Monday, 3 November 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 03 نومبر 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 03 November-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۳؍نومبر ۲۰۲۵ء؁
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ خواتین کی قومی کرکٹ ٹیم نے شاندار و تاریخی کارکردگی کے بل پر پہلا عالمی کپ اپنے نام کیا۔ فائنل مقابلے میں جنوبی افریقہ کو 52 رنز سے شکست۔
٭ آج وزیر اعظم کے ہاتھوں ایمرجنگ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی انوویشن کانفرنس 2025 کا افتتاح۔
٭ ملک کے سب سے وزنی ٹیلی کام سیٹلائٹ CMS-3 کی کامیاب لانچنگ۔
٭ ناسک اور امراوتی اضلاع میں 'سی ٹرپل آئی ٹی مر اکز کے قیام کو منظوری۔
اور۔۔۔٭ کارتکی اکادشی کا تہوار ہر طرف عقیدت و احترام سے منایا گیا۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
بھارت کی خواتین کرکٹ ٹیم نے شاندار و تاریخی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی بار ایک روزہ عالمی کپ کا خطاب جیت لیا ہے۔ ہرمن پریت کور کی قیادت میں بھارتیہ ٹیم نے کل نئی ممبئی کے ڈی وائی پاٹل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل مقابلے میں جنوبی افریقہ کو 52 رنز سے شکست دی۔ بھارتیہ ٹیم نے پہلے بلّے بازی کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں سات وکٹیں گنواکر 298 رنز بنائے۔ سلامی بلّے باز اسمرتی مندھانا اور شیفالی ورما نے پہلی وکٹ میں 102 رنوںکی شراکت کی۔بھارت کے مقررہ اس ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم 246 رنوں پر آؤٹ ہوگئی۔ دِپتی شرما نے پانچ، شیفالی ورما نے دو اور شری چرنی نے بالترتیب ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔شیفالی ورما کو میچ کی بہترین کھلا ڑی جبکہ دِپتی شرما کو سیریز کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ اس فتح کے ساتھ ہی بھارت آسٹریلیا اور انگلینڈ کے بعد مردوں اور خواتین کے کرکٹ عالمی کپ جیتنے والا تیسرا ملک بن گیا ہے۔
صدر ِ جمہوریہ دروپدی مُرمو اور وزیر اعظم نریندر مودی نے قومی ٹیم کو اس جیت پر مبارکباد دی ہے۔ صدر مُرمو نے اپنے مبارک بادی کے پیغام میں کہا کہ یہ اہم لمحہ خواتین کی کرکٹ کو مزید بلندیوں پر لے جائے گا، انھوں نے کہا کہ ان لڑکیوں نے قابل فخر کارنامہ انجام دیا ہے۔ جبکہ وزیرِ اعظم مودی نے کہا کہ یہ تاریخی فتح آنے والی نسلوں کو تحریک دے گی اور زیادہ سے زیادہ نوجوانوں بالخصوص خواتین کو کھیل کے میدانوں میں آگے آنے کی ترغیب دے گی۔
***** ***** *****
مردوں کی کرکٹ میں بھارت نے کل آسٹریلیا کو تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پانچ وکٹوں سے ہرا دیا۔ بھارت نےآسٹریلیا کی طرف سے دیئے گئے 187 رنز کے ہدف کو 18 اوورز اور تین گیندوں میں عبور کر لیا۔ واشنگٹن سندر نے 49 رنز بنائے۔ ارشدیپ سنگھ کو تین وکٹیں لینے پر مین آف دی میچ کے خطاب سے نوازا گیا۔ پانچ ٹی ٹوئنٹی مقابلوں کی سیریز میں دونوں ٹیمیں ایک ایک مقابلہ جیت کر برابری ہیں، اس سیریز کا چوتھا میچ جمعرات کو کھیلا جائے گا۔
***** ***** *****
وزیرِ اعظم نریندر مودی آج نئی دہلی میں ایمرجنگ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی انوویشن سمٹ 2025 کا افتتاح کریں گے۔ اس تقریب میں، وہ تحقیق اور ترقی کے نظام کو فروغ دینے کیلئے ایک لاکھ کروڑ روپے کی مالی مدد فراہمی اسکیم کا آغاز کریں گے۔ اس سہ روزہ اجلاس کا مقصد تعلیمی، تحقیقی اداروں، صنعت اور حکومت کے تین ہزار سے زائد شرکاء کو ایک جگہ لانا ہے۔ متعلقہ خبرو ں میں بتایا گیا ہے کہ یہ ملک کے سائنس اور ٹیکنالوجی کے نظام کو مضبوط کرنے کیلئے محققین، صنعت اور نوجوان اختراع کاروں کے درمیان تعاون کیلئے ایک مثالی پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔
***** ***** *****
بھارتیہ خلائی تحقیقی ادارے (ISRO) نے کل ملک کا سب سے وزنی ٹیلی کمیونیکیشن سیٹلائٹ CMS-03 لانچ کیا۔ سیٹلائٹ کو آندھرا پردیش کے شری ہری کوٹا میں ستیش دھون خلائی مرکز سے لانچ کیا گیا۔ CMS-03 فوج کا ایک ملٹی بینڈ ٹیلی کمیونیکیشن سیٹلائٹ ہے، جسے جی سیٹ 7-R بھی کہا جاتا ہے۔ اسرو نے کہا کہ یہ سیٹلائٹ بھارتی علاقے اور ملحقہ سمندر کے وسیع علاقے میں خدمات انجام دے گا۔ ISRO نے مزید کہا کہ یہ سیٹلائٹ بھارتی بحریہ کے مواصلاتی نظام کو بہتر بنائے گا، اور اعلیٰ صلاحیت والی بینڈوتھ بھی فراہم کرے گا، جس سے دور دراز کے علاقوں کو ڈیجیٹل ذرائع سے جوڑا جا سکے گا۔
***** ***** *****
مہاراشٹر کو صنعت اور فروغِ ہنرمندی کے شعبے میں سرِفہرست بنانے کی کوششوں کے ایک حصے کے طور پر، مرکزی حکومت نے ریاست کے دو اضلاع ناسک اور امراوتی میں ایک ’سی-ٹرپل آئی ٹی‘ مرکز کو منظوری دی ہے۔ اس کے تحت تحقیق، اختراعات اور ہنرمندی کو فروغ دینے کیلئے رہنمائی اور تربیتی مراکز قائم کیے جائیں گے۔ یہ مراکز نوجوانوں کو مصنوعی ذہانت کے ساتھ ساتھ ’روبوٹکس‘، ’انٹرنیٹ آف تھنگز‘، ’ڈیٹا اینالٹکس‘، ’الیکٹرک وہیکل ٹیکنالوجی‘، اور ’آٹومیشن‘ کے شعبوں میں جدید ٹیکنالوجی پر مبنی عالمی معیار کی تربیت فراہم کریں گے اور نوجوانوں کیلئے روزگار او ر خود روزگارکے نئے مواقع پیدا کریں گے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
کل ممبئی میں آکاشوانی کے 67ویں موسیقی فیسٹیول کا آغاز ہوا۔ ریاستی ثقافتی اُمور کے وزیر آشیش شیلار اور بزرگ گلوکار ارون کشاڑکر افتتاحی تقریب میں مہمان خصوصی کے طور پر موجود تھے۔ آکاشوانی ممبئی کے میٹنگ ہال میں منعقدہ اس تقریب میں بھارتیہ کلاسیکی موسیقی کے گلوکار پدم شری پنڈت وینکٹیش کمار اور مشہور فنکار حامد امین سید اور ان کی رفقا نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ کلاسیکی اور لوک موسیقی جیسے شعبے کے مختلف فنکار 29 نومبر تک ملک بھر کے 24 آکاشوانی مراکز پر اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔
***** ***** *****
کارتکی ایکادشی کل ہر جگہ عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔ اس موقعے پر ریاست بھر کے وٹھل مندروں میں مختلف مذہبی تقاریب منعقد ہوئیں۔ چھترپتی سمبھاجی نگر شہر کے قریب واقع والوج کے پنڈھر پور میں وٹھل-رکمنی مندر میں عقیدت مند کثیر تعداد میں پہنچے ۔ جبکہ پیٹھن میں گوداوری ندی میں غسل کرنے اور سنت ایکناتھ مہاراج سے منسوب اشیاکے درشن کرنے کیلئے عقیدت مندو ں کی بھیڑ دیکھی گئی۔
***** ***** *****
امدادِ باہمی کے وزیر بابا صاحب پاٹل نے کہا ہے کہ ریاست کے ضلعی مرکزی امدادِ باہمی بینکوں میں بھرتی کا عمل شفاف اور غیر جانبدارانہ طور پر آن لائن طریقے سے مکمل کیا جائے گا۔ انھوں نے بتایا کہ بھرتی کا عمل IBPS، TCS اور MKCL جیسے اداروں کی معرفت کروایا جائے گا اور اس عمل میں مقامی امیدواروں کو ترجیح دی جائے گی جس سے بینکوں کے کام کاج میں شفافیت اور بہتری آئے گی۔ اس حوالے سے سرکاری فیصلہ کل جاری کیا گیا۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ میں شدید بارشوں کے باعث فصلوں کو پہنچے نقصانات کا جائزہ لینے کیلئے شیوسینا ادھو بالا صاحب ٹھاکرے پارٹی کے سربراہ ادھو ٹھاکرے مراٹھواڑہ کا رابطہ دو رہ کررہے ہیں۔ پارٹی رہنما امباداس دانوے نے کل ایک صحافتی کانفرنس میں یہ دورہ 5 تا 8 تاریخ کے درمیان ہونے کی اطلاع دی۔
***** ***** *****
نائب وزیر اعلیٰ اور راشٹروادی کانگریس پارٹی کےسربراہ اجیت پوار کو مسلسل چوتھی مرتبہ مہاراشٹر اولمپک ایسوسی ایشن کا صدر منتخب کیا گیا ہے۔ جبکہ مرکزی وزیر مملکت مرلی دھر موہوڑ کو متفقہ طور پر سینئر نائب صدر منتخب کیا گیا۔ اجیت پوار نے کل پونے میں ایک صحافتی کانفرنس میں یہ اطلاع دی۔ پوار کے پینل سے عادل سُماری والا، پردیپ گندھے اور پرشانت دیشپانڈے کو بلا مقابلہ نائب صدر منتخب کیا گیا۔
***** ***** *****
ناسک میں کل سے شروع ہوئے رنجی کرکٹ مقابلے میں سوراشٹر کی ٹیم نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 12 اوورس میں ایک وکٹ پر 61 رن بنائے۔ خراب روشنی کی وجہ سے کھیل کوساڑھے چار بجے روک دیا گیا۔ مہاراشٹر کے مکیش چودھری نے سوراشٹر کے چراغ جانی کو آئوٹ کرکے اپنے وکٹوں کا کھاتہ کھولا۔
***** ***** *****
بیڑ میں 17 سال سے کم عمر لڑکوں اور لڑکیوں کا ریاستی سطح کا والی بال ٹورنامنٹ کل اختتام پذیر ہوا۔ اس ٹورنامنٹ میں ریاست کے آٹھ ڈویژنوں سے آٹھ لڑکوں اور آٹھ لڑکیوں کی ٹیموں نے حصہ لیا۔ اس ٹورنامنٹ سے ریاست کے لڑکوں اور لڑکیوں کی ٹیموں کا انتخاب کیا گیا۔
***** ***** *****
دھاراشیو تعلقے کے گووردھن واڑی میں ایک نیا ذیلی ڈاک خانہ شروع کیا گیا ہے، کل رکن پارلیمان اوم پرکاش راجے نمبالکر اور رکن اسمبلی کیلاس گھاڑگے پاٹل کے ہاتھوں اس ڈاک خانے کا افتتاح عمل میں آیا۔ یہ اقدام دیہی علاقوں تک سرکاری خدمات پہنچانے کیلئے عمل میں لایا گیا ہے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میں معذور شہریوں کو بااختیار بنانے کیلئے سکشم دیوگیری پرانت ادارہ کی معرفت قائم کردہ بااختیار معذور خدمات مرکز کا افتتاح کل ضلع کلکٹر دلیپ سوامی کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ اس موقعے پر ضلع کلکٹر سوامی نے کہا کہ ضلع کلکٹر دفتر حکومت کی اسکیموں کو تمام معذوروں تک پہنچائے گا اور انہیں یہ احساس دلائے گا کہ حکومت اور انتظامیہ معذوروں کے ساتھ ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ خواتین کی قومی کرکٹ ٹیم نے شاندار و تاریخی کارکردگی کے بل پر پہلا عالمی کپ اپنے نام کیا۔ فائنل مقابلے میں جنوبی افریقہ کو 52 رنز سے شکست۔
٭ آج وزیر اعظم کے ہاتھوں ایمرجنگ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی انوویشن کانفرنس 2025 کا افتتاح۔
٭ ملک کے سب سے وزنی ٹیلی کام سیٹلائٹ CMS-3 کی کامیاب لانچنگ۔
٭ ناسک اور امراوتی اضلاع میں 'سی ٹرپل آئی ٹی مر اکز کے قیام کو منظوری۔
اور۔۔۔٭ کارتکی اکادشی کا تہوار ہر طرف عقیدت و احترام سے منایا گیا۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment