Friday, 31 October 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 31 اکتوبر 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 31 October-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۱۳/اکتوبر ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ سردار ولبھ بھائی پٹیل کے ڈیڑھ سو ویں یومِ پیدائش پر ملک بھر میں مختلف پروگراموں کا انعقاد۔
٭ کسانوں کو 30 جون 2026 سے قبل قرض معافی دی جائیگی: وزیرِ اعلیٰ کا اعلان۔
٭ کسان محض کاشتکاری نہ کریں بلکہ کاروباری بنیں: مرکزی وزیرِ زراعت کی ترغیب۔
٭ کپاس کے کاشتکاروں کیلئے سی سی آئی نے بنایا کپاس کسان موبائل ایپ۔
٭ ناندیڑ ضلع میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 9 محصول ڈویژنس میں شدید بارش؛ مراٹھواڑہ کے بیشتر اضلاع میں آج بھی بارش کا امکان۔
اور۔۔۔٭ بھارت کی ٹیم خواتین کے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ عالمی کپ کے فائنل میں۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
ملک کے پہلے وزیرِ داخلہ سردار ولبھ بھائی پٹیل کے ڈیڑھ سو ویں یومِ پیدائش کی مناسبت سے ملک بھر میں مختلف پرگراموں کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ آزادی کے بعد ملک کے 600 سے زائد رجواڑوں اور ریاستوں کے ہندوستان کے ساتھ الحاق کے عمل میں کلیدی کردار ادا کرنے والے مردِ آہن سردار ولبھ بھائی پٹیل کو اتحاد کے معمار کے طورپر جانا جاتا ہے۔ ان کی سالگرہ ہر سال ملک میں قومی اتحاد دن کے طور پر منائی جاتی ہے۔ اس برس سردار پٹیل کے ڈیڑھ سو ویں یومِ پیدائش کے حوالے سے ملک میں مختلف پروگرام منعقد کیے جارہے ہیں۔ گجرات کے کیوڈیا میں اسٹیچیو آف یونٹی پر یومِ جمہوریہ کی پریڈ کی طرز پر وزیرِ اعظم کی موجودگی میں ایکتا پریڈ منعقدکی گئی ہے۔ اس پریڈ میں مختلف ریاستوں کے پولس دستے اور جھانکیاں شرکت کررہی ہیں۔ ”اتحاد کا دھاگہ“اس تصور پر مبنی مہاراشٹر کی جھانکی بھی اس پریڈ میں شریک ہے۔ اس خصوص میں 7 اور 8 نومبر کو ثقافتی پروگراموں میں بھی مہاراشٹر کی روایات کی عکاسی کرنے والے 15 تا 20 فنکاروں کے پرفارمنس ہوں گے۔ ریاست میں 31 اکتوبر تا 15 نومبر کے دوران پدیاترا‘ مضمون نویسی‘ بحث و مباحثے‘ اسٹریٹ پلے سمیت مختلف پروگراموں کے ذریعے سردار پٹیل کی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی جائیگی۔ ریاستی حکومت نے نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ ان پروگراموں میں حصہ لیں۔
دریں اثناء‘ وزیرِ اعظم کل گجرات کے دورے پر پہنچے۔ کل ان کے ہاتھوں ایک ہزار 140 کرور روپئے کے ترقیاتی کاموں اور اسکیموں کا افتتاح اور سنگ ِ بنیاد رکھا گیا۔ ایکتا نگر علاقے میں سیاحوں کیلئے 25 الیکٹرک بسوں کا افتتاح بھی وزیرِ اعظم نے کیا۔ اس علاقے میں ای بسوں کی تعداد اب 55 ہوگئی ہے۔ آج نریندر مودی کے ہاتھوں سردار پٹیل پر خصوصی ڈاک ٹکٹ اور ڈیڑھ سو روپئے کا سکہ بھی کل جاری کیا گیا۔
پٹیل کی سالگرہ کے موقع پر آج چھترپتی سمبھاجی نگر میں صبح ساڑھے سات بجے ضلع کلکٹر دفتر سے ایک پدیاترا نکالی گئی۔
***** ***** *****
مرکزی وزیرِ زراعت شیوراج سنگھ چوہان نے کہا ہے کہ کسانوں کو محض کاشتکار نہیں بلکہ کاروباری بننا چاہیے۔ وہ کل نئی دہلی میں زرعی پیداواری تنظیموں کے ایک اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے بتایا کہ اب تک زرعی پیداواری تنظیموں میں 52 لاکھ کاشتکار بحیثیت ِ رکن شامل ہیں۔ اب ایک برس میں دو کروڑ کسانوں کو رُکن بنانے کا ہدف رکھا جانا چاہیے۔ اپنے خطاب میں انھوں نے کہا:
Byte: Agriculture Minister Shivraj Singh Chouhan
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے اعلان کیا ہے کہ ریاست میں کسانوں کیلئے 20 جون 2026 سے قبل قرض معافی کا فیصلہ کیا جائے گا۔ کل شب ممبئی میں سہیادری گیسٹ ہاؤس میں کسانوں کے قرض جات معاف کرنے سے متعلق احتجاج کرنے والوں کے نمائندہ وفد کے ساتھ وزیرِ اعلیٰ نے ملاقات کی۔ بعد ازاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ فی الحال کسانوں کو موسمِ ربیع کی تخم ریزی کیلئے 22 ہزار کروڑ روپئے کے امدادی پیکیج کی تقسیم کیے جاچکے ہیں۔ اس ہفتے کے اختتام تک 18 ہزار 500 کروڑ روپئے دئیے جائیں گے اور پندرہ دنوں میں 90 فیصد کسانوں کے کھاتوں میں راست طور پر یہ رقم جمع کیے جانے کی ہدایات متعلقہ افسران کو دی گئی ہیں۔
***** ***** *****
دریں اثناء‘ حکومت نے ای- فصل معائنے کے اندراج کی مدت میں 30 نومبر تک توسیع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں سرکاری مکتوب محکمہئ محصول کی جانب سے کل جاری کیا گیا۔
***** ***** *****
مقامی خود مختار اداروں کے آئندہ انتخابات کے پس منظر میں ریاستی الیکشن کمیشن نے امیدواروں کے اخراجات کی حدد مقرر کی ہے۔ اس خصوص میں کمیشن نے کل حکمنامہ جاری کیا۔ ممبئی عظمیٰ میونسپل کارپوریشن سمیت ریاست کی تمام میونسپل کارپوریشنز، بلدیہ جات، میونسپلٹیز، نگر پنچایت، ضلع پریشد، پنچایت سمیتیوں اور گرام پنچایتوں کے امیدواروں کے اخراجات کی حد الیکشن کمیشن نے مقرر کی ہے۔
***** ***** *****
انتخابات سے متعلق شہریوں کے شکوک و شبہات اور شکایات کے ازالے کیلئے الیکشن کمیشن نے قومی‘ ریاستی اور ضلعی سطح پر ہیلپ لائنز فعال کی ہیں۔ روزآنہ صبح آٹھ بجے تا رات آٹھ بجے تک ایک آٹھ صفر صفر‘ ایک ایک‘ ایک نو پانچ صفر‘ ٹول فری نمبر پر شہریوں کی شکایات درج کرکے ان کا ازالہ کیا جائے گا۔
***** ***** *****
کپاس کے کاشتکاروں کی مدد کیلئے انڈین کاٹن کارپوریشن سی سی آئی نے کپاس کسان موبائل ایپ شروع کیا ہے۔ اس ایپ کے ذریعے کسانوں کو نام درج کرنے اور وقت طئے کرنے کے عمل میں مدد ملے گی۔ یہ ایپ کپاس سیزن میں 24 گھنٹے اور ہفتے کے تمام سات دن فعال رہے گا۔ ریاست میں آکولہ اور چھترپتی سمبھاجی نگر شاخوں کیلئے وقت طئے کرنے کا عمل روزآنہ صبح 10 بجے شروع ہوگا۔ یہ تفصیلات مارکیٹنگ فیڈریشن کی جانب سے دی گئی۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
اسکولی تعلیم کے وزیر دادا بھوسے نے کہا ہے کہ اسکولی غذائی پروگرام کارکنوں کے دیرینہ مطالبات کے سلسلے میں ان کی وزارت مثبت رویہ رکھتی ہے اور ان کے معاوضے میں اضافہ ہونا چاہیے۔ کل ان کے محکمے میں منعقدہ ایک اجلاس سے وہ خطاب کررہے تھے۔ اسکولی غذائی پروگرام کارکنوں کو فی الحال ڈھائی ہزار روپئے معاوضہ دینا چاہیے۔
***** ***** *****
مویشی پروری کی وزیر پنکجا منڈے نے کہا ہے کہ ریاستی حکومت نے مویشی پروری کے کاروبارکو زراعت کے مساوی درجہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ جس سے مویشی پرووری کے کاروبار کو فروغ ملے گا اور کسانوں کی آمدنی میں اضافہ ہوگا۔ انھوں نے مزید کہا کہ بجلی کی شرح میں رعایت دینے کا طریقہئ کار بھی طئے کرلیا گیا ہے، جس سے مویشی پالنے والے افراد کو فائدہ ہوگا۔
***** ***** *****
قانون ساز کونسل کی ڈپٹی چیئرپرسن نیلم گورہے نے حکومت سے کہا ہے کہ غیر موسمی بارش کے باعث گنا کٹائی مزدوروں کو تکلیف نہ ہو اس کیلئے ڈی بی ٹی سسٹم کے ذریعے فوری مالی امداد کی تجویز پیش کرے۔ کل ودھان بھون میں منعقدہ ایک اجلاس سے وہ خطاب کررہی تھیں۔
***** ***** *****
خواتین کے ایک روزہ عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں بھارت کی ٹیم نے پہلی بار فائنل میں داخلہ حاصل کرلیا ہے۔ کل ممبئی میں ہوئے سیمی فائنل میں بھارت نے آسٹریلیاء کو پانچ وکٹ سے شکست دے دی۔ 339 رنوں کے ہدف کو بھارت کی ٹیم نے پانچ وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ بھارت کی جانب سے جیمنی روڈگز نے 134 گیندوں میں غیر مفتوح 127 رن اور کپتان ہرمت پریت کور نے 88 گیندوں میں 89 رن اسکور کیے۔ اس سے قبل آسٹریلیاء نے پہلے بلّے بازی کرتے ہوئے 49.5 اوور میں 338 رن بنائے۔ ٹورنامنٹ کا فائنل اتوار کو ممبئی کے ڈی وائی پاٹل اسٹیڈیم پر بھارت اور جنوبی افریقہ کے مابین کھیلا جائے گا۔
***** ***** *****
ناندیڑ ضلع کے 9محصول ڈویژنس میں شدید بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ سب سے زیادہ 103.75 ملی میٹر بارش حمایت نگر تعلقے کے زَوَڑ گاؤں ڈویژن میں ریکارڈ کی گئی۔ ضلع میں اب تک ایک ہزار 220 اعشاریہ تین ملی میٹر بارش ہوئی ہے جو مجموعی اوسط بارش کا 137 اعشاریہ تین فیصد ہے۔
***** ***** *****
ریاست میں آج بھی ودربھ اور خاندیش کے چند اضلاع سمیت چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع میں بارش کا یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ پربھنی اور ہنگولی اضلاع میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کے امکان کا اظہار کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ سردار ولبھ بھائی پٹیل کے ڈیڑھ سو ویں یومِ پیدائش پر ملک بھر میں مختلف پروگراموں کا انعقاد۔
٭ کسانوں کو 30 جون 2026 سے قبل قرض معافی دی جائیگی: وزیرِ اعلیٰ کا اعلان۔
٭ کسان محض کاشتکاری نہ کریں بلکہ کاروباری بنیں: مرکزی وزیرِ زراعت کی ترغیب۔
٭ کپاس کے کاشتکاروں کیلئے سی سی آئی نے بنایا کپاس کسان موبائل ایپ۔
٭ ناندیڑ ضلع میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 9 محصول ڈویژنس میں شدید بارش؛ مراٹھواڑہ کے بیشتر اضلاع میں آج بھی بارش کا امکان۔
اور۔۔۔٭ بھارت کی ٹیم خواتین کے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ عالمی کپ کے فائنل میں۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment