Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 12 December-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۱۲؍دسمبر ۲۰۲۵ء
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ ریاستی اسمبلی میں 75ہزار کروڑ روپئے کے ضمنی مطالبات منظور، غیر موسمی بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ کسانوں کیلئے مرکزی حکومت سے 29ہزارکروڑ روپے کی امداد طلب۔
٭ مہاراشٹرپبلک کمشنر ترمیمی بل 2025 کو بھی اسمبلی نے دی منظوری۔
٭ مدد معاش زمینداروں کو را حت فراہم کرنے والا بل بھی اسمبلی میں اتفاقِ رائے سے منظور۔
٭ وزیر اعلیٰ پر وزراء کی بدعنوانیوں کی پردہ پوشی کرنے کا سابق وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے کا الزام ۔
اور۔۔۔٭ بزرگ کانگریسی رہنما شیوراج پاٹل چاکورکر کا انتقال ۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
ریاستی اسمبلی میں کل75ہزار کروڑ روپے کے ضمنی مطالبات منظور کرلیے گئے۔ نائب وزیرِ اعلیٰ اور وزیرِ خزانہ اجیت پوار نے ضمنی مطالبات پر دو دنوں تک ہوئی بحث کا جواب دیا۔ پوار نے کہا کہ ریاستی حکومت نے اب تک غیر موسمی بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ کسانوں کیلئے 44 ہزار کروڑ روپئے کا پیکیج دیا ہے اور مرکزی حکومت سے امداد کے حصول کیلئے مزید 29ہزار کروڑ روپئے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ پوار نے مزید بتایا کہ مرکز کا ایک دوسرا وفدصورتحال کا جائزہ لینے کیلئے آئندہ ہفتے ریاست کا دورہ کرے گا۔
***** ***** *****
مہاراشٹر پبلک کمشنر ترمیمی بل 2025 بھی کل اسمبلی میں منظور کرلیا گیا۔ وزیر ِاعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے بتایا کہ اس بل میں تین معمولی تبدیلیاں کی گئی ہیں جس میں نئے انڈین پینل کوڈ کا نام تبدیل کرکے انڈین جوڈیشیل سیکورٹی کوڈ کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
دریں اثنا،بزرگ سماجی کارکن انّا ہزارے نے لوک آیکت بل کے نفاذکے مطالبہ کیلئے آئندہ 30 جنوری سے بے مدت بھوک ہڑتال کرنے کا انتباہ دیا ہے۔ دسمبر 2024 سے یہ بل صدرِ جمہوریہ کی منظوری کیلئے بھیجا گیا ہے اور اس پر اب تک کوئی پیش رفت نہ ہونے پر انا ہزارے نے بھوک ہڑتال شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
***** ***** *****
مدد معاش زمین مالکان کو راحت فراہم کرنے والے حیدرآباد انعامی و نقد امداد ترمیمی بل کو بھی کل قانون ساز اسمبلی میں اتفاقِ ر ائے سے منظور کر لیا گیا۔ اس قانون کی منظوری سے چھترپتی سمبھاجی نگر میں 97 اراضی گٹ، جالنہ میں دس، پربھنی، ناندیڑ، ہنگولی، لاتور، دھاراشیو اور چندر پور ضلعے کے راجورا میں 10 اراضی گٹوں میں سکونت پذیر خاندانوں کو بڑی راحت ملے گی۔ اس بل سے متعلقہ زمینات پر موجود مکانات کو مفت قانونی حیثیت فراہم کی جاسکے گی اور ساکنان کو زمرہ ایک میں زمینات کے مالکانہ حقوق مل سکیں گے۔ تاہم‘ وزیرِ محصول نے وضاحت کی کہ اس بل کا اطلاق منادر کی اراضیات پر نہیں ہوگا۔
***** ***** *****
نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کل ‘ اسمبلی میں ممبئی میں تقریباً 20 ہزار عمارتوں کو مستقل کرنے کیلئے 'نظرِثانی شدہ ’’ابھئے یوجنا‘‘ نافذ کرنے کا اعلان کیا ۔ شندے نے بتایا کہ حکومت‘ ممبئی کی طرز پر ریاست کی دیگر میونسپل کارپوریشنزمیں بھی اس پالیسی کو نافذ کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے اور شہری ترقیات کے محکمے کو اس حوالے سےایک تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔
***** ***** *****
سابق وزیر ِاعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے نے وزیرِ اعلیٰ پر وزراء کی بدعنوانیوں کی پردہ پوشی کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ کل ودھان بھون میں منعقدہ صحافتی کانفرنس سے وہ خطاب کررہے تھے۔ ٹھاکرے نے بتایا کہ وہ اسمبلی اجلاس میں لاڈلی بہن اسکیم کے مستفیدین کو اکیس سو روپے دئیے جانے سے متعلق سوال کریں گے۔ انھوں نے اسمبلی کے دونوں ایوانوں میں قائد ِ حزب اختلاف کا عہدہ رہنے پر بھی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
***** ***** *****
رکنِ اسمبلی ولاس بھومرے نے کل اسمبلی میں پیٹھن تعلقے کی واٹر گرِڈ اسکیم میں چھترپتی سمبھاجی نگر تعلقے کے 44 دیہاتوں کو بھی شامل کرنے کا مطالبہ کیا۔
***** ***** *****
قانون ساز اسمبلی میں کل‘ وقفۂ سوالات کے دوران اراکین نے نافیڑاور سی سی آئی کی معرفت زرعی پیداوار کی خریداری کے حوالے سے سوالات اٹھائے۔ اسی دو ران‘ مارکیٹنگ کے وزیر جئے کمار راول کے جواب سے غیر مطمئن حزبِ اختلاف کے اراکین نے ایوان میں ہنگامہ آرائی کی۔ جس کے بعد اسمبلی اسپیکر راہل نارویکر نے اس سلسلے میں ایک اجلاس لیکر حکومت کو ہدایات دینے کا تیقن دیا۔ تاہم‘ حزبِ مخالف اراکین اسپیکر کے تیقن سے بھی مطمئن نہیں ہوئے اور ایوان سے واک آؤٹ کردیا۔
***** ***** *****
جبکہ قانون ساز کونسل میں بھی معلّمین کے اہلیتی امتحان ٹی ای ٹی کے موضوع پر حزبِ اختلاف کی جانب سے واک آؤٹ کیاگیا۔ ٹی ای ٹی کو لازمی قرار دینے کے عدالت ِ عظمیٰ کے فیصلے سے کئی اساتذہ کیلئے مشکلات پیدا ہوں گی۔ مملکتی وزیرِ تعلیم پنکج بھوئیر نے اعلان کیا کہ اس معاملے کا حل تلاش کرنے کیلئے اساتذہ کی ایک کمیٹی بنائی جائے گی۔ تاہم اپوزیشن نے اس اعلان پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اجلاس سے واک آؤٹ کردیا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
بزرگ کانگریس رہنمااور سابق مرکزی وزیرِ داخلہ شیوراج پاٹل چاکورکر آج لاتور میں انتقال کرگئے۔ وہ 91 برس کے تھے۔ چاکورکر نے لوک سبھا اسپیکر سمیت مختلف مرکزی وزارتی عہدوں پر خدمات انجام دیں۔ وہ‘ اپنے سیاسی کیرئیر کے دوران ملک کے کئی باوقار عہدوں پر فائز رہے اور ملک کے آئینی عمل میں فعال کردار ادا کیا۔
***** ***** *****
لوک سبھا اور ریاستی اسمبلیوں کے انتخابات ایک ہی وقت کرانے سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کی مدت میں لوک سبھا نےتوسیع کر دی ہے۔ کمیٹی کے صدر پی پی چودھری کی جانب سے کمیٹی کی میعاد میں آئندہ سال کے بجٹ اجلاس کے آخری دن تک توسیع کرنے کی تجویز کو ایوان میں صوتی ووٹوں سے منظور کر لیا گیا۔
***** ***** *****
زمینی حمل و نقل اور شاہراہوں کے مرکزی وزیر نتن گڈکری نے بھارت کو ایک ترقی پذیر ملک بنانے کیلئے ایندھن کی درآمدات میں کمی لانے کی ضرورت کا اظہار کیا ہے۔ وہ کل پارلیمنٹ میں اظہارِ خیال کر رہے تھے۔ گڈکری نے بتایا کہ پیٹرول میں 20 فیصد ایتھنول کی ملاوٹ کی وجہ سے ملک میں کاربن کے اخراج میں 736 لاکھ میٹرک ٹن کی کمی واقع ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا…
Byte: Union Minister Of Highway & Transport Nitin Gadkari
***** ***** *****
راجیہ سبھا میں انتخابی اصلاحات پر کل سے بحث کا آغاز ہوا۔ کئی ارکان اس بحث میں شریک ہوئے۔ قبل ازیں‘ قائد ایوان جے پی نڈا کی تقریر پر وندے ماترم ترانے کی گولڈن جوبلی صد سالہ تقاریب کے موقعے پر جاری بحث کا اختتام عمل میں آیا۔ نڈا نے یقین ظاہر کیا کہ تحریک ِ آزادی سے ناواقف نوجوان نسل کو اس بحث سے جدوجہدِ آزادی کے بارے میں معلومات حاصل ہوں گی اور وہ اپنے مستقبل کے راستے کیلئے تحریک حاصل کر سکے گی۔
***** ***** *****
فضائی کمپنی انڈیگو نے پروازوں کی منسوخی کا سامنا کرنے والے مسافروں کو دس ہزار روپئے کا فضائی خدمات کوپن دینے کا اعلان کیا ہے۔ یہ کوپن اندرونِ ایک سال IndiGo کے ٹکٹ بکنگ کیلئے استعمال کیا جاسکے گا۔ اس کے علاوہ جن مسافروں کی پروازیںاندرونِ 24 گھنٹے منسوخ کی گئیں انہیں بھی پانچ ہزار سے 10 ہزار روپئے کا معاوضہ دیا جائے گا۔
***** ***** *****
صحت ِعامہ اور خاندانی بہبود کے وزیر پرکاش آبٹکر نے ریاست کو سکل سیل سے پاک بنانے کیلئے عاجلانہ طور پر مشن موڈ پر کام کرنے کی ہدایت دی ہے۔ وہ کل‘ ناگپور میں ایک جائزاتی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیرِ صحت نے مریضوں کی درست شناخت کرنے اور انہیں شناختی کارڈ جاری کرنے اور ان کا درست ریکارڈ رکھنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
***** ***** *****
پربھنی کی وسنت راؤ نائیک مراٹھواڑہ زرعی یونیورسٹی،کا پہلا کسان سائنسدان ایوارڈ کل ایک تقریب کے دوران پیش کیا گیا۔ یونیورسٹی کے 27ویں تقسیمِ اسناد تقریب میں دو خواتین کاشتکاروں سمیت کل 11 کسانوں کو قومی زرعی تحقیقی ادارے کی سابق ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر منگلا رائے اور یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر اندر منی نے اس ایوارڈ سے نوازا۔ اس موقعے پر شری رنگ دیوبا لاڑ کو ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری سے بھی نوازا گیا۔ یونیورسٹی نے وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کو بھی ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری دینے کا اعلان کیا ہے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر کے میونسپل کمشنر اور ایڈمنسٹریٹر جی شری کانت نے شہریوں سے پتنگ بازی کیلئے نائیلون مانجھے کا استعمال نہ کرنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے حکام کو نائیلون مانجھے کی خرید و فروخت سے متعلق معلومات فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔
***** ***** *****
بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان جاری ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے دوسرے میچ میں کل جنوبی افریقہ نے بھارت 51 رنز سے شکست دے دی۔ چندی گڑھ میں کھیلے گئے اس میچ میں جنوبی افریقہ نے پہلے بلّے بازی کرتے ہوئے چار وکٹوں کے نقصان پر 213 رنز بنائے۔ جواب میں بھارت کی اننگ 162 رنوں پر ہی سمٹ گئی۔ اس طرح دونوں ٹیمیں پانچ میچوں کی اس سیریز میں ایک ایک میچ جیت کربرابری پر ہے۔ سیریز کا تیسرا میچ اتوار کو دھرم شالہ میں کھیلا جائے گا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ ریاستی اسمبلی میں 75ہزار کروڑ روپئے کے ضمنی مطالبات منظور، غیر موسمی بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ کسانوں کیلئے مرکزی حکومت سے 29ہزارکروڑ روپے کی امداد طلب۔
٭ مہاراشٹرپبلک کمشنر ترمیمی بل 2025 کو بھی اسمبلی نے دی منظوری۔
٭ مدد معاش زمینداروں کو را حت فراہم کرنے والا بل بھی اسمبلی میں اتفاقِ رائے سے منظور۔
٭ وزیر اعلیٰ پر وزراء کی بدعنوانیوں کی پردہ پوشی کرنے کا سابق وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے کا الزام ۔
اور۔۔۔٭ بزرگ کانگریسی رہنما شیوراج پاٹل چاکورکر کا انتقال ۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment