Thursday, 6 November 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 06 نومبر 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 06 November-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۶؍نومبر ۲۰۲۵ء؁
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ بہار اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے میں رائے دہی کے عمل کا آغاز؛18 اضلاع کی 121نشستوں کیلئے ایک ہزار 314 امیدواروں میں مقا بلہ۔
٭ ریاست کے مختلف حصوں میں شدید بارشوں اور سیلاب سے ہوئے نقصانات کا مرکزی وفد نے لیاجائزہ۔
٭ ریاستی حکومت کا اسٹار لنک کے ساتھ مفاہمتی معاہدہ ، دور دراز کے علاقوں میں انٹرنیٹ خدمات پہنچنے کا وزیرِ اعلیٰ کا اظہارِ اعتماد۔
اور۔۔۔٭ حکومت سے فوری طور پر متاثرہ کسا نوں کے قرضہ جات معاف کرنے کا سابق وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے کامطالبہ۔ مراٹھواڑہ دورے کے دوران کسانوں سےبات چیت۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
بہار اسمبلی کے عام انتخابات کے تحت اب سے کچھ دیر قبل پہلے مرحلےمیںرا ئے دہی کے عمل کا آغاز ہوگیا ہے۔ اس مرحلے میں 18اضلاع کی121 نشستوں پر پُرامن ماحول میںرائے دہی کا عمل جاری ہے۔ رائے دہی کے پیشِ نظر متعلقہ علاقوں میں سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔ پہلےانتخابی مرحلے میں کُل ایک ہزار 314امیدوار اپنی قسمت آزمارہے ہیں۔ اس د وران ووٹروں میں رائے دہی سے متعلق جوش و خروش دکھائی دے رہا ہے۔
***** ***** *****
ریاست کے مختلف حصوں میں شدید بارش اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا مرکزی دستے نے کل معائنہ کیا۔ بیڑ ضلعے کے بیڑ، شرور کاسار اور آشٹی تعلقہ جات میں اس دستے نے شدید بارش سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ اس دوران عہدیداروں نے کسانوں سے بات چیت کرکے نقصانات سے متعلق جانکاری حاصل کی۔
دریں اثنا اب تک پانچ لاکھ سے زیادہ شدید بارشوں سے متاثرہ کسانوں میں 445 کروڑ روپے سے زیادہ رقم تقسیم کی جا چکی ہے۔ ضلعے کے 11 تعلقہ جات میں فصلوں سمیت زرعی زمینات کو بہت زیادہ نقصان پہنچا ہے‘ جبکہ مویشی اور مکانات بھی بڑے پیمانے پر متاثر ہوئے ہیں ۔ لہٰذا متاثرہ کسانوں نے فوری معاوضہ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ۔
مرکزی دستےنے دھاراشیو ضلعے میں پرانڈا تعلقے کے خاص گاؤں اور واگے گوہان گاؤں کا بھی دورہ کیا اور نقصانات سے متعلق آگاہی حاصل کی۔ مرکزی وفد نے واگے گو ہان میں بارش سے تباہ شدہ کھیتوں اور مکانات کا معائنہ کیا اور سِینا ندی کے کنارے سیلاب سے متاثرہ دیہاتیوں سے سیلاب کی صورتحال کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر کیرتی کرن پجار بھی موجود تھے۔
اسی طرح مرکزی وفد نے شولاپور ضلعے میں جنوبی شولاپور تعلقے کے بڑکباڑ اور موضع ہتّور اور شمالی شولاپور میں تِرہے اور شیونی دیہاتوںکا دورہ کرکے تباہ شدہ کھیتوں سمیت بنیادی ڈھانچے اور شہریوں کی متاثرہ املاک کو پہنچے نقصانات کا جائزہ لیا۔
اہلیانگر ضلعے میں بھی دستےنے کل بھاری بارش اور سیلاب سے متاثر ہونے والے مختلف علاقوں کا دورہ کرکے نقصانات کی جانکاری حاصل کی۔
***** ***** *****
وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے واضح کیا ہے کہ مہایوتی میں شامل تینوں حلیف جماعتیں بلدیاتی انتخابات میں اپنی اپنی سطح پر اتحاد کے بارے میں فیصلہ لیں گی۔ وہ کل کولہاپور میں اخباری نمائندوں سے بات کر رہے تھے۔ انہوں نے اس الیکشن میں عوام کی جانب بڑی تعداد میں مہایوتی کو ووٹ کرنے کا یقین بھی ظاہر کیا۔
***** ***** *****
اسٹار لنک سیٹلائٹ کمیونیکیشن پرائیویٹ لمیٹڈ اور ریاستی حکومت کے محکمۂ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے درمیان کل ایک مفاہمتی معا ہدے پر دستخط کیے گئے۔ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے یقین ظاہر کیا کہ اس معاہدے سے ریاست کے دور دراز کے علاقوں تک انٹرنیٹ خدمات کی دستیابی میں سہولت ہوگی۔ دریں اثنا‘ مہاراشٹر‘اسٹار لنک کے ساتھ معاہدہ کرنے والی ملک کی پہلی ریاست بن گئی ہے۔ اس مفاہمتی معاہدے کے تحت، ریاستی حکومت اور اسٹار لنک جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ریاست کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں کو جوڑنے کیلئے مشترکہ طور پر کام کریں گے۔ اس میں قبائلی اسکولس، ابتد ائی طبّی مراکز، ڈیزاسٹر کنٹرول روم، جنگلاتی انتظامی چوکیاں اور ساحلی علاقوں سمیت گڑچرولی، نندوربار‘ دھاراشیو اور واشم جیسے اضلاع شامل ہیں۔
***** ***** *****
شیو سینا ادھو بالا صاحب ٹھاکرے پارٹی کے سربراہ اُدّھو ٹھاکرے کے مراٹھواڑہ دورے کا کل سے آغاز ہوا۔ اس دوران ٹھاکرے نے چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے میں پیٹھن تعلقے کے ناندرادیہات میں شدید بارشوں سے متاثرہ کسانوں سے بات چیت کی۔ انھوں نے بتایا کہ ان کی حکومت میں بلا شرط متاثرہ کسا نوں کے قرضے معاف کیے گئے تھے۔ تاہم مہایوتی حکومت نے دیوالی سے قبل کسانوں، تاجروں اور شہریوں کو امداد فراہمی کا وعدہ کیا تھا۔ لیکن اس وعدے کو پورا نہ کرنے پر ٹھاکرے نے حکومت کی شدید نکتہ چینی کی۔
بعدازاں ٹھاکرے نے بیڑ ضلعے کے پرلی میں کسانوں سے ملاقات کرکے ان کی دادرسی کی۔ انھوں نے حکومت سے فوری طور پر کسانوں کے قرضہ جات معاف کرنے بصورتِ دیگر ریاست بھر میں کسا نوں کے ہمر اہ راستوں پر اُتر کر احتجاج کرنے کا انتباہ بھی دیا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
قومی ترانہ ’’وندے ماترم‘‘ کو کل ڈیڑھ سو سال مکمل ہو رہے ہیں۔ اس مناسبت سے مرکزی وزارت ِثقافت کے زیرِ اہتمام منعقدہ یادگاری تقریب کا افتتاح وزیرِ اعظم نریندر مودی کل نئی دہلی میں کریں گے۔ 7 نومبر 2025 تا 7 نومبر 2026 تک اس ترانے کی ڈیڑھ سو سالہ تقاریب منائی جائیں گی۔ ساتھ ہی ملک بھر میں متعدد مقامات پر اجتماعی طور پر وندے ماترم پڑھا جائے گا۔
چھترپتی سمبھاجی نگر شہر کے کرانتی چوک پر اجتماعی طور پر’’وندے ماترم‘‘ پڑھنے کی تقریب منعقد ہوگی۔ اس حوالے سے ریاستی وزیر اتل ساوے نے کل جلسہ گاہ کا دو رہ کرکے انتظات کا جائزہ لیا۔
ناندیڑ شہر میں شری گرو گرنتھ صاحب جی بھون تحصیل دفتر کے قریب ’’وندے ماترم‘‘ گیت کی ڈیڑھ سو ویںتاسیس سے متعلق ایک تقریب منعقد ہوگی۔
***** ***** *****
سکھ مذہب کے بانی اور پہلے گرو‘ گرو نانک دیو کا یوم پیدائش کل رو ایتی جوش اور جذبے سے منایا گیا۔ اس موقع پر ریاست کے مختلف گردواروں میں لنگر، بھجن کیرتن سمیت مختلف مذہبی اجتماعات منعقد ہوئے۔ ناندیڑ میں واقع شری سچکھنڈ گردوارہ میں ہزاروں عقیدت مند درشن کیلئے جمع ہوئے تھے۔ ساتھ ہی یہاں کل گردوارہ میں اجتماعی مطالعے کا اختتام بھی عمل میں آیا۔
اسی مناسبت سے پربھنی شہر میں کل سندھی برادری کی جانب سے گرو نانک دیو کا تصویری جلوس بھی نکالا گیا۔
***** ***** *****
کارتک پورنیما، یعنی تریپوراری پورنیما، کل ہر جگہ عقیدت اور روایتی جوش و خرو ش کے ساتھ منائی گئی۔ اس مناسبت سے مختلف مندروں میں دیپوتسو جشن کا انعقاد کیا گیا۔
***** ***** *****
ریاست میں مقامی خود مختار اداروں کے انتخابات کے تحت، ناندیڑ ضلعے کی 12 میونسپل کونسلز اور ایک نگر پنچایت کے 269 اراکین کیلئے چنائو کا عمل ہوگا۔ ضلع کلکٹر راہل کرڈیلے نے بتایا کہ ان انتخابات کیلئے ضلعے میں تمام ضروری تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور آئندہ دنوں میں بھی انتخابی عملے کی تربیت اور انتظامی اجلاس بھی منعقد کیے جائیں گے۔
***** ***** *****
جالنہ میونسپل کارپوریشن کے عام انتخابات کیلئے فہرست ِ رائے دہندگان کے نظرثانی شدہ پروگرام کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ میونسپل کارپوریشن انتظامیہ کے جاری کردہ صحا فتی بیان کے مطابق وارڈ وار ڈرافٹ ووٹر لسٹ 14 نومبر کو شائع کی جائے گی۔ جبکہ 22 نومبر تک فہرست پر اعتراضات اور تجاویز داخل کیے جاسکیں گے‘ بعد ازاں 6 دسمبر کو حتمی فہرست رائے دہندگان شائع کی جائے گی۔
***** ***** *****
بیڑ ضلعے کے امباجوگائی شہر میں مختلف ترقیاتی کاموں کیلئے ضلع سالانہ منصوبہ فنڈ سے تقریباً 12 کروڑ 13 لاکھ روپے کا فنڈ منظور کیا گیا ہے۔ ضلع کلکٹر دفتر کے میونسپل کونسل شعبے نے تین بڑے ترقیاتی منصوبے کے کاموں کو انتظامی منظوری دے دی ہے، اور اس فنڈ کا استعمال رہائشی بستیوں میں بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے کیا جائے گا۔
***** ***** *****
دھاراشیو ضلعے کے کسانوں کیلئے موسمِ ربیع کی بوائی کیلئے اضافی امداد کے طور پر 577 کروڑ روپے منظور کیے گئے ہیں۔ رکن اسمبلی رانا جگجیت سنگھ پاٹل نے کل ممبئی میں وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس سے ضلعے کے تمام کسانوں کی جانب سے ملاقات کی اور امداد فراہمی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
***** ***** *****
بھارت اور آسٹریلیا کے مابین چوتھا ٹی ٹوئنٹی کرکٹ مقابلہ آج کوئنس لینڈ میں کھیلا جائے گا۔ یہ مقابلہ دوپہر پونے دو بجے شروع ہوگا۔ دونوں ٹیمیں پانچ میچوں کی سیریز میں 1-1 سے برابر ہیں۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ بہار اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے میں رائے دہی کے عمل کا آغاز؛18 اضلاع کی 121نشستوں کیلئے ایک ہزار 314 امیدواروں میں مقا بلہ۔
٭ ریاست کے مختلف حصوں میں شدید بارشوں اور سیلاب سے ہوئے نقصانات کا مرکزی وفد نے لیاجائزہ۔
٭ ریاستی حکومت کا اسٹار لنک کے ساتھ مفاہمتی معاہدہ ، دور دراز کے علاقوں میں انٹرنیٹ خدمات پہنچنے کا وزیرِ اعلیٰ کا اظہارِ اعتماد۔
اور۔۔۔٭ حکومت سے فوری طور پر متاثرہ کسا نوں کے قرضہ جات معاف کرنے کا سابق وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے کامطالبہ۔ مراٹھواڑہ دورے کے دوران کسانوں سےبات چیت۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment