Monday, 1 December 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 01 دسمبر 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 01 December-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: یکم/دسمبر ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس آج سے؛ 13 بلوں پر ہوگی بحث۔
٭ نوجوانوں کی وفاداری ترقی یافتہ بھارت کی طاقت ہے: وزیرِ اعظم کا ”من کی بات“ پروگرام میں اظہارِ خیال۔
٭ ریاست کی 243 میونسپل کونسلز اور 42 نگرپنچایتوں کے انتخابات کیلئے کل ووٹنگ۔
٭ ایک روزہ کرکٹ مقابلے میں بھارت نے جنوبی افریقہ کو 17 رنوں سے دی شکست؛ ویراٹ کوہلی کی ریکارڈ ساز 52 ویں سنچری۔
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ سمیت ریاست کے اکثر مقامات پر آئندہ دو دِنوں تک سردی کی لہر کی پیشگوئی۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس آج سے شروع ہورہا ہے۔ اس اجلاس میں کُل 15 نشستیں ہوں گی‘ جو 19 دسمبر تک چلیں گی۔ اس اجلاس میں 13 بلوں پر بحث کی جائیگی اور 2025-26 کیلئے گرانٹس کے ضمنی مطالبات پر بھی بحث اور ووٹنگ ہوگی۔
اجلاس کے ضمن میں حکومت نے کل ایک کُل جماعتی اجلاس بلایا تھا۔ اس میں 36 سیاسی جماعتوں کے 50 قائدین شریک تھے۔ اجلاس میں کئی نئے بل پیش کیے جائیں گے اور حکومت کا مؤقف تھا کہ پارلیمنٹ کا کام خوش اسلوبی سے چلے۔ پارلیمانی اُمور کے وزیر کرن رِجیجو نے کہا کہ یہ آل پارٹی میٹنگ بہت کار آمد رہی اور حکومت پارٹیوں کی جانب سے پیش کردہ تجاویز پر غور کرے گی۔ انھوں نے کہا:
Byte: Union Minister Kiren Rijiju
***** ***** *****
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ نوجوانوں کی وفاداری ترقی یافتہ بھارت کی طاقت ہے۔ وہ کل آکاشوانی کے ”من کی بات“ پروگرام کے ذریعے ہم وطنوں سے خطاب کررہے تھے۔ یہ پروگرام سیریز کی 128 ویں قسط تھی جو کل نشر کی گئی۔ وزیرِ اعظم نے ایسی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی اپیل کی جو ”ایک بھارت اعلیٰ بھارت“ کے جذبے کو مضبوط کرتی ہے۔
انھوں نے کھیلوں کے میدان میں کامیابی کا ذکر کیا۔ انھوں نے خواتین کی کبڈی عالمی کپ میں بھارت کی جیت‘ جاپان میں ڈیف اولمپکس اور ورلڈ باکسنگ کپ میں بھارت کی کامیابی کے بارے میں بات کی۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ بینائی سے محروم خواتین کا پہلا ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ جیتنا ملک کی کھیلوں کی تاریخ کی سب سے بڑی کامیابیوں میں سے ایک ہے۔ انھوں نے کہا:
Byte: Prime Minister Narendra Modi
وزیرِ اعظم نے کچھ دن پہلے منائے گئے یومِ آئین کے ساتھ ساتھ وندے ماترم گانے کی 150 ویں سالگرہ کے موقعے پر ملک بھر میں منعقد ہونے والے پروگراموں‘ ایودھیا میں رام مندر پر مذہبی پرچم لہرانے اور کروکشیتر میں پنچ جنیہ یادگار کے وقفے کے بارے میں بات کی۔ انھوں نے بین الاقوامی گیتا فیسٹیول کے موقع پر مختلف ممالک میں منعقدہ پروگراموں کے بارے میں اطلاع دی۔ انھوں نے ”من کی بات“ میں ملک کے ذریعے غذائی اجناس کی پیداوار‘ ثقافتی اور دیگر ترقیوں میں قائم کیے گئے ریکارڈ کا بھی ذکر کیا، جس سے ملک کے فخر میں اضافہ ہوتا ہے۔ انھوں نے آئندہ کرسمس اور نئے سال کے موقعے پر مقامی طور پر تیار کردہ اشیاء کی خریداری کرنے کی اپیل اس موقعے پر کی۔
***** ***** *****
ریاست کی 243 میونسپل کاؤنسلز اور 42 نگر پنچایتوں کے انتخابات کیلئے کل ووٹنگ ہوگی۔ اس کیلئے تمام پارٹیوں کے رہنماء اور کارکن ریاست بھر میں اپنے اپنے امیدوارں کیلئے مہم چلارہے ہیں۔ وزیرِ اعلیٰ آج چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے کے پیٹھن اور بیڑ نگر پریشدوں میں انتخابی ریلیاں کریں گے۔
بیڑ ضلعے کی چھ میونسپل کاؤنسلز بیڑ‘ گیورائی‘ ماجل گاؤں‘ دھارور‘ پرلی اور امبہ جوگائی کے انتخابات کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ ضلعے میں مجموعی طور پر 434 پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں‘ جبکہ سیکوریٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
پرلی میونسپل کاؤنسل کے دو کارپوریٹر بلا مقابلہ منتخب ہوئے ہیں جبکہ گیورائی میونسپل کونسل کے انتخابات میں ایک امیدوار کی موت کی وجہ سے ایک وارڈ میں انتخاب ملتوی کردیا گیا ہے۔
دریں اثناء‘ میونسپل کونسل اور نگر پنچایتوں کے عام انتخابات کی مہم آج رات دس بجے ختم ہوجائے گی۔ اس کے بعد کسی بھی مہم کے اشتہارات شائع یا نشر نہیں کیے جاسکیں گے۔ اس کیلئے ریاستی الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ کل پولنگ والے دن بھی پرنٹ میڈیا میں اشتہارات شائع نہ کیے جائیں۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
دریں اثناء‘ ریاستی الیکشن کمیشن نے کل میونسپل کونسلوں اور نگر پنچایتوں کیلئے نظرِ ثانی شدہ انتخابی شیڈول کا اعلان کیا، جس کی عدالت میں اپیل کی گئی ہے۔ اس کے مطابق امیدواروں کو عرضی واپس لینے کی آخری تاریخ 10 دسمبر سہ پہر تین بجے ہے اور اگر ضرورت پڑی تو ووٹنگ 20 دسمبر کو ہوگی۔
اس میں چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے کے ویجاپور اور گنگاپور میں دو - دونشستیں‘ پیٹھن میونسپل کونسل کی چار نشستوں کیلئے نئے انتخابات ہوں گے۔
ناندیڑ ضلعے کے مکھیڑ اور دھرم آباد میونسپل کونسلوں کیلئے انتخابی عمل نئے سرے سے منعقد کیا جائے گا‘ جبکہ لوہا اور کنڈل واڑی میونسپل کونسلوں میں ایک ایک وارڈ کیلئے ووٹنگ بھی ملتوی کردی گئی ہے۔
ہنگولی ضلعے کے بسمت میونسپل کونسل اور ہنگولی میونسپل کونسل کے دو وارڈوں کے جبکہ دھاراشیو میونسپل کونسل کی تین نشستوں کیلئے انتخابات نئے سرے سے ہوں گے۔
پربھنی ضلعے کے جنتور کی ایک‘ جبکہ پورنا کی دو نشستیں‘ بیڑ ضلعے کے پرلی کی پانچ‘ امبہ جوگائی کی چار‘ جبکہ بیڑ اور دھارور کی فی کس ایک -ایک نشست شامل ہے۔
***** ***** *****
قومی دفاعی اکیڈمی (NDA) کی 159 ویں بیچ کی عظیم الشان کانوکیشن تقریب کل پونے میں اکیڈمی کے کھیترپال میدان پر منعقد ہوئی۔ بحریہ کے سربراہ ایڈمرل دنیش ترپاٹھی تقریب میں مہمانِ خصوصی کے طور پر موجود تھے۔ اس موقعے پر بحریہ کے سربراہ نے کہا کہ آج ٹکنالوجی تیزی سے بدل رہی ہے اور اس بدلتی ہوئی دنیا کا سامنا کرنے کیلئے اعتماد‘ ہمت اور آپ کا نظم و ضبط کامیابی کیلئے کارآمد ثابت ہوگا۔
***** ***** *****
جنوبی افریقہ کے خلاف تین ایک روزہ مقابلوں کی سیریز کا پہلا مقابلہ بھارت نے 17 رنوں سے جیت لیا ہے۔ کل رانچی میں ہوئے مقابلے میں بھارت نے پہلے بلّے بازی کرتے ہوئے وراٹ کوہلی کے 135 رنز کے بل بوتے پر 349 رنز بنائے۔ کے ایل راہل نے 60‘ روہت شرما نے 57 رنز بنائے۔ اس کے جواب میں جنوبی افریقہ کی ٹیم آخری اوور میں 332 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ کُلدیپ یادو نے چار‘ ہرشیت رانا نے تین وکٹ لیے۔ وِراٹ کوہلی کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ یہ کوہلی کی 52 ویں سنچری تھی، جبکہ بین الاقوامی ایک روزہ کرکٹ میں وہ سب سے زیادہ سنچری بنانے والے کھلاڑی قرار پائے۔
***** ***** *****
ریاست کے کوکن اور شمالی وسطی مہاراشٹر میں کم سے کم درجہئ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ جبکہ جنوبی وسطی مہاراشٹر اور مراٹھواڑہ میں ہلکی سی کمی آئی۔ محکمہئ موسمیات نے آئندہ دو دنوں میں وسطی مہاراشٹر اور مراٹھواڑہ کے مختلف مقامات پر سردی کی لہر چلنے کا امکان ظاہر کیا ہے جبکہ ودربھ کے مختلف مقامات پر بارش کا امکان ہے۔ کل پونے میں درجہ حرارت نو اعشاریہ آٹھ ڈگری سیلسیئس، ناسک میں نو اعشاریہ نو ڈگری اور دھاراشیو میں 13 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔
***** ***** *****
بھارتیہ جنتا پارٹی کے سابق ضلع صدر نتن کالے نے الزام لگایا ہے کہ دھاراشیو بلدیہ میں 2016 سے 2022 کے درمیان تقریباً 200 سے 250 کروڑ روپے کی بدعنوانی ہوئی ہے۔وہ کل ایک اطلاعی کانفرنس خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے بتایا کہ اکاؤنٹینٹ جنرل کے ذریعے کیے گئے آڈٹ رپورٹ میں اس بدعنوانی کا اندراج کیا گیا ہے، اور رکنِ پارلیمان اوم پرکاش راجے نمبالکر، رکنِ اسمبلی کیلاس پاٹل اور اس وقت کے صدر بلدیہ مکرند راجے نمبالکر، اس بدعنوانی کے بارے میں کوئی بات نہیں کر رہے ہیں اور اِن تینوں کے پاس ترقی کا کوئی ایجنڈا نہیں ہے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر کے سرسوتی بھون تعلیمی ادارے کا 19 واں گووند بھائی شراف موسیقی فیسٹیول کا کل اختتام عمل میں آیا۔ اختتامی سیشن میں بزرگ کیرتن کار چارودت آفڑے نے موسیقی کے ترقی پذیری کے موضوع پر ایک پریزنٹیشن پیش کی‘ ساتھ ہی آفڑے کے معاونین نے بھی مختلف تھیٹر گیت پیش کیے۔ اس موقعے پر آکاشوانی کے سبکدوش افسر پنڈت گریش گوساوی کو خصوصی استقبالیہ دیا گیا۔
***** ***** *****
ناندیڑ ضلع میں تیندوے کو پکڑنے کیلئے محکمہ جنگلات نے پندرہ دستے تعینات کیے ہیں۔ گذشتہ سنیچر کو نائیگاؤں تعلقے کے کُرشنُور صنعتی علاقے میں تیندوے نے ایک مزدور اور محکمہ جنگلات کے ایک ملازم پر حملہ کر دیا تھا‘ جس کے بعد محکمہ جنگلات نے مختلف حفاظتی اقدامات کیے ہیں۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس آج سے؛ 13 بلوں پر ہوگی بحث۔
٭ نوجوانوں کی وفاداری ترقی یافتہ بھارت کی طاقت ہے: وزیرِ اعظم کا ”من کی بات“ پروگرام میں اظہارِ خیال۔
٭ ریاست کی 243 میونسپل کونسلز اور 42 نگرپنچایتوں کے انتخابات کیلئے کل ووٹنگ۔
٭ ایک روزہ کرکٹ مقابلے میں بھارت نے جنوبی افریقہ کو 17 رنوں سے دی شکست؛ ویراٹ کوہلی کی ریکارڈ ساز 52 ویں سنچری۔
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ سمیت ریاست کے اکثر مقامات پر آئندہ دو دِنوں تک سردی کی لہر کی پیشگوئی۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment