Wednesday, 12 November 2025

Text-آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 12 نومبر 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 12 November-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ دہلی کار دھماکے میں ملوث افراد کے خلاف سخت کاروائی کا وزیر اعظم کا انتباہ۔واقعے کی جانچ این آئی اے کے سپرد۔
٭ قومی آبی ایوارڈس کا اعلان۔ ریاستوں کے زمرے میں مہاراشٹر کا پہلا نمبر۔
٭ دھاراشیو ڈسٹرکٹ بینک کو 74/کروڑ روپیئے شیئر کیپٹل دینے کا ریاستی کابینہ کا فیصلہ۔ بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کو برخاست کرکے ایڈمنسٹریٹر کی تعیناتی کو بھی منظوری
٭ ہنگولی ضلع میں آبی منصوبوں کے لیے214کروڑ روپیئے منظور۔
اور۔۔۔٭ مختلف میونسپل کارپوریشنوں کے وارڈز کے لیے ریزرویشن قرعہ اندازی۔چھتر پتی سمبھاجی نگر میں 115میں سے 58نشستیں خواتین کے لیے محفوظ۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
دہلی کار دھماکے کی سازش میں ملوث افراد کے خلاف سخت کاروائی کا انتباہ وزیر اعظم نریندر مودی نے دیا ہے۔ بھوٹان کے چوتھے راجہ جگمے سنگے وانگچوک کے 70ویں یوم پیدائش کے سلسلے میں راجدھانی تھمپو میں منعقدہ ایک خصوصی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے اس واقعے پر شدید صدمے کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی ایجنسیاں اس واردات کی جڑوں تک جاکر مجرموں کو تلاش کریں گی۔
Byte: P.M. MODI
دریں اثناء بھارت اور بھوٹان کے مشترکہ طور پر تیار کردہ ایک ہزار 20میگا واٹ کے پونات سانگ چو آبی منصوبے کے دوسرے مرحلے کا افتتاح بھی کل وزیر اعظم کے ہاتھوں عمل میں آیا۔
***** ***** *****
دہلی کار دھماکے کی جانچ قومی تحقیقاتی ادارے این آئی اے کے سپرد کی گئی ہے۔ اس خصوص میں مرکزی وزیر امت شاہ کی رہائش گاہ پر ان کی صدارت میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی سلامتی اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا۔ امت شاہ نے اس موقع پر ادارے کو حکم دیا کہ اس واردات میں ملوث ہر مجرم کا پتہ لگایا جائے۔
***** ***** *****
وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے تیقین دیا ہے کہ اس واقعے کے ذمہ داروں کو ہر صورت میں سزا ملے گی۔ وہ کل نئی دہلی میں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحقیقاتی ایجنسیاں اس واقعے کی باریک بینی سے جانچ کر رہی ہیں۔ اور اس جانچ کے نتائج کو جلد عام کیا جائے گا۔دریں اثناء اس واقعے کے ایک مشتبہ ملزم کے والد کو جموں و کشمیر کے پلوامہ سے تفتیش کے لیے حراست میں لیا گیا ہے۔
***** ***** *****
چھٹے قومی آبی ایوارڈز کا اعلان کردیا گیاہے۔ مختلف دس زمروں کے لیے دیئے جانے والے ان ایوارڈز میں ریاستی زمرے میں مہاراشٹر نے پہلا نمبر حاصل کیا ہے۔ آبی وسائل کے وزیر سی آر پاٹل نے یہ اطلاع دی۔ آئندہ 18تاریخ کو صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کے ہاتھوں یہ ایوارڈز دیئے جائیں گے۔
***** ***** *****
ناسک۔ناگپور۔دھاراشیو ڈسٹرکٹ بینکوں کو 827کروڑ روپیئے شیئر کیپٹل دینے کا فیصلہ ریاستی کابینہ نے کیا ہے۔ اس میں ناسک ضلع بینک کو 672کروڑ روپیئے، ناگپور ضلع بینک کو 81کروڑ روپیئے اور دھاراشیو ضلع بینک کو 74کروڑ روپیئے دیئے جائیں گے۔ دھاراشیو ضلع بینک کے روز افزوں خستہ حالی کے پیش نظر بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کو برخاست کرکے ایڈمنسٹریٹر تعینات کرنے کے لیے کو آپریٹیو کمشنر کو حکم دیئے جانے کا فیصلہ بھی کل منعقدہ کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا۔
***** ***** *****
ریاست کے عدالتی احاطوں اور ججوں کی رہائش گاہوں کی حفاظت کے لیے اضافی آٹھ ہزار 282محافظوں کے تقرر اور پانچویں مہاراشٹر مالیاتی کمیشن کی سفارشات کی مدت میں مزید ایک برس کی توسیع کا فیصلہ بھی اسی کابینی اجلاس میں کیا گیا۔
ہنگولی تعلقے کے ڈگرس آبی ذخیرے کے لیے 90کروڑ 61/لاکھ روپیئے مختص کرنے کے فیصلے کو بی کابینہ نے منظوری دی۔ اس منصوبے سے ڈگرس۔ لوہ گاؤں اور داٹے گاؤں کی 603/ ہیکٹرزمین سیراب کی جاسکے گی۔ ہنگولی ضلع کے سین گاؤں تعلقے کے سکڑی آبی ذخیرے کے لیے 124/کروڑ 36/لاکھ روپیئے مختص کرنے کو بھی کابینہ نے منظوری دی ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
آج خدمات عامہ نشریات دن منا یا جارہاہے۔ 12/نومبر 1947کو بابائے قوم مہاتما گاندھی نے آل انڈیا ریڈیو پر تاریخی خطاب کیا تھا۔ اسی خطاب کی یاد میں 12/نومبر کو یہ دن منا یا جاتا ہے۔
***** ***** *****
وزیر اعلیٰ دیویندر فڈنویس نے کل ممبئی میں ریاستی محکمہئ زراعت کے نئے لوگو اور نعرے ”پائیدار زراعت۔ خوش حال کسان“ کا اجراء کیا۔ اس موقع پر نائب وزراء اعلیٰ ایکناتھ شندے، اجیت پوار اور وزیر زراعت دتاتریہ بھرے بھی موجود تھے۔ لوگو مقابلے لے فاتح بھساول کے دیریندر پاٹل اور نعرہ مقابلے کے فاتح پربھنی کے سدھی دیسائی کو اس موقع پر اعزازات سے نوازا گیا۔
***** ***** *****
چھتیس گڑھ۔ مہاراشٹر سرحد پر واقع بستر۔بیجاپوراور گڈچرولی اضلاع سے ملحق جنگلات میں کل حفاظتی دستوں اور نکسلائیٹ کے درمیان مقابلہ آرائی میں چھ نکسلائیٹ ہلاک ہو گئے۔ یہ کاروائی محفوظ حفاظتی دستوں۔ کوبرا کمانڈوز اور مقامی پولس نے مشترکہ طور پر انجام دی۔
***** ***** *****
ریاست کے مختلف میونسپل کارپوریشنوں کے انتخابات کے لیے کل قرعہ اندازی عمل میں آئی۔ چھتر پتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن کے 115وارڈز میں سے 58نشستیں خواتین کے لیے۔31پسماندہ طبقات۔ 22درج فہرست ذاتوں اور دو نشستیں در ج فہرست قبائل کے لئے محفوظ رکھی گئی ہیں۔
پربھنی میونسپل کارپوریشن کے 16/وارڈز کے لیے درج فہرست ذاتوں۔ درج فہرست قبائل۔دیگر پسماندہ طبقات۔عام خواتین اور کھلے زمرے کے لیے ریزرویشن کا بھی کل اعلان کیا گیا۔ لاتور میونسپل کارپوریشن کی 69نشستوں میں سے 35خواتین کے لیے محفوظ کی گئی ہیں۔ جالنہ میونسپل کمشنر آشیما متل کی صدارت میں 16بلاکس کی کل 65/نشستوں کے لیے ریزرویشن طئے کئے گئے۔ انتخابات کے دوران امن و انتظام کی صورت حال بنائے رکھنے کے لیے 11/افراد کوجالنہ ضلع سے تڑی پار کیا گیاہے۔ یہ کاروائی ایس پی جئے کمار بنسل کے حکم پر کی گئی۔
***** ***** *****
ناندیڑ میونسپل کارپوریشن میں کل 81نشستوں میں سے 41نشستیں خواتین کے لیے محفوظ کی گئی ہیں۔ اس خصوص میں میونسپل کمشنر ڈاکٹر مہیش کمار ڈوئی پھوڑے نے اخباری نمائندوں کو تفصیلات سے آگاہ کیا۔
***** ***** *****
ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی کے ڈگری کورسیز کے امتحانات کل سے شروع ہورہے ہیں جن میں تین لاکھ 55ہزار طلباء شرکت کررہے ہیں۔ ان امتحانات کے لیے یونیورسٹی نے 33/اسکواڈ تشکیل دیئے ہیں۔ سوامی رامانند تیرتھ مراٹھواڑہ یونیورسٹی کے امتحانات کا بھی کل سے آغاز ہوا۔ جن میں تقریباًایک لاکھ 20/ہزار طلباء شریک ہو رہے ہیں۔
***** ***** *****
بیڑ ضلع پریشد اسکولوں کے اساتذہ اور نگراں عملے کے لیے ونوبا بھاوے ایپ کا ورکشاپ کل بیڑ میں منعقد ہوا۔ اس موقع پر سی ای او جتن رحمان نے ہدایت کی کہ طلباء کے تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے لیئے اس ایپ کا موثر طور پر استعمال کیا جائے۔
***** ***** *****
جالنہ ضلع کے امبڑ تعلقے کے سکھاپوری علاقے میں تیندوے کی موجودگی سامنے آئی ہے۔ انتظامیہ نے کسانوں اور گنے کے کاشتکاروں سے کہا ہے کہ وہ اس سلسلے میں احتیاط برتیں اور تیندوا دکھائی دینے پر فوری محکمہئ جنگلات کو اطلاع دیں۔
***** ***** *****
بصارت سے محروم خواتین کی ٹی ٹوئینٹی عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا کل سے آغاز ہوا۔ نئی دہلی میں کل کھیلے گئے پہلے میچ میں بھارت نے سری لنکا کو 10وکٹوں سے شکست دی۔
***** ***** *****
موسم:
ریاست میں کل جلگاؤں میں سب سے کم درجہئ حرارت 9.55ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ناسک میں 10.57، بیڑ میں 11.40ڈگری، چھتر پتی سمبھاجی نگر میں 12.40ڈگری، پربھنی میں 13.5ڈگری سیلسیس درجہئ حرارت درج کیا گیا۔
محکمہئ موسمیات کے مطابق آئندہ دو دنوں میں ریاست کے بیشتر حصوں میں موسم خشک رہے گا۔ تاہم کوکن میں کئی مقامات پر، مراٹھواڑہ کے چند مقامت پر اور ودرتھ میں کہیں کہیں کم سے کم درجہئ حرارت میں نمایاں کمی کا امکان ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ دہلی کار دھماکے میں ملوث افراد کے خلاف سخت کاروائی کا وزیر اعظم کا انتباہ۔واقعے کی جانچ این آئی اے کے سپرد۔
٭ قومی آبی ایوارڈس کا اعلان۔ ریاستوں کے زمرے میں مہاراشٹر کا پہلا نمبر۔
٭ دھاراشیو ڈسٹرکٹ بینک کو 74/کروڑ روپیئے شیئر کیپٹل دینے کا ریاستی کابینہ کا فیصلہ۔ بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کو برخاست کرکے ایڈمنسٹریٹر کی تعیناتی کو بھی منظوری
٭ ہنگولی ضلع میں آبی منصوبوں کے لیے214کروڑ روپیئے منظور۔
اور۔۔۔٭ مختلف میونسپل کارپوریشنوں کے وارڈز کے لیے ریزرویشن قرعہ اندازی۔چھتر پتی سمبھاجی نگر میں 115میں سے 58نشستیں خواتین کے لیے محفوظ۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment