Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 01 November-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: یکم/نومبر ۵۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ ترقی یافتہ بھارت کے خواب کو پورا کرنے کیلئے خود کو وقف کریں: وزیرِ اعظم کی اپیل۔
٭ سردار پٹیل کے یومِ پیدائش اور سابق وزیرِ اعظم اندرا گاندھی کی برسی پر ملک بھر سے خراجِ عقیدت؛ایکتا دن کے موقعے پر شہریوں کا مختلف سرگرمیوں کا بہترین ردّ عمل۔
٭ پھلٹن کی خاتون ڈاکٹر خودکشی معاملے کی SIT کرے گی جانچ۔
٭ ”مشن موسم“ کے تحت پربھنی ڈویژن میں نئے سی- بینڈ رڈار نصب کیے جانے کو مرکز کی منظوری۔
اور۔۔۔٭ دوسرے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ مقابلے میں آسٹریلیاء کی بھارت کے خلاف چار وکٹوں سے فتح۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے شہریوں سے اپیل کی ہے ہ وہ ترقی یافتہ بھارت کے خواب کو پورا کرنے کیلئے خود کو وقف کریں۔ وزیرِ اعظم نے کل گجرات کے ایکتا نگر میں ملک کے پہلے وزیرِ داخلہ سردار ولبھ بھائی پٹیل کے صد سالہ یومِ پیدائش کے موقعے پر قومی ایکتا دن کی تقریب سے خطاب کیا۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ ملک نے آج اتحاد کا عہد کیا ہے اور قومی اتحاد کو مضبوط کرنے کا عزم کیا ہے۔انھوں نے کہا:
Byte: Prime Minister Narendra Modi
قبل ازیں کل ایکتا نگر میں ایک عظیم الشان ایکتا دن جلوس نکالا گیا۔ اس میں بارڈر سیکوریٹی فورس‘ سینٹرل ریزرو پولس فورس اور مختلف ریاستوں کے پولس دستوں نے شرکت کی۔ فضائیہ کے شمسی کرن دستے نے ترنگے کی دلکش بہادری کا نمونہ پیش کیا۔ کثرت میں وحدت کے موضوع پر جلوس میں دس رتھوں نے حصہ لیا۔ اس میں مہاراشٹر کا تصویری رتھ بھی شامل تھا۔
اس کے بعد حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے سرکار کے ذریعے 2014 سے نکسل واد اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے کی گئی کوششوں کا ذکر کیا۔ وزیرِ اعظم نے تمام بھارتی زبانوں کے فروغ کیلئے حکومت کے عزم کو دہرایا۔ انھوں نے کہا:
Byte: Prime Minister Narendra Modi
***** ***** *****
سردار پٹیل کے صدسالہ یومِ پیدائش کو ملک بھر میں قومی اتحاد دن کے طور پر منایا گیا۔ صدرِ جمہوریہ دروپدی مُرمو نے نئی دہلی میں سردار پٹیل کے مجسّمے پر پھول چڑھاکر قومی اتحاد پر ہم وطنوں کو مبارکباد پیش کی۔
نائب صدرِ جمہوریہ سی پی رادھا کرشنن نے کہا کہ ہمارا متنوع ملک سردار پٹیل کے مضبوط عزم اور وژن کی وجہ سے ایک جمہوری ملک میں تبدیل ہوا۔
***** ***** *****
سابق وزیرِ اعظم اندرا گاندھی کی برسی کی مناسبت سے کل ہر طرف انھیں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ 31 اکتوبر 1984 کو دہلی میں سرکاری رہائش گاہ پر باڈی گارڈ کے حملے میں سابق وزیرِ اعظم کا انتقال ہوگیا تھا۔ لوک سبھا کے قائد ِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی، سینئر لیڈر سونیا گاندھی اور کانگریس صدر ملک ارجن کھرگے نے شکتی استھل پر جاکر اندرا گاندھی کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
***** ***** *****
سردار ولبھ بھائی پٹیل کے یومِ پیدائش کے موقع پر ریاست بھر میں اتحاد دڑ اور پیدل یاترا سمیت مختلف پروگرام منعقد کیے گئے۔
پربھنی شہر میں بی جے پی کی جانب سے اتحاد دن کا انعقاد کیا گیا۔ ضلعے کی سرپرست وزیر میگھنا بورڈیکر نے گائے کی پوجا کرکے اتحاد وڑ کا آغاز کیا۔ پربھنی پولس کی جانب سے زرعی یونیورسٹی کے گیٹ سے پولس آفس تک دوڑ کا بھی اہتمام کیا گیا۔
ہنگولی پولس نے بھی اتحاد دوڑ کا انعقاد کیا اور اتحاد کا پیغام دیا۔ کل ہنگولی میں انسدادِ منشیات بیداری کیلئے ایک مہم بھی چلائی گئی۔
چھترپتی سمبھاجی نگر میں بھی اتحاد دوڑ کا اہتمام کیا گیا۔ اس کا اختتام ریاست کے دیگر پسماندہ طبقات کے وزیر اتل ساوے کی موجودگی میں ہوا۔ دولت آباد قلعے میں بھی رن فار یونٹی کا انعقاد کیا گیا۔
جالنہ پولس دستے کی جانب سے جالنہ میں پانچ کلومیٹر رن فار یونٹی کا انعقاد کیا گیا۔ بیڑ میں سپرنٹنڈنٹ آف پولس نونیت کانوت کی موجودگی میں رن فار یونٹی کا انعقاد کیا گیا۔
ناندیڑ کی سوامی رامانند تیرتھ مراٹھواڑہ یونیورسٹی میں اندرا گاندھی اور سردار پٹیل کے مجسّموں پر پھول چڑھائے گئے۔ قومی اتحاد دن کے موقعے پر ناندیڑ ضلع پریشد کے افسران اور ملازمین نے اتحاد اور سالمیت کا حلف لیا اور ملک کی ترقی کیلئے کام کرنے کے عزم کا اظہارکیا۔
دھاراشیو ضلعے میں بھی بی جے پی کے زیرِ اہتمام یونٹی رَن کو زبردست ردّ عمل ملا۔ ضلعی پولس فورس نے رَن فار یونٹی اور واک فار یونٹی کا اہتمام کیا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
پھلٹن میں ایک خاتون ڈاکٹر کی خودکشی کی تحقیقات کیلئے ایک IPS افسر کی قیادت میں ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم SIT تشکیل دی جائیگی۔ یہ احکامات وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے ڈائریکٹر جنرل آف پولس کو دی۔
***** ***** *****
حکومت قدرتی آفات سے متاثرہ کسانوں کو فوری امداد فراہم کررہی ہے۔ آنے والے ربیع سیزن کیلئے بیج اور متعلقہ اشیاء کی خریداری میں شدید بارش سے متاثرہ کسانوں کی مدد کرنے کیلئے ریاستی حکومت نے فی ہیکٹر دس ہزار روپئے تین ہیکٹر کی حد تک ایک ہزار 765 کروڑ 22 لاکھ 92 ہزار روپئے فنڈ تقسیم کو منظوری دی ہے۔ یہ اطلاع امداد و باز آبادکاری وزیر مکرند جادھو پٹیل نے دی ہے۔
***** ***** *****
مرکزی حکومت نے مشن موسم اسکیم کے تحت پربھنی ڈویژن میں ایک نیا سی- بینڈ رڈار نصب کرنے کی تجویز کو منظوری دے دی۔ وزیرِ مملکت میگھنا بورڈیکر نے کہا کہ سائنس اور ٹکنالوجی کے مرکزی وزیرِ مملکت ڈاکٹر جتندر سنگھ نے ایک خط میں یہ اطلاع دی۔ بورڈیکر نے کہا کہ چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے کے مہیسمال میں 250 کلو میٹر کی ورکنگ رینج کے ساتھ سی بینڈ قسم کے رڈار کو نصب کرنے کا کام جاری ہے۔ یہ مرکز مراٹھواڑہ میں زراعت‘ فصلوں کے تحفظ، موسم کی پیشن گوئی اور آفات سے نمٹنے میں مددگار ثابت ہوگا۔
***** ***** *****
میزبان آسٹریلیاء نے بھارت اور آسٹریلیاء کے مابین پانچ مقابلوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کا دوسرا مقابلہ چار وکٹوں سے جیت لیا۔ بھارتی ٹیم کی جانب سے دئیے گئے 125 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے میزبان ٹیم نے 14 ویں اوور میں چھ وکٹوں کے نقصان پر ہدف عبور کرلیا۔ اس سیریز کا تیسرا ٹی ٹوئنٹی مقابلہ 2 نومبر کو کھیلا جائے گا۔
دریں اثناء‘ خواتین کرکٹ عالمی کپ میں بھارت اور جنوبی افریقہ کے مابین فائنل مقابلہ بھی اسی روز کھیلا جائے گا۔
***** ***** *****
یشونت راؤ چوہان مہاراشٹر اوپن یونیورسٹی ناسک کے کسوماگرج قومی ادبی ایوارڈ کا اعلان اس سال کیلئے مشہور اوڑیالی شاعر ہرپرساد داس کو کیا گیا ہے۔ یہ ایوارڈ ہر سال ایک غیر مراٹھی شاعرکو دیا جاتا ہے۔ یہ ایوارڈ ایک لاکھ روپئے نقد‘ توصیف نامہ اور مومنٹو پر مشتمل ہے۔ گذشتہ برس کا یہ ایوارڈ حال ہی میں ہندی شاعر کمار امبوج کو دیا گیا۔
***** ***** *****
بھارت رَتن ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کے قد ِ آدم مجسّمے کی کل لاتور ضلعے کے اودگیر میں نقاب کشائی کی گئی۔ اس موقعے پر وزیر بابا صاحب پاٹل نے کہا کہ ڈاکٹر امبیڈکر نے تاریک سماج کو مساوات کا چراغ دیکر جمہوریت کی راہ دکھائی۔ انھوں نے بھارتی آئین کے ذریعے ہماری خوشحال جمہوریت کی مضبوط بنیاد رکھی۔ اس موقعے پر وزیر برائے تعمیراتِ عامہ اندرنیل نائیک، رکنِ اسمبلی سنجئے بنسوڑے، رکنِ اسمبلی پرتاپ پاٹل چکھلیکر‘ سابق رکنِ پارلیمان پروفیسر جوگیندر کواڑے موجود تھے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے کے رابطہ وزیر سنجے شرساٹ نے کل کمبھ میلہ 2027 کے پس منظر میں چھترپتی سمبھاجی نگر،ایلورہ، پیٹھن اور آپے گاؤں کے ترقیاتی منصوبے کے سلسلے میں ایک جائزاتی اجلاس لیا۔ ناسک میں منعقد ہونے والے کمبھ میلے کے موقع پر، عقیدت مندوں کے چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے میں مختلف مذہبی مقامات پر جانے کی امید ہے، اس کے پیشِ نظر ضلعے میں مختلف سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
***** ***** *****
جالنہ ضلعے کے منٹھا تعلقے میں شدید بارش سے متاثرہ کسانوں کیلئے امدادی رقم انتظامیہ کو موصول ہوگئی ہے۔ خبر رساں ادارے کے مطابق تحصیلدار ڈاکٹر پرتیبھا گورے نے کہا ہے کہ یہ امدادی رقم جلد ہی کسانوں کے بینک کھاتوں میں کردی جائے گی۔
***** ***** *****
گنے کے کاشتکاروں نے کل بیڑضلع کلکٹر دفتر کے باہر احتجاج کرتے ہوئے کڈا سے امدادِ باہمی شکر کارخانے کا کرشنگ لائسنس دوبارہ بحال کرنے کا مطالبہ کیا۔ سابق رکنِ اسمبلی بھیم راؤ دھونڈے کے بھی اس احتجاج میں شریک رہنے کی اطلاع ہمارے نمائندے نے دی ہے۔
***** ***** *****
آکاشوانی بیڑ مرکز کے معاون لائبریرین اور اطلاعاتی افسر سنجے کاتھوٹے کل مقررہ عمر کے مطابق خدمات سے سبکدوش ہو گئے۔ کاتھوٹے نے اپنی 34 سالہ سرکاری ملازمت میں چندر پور، دھولیہ، سانگلی اور بیڑ مراکز میں لائبریرین کے طور پر خدمات انجام دیں۔
***** ***** *****
محکمہئ موسمیات نے آج مراٹھواڑہ سمیت ریاست کے کئی اضلاع کے مختلف مقامات پر بارش کی پیشن گوئی کی ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ ترقی یافتہ بھارت کے خواب کو پورا کرنے کیلئے خود کو وقف کریں: وزیرِ اعظم کی اپیل۔
٭ سردار پٹیل کے یومِ پیدائش اور سابق وزیرِ اعظم اندرا گاندھی کی برسی پر ملک بھر میں خراجِ عقیدت؛ایکتا دن کے موقعے پر شہریوں کا مختلف سرگرمیوں کا بہترین ردّ عمل۔
٭ پھلٹن کی خاتون ڈاکٹر خودکشی معاملے کی SIT کرے گی جانچ۔
٭ ”مشن موسم“ کے تحت پربھنی ڈویژن میں نئے سی- بینڈ رڈار نصب کیے جانے کو مرکز کی منظوری۔
اور۔۔۔٭ دوسرے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ مقابلے میں آسٹریلیاء کی بھارت کے خلاف چار وکٹوں سے فتح۔
***** ***** *****
اس کے ساتھ ہی آکاشوانی سے علاقائی خبریں ختم ہوئیں۔اس کے بعد ہمارے مرکز کا اگلا مراٹھی بلیٹن صبح گیارہ بجے نشر ہوگا۔
ان خبروں کو آپ AIR چھترپتی سمبھاجی نگر یوٹیوب چینل‘ پر دوبارہ کسی بھی وقت سن سکتے ہیں۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment