Tuesday, 18 November 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 18 نومبر 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 18 November-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۸۱/نومبر ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ مرکزی وزیرِ زراعت نے پارلیمنٹ کے آئندہ بجٹ اجلاس میں نیا SEEDبل پیش کرنے کا کیا وعدہ۔
٭ سرکاری ملازمتوں میں کامیاب اُمیدواروں کو چار دِنوں میں تقرری کا خط دیا جائے؛ ساتھ ہی پروموشن کی نشستوں کے مطابق 75 فیصد پروموشن دینے کی وزیرِ اعلیٰ کی ہدایت۔
٭ آئندہ بلدیاتی انتخابات میں ریزرویشن کی 50 فیصد بالائی حد پر عمل درآمد کرنا لازمی ہوگا: سپریم کورٹ کا فیصلہ۔
٭ بلدیاتی انتخابات کیلئے نشانات کے حامل امیدواروں کی حتمی فہرست کا اعلان 26 نومبر کو کیا جائے گا۔
اور۔۔۔٭ محکمہئ موسمیات نے آج مراٹھواڑہ اور ودربھ میں سردی کی لہر کا دیا انتباہ؛ بیڑ میں درجہئ حرارت 10 اعشاریہ دو ڈگری سیلسیئس کیا گیا درج۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
مرکزی وزیرِ زراعت شیوراج سنگھ چوہان نے تیقن دیا ہے کہ وہ غیر معیاری اور غیر قانونی بیجوں کی فروخت کو روکنے کیلئے پارلیمنٹ کے آئندہ بجٹ اجلاس میں ایک نیا SEED بل پیش کریں گے۔ وزیرِ موصوف کل ممبئی میں ایشین سیڈس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے بتایا کہ باغبانی فصلوں کیلئے معیاری پودے لگانے کا مواد فراہم کرنے کیلئے مہاراشٹر میں تین کلین پلانٹ سینٹرس قائم کیے جائیں گے۔ چوہان نے روایتی بیجوں کے تحفظ پر زور دینے کی ضرورت کا اظہار کیا۔ انھوں نے کہا:
Byte: Agriculture Minister Shivraj Singh Chouhan
چوہان نے بتایا کہ غذائیت کی کمی کو دور کرنے کی خاطر اناج کی خصوصی اقسام پر تحقیق کی جارہی ہے اور ایسی دو سو سے زائد بیجوں کی اقسام تیار کی جاچکی ہیں۔ انھوں نے کہا:
Byte: Agriculture Minister Shivraj Singh Chouhan
اس کانفرنس کا افتتاح وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کیا۔ حکومت نے آئندہ دو تا تین برسوں میں ریاست میں 25 لاکھ ہیکٹر اراضی کو قدرتی کھیتی کے تحت لانے کا عزم کیا ہے اور انھوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا ہے کہ اگر بیج کمپنیاں‘ اختراعی آئیڈیاز کے ساتھ سامنے آئیں گی تو مہم پائیداری کی طرف بڑھ سکتے ہیں۔ وزیرِ اعلیٰ نے اس بات کی بھی نشاندہی کی کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے پس منظر میں موسم سے مزاحمت کرنے والے بیجوں کی اقسام کی ضرورت بڑھ گئی ہے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے ہدایت کی ہے کہ سرکاری خدمات میں مختلف عہدوں کے امتحانات کے نتائج کے اعلان کے بعد کم از کم چار دنوں میں متعلقہ کامیاب امیدواروں کو تقرری کے خطوط دئیے جائیں۔ وزیرِ اعلیٰ کل اس خصوص میں منعقدہ ایک اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ ساتھ ہی انھوں نے سالانہ نتائج کا جائزہ لینے کے بعد جنوری کے اخیر تک دستیاب پروموشن سلاٹس کے مطابق 25فیصد ترقیاں دینے کی بھی ہدایت دی۔ وزیرِ اعلیٰ نے یہ بھی ہدایت دی کہ ریاست کی سرکاری یونیورسٹیاں اپنے تعلیمی معیارکے ساتھ ساتھ اپنے قومی اور بین الاقوامی درجہ بندی کو بہتر بنانے کیلئے خصوصی کوششیں کریں، جس کیلئے ہر یونیورسٹی کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کی خاطر ایک ڈیش بورڈ بنایا جائے۔
***** ***** *****
اسی بیچ ریاست کے تقریباً 25 ہزار سرپنچوں نے کل وزیرِ اعلیٰ کے ساتھ ڈیجیٹل پلیٹ فارم ’سرپنچ سنواد‘ پر براہِ راست بات چیت کی۔ اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ نے سرپنچوں کو مختلف اسکیمات کیلئے مرکزی اور ریاستی حکومتوں سے ملنے والے فنڈس کا بہترین استعمال کرنے کی ہدایت دی۔ وزیرِ اعلیٰ پھڑنویس نے بتایا کہ سولار پمپ اسکیم ریاست میں بڑے پیمانے پر کامیاب ہورہی ہے۔ انھوں نے اس یقین کا بھی اظہار کیا کہ اس سلسلے میں ایک عالمی ریکارڈ مہاراشٹر کے نام ہوگا۔
***** ***** *****
مویشیوں کی افزائش اور دودھ کی ترقی کے ریاستی محکمے کی جانب سے دیا جانے والا قومی گوپال رَتن ایوارڈ اس برس ریاست کے دو ڈیری کسانوں نے اپنے نام کیا ہے۔ دیسی جانوروں کی پرورش کرنے والے بہترین ڈیری فارمز کے زمرے میں کولہاپور کے اروند پاٹل نے پہلا مقام حاصل کیا‘ جبکہ کولہاپور کی ہی شردھا دھون نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
***** ***** *****
بہار کے وزیرِ اعلیٰ نتیش کمار نے کل اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ کل ان کی زیرِ صدارت ریاستی کابینہ کے آخری اجلاس میں کابینہ کو برخاست کرنے کی تجویز منظور کی گئی۔ جس کے بعد نتیش کمار نے اپنا استعفیٰ گورنر عارف محمد خان کو سونپ دیا۔ نئی حکومت کی حلف برداری کی تقریب آئندہ 20 نومبر کو ہوگی۔
***** ***** *****
سپریم کورٹ نے حکم دیا ہے کہ آئندہ بلدیاتی انتخابات میں ریزرویشن کی 50 فیصد بالائی حد پر عمل کیا جائے۔ عدالت نے بانٹھیا کمیشن کے نتائج کی بنیاد پر ان انتخابات میں او بی سی ریزرویشن کو نافذ کرنے کے حکومت کے فیصلے سے متعلق درخواستوں پر کل سماعت کی۔ بینچ نے یہ بھی مشاہدہ کیا کہ دیگر پسماندہ طبقات او بی سی کے ریزرویشن سے متعلق سپریم کورٹ کی طرف سے دی گئی ہدایات کی غلط تشریح کی گئی۔ اس معاملے کی آئندہ سنوائی کل ہوگی۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
میونسپل کاؤنسل اور نگر پنچایت انتخابات کیلئے درخواست دینے کی آخری تاریخ کل ختم ہوگئی۔ ان درخواستوں کی جانچ پڑتال آج ہوگی۔ اس کے بعد درست پائے گئے امیدواروں کی فہرست کا اعلان کیا جائے گا۔ آئندہ 19 تا 21 نومبر کے دوران نام واپس لیے جاسکتے ہیں‘ سوائے اس وارڈ یا درخواست کے جس پر اپیل کی گئی ہے۔ امیدواروں کی حتمی فہرست کا اعلان ان کے نشانات کے ساتھ 26 نومبر کو کیا جائے گا۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع میں چھ میونسپل کاؤنسلز اور ایک نگر پنچایت کے ارکان کے عہدوں کیلئے کُل ایک ہزار 312 درخواستیں اور صدر کے عہدے کیلئے 88 درخواستیں داخل کی گئی ہیں۔
***** ***** *****
جالنہ ضلع میں بھوکردن کے صدر بلدیہ کے عہدے کیلئے 12 جبکہ اراکین کے عہدوں کے انتخابات کیلئے 154 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ اسی طرح عنبڑ میں صدرِ بلدیہ کیلئے 14 اور اراکین عہدوں کیلئے 132 امیدواروں نے پرچہ داخل کیا ہے۔ وہیں پرتور کے صدر بلدیہ کیلئے 16 امیدواروں نے اور اراکین کیلئے 132 امیدواروں نے نامزدگی داخل کی ہے۔
***** ***** *****
ناندیڑ ضلع میں 23 میونسپل کاؤنسلز اور ایک نگر پنچایت کے اراکین عہدوں کیلئے 153 نامزدگی کے کاغذات داخل کیے گئے ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صدر بلدیہ عہدوں کیلئے ضلع بھر میں 212 درخواستیں جمع ہوئی ہیں۔
***** ***** *****
اسی طرح پربھنی ضلع میں صدرِ بلدیہ عہدوں کیلئے کُل 117 جبکہ اراکینِ بلدیہ کیلئے ایک ہزار 210 کاغذاتِ نامزدگی داخل کیے گئے ہیں۔ وہیں ہنگولی ضلع میں صدرِ بلدیہ کی نشستوں کیلئے 71 امیدواروں نے اور ممبران کیلئے 890 امیدواروں نے پرچہ داخل کیا ہے۔ لاتور ضلع میں صدرِ بلدیہ کیلئے 103 امیدوار ہیں جبکہ ممبران کیلئے ایک ہزار 257 افراد نے درخواستیں داخل کی ہیں۔
***** ***** *****
بنگلہ دیش کی سابق وزیرِ اعظم شیخ حسینہ کو بنگلہ دیش کی عدالت نے موت کی سزا سنائی ہے۔ ان کو گذشتہ برس جولائی میں طلبہ کی تحریک کو دبانے کیلئے تشدد کرنے کا مجرم ٹھہرایا گیا ہے۔ دوسری جانب شیخ حسینہ نے تمام الزامات کی تردید کرتے ہوئے بنگلہ دیش واپس جانے سے انکارکردیا ہے۔
***** ***** *****
سعودی عرب میں مسافر بس کے حادثے میں 42 بھارتیوں کی موت ہوگئی۔ یہ سب حیدرآباد کے رہنے والے تھے۔ زائرین عمرے کی سعادت حاصل کرنے کے بعد مکہ سے مدینہ جارہے تھے کہ راستے میں بس ڈیزل ٹینکر سے جاٹکرائی۔ مرنے والوں میں 20 خواتین اور 11 بچے شامل ہیں۔
***** ***** *****
شیوسینا کے بانی بالا صاحب ٹھاکرے کو کل ان کی 13 ویں برسی کے موقع پر خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے تھانے کے آنند آشرم میں بالا صاحب کے مجسّمے کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ سابق وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے، ایم این ایس کے صدر راج ٹھاکرے اور ٹھاکرے خاندان نے ممبئی کے شیواجی پارک میدان میں بالا صاحب کی یادگار پرپھول چڑھائے۔
وہیں وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس اور نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار نے سوشل میڈیا پر بالا صاحب ٹھاکرے کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن کے طلبہ نے کل ترواننت پورم میں وکرم سارا بھائی خلائی مرکز کا دورہ کیا۔ طلبہ نے راکٹ لانچنگ کے ساتھ ساتھ پہلے لانچ کیے گئے راکٹوں کی اور چندریان 3- کی نقل کو دیکھا۔ خلائی مرکز کے عہدیداروں نے طلبہ کو گگن یان مشن کے بارے میں بھی بتایا۔
***** ***** *****
محکمہئ موسمیات نے بتایا ہے کہ مراٹھواڑہ اور ودربھ میں آج سردی کی لہر جاری رہے گی۔ اسی دوران ریاست میں سب سے کم درجہئ حرارت اہلیا نگر میں 9 اعشاریہ پانچ ڈگری سیلسیئس درج کیا گیا۔ مراٹھواڑہ کے بیڑ میں دس اعشاریہ دو ڈگری سیلسیئس، جبکہ چھترپتی سمبھاجی نگر میں 12 اعشاریہ پانچ ڈگری سیلسیئس درجہئ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ مرکزی وزیرِ زراعت نے پارلیمنٹ کے آئندہ بجٹ اجلاس میں نیا SEEDبل پیش کرنے کا کیا وعدہ۔
٭ سرکاری ملازمتوں میں کامیاب اُمیدواروں کو چار دِنوں میں تقرری کا خط دیا جائے؛ ساتھ ہی پروموشن کی نشستوں کے مطابق 75 فیصد پروموشن دینے کی وزیرِ اعلیٰ کی ہدایت۔
٭ آئندہ بلدیاتی انتخابات میں ریزرویشن کی 50 فیصد بالائی حد پر عمل درآمد کرنا لازمی ہوگا: سپریم کورٹ کا فیصلہ۔
٭ بلدیاتی انتخابات کیلئے نشانات کے حامل امیدواروں کی حتمی فہرست کا اعلان 26 نومبر کو کیا جائے گا۔
اور۔۔۔٭ محکمہئ موسمیات نے آج مراٹھواڑہ اور ودربھ میں سردی کی لہر کا دیا انتباہ؛ بیڑ میں درجہئ حرارت 10 اعشاریہ دو سیلسیئس کیا گیا درج۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment