Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 30 October-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۳۰؍ اکتوبر ۲۰۲۵ء
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ عالمی سمندری تجارت کیلئےبھارتی بندرگاہیں زیادہ کارآمد اور پُرکشش بنی ہیں:ممبئی میںمنعقدہ انڈیا میری ٹائم ویک کانفرنس میں وزیر اعظم کا بیان۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر کوالیکٹرانک وہیکل ہب کے طور پرتیار کیا جائے گا - نیتی آیوگ کانفرنس میں وزیر اعلیٰ کی اطلاع۔
٭ خریف ہنگام کے سویا بین ‘ ماش اور مونگ کی خریداری کیلئے رجسٹریشن کا آغاز- 15 نومبر سے براہ راست خریداری۔
٭ ریاستی ٹرانسپورٹ کارپوریشن کو اس سال دیوالی میں 301 کروڑ روپئے کی آمدنی۔
اور۔۔۔٭ گردشی طوفان مونتھا کی وجہ سے مراٹھواڑہ کے بیشتر اضلاع میں موسلادھار بارش - چھترپتی سمبھاجی نگر، جالنہ اور پربھنی اضلاع کیلئے آج یلو الرٹ۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ بھارت کی بندرگاہیں عالمی سمندری تجارت کیلئے زیادہ موثر اور کارآمدہو گئی ہیں۔ وہ کل ممبئی میں ’’انڈیا میری ٹائم ویک 2025‘‘ میں میری ٹائم لیڈرس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیراعظم نے اس موقعے پر ماضی کے بحری تجارتی قوانین کی منسوخی اور 21ویں صدی کی ضر وریات پر مبنی قوانین سازی کی طرف حاضرین کی توجہ مبذول کرائی۔ انھوں نے کہا..
Byte: Prime Minister Narendra Modi
جے این پی ٹی کے بارے میں بات کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ یہ بندرگاہ ملک کا سب سے بڑا کنٹینر پورٹ بن گیا ہے۔ وزیرِاعظم نے بتایا کہ بندرگاہوں کے بنیادی ڈھانچے میں براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کی وجہ سے یہ ممکن ہوسکاہے۔ انھوں نے کہا..
Byte: Prime Minister Narendra Modi
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ مہاراشٹر ملک کا ڈیٹا سینٹر ہب بن گیا ہے۔ وہ کل پونے میں نیتی آیوگ کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ چھترپتی سمبھاجی نگر کو الیکٹرانک گاڑی سازی کے مرکز کے طور پر تیار کیا جا رہا ہے، جس سے ممبئی اور پونے کے صنعتی شعبوں پر دباؤ کم ہو گا۔ وزیرِ اعلیٰ نے کہا:
Byte: Chief Minister devendra Fadnavis
کانفرنس کے بعد صحیفہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پھڑنویس نے بتایا کہ نیتی آیوگ مہاراشٹر میں دنیا کا پہلا صنعتی پیداواری ادارہ قائم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیو یندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ حکومت پہلے دن سے کسانوں کے مسائل پر مثبت ہے ‘ لہٰذا پرہار جن شکتی پارٹی کے رہنما بچو کڑو بات چیت کیلئے ممبئی آئیں۔ بچو کڑو کی قیادت میں ناگپور میں جاری کسانوں سے متعلق ایجی ٹیشن کے پس منظر میں وزیر اعلیٰ مخاطب تھے۔
***** ***** *****
ر واں سال کے خریف ہنگام کیلئے سویا بین، ماش اور مونگ کی خریداری کیلئے رجسٹریشن کا کل سے آغاز ہوا ‘ جبکہ آئندہ 15 نومبر سے خریداری شروع ہوگی۔مارکیٹنگ کے وزیر جئے کمار راول نے کل ممبئی میں ایک صحافتی کانفرنس میں یہ اطلاع دی۔ راول نے کسانوں سے اپیل کی کہ وہ بھیڑ سے بچنے کیلئے اپنے زرعی مال بروقت پر مرکز لے جائیں۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
ریاستی انتخابی کمیشن نے وضاحت کی ہے کہ آئندہ مقامی خود مختار ادارو ں کے انتخابات میں VVPAT استعمال نہیں کی جائے گی۔کمیشن کے مطابق‘ ملک کے تمام ریاستی انتخابی کمیشنوں کی ایک کمیٹی کثیر رکنی وارڈ ز کے انتخابات کیلئے VVPAT مربوط رائے دہی مشینوں کی تیاری سے متعلق تحقیق کر رہی ہے اور اس کی رپورٹ ابھی دستیاب نہیں ہوئی ہے ‘ لہٰذا بلدیاتی انتخابات میں VVPATs کا استعمال ممکن نہیں ہے ۔
دریں اثنا، ریاستی انتخابی کمیشن نے فہرست ر ائے دہندگان میں ممکنہ جعلی ناموں کی جانچ کرنے کی ہدایات دی ہیں۔
***** ***** *****
اسٹیٹ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کو اس دیوالی پر 301 کروڑ روپے کی آمدنی ہوئی ہے اور یہ گزشتہ سال کی دیوالی سے 37 کروڑ روپے زیادہ ہے۔ دیوالی کے آخری دن یعنی 27 اکتوبر کو کارپوریشن کو 39 کروڑ 75 لاکھ روپے کی کمائی ہوئی جو اب تک کی سب سے زیادہ آمدنی ہے۔
***** ***** *****
نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار آج ناندیڑ کے دورے پر آ رہے ہیں۔ اودگیر میں واقع ادئے گِری صنعتی علاقہ میں منعقدہ ایک پروگرام میں شرکت کرنے کے بعد وہ رات کو پونہ رو انہ ہوجائیں گے۔
***** ***** *****
خلیج بنگال میں اُٹھے مونتھا طوفان کا زور کم ہوگیا ہے۔ تاہم‘ اس طوفان کی وجہ سے مراٹھواڑہ کے کئی مقامات پر شدید بارشیں ہورہی ہیں۔ چھترپتی سمبھاجی نگر، جالنہ، بیڑ، لاتور اور پربھنی اضلاع میں شدید بارش ہوئی۔ لاتور ضلعے کے 27 منڈلوں میں سب سے زیادہ بارش درج کیے جانے کی خبریں موصول ہوئی ہیں۔ ان میں تین ڈیویژنوں میں اب تک100 ملی میٹر سے زیادہ بارش ہوئی ہے۔ اس بارش سے کسانوں کی کاٹی گئی سویابین بہہ جانے کی اطلاع ہمارے نمائندے نے دی ہے۔
دریں اثنا‘آج بھی مراٹھواڑہ کے چھترپتی سمبھاجی نگر، جالنہ اور پربھنی اضلاع سمیت ودربھ اور خاندیش میں بارش کا یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
اسی دوران جائیکواڑی آبی پشتے کے 18 دروازوں سے تقریباً 19 ہزار کیوبک فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے پانی چھوڑا جا رہا ہے۔ ماجلگاؤں منصوبے سے دو ہزار، لوئر دودھنا سے ساڑھے چھ ہزار اور عیسیٰ پور پشتے سے ساڑھے آٹھ ہزار مکعب فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے پانی خارج کیا جا رہا ہے۔ انتظامیہ نے ندیوں کے کنارے آباد ساکنان سے خبردار رہنے کی اپیل کی ہے۔
***** ***** *****
مردِ آہن سردار ولبھ بھائی پٹیل کے 150ویں یوم پیدائش کے موقع پر 31 اکتوبر اور 7 نومبر کو ایک پیدل ریلی سمیت مختلف سرگرمیوں کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ ناندیڑ کے ضلع کلکٹر راہل کرڈِیلے نے ان سرگرمیوں میں ضلعے کے کالج کے طلباء، نوجوانوں اور شہریوں سے کثیر تعداد میں شرکت کی اپیل کی ہے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر کے پھلمبری تعلقے میں راستوں کی تعمیر و مرمت کیلئے چھ کروڑ 19 لاکھ روپے کا فنڈ منظور کیا گیا ہے۔ رکنِ اسمبلی انورادھا چوہان نے اس کی اطلاع دی۔
***** ***** *****
ریزرویشن سے متعلق مختلف مطالبات کی یکسوئی کیلئے او بی سی برادری نے کل ناندیڑ میں ضلع کلکٹر دفتر پر ایک جلوس نکالا۔ ونچیت بہوجن آگھاڑی کے قائد پرکاش امبیڈکر نے اس جلوس کے شرکا سے خطاب کیا۔ اس مورچے میں کارکنوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
***** ***** *****
بھارت اور آسٹریلیا کےمابین پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کا کل سے آغاز ہوا۔ کینبرا کے اوول میں کھیلا گیا پہلا میچ کل بارش کے باعث منسوخ کرنا پڑا‘ اس سیریز کا دوسرا میچ کل میلبرن میں کھیلا جائے گا۔
جبکہ خواتین کے عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے پہلے سیمی فائنل مقابلے میں کل جنوبی افریقہ نے انگلینڈ کو 125 رنز سے شکست دے کر پہلی بار عالمی کپ کے فائنل میں رسائی حاصل کی۔ دریں اثنا‘ بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرا سیمی فائنل آج کھیلا جائے گا۔ نئی ممبئی کے ڈی وائی پاٹل اسٹیڈیم میں دوپہر تین بجے سے یہ مقابلہ شروع ہوگا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ عالمی سمندری تجارت کیلئےبھارتی بندرگاہیں زیادہ کارآمد اور پُرکشش ہوں گی:ممبئی میںمنعقدہ انڈیا میری ٹائم ویک کانفرنس میں وزیر اعظم کا بیان۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر کوالیکٹرانک وہیکل ہب کے طور پرتیار کیا جائے گا - نیتی آیوگ کانفرنس میں وزیر اعلیٰ کی اطلاع۔
٭ خریف ہنگام کے سویا بین ‘ ماش اور مونگ کی خریداری کیلئے رجسٹریشن کا آغاز- 15 نومبر سے براہ راست خریداری۔
٭ ریاستی ٹرانسپورٹ کارپوریشن کو اس سال دیوالی میں 301 کروڑ روپئے کی آمدنی۔
اور۔۔۔٭ گردشی طوفان مونتھا کی وجہ سے مراٹھواڑہ کے بیشتر اضلاع میں موسلادھار بارش - چھترپتی سمبھاجی نگر، جالنہ اور پربھنی اضلاع کیلئے آج یلو الرٹ۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment