدید بارشوں سے متاثرہ افراد کیلئے مزید 11 ہزار کروڑ روپئے کی امداد کو کل ہوئے کابینی اجلاس میں منظوری دی گئی۔ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے بتایا کہ آئندہ 15 دنوں میں یہ رقم متاثرین کے بینک کھاتوں میں جمع ہوجائے گی۔ اب تک آٹھ ہزار کروڑ روپئے جاری کیے جاچکے ہیں‘ تقریباً 40 لاکھ کسانوں کو یہ رقم مل چکی ہے۔ اس کے علاوہ مزید 11ہزار کروڑ روپئے امداد کو مجلس وزراء نے منظور کیا ہے۔ یہ رقم بجٹ میں شامل نہیں تھی اس لیے خصوصی زمرے میں یہ منظوری دی گئی۔
مقامی خود مختار اداروں کے انتخابات میں محفوظ نشستوں سے منتخب ہونے والے امیدواروں کو تصدیق شدہ کاسٹ سرٹیفکیٹ جمع کروانے کیلئے چھ ماہ کی مدت دئیے جانے کا فیصلہ کابینہ نے کیا ہے۔ اس سلسلے میں متعلقہ قوانین میں ترمیم کیے جانے کو بھی کابینہ نے منظوری دی۔
شولاپور-تلجاپور-دھاراشیو براڈ گیج ریلوے لائن کے ترمیم شدہ تخمینے اور ریاستی حکومت کے 50 فیصد حصے کا زیادہ سے زیادہ فنڈ فراہم کرنے کو کل منعقدہ کابینی اجلاس میں منظورکیا گیا۔ اس ضمن میں رکنِ اسمبلی رانا جگجیت سنگھ پاٹل نے وزیرِ اعلیٰ اور مجلس ِ وزراء کا شکریہ ادا کیا۔ انھوں نے بتایا کہ ریاستی حکومت اس کام کیلئے ایک ہزار 150 کروڑ روپئے دیگی۔ ماضی میں ریاستی حکومت کی جانب سے اپنے حصے کی رقم نہ دئیے جانے سے منصوبہ تاخیر کا شکار ہوا تھا۔ نتیجتاً منصوبے کی قیمت بھی بہت بڑھ گئی۔ تاہم اب اس فیصلے کے نتیجے میں دھاراشیو کی عوام کو انصاف ملے گا۔
***** ***** *****
ریاست میں تعمیرات کیلئے مصنوعی ریت یعنی ”ایم سینڈ“ کا استعمال کرنے کی پالیسی طئے کرنے سے متعلق سرکاری حکمنامہ کل جاری کردیا گیا۔ وزیرِ محصول چندر شیکھر باون کُڑے نے کل ممبئی میں یہ اطلاع دی۔ انھوں نے بتایا کہ ایم سینڈ یونٹ منظوری کا اختیار اب ضلع کلکٹر کو تفویض کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
سابق رکنِ پارلیمان حنا گاوت نے اپنے متعدد حامیوں کے ساتھ دوبارہ بھارتیہ جنتا پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔ گذشتہ اسمبلی انتخابات کے وقت انھوں نے پارٹی سے انحراف کرکے آزاد حیثیت میں انتخابات میں حصہ لیا تھا۔
***** ***** *****
وزیرِاعظم نریندر مودی آج ممبئی کے دورے پر آرہے ہیں۔ ممبئی میں انڈیا میری ٹائم ویک 2025 میں وہ میری ٹائم لیڈرز کانفرنس سے آج خطاب کریں گے۔ گلوبل میری ٹائم سی ای او فورم کی صدارت بھی وہ سنبھالیں گے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
جماعت ِ پنجم اور ہشتم کے اسکالر شپ امتحانات آئندہ برس 8 فروری کو ہوں گے۔ اس امتحان کیلئے 27 اکتوبر تا 30 نومبر 2025 کے دوران معمول کی فیس کے ساتھ اور یکم دسمبر تا 21 دسمبر 2025 کے دوران تاخیری فیس کے ساتھ درخواست دی جاسکتی ہے۔
***** ***** *****
ریاست کے خودمختار اداروں کی جانب سے دی جانے والی فیلوشپ اور اسکالرشپ سے استفادہ کرنے سے متعلق رہنماء اُصول طئے کرنے کیلئے اعلیٰ اور تکنیکی تعلیم محکمے نے کمیٹی مقرر کی ہے۔ اس کمیٹی کی سفارشات موصول ہونے کے بعد دس دنوں میں اشتہار شائع کیا جائے۔ اس طرح کے احکامات نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے دئیے ہیں۔
***** ***** *****
نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار نے کل منترالیہ میں منعقدہ ایک اجلاس میں ناندیڑ ضلع کے مختلف آبپاشی منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ آبپاشی منصوبوں پر کام تیزی سے مکمل کرنے اور کسانوں کو بروقت پانی دستیاب ہوسکے اس کیلئے انھوں نے متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔
***** ***** *****
مردِ آہن سردار ولبھ بھائی پٹیل کی سالگرہ کے حوالے سے ویجیلنس بیداری ہفتہ منایاجارہا ہے۔ اس خصوص میں چھترپتی سمبھاجی نگر کے انسدادِ رشوت ستانی بیورو کے اضافی سپرنٹنڈنٹ آف پولس ششی کانت شنگارے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ بدعنوانیوں کے خلاف تمام شہری آواز اٹھائیں۔ انھوں نے اس ہفتے کے دوران منعقد کیے جانے والے مختلف پروگراموں کی تفصیلات بھی پیش کیں۔ شنگارے سے تفصیلی ملاقات آپ ہمارے پروگرام ”پراسنگک“ میں سن سکتے ہیں۔ یہ پروگرام آج صبح ساڑھے دس بجے ہمارے مرکز سے نشر کیا جائے گا۔
***** ***** *****
سردار پٹیل کے ڈیڑھ سو ویں یومِ پیدائش کے موقع پر پربھنی زرعی یونیورسٹی کیمپس میں واک فار یونٹی کے عنوان سے ایک ریلی نکالی گئی۔ پولس سپرنٹنڈنٹ رویندر سنگھ پردیشی نے اس ریلی سے متعلق تفصیلات بتائیں۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر کے چکل تھانہ صنعتی علاقے میں چلائے جانے والے غیر قانونی بین الاقوامی کال سینٹر کا پولس نے پردہ فاش کیا ہے۔ پیر کی شب اس سلسلے میں کی گئی کارروائی میں تقریباً 100 تا 125 نوجوان لڑکے اور لڑکیوں کو حراست میں لیے جانے کی خبر ہے۔ جلگاؤں روڈ پر واقع وکھارڈ کمپنی کے عقب میں یہ غیر قانونی کال سینٹر چلایا جارہا تھا۔
***** ***** *****
بھارت اور آسٹریلیاء کے مابین ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سیریز کا آج سے آغاز ہورہا ہے۔ پانچ میچوں کی اس سیریز کا افتتاحی میچ آج کینبرا میں کھیلا جائے گا۔ یہ میچ ہندوستانی وقت کے مطابق دوپہر پونے دو بجے شروع ہوگا۔
***** ***** *****
خلیج ِ بنگال میں بنا سائیکلون مونتھا کل شب آندھرا پردیش کے مچھلی پٹنم تا کلنگ پٹنم کے ساحلوں سے ٹکرا گیا۔ اس سائیکلون کا زور کم ہوا ہے۔ لیکن آندھرا پردیش‘ تملناڈو اور اڑیسہ کے ساتھ ساتھ کئی علاقوں میں بارش جاری ہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس کی 26 ٹیمیں ان تینوں ریاستوں میں تعینات کردی گئی ہیں۔ مراٹھواڑہ میں چھترپتی سمبھاجی نگر‘ جالنہ، بیڑ، لاتور، ناندیڑ، پربھنی اور ہنگولی ضلعوں میں زوردار بارش ہوئی۔ مانجرا ڈیم کے دو دروازے کل کھولے گئے۔ جائیکواڑی آبی منصوبے کے 18 دروازوں سے 19 ہزار مکعب فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے پانی چھوڑا جارہا ہے۔ ودربھ کے چند اضلاع کیلئے آج بارش کا آرینج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ آٹھویں اُجرتی کمیشن کے قیام کو مرکزی کابینہ کے اجلاس میں منظوری۔
٭ شدید بارش سے متاثرین کو مزید 11 ہزار کروڑ روپئے کی امداد دینے کا ریاستی کابینہ کا فیصلہ۔
٭ شولاپور-تلجاپور-دھاراشیو ریلوے لائن کے ترمیم شدہ تخمینے سمیت اضافی فنڈ کو منظوری۔
٭ وزیرِاعظم نریندر مودی آج ممبئی کے دورے پر۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر میں غیر قانونی کال سینٹر کا انکشاف؛ تقریباً سوا سو نوجوان گرفتار۔
اور۔۔۔٭ مونتھا سائیکلون آندھرا پردیش کے ساحل سے ٹکراگیا؛ مہاراشٹر کے بیشتر مقامات پر برسات۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment