Saturday, 6 December 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 06 دسمبر 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 06 December-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۶/دسمبر ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ زرعی شعبے میں انقلابی تبدیلیوں کے نتائج آئندہ چند برسوں میں نظر آئیں گے: وزیرِ اعلیٰ کا اظہارِ اعتماد۔ شمسی زرعی پمپ اسکیم کو عالمی ریکارڈ کیلئے صداقت نامہ پیش۔
٭ ریاستی حکومت کے سال بھر کے کام کاج پر ”White Paper“ اسمبلی کے سرمائی اجلاس میں جاری کیا جائے: کانگریس کا مطالبہ۔
٭ "Directorate General Of Civil Aviation''نے ہوائی خدمات کے دوران وقت کی حد سے متعلق حکم نامے کو فوری طور پر کیا معطل۔
٭ ریزرو بینک نے سود کی شرح میں ایک چوتھائی فیصد کی‘ کی کمی؛ GDP اور مہنگائی کی شرح میں درج کی گئی بہتری۔
اور۔۔۔٭ ایم جی ایم یونیورسٹی کا مراٹھواڑہ بھوشن ایوارڈ دئیے جانے کیلئے تقریب کا انعقاد۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ ریاستی حکومت زرعی شعبے میں بنیادی تبدیلیاں کررہی ہے۔ انھوں نے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ آنے والے برسوں میں اس کے نتائج نظر آئیں گے۔ ”ماگیل تیالا سَور کُرشی پمپ“ اس اسکیم کے تحت ریاست کی جانب سے قائم کیے گئے عالمی ریکارڈ کی سند پیش کرنے کی تقریب کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں منعقد کی گئی۔ اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ پھڑنویس نے کہا کہ مراٹھواڑہ اور خاص طور پر چھترپتی سمبھاجی نگر نے اس عالمی ریکارڈ بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ وہیں ریاست کی بجلی کمپنی ’مہاوِترن‘ نے ایک ہی مہینے میں 45 ہزار 911 شمسی زرعی پمپس کی تنصیب کا عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے۔ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے نمائندوں نے اس کیلئے صداقت نامہ اور تمغے وزیرِ اعلیٰ کی موجودگی میں تقسیم کیے۔ اس تقریب میں ریاستی وزیر میگھنا ساکورے بورڈیکر‘ غیر روایتی توانائی کے وزیر اتل ساوے اور مہاوترن کے مینیجنگ ڈائریکٹر لوکیش چندر سمیت دیگر معززین موجود تھے۔
***** ***** *****
محصول کے ریاستی وزیر چندر شیکھر باون کُڑے نے دعویٰ کیا ہے کہ مہایوتی حکومت نے ریاست کے مختلف شعبوں میں انقلابی فیصلے کیے ہیں اور ترقی کی رفتار کو بڑھایا ہے۔ وزیرِ موصوف کل ممبئی میں بی جے پی کے دفتر میں منعقدہ صحافتی کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ باون کُڑے نے بتایا کہ ریاستی حکومت نے ہر شعبے میں ترقی کے نئے معیار قائم کیے ہیں۔
***** ***** *****
کانگریس رہنماء وجئے وڑیٹیوار نے مطالبہ کیا ہے کہ ریاستی حکومت اسمبلی کے آنے والے سرمائی اجلاس میں گذشتہ ایک برس کے کام کاج سے متعلق قرطاسِ ابیض ”white Paper“ پیش کرے۔ وہ کل ناگپور میں اخباری نمائندوں سے بات کررہے تھے۔ اس موقع پر انھوں نے یہ بھی نشان دہی کی کہ اب تک اسمبلی کے دونوں ایوانوں میں حزبِ اختلاف کے رہنماء کا تقرر نہیں کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
گوداوری ندی کو آلودگی سے بچانے کی خاطر سن 2018 میں بامبے ہائی کورٹ کے جاری کردہ احکامات کی تعمیل نہ کرنے پر توہین ِ عدالت کی درخواست دائر کی گئی ہے۔ ہائی کورٹ میں اس کی سماعت کے دوران تمام سرکاری اداروں کو اس حوالے سے جواب داخل کرنے کیلئے نوٹسیں جاری کی گئی ہیں۔ ماحولیاتی کارکن کی جانب سے دائر اس درخواست پر آئندہ سماعت 18 دسمبر کو ہوگی۔
***** ***** *****
سپریم کورٹ نے وضاحت کی ہے کہ ریاست میں گذشتہ 2 دسمبر کو ہوچکے بلدیاتی انتخابات کے ووٹوں کی گنتی 21 دسمبر کو ہوگی نہ کہ اس سے پہلے۔ عدالت نے یہ بھی واضح کردیا ہے کہ بلدیاتی انتخابات آئندہ 31 جنوری 2026 تک مکمل کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
***** ***** *****
"Directorate General Of Civil Aviation''نے ہوائی خدمات کے دوران وقت کی حد سے متعلق حکم نامے کو فوری طور پر معطل کردیا ہے۔ ساتھ ہی فضائی عملے کی جانب سے لی جانے والی بیماری یا مراعات کی چھٹیوں کو ان کے لازمی ہفتہ واری آرام کیلئے جمع کرنے سے منع کرنے والا قاعدہ بھی واپس لیا ہے۔ اس کے سبب یہ امید ہے کہ انڈیگو کی فضائی خدمات جلد ہی معمول پر آجائے گی۔ مرکزی حکومت نے اس سلسلے میں ایک اعلیٰ سطحی تحقیقاتی کمیٹی کی تشکیل کی ہے۔
***** ***** *****
اقلیتی اُمور کے مرکزی وزیر کرین رجیجو نے کل نئی دہلی میں نامہ نگاروں کو بتایا کہ وقف املاک کے اندراج کیلئے شروع کیے جانے والے ’اُمید‘ پورٹل پر اب تک ایک لاکھ 51 ہزار سے زائد جائیدادوں کا اندراج کیا گیا ہے۔ اس رجسٹریشن کا آج آخری دِن ہے۔ اس موقع پر وزیرِ موصوف نے تیقن دیا کہ ان کی وزارت آئندہ تین مہینوں تک وقف املاک کا اندراج کرنے والوں کے خلاف کوئی جرمانہ یا سخت کارروائی نہیں کرے گی۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
محصول کے ریاستی وزیر چندر شیکھر باون کُڑے نے ریت کے گڑھوں کی نیلامی آئندہ 30 دسمبر تک مکمل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ وزیرِ موصوف کل منترالیہ میں ایک میٹنگ سے مخاطب تھے۔ اس موقع پر انھوں نے مکانات کی تعمیر کی خاطر ریت پالیسی کے تحت کارروائی کو تیز کرنے کی بھی ہدایت دی۔ باون کُڑے نے اس نیلامی کی خاطر ماحولیات اور محصول محکموں کو مربوط انداز میں کام کرنے کی بھی ہدایت کی۔
***** ***** *****
ریزرو بینک نے سود کی شرح Repo Rate میں ایک چوتھائی فیصد کی کمی کی ہے۔ اسی کے ساتھ اب نیا Repo Rate ساڑھے پانچ فیصد ہوگیا ہے۔ RBI کے گورنر سنجئے ملہوترا نے کل رواں مالی سال کیلئے پانچویں مانیٹری پالیسی کے جائزے کے دوران اس کا اعلان کیا۔ بینک نے GDP کی نمو کی پیشن گوئی کو 6.8 فیصد سے بڑھا کر 7.3 فیصد کردیا ہے۔ ساتھ ہی مہنگائی میں اضافے کی شرح سے متعلق پیش گوئی کو 2.6 فیصد کی بجائے دو فیصد کردیا ہے۔
***** ***** *****
بھارت رَتن ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کو آج ان کے 70 ویں برسی کے موقع پر خراجِ عقیدت پیش کیا جارہاہے۔ اس کی خاطر ان کے پیروکاروں کا ایک سمندر ممبئی کے چیتیہ بھومی پر جمع ہوا ہے۔ چیتیہ بھومی پر ہونے والے خراجِ عقیدت کے پروگرامس بڑے پردوں اور ممبئی میونسپل کارپوریشن کے مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر براہِ راست نشر کیے جائیں گے۔ عقیدت مندوں کی سہولت کی خاطر اضافی لوکل اور مخصوص ریل گاڑیاں چلائی جارہی ہیں۔
چیتیہ بھومی پر گورنر اچاریہ دیو وَرَت‘ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس‘ نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے اور سماجی انصاف و خصوصی امداد کے وزیر سنجئے شرساٹ کی موجودگی میں خراجِ عقیدت پیش کرنے کیلئے پروگرام کا آغاز ہوچکا ہے۔ اسی بیچ نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کل ممبئی کے چیمبور میں ”اَکھنڈ بھیم جیوت“ روشن کی۔
***** ***** *****
سینئر تاریخ داں ڈاکٹر پربھاکر دیو نے کہا ہے کہ معاشرے میں ہونے والی تبدیلیوں کو فنِ تعمیر کے ذریعے واضح طور پر دکھایا گیا ہے۔ موصوف کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں ایم جی ایم یونیورسٹی کامراٹھواڑہ بھوشن ایوارڈ قبول کرنے کے بعد بول رہے تھے۔ اپنے خطاب میں انھوں نے فنِ تعمیر کے اس پہلو کی جانب سب کی توجہ مبذول کروائی۔ کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کے قومی سیکریٹری اور سینئر سماجی کارکن ڈاکٹر بھال چندر کانگو کو بھی اس ایوارڈ سے نوازا گیا۔ یہ ایوارڈ 50 ہزار روپئے اور توصیفی سند پر مشتمل ہے۔ اس موقع پر سینئر صحافی کمار کیتکر، مہاتما گاندھی مشن (MGM) کے سیکریٹری انکش راؤ کدم اور کئی دیگر معززین موجود تھے۔
***** ***** *****
ریاستی خدماتِ عامہ کمیشن (MPSC) کی جانب سے سن 2026 میں منعقد کیے جانے والے مختلف مقابلہ جاتی امتحانات کا ممکنہ نظام الاوقات کمیشن کی ویب سائٹ پر شائع کیا گیا ہے۔ کمیشن کے ایڈیشنل سیکریٹری آر پی اوتاری نے یہ اطلاع دی۔
***** ***** *****
موجودہ ربیع ہنگام کیلئے وزیرِ اعظم فصل بیمہ اسکیم کیلئے اندراج کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔ فصل بیمہ سے متعلق کسانوں میں بیداری پیدا کرنے کی خاطر آئندہ 7 دسمبر تک دسواں فصل بیمہ ہفتہ منایا جارہا ہے۔ اس کے بعد بھی دسمبر اخیر تک فصل بیمہ اندراج کی مہم جاری رہے گی۔ زراعت کے ڈویژنل جوائنٹ ڈائریکٹر سنیل وانکھیڑے نے اس اسکیم کیلئے کسانوں سے زیادہ سے زیادہ اندراج کرنے کی اپیل کی ہے۔
***** ***** *****
ریاست کے پرائمری اور ثانوی اساتذہ کی تنظیموں نے کل ریاست بھر میں اپنے مختلف مطالبات کولیکر احتجاج کیا۔ چھترپتی سمبھاجی نگر‘ ناندیڑ اور پربھنی سمیت بیشتر مقامات پر اساتذہ اور غیر تدریسی عملے کی تنظیموں نے ضلع کلکٹر دفتر تک جلوس نکالا اور حکومت کو مطالباتی محضر پیش کیا۔
***** ***** *****
آئندہ پیر کو چھترپتی سمبھاجی نگر میں ڈویژنل سطح پر لوک شاہی دن کا اہتمام کیا گیا ہے۔ اسی طرح آئندہ 13 دسمبر کو بیڑ ضلع عدالت اور تمام تعلقہ عدالتوں میں لوک عدالت کا انعقاد کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
ریاست میں سب سے کم درجہئ حرارت گوندیا میں 10.4 سیلسیئس درج کیا گیا۔ اس کے بعد ناگپور میں 10.8ڈگری‘ اور مالیگاؤں میں 11.4 سیلسیئس درجہ حرارت رہا۔ وہیں مراٹھواڑہ کے دھاراشیو میں درجہئ حرارت 12.6‘ چھترپتی سمبھاجی نگر 14.5‘ بیڑ 13 اور پربھنی میں 12.8 سیلسیئس ریکارڈ کیا گیا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ زرعی شعبے میں انقلابی تبدیلیوں کے نتائج آئندہ چند برسوں میں نظر آئیں گے: وزیرِ اعلیٰ کا اظہارِ اعتماد۔ شمسی زرعی پمپ اسکیم کو عالمی ریکارڈ کیلئے صداقت نامہ پیش۔
٭ ریاستی حکومت کے سال بھر کے کام کاج پر ”White Paper“ اسمبلی کے سرمائی اجلاس میں جاری کیا جائے: کانگریس کا مطالبہ۔
٭ "Directorate General Of Civil Aviation''نے ہوائی خدمات کے دوران وقت کی حد سے متعلق حکم نامے کو فوری طور پر کیا معطل۔
٭ ریزرو بینک نے سود کی شرح میں ایک چوتھائی فیصد کی‘ کی کمی؛ GDP اور مہنگائی کی شرح میں درج کی گئی بہتری۔
اور۔۔۔٭ ایم جی ایم یونیورسٹی کا مراٹھواڑہ بھوشن ایوارڈ دئیے جانے کیلئے تقریب کا انعقاد۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment