Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 02 November-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۲/نومبر ۵۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ ریاست کے ہر شہری کی زندگی میں خوش حالی اور سکون ہو۔ نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کے سرکاری مہا پوجا میں دعائیہ کلمات۔
٭ مرکزی حکومت کی امدادی قیمت اسکیم کے تحت مونگ، اڑد اور سویا بین کی خریداری کا ریاست میں 15/نومبر سے آغاز۔
٭ فہرست رائے دہندگان کی بے ضابطگیاں دور کرنے کے مطالبے پر مہا وکاس آگھاڑی کا ممبئی میں احتجاجی جلوس۔
اور۔۔۔٭ خواتین کے عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا فائنل آج بھارت اور جنوبی افریقہ کے مابین۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
ریاست کے ہر شہری کی زندگی میں خوشی، سکون اور اطمینان کے دن آئیں۔ یہ دعا نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے وٹھل رایا کے دربار میں کی۔ کارتکی ایکادشی کے موقع پر آج صبح پنڈھر پور میں وٹھل رکمنی کی سرکاری مہا پوجا ایکناتھ شندے نے کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ نومبر کے مہینے میں بھی برسات جاری ہے جس سے کسانوں کو بہت نقصان ہورہا ہے اور حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ نیز سرکاری سطح پر ان کی ہر ممکنہ مدد کی جائے گی۔
ماحولیات کی بیداری کے لیے مہاراشٹر پولیوشن کنٹرول بورڈ کی جانب سے گذشتہ کئی برسوں سے چلائے جارہے ”کارتکی چی واری۔ پنڈھرپور چیا داری“اس خصوصی پروگرا م کا اختتام کل پنڈھر پور میں نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کی موجودگی میں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ یہ مہم صرف یاترا تک محدود نہ رہے بلکہ پورے سال جاری رکھی جائے تاکہ ماحولیات کے تحفظ کی اہمیت کو اجاگر کیا جاسکے۔
دریں اثناء کارتکی ایکادشی کے موقع پر ریاست بھر کے وٹھل مندروں میں مختلف پروگرام منعقد ہو رہے ہیں۔چھتر پتی سمبھاجی نگر کے مضافات میں والوج میں واقع پنڈھرپور کے وٹھل رکمنی مندر میں آج صبح رکن اسمبلی ولاس بھمرے نے پوجا کی۔
***** ***** *****
22/ستمبر کو اشیاء و خدمات ٹیکس کے نظام میں کی گئی تبدیلیوں کے بعد اکتوبر 2024کے مقابلے میں گذشتہ ماہ یعنی اکتوبر 2025میں جمع GSTمیں 4.6فیصد اضافہ درج کیا گیا ہے۔ ماہ اکتوبر میں ایک لاکھ95 کروڑروپیئے جی ایس ٹی جمع ہوا۔جبکہ مرکزی حکومت اور یاستی حکومتوں کا مشترکہ IGSTایک لاکھ چھ ہزار 443کروڑ روپیئے اور سیس سات ہزار 812کروڑ روپیئے جمع کیا گیا۔
***** ***** *****
مرکزی حکومت کی کم از کم بنیادی /امدادی قیمت خرید اسکیم کے تحت مونگ، اڑد اور سویابین کی فصلوں کی خریداری 15/نومبر سے شروع ہوگی۔ اس کے لیے کسانوں کے موبائیل ایپ کے ذریعے یا خریدی مراکز پر رجسٹریشن شروع ہوچکا ہے۔ اور 31/دسمبر تک یہ رجسٹریشن کروایا جاسکتا ہے۔ مارکٹنگ افسران نے اپیل کی ہے کہ کسان قریبی خریداری مراکز پر دستاویزات کے ساتھ درخواست دیں اور نافیڈ کی خریداری اسکیم کا فائدہ اٹھائیں۔
***** ***** *****
ریاستی حکومت نے جذام کو”e Notifiable Diseas“یعنی اطلاع شدہ عارضہ قرار دیا ہے۔ محکمہئ صحت نے بتا یا کہ جذام کے پھیلاؤ کو روکنے اور مریضوں کو بر وقت علاج مہیا کئے جانے کے مقصد سے یہ فیصلہ کیا گیاہے۔ جذام کی تشخیص ہونے والے تمام مریضوں کا رجسٹریشن دو ہفتوں کے اندر متعلقہ صحت دفتر، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ہیلتھ سروسیز اور مقامی صحت افسرکے پا س کروانا تمام ڈاکٹروں اور صحت اداروں کے لیے لازمی کر دیا گیا ہے۔ ریاست میں ستمبر کے آخر تک سات ہزار 863نئے جذام کے مریضوں کی رجسٹریشن ہوئی ہے اور 13ہزار دس مریضوں کا علاج جاری ہے۔
***** ***** *****
دریں اثناء چھتر پتی سمبھاجی نگر ضلع میں 17نومبر تا 2دسمبر 2025کے دوران جذام مریض تلاش مہم چلائی جائیگی۔ اس سلسلے میں ضلع پریشد کے چیف ایگزیکٹیو افسر انکت کی صدارت میں حال ہی میں ایک اجلاس ہوا۔ اس مہم میں میونسپل کارپوریشن اور تعلقہ سطح کے اسکولوں اور کالجوں میں مضمون نویسی کے مقابلے، جذام کی علامات، مفت علاج اور غلط فہمیوں کے بارے میں بیداری پروگرام منعقد کئے جائیں گے۔ یہ تفصیلات ضلع ہیلتھ افسر ابھئے دھانورکر نے دی۔
***** ***** *****
مہا وکاس آگھاڑی نے ووٹ چوری اور فہرست رائے دہندگان میں بے ضابطگیوں اور بدعنوانیوں کا الزام لگاتے ہوئے کل ممبئی میں ”ستیہ مورچہ“ نکالا۔ اس میں نیشنلسٹ کانگریس پارٹی شرد چندر پوار گروپ کے رہنما شردپوار، شیو سینا ادھو بالاصاحب پارٹی کے سربراہ ادھو ٹھاکرے، ایم این ایس کے سربراہ راج ٹھاکرے کے ساتھ سپر یاسلے، ستیج پاٹل، وجئے وڈیٹیواراور آدیتیہ ٹھاکرے بھی شریک تھے۔ اس کے علاوہ بائیں جماعتوں کے رہنما و کارکن بھی اس جلو س میں شریک ہوئے۔ مہا وکاس آگھاڑی کے رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ ان ناقص ووٹرلسٹوں کی درستگی تک مقامی اداروں کے انتخابات نہ کروائے جائیں۔ دریں اثناء بی جے پی نے تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ جلوس ستیہ یعنی سچائی کا نہیں بلکہ ستایعنی اقتدار کا ہے۔
***** ***** *****
انڈین فوڈ کارپوریشن کے مہا راشٹر کے علاقائی دفتر نے اگست مہینے کے پہلے ہفتے سے اوپن مارکیٹ سیلز اسکیم کے تحت چاول کی فروخت شروع کر رکھی ہے۔ کارپوریشن نے خریداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس ای۔ نیلامی میں بولی لگائیں۔ چھ اور سات نومبر کو چاول کا ای۔نیلام ہوگا۔ اور اس کے لیے 10میٹرک ٹن چاول دستیاب کیا جائے گا۔
***** ***** *****
67ویں آکاشوانی سنگیت سمیلن کا افتتاح ثقافتی امور کے وزیر اشیش شیلار اور کلاسکی گلوکار ارون کشاڑکر کی موجودگی میں آج ممبئی میں ہو رہا ہے۔ کووڈ کے دور میں روک دیئے گئے اس پروگرام کو دوبارہ شروع کیا جا رہا ہے۔ ہندوستانی کلاسکی میوسقی کے گلوکار پدم شری پنڈت وینکٹیش کمار اور بھاروڑ آرٹسٹ حمید امین سید اور ان کی ٹیم آج اپنے فن کا مظاہرہ کرے گی۔ 29نومبر تک ملک کے 24آکاشوانی مراکز پر یہ پروگرام ہوگا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
دیگر پسماندہ طبقات کی بہبود کے وزیر اتل ساوے نے کہا ہے کہ حکومتی اسکیموں کے ذریعے دیگر پسماندہ طبقات کے تمام گروپوں کی معاشی ترقی کے لیے حکومت پر عزم ہے۔ وہ کل چھتر پتی سمبھاجی نگر میں مہا جیوتی کی جانب سے منعقدہ قرض اسکیم اورخود روزگار میلے سے خطاب کررہے تھے۔ اس پروگرام میں مختلف اداروں کی جانب سے 180افراد کو براہ راست قرض اور 585افراد کو ادائیگی قرض کا فائدہ تقسیم کیا گیا۔
***** ***** *****
چھتر پتی سمبھاجی نگر ضلع میں محکمہئ ادویہ و اغذیہ نے گذشتہ دو ماہ میں کی گئی کاروائی میں 42ہزار کلو سے زیادہ ملاوٹ شدہ خوردنی تیل ضبط کیا۔ اس کے ساتھ ساتھ ملاوٹ شدہ مرچی پاوڈر، مصالحے اور دیگر اشیاء بھی ضبط کی گئی۔ ان ضبط شدہ اشیاء کی قیمت 92لاکھ روپیئے ہے۔ یہ اطلاع فوڈ اینڈ ڈرگ محکمے کی جانب سے دی گئی۔
***** ***** *****
بیڑ میں کل ریاستی سطح کے اسکولی والی بال مقابلوں کا افتتاح عمل میں آیا۔ بیڑ ضلع کے کھیل دفتر کی جانب سے ان مقابلوں کا اہتمام کیا گیاہے۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر وویک جانسن، پولس سپرنٹنڈنٹ نونیت کانوت، رکن اسمبلی سندیپ شر ساگر، رکن اسمبلی وکرم کاڑے اور دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔
***** ***** *****
خواتین کے عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا فائنل آج بھارت اور جنوبی افریقہ کے مابین کھیلا جائے گا۔ نوی ممبئی کے ڈی واے اسٹیڈیم پر سہ پہر تین بجے یہ میچ شروع ہوگا۔ دونوں ٹیموں نے ابھی تک عالمی کپ نہیں جیتا ہے۔
بھارت اور آسٹریلیا کے مابین جاری مردوں کی رواں ٹی ٹوینٹی سیریز کا تیسرا میچ آج ہوبارٹ میں کھیلا جائے گا۔ دوپہر پونے دو بجے اس میچ کا آغاز ہوگا۔ پانچ میچو ں کی اس سیریز میں آسٹریلیا ایک میچ جیت کر بر تر ی حاصل کئے ہوئے ہے۔
***** ***** *****
آئندہ دو دنوں میں پورے کوکن میں کچھ جگہوں پر جبکہ مراٹھواڑہ، وسطی مہارشٹر اور ودربھ میں چند ایک مقامات پر بارش کی پیش گوئی دفتر موسمیات نے کی ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ ریاست کے ہر شہری کی زندگی میں خوش حالی اور سکون ہو۔ نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کے سرکاری مہا پوجا میں دعائیہ کلمات۔
٭ مرکزی حکومت کی امدادی قیمت اسکیم کے تحت مونگ، اڑد اور سویا بین کی خریداری کا ریاست میں 15/نومبر سے آغاز۔
٭ فہرست رائے دہندگان کی بے ضابطگیاں دور کرنے کے مطالبے پر مہا وکاس آگھاڑی کا ممبئی میں احتجاجی جلوس۔
اور۔۔۔٭ خواتین کے عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا فائنل آج بھارت اور جنوبی افریقہ کے مابین۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment