Tuesday, 4 November 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 04 نومبر 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 04 November-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۴/نومبر ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ عوام کی سائنس اور ایجاد پر مبنی فطرت بھارت کی ترقی کی محرک ہے: وزیرِ اعظم کا بیان۔ تحقیق و ترقی کے ماحولیاتی نظام کو فروغ دینے کیلئے ایک لاکھ کروڑ روپئے کی فنڈنگ اسکیم کا آغاز۔
٭ ستمبر میں شدید بارش سے ہوئے نقصان کی امداد کسانوں کے کھاتوں میں جمع کردی گئی: وزیر گریش مہاجن کی اطلاع۔
٭ ریاستی کابینہ کا اجلاس تقریباً دس دن کیلئے مؤخر کردیا جائے گا: وزیرِ محصول چندر شیکھر باونکولے کی اطلاع۔
٭ ایس ٹی کارپوریشن کی جگہوں پر شمسی توانائی کے منصوبے نصب کیے جائیں گے: وزیر پرتاپ سرنائیک۔
اور۔۔۔٭ پربھنی ضلعے کی 265 آنگن واڑیوں کو اسمارٹ آنگن واڑیوں میں کیا جائے گا تبدیل۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ سائنس اور ایجاد پر مبنی عوام کا نقطہئ نظر بھارت کی ترقی کا محرک ہے۔ وہ کل نئی دہلی میں ایمرجنگ سائنس اینڈ ٹکنالوجی انوویشن سمٹ 2025 کے افتتاح کے بعد مخاطب تھے۔ انھوں نے کہا کہ حکومت ملک میں ایک اختراعی ماحولیاتی نظام بنانے کیلئے کام کررہی ہے اور بھارت کے پاس دنیا کا سب سے کامیاب ڈیجیٹل پبلک انفراسٹرکچر ہے۔انھوں نے کہا کہ حکومت نے گذشتہ دہائی میں تحقیق اور ترقی کو ترجیح دی ہے۔ اس کیلئے فنڈ میں بھی خاطر خواہ اضافہ کیا ہے۔ ملک نے پچھلی دہائی میں اسٹارٹ اَپس‘ سیمی کنڈکٹرز اور سبز توانائی کے شعبوں میں بھی ترقی کی ہے۔ انھوں نے کہا:
Byte: Prime Minister Narendra Modi
اس تقریب میں وزیرِ اعظم نے تحقیق‘ ترقی اور اختراعی اسکیم کا بھی آغاز کیا جو ملک میں تحقیق کے ماحولیاتی نظام کو فروغ دینے کیلئے ایک لاکھ کروڑ روپئے کی مالی امداد فراہم کرتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس اسکیم کا مقصدنجی سیکٹر کے ذریعے چلائے جانے والے ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ ایکو سسٹم کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ ریاست کی اُدنچن ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کی ترقی کو تیز کرنے کیلئے ایک فاسٹ ٹریکنگ کا اہتمام کیا جائے گا۔ دھولیہ- نندوربار ضلعے کے پنچ مولی-دیولی پاڑا منصوبے کیلئے ہریانہ کی نجی کمپنیوں کے ساتھ کل آٹھ ہزار کروڑ روپئے کے مفاہمتی قرار کیے گئے۔ اس موقعے پر وہ مخاطب تھے۔ ان منصوبوں سے ریاست کی بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا اور دو ہزار پانچ سو ملازمتیں پیدا ہوں گی۔ پھڑنویس نے یقین ظاہر کیا کہ مہاراشٹر کو بہت فائدہ ہوگا کیونکہ سہیادری پہاڑی سلسلوں کے جغرافیائی ماحول اُدنچن ہائیڈرو پاور پروجیکٹوں کیلئے سازگار ہیں۔
***** ***** *****
ریاست کے آبی وسائل اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے وزیر گریش مہاجن نے اطلاع دی ہے کہ ریاست میں ستمبر میں ہوئی شدید بارشوں سے ہونے والے نقصانات کی راحت کے طور پر کسانوں کے کھاتوں میں امداد جمع کردی گئی ہے۔ وہ کل ناسک ضلع کے دنڈوری تعلقے کے جانوری کوڑے علاقوں میں دھان کی فصلوں کو ہوئے نقصان کا معائنہ کرنے کے بعد مخاطب تھے۔ مہاجن نے بتایا کہ مرکزی حکومت کی ایک ٹیم شدید بارش سے ہونے والے نقصانات کا معائنہ کرنے آئے گی۔
***** ***** *****
وزیرِ محصول چندر شیکھر باونکولے نے کل ناگپور میں اطلاع دی کہ ریاستی کابینہ کا سرمائی اجلاس تقریباً دس دنوں کیلئے مؤخر ہونے کا امکان ہے۔ انھوں نے کہا کہ 15 ستمبر کو ضلع پریشد کے انتخابات کے بعد ہی اجلاس شروع ہوگا‘ زیادہ تر پارٹیوں کے لیڈران انتخابات میں مصروف ہوں گے اس کے پیشِ نظر اجلاس ملتوی ہوسکتا ہے۔
***** ***** *****
ایس ٹی کارپوریشن کے چیئرمین پرتاپ سرنائیک نے کہا ہے کہ ایس ٹی کارپوریشن کی کھلی جگہوں پر اسی طرح ورکشاپ اور بس اسٹاپ کے چھتوں پر شمسی توانائی کے منصوبے نصب کرکے سالانہ تقریباً 300 میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کا ہدف ہے۔ اس کیلئے سالانہ تقریباً ایک ہزار کروڑ روپئے کی بجلی پیدا کرنے کے شمسی توانائی منصوبے نصب کرکے ایس ٹی کارپوریشن کو خودکفیل بنایا جائے گا۔ وہ کل ایس ٹی کارپوریشن کے ہال میں منعقدہ سینئر عہدیداروں کے ساتھ میٹنگ سے خطاب کررہے تھے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
بی جے پی لیڈر آشیش نے اپیل کی ہے کہ اگر اپوزیشن کو شفاف ووٹر لسٹ کے بارے میں مخلصانہ احساس ہے تو وہ ووٹر لسٹ کی مکمل نظرِ ثانی کیلئے اپنی حمایت کا اعلان کیا۔ وہ کل ممبئی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ شیلار نے الزام عائد کیا کہ ٹھاکرے برادران نے مہا وِکاس آگھاڑی مارچ کے دوران ووٹر لسٹ میں اقلیتی برادری کے دوبارہ ناموں کا ذکر نہیں کیا۔
***** ***** *****
دریں اثناء‘ کل لاتورضلعے کے نلنگا میں نیل کنٹھیشور مندر و علاقہ اور ساتھ ہی اوسا قلعہ کے تحفظ کیلئے کیے جارہے کاموں کا بھی معائنہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ نیل کنٹھیشور مندر کے کام کیلئے خاطر خواہ فنڈ فراہم کرنے اور مندر و علاقے کے بارہ مندروں کو ریاستی محفوظ یادگاروں کے طور پر اعلان کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔
***** ***** *****
حکومت نے ریاست کی آنگن واڑیوں کو جدید بنانے کیلئے اسمارٹ آنگن واڑی کٹس کی خریداری کو منظوری دے دی ہے۔ خواتین و اطفال کی ترقی کی وزیر میگھنا بورڈیکر نے کہا ہے کہ اس اسکیم کے تحت پربھنی ضلعے کی تقریباً 265 آنگن واڑیوں کو جدید ترین سہولیات کے ساتھ اسمارٹ آنگن واڑیوں میں تبدیل کیا جائے گا۔ اسمارٹ آنگن واڑی اسکیم پربھنی ضلعے کے بچوں کو سیکھنے کا خوشگوار ماحول فراہم کرے گی۔ بورڈیکر نے کہا کہ یہ اسکیم بچوں کی مجموعی ترقی کے ساتھ ساتھ خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے بھی اہم ہوگی۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگرمیں ضلع ترقیاتی رابطہ اورمانیٹرنگ کمیٹی (DISHA) کا ایک اجلاس کل ضلع کلکٹردفتر میں منعقد ہوا۔ رکن پارلیمان سندیپان بھومرے کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں مرکزی حکومت کی جانب سے چلائی جا رہی مختلف اسکیموں کا جائزہ لیا گیا۔ بھومرے نے فی الحال شہر میں جاری آبرسانی اسکیم، گھرکل اسکیم اور جل جیون مشن اسکیم کے کاموں کا معائنہ کرنے کی ہدایت دی۔
***** ***** *****
شیوسینا ادھو بالاصاحب ٹھاکرے پارٹی کے رہنماء امباداس دانوے نے سوال کیا ہے کہ حکومت کو کسانوں کے قرض معافی کا فیصلہ لینے کیلئے چھ ماہ کی ضرورت کیوں ہے جبکہ یہ چھ منٹ میں ہو سکتی ہے؟ وہ کل لاتور میں صحیفہ نگاروں سے مخاطب تھے۔ انھوں نے بتایا کہ پارٹی سربراہ ادھو ٹھاکرے مراٹھواڑہ کا دورہ کریں گے اور اس دوران حکومت سے شدید بارشوں سے متاثرہ کسانوں کو معلّنہ امداد نہ فراہم کرنے پر سوال کریں گے۔
***** ***** *****
سوامی رامانند تیرتھ مراٹھواڑہ یونیورسٹی کے اس سال موسمِ سرما میں لیے جانے والے امتحانات 11 نومبر سے شروع ہوں گے۔ یونیورسٹی انتظامیہ نے ان امتحانات کیلئے ابھی تک درخواست فارم نہ بھرنے والے طلباء کیلئے ایک دن کیلئے آن لائن لنک شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یونیورسٹی انتظامیہ نے متعلقہ طلبہ کو آج کالج کی سطح پر اضافی فیس کے ساتھ درخواستیں دفتری اوقات میں آن لائن بھرنے کا مشورہ دیا ہے۔
***** ***** *****
لاتور ضلع پریشد اور اس کے ماتحت پنچایت سمیتیوں کے عام انتخابات کیلئے حتمی فہرست رائے دہندگان کل شائع کی گئی۔ ضلع انتظامیہ نے شہریوں سے ان فہرستوں کا جائزہ لینے کی اپیل کی ہے۔
***** ***** *****
راشٹروادی کانگریس پارٹی کے سربراہ اور نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے کل ممبئی میں پارٹی کے ضلع وار جائزہ اجلاس لیے۔ اس اجلاس میں چھترپتی سمبھاجی نگر، جالنہ، بیڑ اور ہنگولی اضلاع کے معاملات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
***** ***** *****
جالنہ ضلعے میں 2024-25 کے موسمِ خریف کیلئے فصل کی نظرِ ثانی شدہ قیمت کا اعلان ضلع کلکٹر آشیما متل نے کیا۔ ضلع کے کل 971 دیہاتوں میں سے 965 دیہاتوں کیلئے فصل کی قیمت طئے کی گئی ہے جن میں خریف کی فصل کا دو تہائی سے زیادہ بوائی کی گئی ہے، ان میں خریف کے 667 گاؤں اور ربیع کے 298 گاؤں شامل ہیں۔ معلّنہ 965 گاؤں کی قیمت کی فہرست 50 پیسے سے کم ہے۔
***** ***** *****
لاتور ضلعے کے جلکوٹ تعلقے کے مرسانگوی گاؤں سے بہنے والی تِرو ندی میں بہہ کر ماں اور بیٹی کی موت واقع ہو گئی۔ یہ واقعہ کل صبح مرسانگوی گاؤں کی کوشلیا اور رکمنی واگھمارے کے ندی کے پار واقع ایک کھیت میں کپاس چننے کیلئے جانے کے دوران پیش آیا۔
***** ***** *****
پھلٹن کے ضلع ذیلی اسپتال کی ڈاکٹر سمپدا منڈے کے انصاف کے مطالبے کیلئے چھترپتی سمبھاجی نگر کے سرکاری اسپتال میں کل مارڈ تنظیم کی جانب سے احتجاج کیا گیا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ عوام کی سائنس اور ایجاد پر مبنی فطرت بھارت کی ترقی کی محرک ہے: وزیرِ اعظم کا بیان۔ تحقیق و ترقی کے ماحولیاتی نظام کو فروغ دینے کیلئے ایک لاکھ کروڑ روپئے کی فنڈنگ اسکیم کا آغاز۔
٭ ستمبر میں شدید بارش سے ہوئے نقصان کی امداد کسانوں کے کھاتوں میں جمع کردی گئی: وزیر گریش مہاجن کی اطلاع۔
٭ ریاستی کابینہ کا اجلاس تقریباً دس دن کیلئے مؤخر کردیا جائے گا: وزیرِ محصول چندر شیکھر باونکولے کی اطلاع۔
٭ ایس ٹی کارپوریشن کی جگہوں پر شمسی توانائی کے منصوبے نصب کیے جائیں گے: وزیر پرتاپ سرنائیک۔
اور۔۔۔٭ پربھنی ضلعے کی 265 آنگن واڑیوں کو اسمارٹ آنگن واڑیوں میں کیا جائے گا تبدیل۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment