Sunday, 9 November 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 09 نومبر 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 09 November-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۹/نومبر ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کا آئندہ یکم دسمبر سے آغاز۔
٭ مقامی خود مختار اداروں کے انتخابات میں اہم تشہیر کاروں کی تعداد دوگنا۔
٭ آخری گاؤں کو بھی ترقی یافتہ بنانے کیلئے حکومت پُرعزم: وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کا اظہارِ خیال۔
٭ لاتور ضلع کوآپریٹیو کمپلیکس کی تعمیر کو انتظامی اور مالی منظوری۔
٭ سائبر جعلسازی میں ملوث 12 افراد کا گروہ ممبئی کرائم برانچ کی حراست میں۔
اور۔۔۔٭ آسٹریلیاء کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز بھارت نے دو-ایک سے جیت لی۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس آئندہ یکم دسمبر سے شروع ہوگا۔ یہ اطلاع پارلیمانی اُمور کے وزیر کِرن رِجیجو نے سماجی رابطے پر ایک پیغام کے ذریعے دی۔ انھوں نے اُمید ظاہر کی کہ 19 دسمبر تک چلنے والے اس اجلاس میں جمہوریت کو مضبوط بنانے اور عام آدمی کی خواہشات پوری کرنے کے نکتہئ نظر سے قانونی مباحث ہوں گے۔
***** ***** *****
ریاستی انتخابی کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کیلئے سیاسی جماعتوں کی جانب سے دی جانے والی مرکزی تشہیر کاروں کی تعداد کی حد کو دوگنا کردیا ہے۔ اب ماضی کی طرح 20 کی بجائے 40 مرکزی تشہیری کارکن پارٹی کی تشہیری مہم میں حصہ لے سکیں گے۔ گذشتہ ماہ کمیشن کے دفتر میں منعقدہ کُل جماعتی اجلاس میں سیاسی جماعتوں کے نمائندوں نے یہ مطالبہ کیا تھا۔ تمام جماعتوں کو اپنے مرکزی تشہیر کاروں کی فہرست متعلقہ ضلع کلکٹرز یا میونسپل کمشنروں کے پاس پیش کرنا ہوگا۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ گڈچرولی کو مہاراشٹر کے داخلی دروازے کی شناخت دلانے کی غرض سے آخری گاؤں تک ترقی پہنچانے کیلئے حکومت کوشاں ہے۔ وہ کل گڈچرولی ضلع کے اہیری میں خواتین و اطفال اسپتال کا افتتاح اورسِرونچا میں ملٹی اسپیشلٹی اسپتال کا سنگ ِ بنیاد رکھنے کے بعد خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ ہر ایک کو طبّی سہولیات کا حق ہے اور گڈچرولی کے ہر شہری تک طبّی خدمات کی سہولت مہیا کی جارہی ہے‘ جس سے ضلع کی تصویر بدل رہی ہے۔ وزیرِ اعلیٰ نے مزید کہا کہ گڈچرولی ضلع ملک کا اسٹیل ہب ہے۔ حکومت نے یہاں پانچ کروڑ درخت لگاکر جنگلاتی رقبہ بڑھانے کا منصوبہ بنایا ہے‘ تاکہ پانی اور زمینی تحفظ کے ذریعے پائیدار ترقی حاصل کی جاسکے۔
***** ***** *****
شیوسینا اُدّھو باڑا صاحب ٹھاکرے پارٹی کے سربراہ اُدّھو ٹھاکرے نے کہا ہے کہ اب کسی دوسری سیاسی جماعت سے آنے والوں کو ان کی پارٹی میں جگہ نہیں دی جائیگی۔ وہ کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں پارٹی کارکنوں ایک اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ آنے والے بلدیاتی انتخابات میں پرانے پارٹی کارکنوں کو ترجیح دی جائیگی۔ بعد ازاں انھوں نے جالنہ ضلع کے پرتور تعلقے کے پاٹودہ ماؤ میں منعقدہ کسانوں کے ایک اجتماع میں بھی شرکت کی۔ مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ جو سیاسی رہنماء اپنی پارٹی کو خود کفیل نہیں بناسکتے وہ ملک کو کیا خود کفیل بنائیں گے۔ انھوں نے الزام عائد کیا کہ شدید بارش سے متاثرہ کسانوں کو دی گئی امداد نہایت حقیر اور کسانوں کے ساتھ مذاق کے مترادف ہے۔
***** ***** *****
ریاستی کانگریس کے صدر ہرش وردھن سپکاڑ نے الزام عائد کیا ہے کہ ممبئی اور پونہ سمیت ریاست بھر میں کروڑوں روپئے مالیت کی زمینیں انتہائی کم قیمت پر فروخت کی جارہی ہیں۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت ان تمام لین دین پر قرطاسِ ابیض جاری کرے اور مقننہ کے آئندہ سرمائی اجلاس میں اس پر بحث کی جائے۔ پونہ کے کورے گاؤں پارک کی اراضی کے معاملے پر انھوں نے حکومت پر سخت تنقید کی اور کہا کہ اس معاملت میں بدعنوانیاں ہوئیں‘ یہ سودا منسوخ تو کیا گیا لیکن قصوروار افرادکے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔
***** ***** *****
لاتور ضلع میں کوآپریٹیو کمپلیکس کی تعمیر کو انتظامی اور مالی منظوری دے دی گئی ہے۔ امدادِ باہمی کے وزیر بابا صاحب پاٹل نے کل لاتور میں منعقدہ ایک اخباری کانفرنس میں یہ اطلاع دی۔ انھوں نے بتایا کہ اس منصوبے کیلئے 25 کروڑ روپئے منظور کیے گئے ہیں اور یہ عمارت لاتور شہر کی ڈالڈا فیکٹری کی زمین پر تعمیر کی جائیگی۔ وزیرِ موصوف نے اعتماد ظاہرکیا کہ اس فیصلے سے امدادِ باہمی کے 11 علاقائی دفاتر ایک ہی جگہ پر آجائیں گے جس سے کوآپریٹیو شعبے کا کام مزید آسان اور مؤثر طور پر ممکن ہوسکے گا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
ریاست کے چیف سیکریٹری راجیش کمار نے ناسک میں 2027 میں ہونے والے کمبھ میلے کی کامیابی کیلئے ہر محکمے کو مفصل منصوبہ بندی کرکے کام تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وہ کل ناسک میں ڈویژنل کمشنر دفترمیں اس سلسلے میں منعقدہ ایک اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔
***** ***** *****
الیکشن کمیشن آف انڈیا کے معلّنہ پروگرام کے مطابق پونہ، ناگپور اور اورنگ آباد کے گریجویٹ حلقوں نیز پونا و امراوتی کے اساتذہ حلقوں کے دو سالہ انتخابات کیلئے فہرست رائے دہندگان ازسرِنو مرتب کرنے کا عمل جاری ہے۔ اس عمل کے تحت 25 نومبر کو عبوری فہرست رائے دہندگان جاری کی جائیگی‘10 دسمبر تک اس فہرست پر دعوے‘ شکایات اور اعتراضات داخل کیے جاسکتے ہیں اور بعد ازاں 30 دسمبر کو حتمی فہرست شائع کی جائیگی۔
***** ***** *****
نئی ممبئی پولس کرائم برانچ نے سائبر جعلسازی میں ملوث 12 افراد کے ایک گروہ کو گرفتار کرلیا ہے۔ ممنوعہ آن لائن گیمنگ کے ذریعے جعلسازی کرنے والے اس گروہ نے اب تک 84 کروڑ روپئے کی جعلسازی کی ہے‘ جس کیلئے ملک بھر کی مختلف بینکوں کے 886 کھاتوں کے استعمال کا انکشاف دورانِ تفتیش ہوا۔ کرائم برانچ کے ڈپٹی کمشنر سچن گنجاڑ نے ایک اخباری کانفرنس میں یہ اطلاع دی۔ انھوں نے بتایا کہ نیشنل سائبر کرائم پورٹل پر درج شدہ 400 شکایتوں کے سرے بھی اس گروہ کے بے نقاب ہونے کے بعد مل گئے ہیں۔ اس کارروائی میں 52 موبائل فون‘ سات لیپ ٹاپ‘99 ڈیبیٹ کارڈ‘ 64 پاس بک اور ٹاٹا سفاری اسٹرام کار ضبط کی گئی، جس کی کُل مالیت18 لاکھ سے زائد ہے۔ اس گروہ کے بیشتر اراکین کا تعلق بہار، چھتیس گڑھ، اور دہلی سے ہے اور یہ مہاراشٹر سے دیدہ دلیری کے ساتھ ملک بھر میں جعلسازی کررہے تھے۔
***** ***** *****
آسٹریلیاء میں کھیلی گئی پانچ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میچوں کی سیریز بھارت نے دو۔ ایک سے جیت لی۔ سیریز کے پہلے میچ کی طرح آخری میچ بھی بارش کے باعث نامکمل رہا۔ اس میچ میں آسٹریلیاء نے ٹاس جیت کر بھارت کو بلّے بازی کیلئے مدعو کیا۔ بھارت کے بغیر کسی نقصان کے 52 رن بنانے کے بعد بارش کے باعث میچ روک دیا گیا، جو دوبارہ شروع نہیں ہوسکا۔ بھارت کے افتتاحی بلّے بازی ابھیشیک شرما کو مین آف دی سیریز قرار دیا گیا۔
***** ***** *****
دھاراشیو ضلع کے رابطہ سیکریٹری انشو سنہا نے مختلف سرکاری محکموں کے ایک جائزہ اجلاس میں شرکت کی۔ اس موقع پر انھوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ شدید بارش سے متاثرہ کوئی بھی شخص امداد سے محروم نہ رہے‘ اس بات کو یقینی بنایا جائے۔ اس کے علاوہ مختلف ترقیاتی کاموں کو بروقت مکمل کرنے کی بھی انھوں نے ہدایت کی۔
***** ***** *****
ڈویژنل کمشنر جتیندر پاپڑکر نے مراٹھواڑہ کے تمام ضلع کلکٹرز کو ہدایت کی ہے کہ شدید بارش سے متاثرہ افراد میں امداد کی تقسیم کیلئے ایگری اسٹیک رجسٹریشن کے مطابق امداد دی جائے۔ مراٹھواڑہ میں اب تک 50 فیصد استفادہ کنندگان میں یہ امداد تقسیم کی جاچکی ہے۔
دریں اثناء‘ چھترپتی سمبھاجی نگر کے ضلع کلکٹر دلیپ سوامی نے ایگری اسٹیک رجسٹریشن کیلئے ضلع کے ہر گاؤں میں خصوصی کیمپ منعقد کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اس ضمن میں ضلع کے ہر گاؤں میں آپلے سرکار سیوا کیندر آج بروز اتوار بھی کھلے رہیں گے۔ بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں کی گئی تیاریوں کا بھی دلیپ سوامی نے کل ایک علیحدہ اجلاس میں جائزہ لیا۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن انتخابات کیلئے 11 نومبر کو وارڈ کے ریزرویشن کی قرعہ اندازی کی جائیگی۔ ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی کے آڈیٹوریم میں صبح 11 بجے اس قرعہ اندازی کا آغاز ہوگا۔
***** ***** *****
ریاست کے بیشتر مقامات پر سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔ کل جلگاؤں میں درجہئ حرارت سب سے کم 10 ڈگری سیلسیئس ریکارڈ کیا گیا‘ اس کے بعد مہابلیشور میں 13 ڈگری، ناسک اور امراوتی میں ساڑھے تیرہ ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ مراٹھواڑہ کے بیڑ میں بھی ساڑھے تیرہ ڈگری اور چھترپتی سمبھاجی نگر میں 14 اعشاریہ دو ڈگری‘ پربھنی میں 14 اعشاریہ چار ڈگری سیلسیئس ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہئ موسمیات کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ریاست کے دیگر مقامات پر بھی درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کا آئندہ یکم دسمبر سے آغاز۔
٭ مقامی خود مختار اداروں کے انتخابات میں اہم تشہیر کاروں کی تعداد دوگنا۔
٭ آخری گاؤں کو بھی ترقی یافتہ بنانے کیلئے حکومت پُرعزم: وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کا اظہارِ خیال۔
٭ لاتور ضلع کوآپریٹیو کمپلیکس کی تعمیر کو انتظامی اور مالی منظوری۔
٭ سائبر جعلسازی میں ملوث 12 افراد کا گروہ ممبئی کرائم برانچ کی حراست میں۔
اور۔۔۔٭ آسٹریلیاء کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز بھارت نے دو-ایک سے جیت لی۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment