Saturday, 13 December 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 13 دسمبر 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 13 December-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۳۱/دسمبر ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ مرکزی حکومت نے دو مرحلوں میں ہونے والی مردُم شماری کیلئے 11 ہزار 718 کروڑ روپئے فنڈ کو دی منظوری؛ مردُم شماری کے دوسرے مرحلے میں ذات پات کا بھی ہوگا اندراج۔
٭ مہاراشٹر نکسل واد سے آزاد ہونے کی راہ پر: وزیرِ اعلیٰ کا بیان۔
٭ آزاد وِدربھ کے معاملے پر سابق وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے کی تنقید۔
٭ سابق گورنر شیوراج پاٹل چاکُورکر کی آج لاتور میں ہوگی آخری رسومات ادا۔
اور۔۔۔٭ آج سے جالنہ میں دو روزہ وارکری سنت ساہتیہ سمّیلن کا انعقاد۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
مرکزی کابینہ نے آئندہ مردم شماری کیلئے 11 ہزار 718 کروڑ روپئے کے فنڈ کو منظوری دی ہے۔ یہ فیصلہ کل کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا۔ مرکزی اطلاعات و نشریات کے وزیر اشونی ویشنو نے کابینہ کی میٹنگ کے بعد یہ اطلاع دی۔ دو مرحلوں میں ہونے والی اس مردم شماری کیلئے تین لاکھ ملازمین کا تقرر کیا جائے گا۔ ویشنو نے کہا کہ مردم شماری کے دوسرے مرحلے میں شہریوں کی ذات کا بھی اندراج کیا جائے گا۔ انھوں نے کہا:
Byte: Information Minister Ashwini Vaishnav
***** ***** *****
پارلیمنٹ پر دہشت گردانہ حملے کو آج 24 سال مکمل ہوگئے۔ 13 دسمبر 2001 کو ہونے والے حملے کا جواب دیتے ہوئے سیکوریٹی اہلکار سمیت نو افراد ہلاک ہوگئے تھے، جبکہ کئی زخمی ہوگئے تھے۔ ان تمام شہداء کو آج خراجِ عقیدت پیش کیا جارہا ہے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ مہاراشٹر نکسل واد سے آزاد ہونے کے راستے پر گامزن ہے۔ وہ کل ناگپور میں مخاطب تھے۔ وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ ریاستی حکومت کے وِژن اور پولس کی کوششوں سے یہ ممکن ہوا ہے۔
***** ***** *****
سابق وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے نے کہا ہے کہ قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر اور قانون ساز کونسل کے چیئرمین نے یقین دہانی کرائی ہے کہ اسمبلی کے دونوں ایوانوں میں اپوزیشن کے رہنماؤں کی تقرری جلد از جلد کردی جائیگی۔ وہ کل ناگپور میں پریس کانفرنس سے مخاطب تھے۔ ٹھاکرے نے کہا کہ انھوں نے مطالبہ کیا ہے کہ سرمائی اجلاس کے اختتام سے قبل یہ تقررات کیے جائیں گے۔
***** ***** *****
دریں اثناء‘ کانگریس کے ریاستی صدر ہرش وردھن سپکال نے ریاستی حکومت پر صرف ایک ہفتے کیلئے سرمائی اجلاس منعقد کرکے ودربھ معاہدے کی بے عزتی کرنے پر تنقید کی ہے۔ وہ کل ناگپور کے ودھان بھون میں میڈیا سے مخاطب تھے۔
***** ***** *****
ریاست میں اکتوبر میں غیر موسمی بارشوں سے ہونے والے نقصان کا معاوضہ جنوری 2026 سے فراہم کیاجائے گا۔ راحت و بازآبادکاری کے وزیر مکرند جادھو نے کل اسمبلی کو یہ معلومات دی۔ جادھو نے کہا کہ NDRF کے اُصولوں کے مطابق فراہم کی جانے والی امداد کے علاوہ ربیع ہنگام کیلئے دس ہزار روپئے فی ہیکٹر اضافی مدد فراہم ہوگی۔
***** ***** *****
ریاستی حکومت نے ریاست میں کھیت راستوں کے مسائل کو حل کرنے کیلئے ایک الگ اسکیم نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیرِ محصول چندر شیکھر باونکولے نے کل قانون ساز اسمبلی کے دونوں ایوانوں میں اس سلسلے میں ایک بیان جاری کیا۔
***** ***** *****
مائیکرو سافٹ نے سائبر جرائم کی تحقیقات کو تیز کرنے کیلئے کل ممبئی میں Maha Crime Os AI کا آغاز کیا۔ فی الحال ناگپور کے 23 پولس اسٹیشنوں میں اس کا استعمال ہورہا ہے۔ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے بتایا کہ جلد ہی اسے ریاست کے تمام گیارہ سو پولس اسٹیشنوں میں استعمال کیا جائے گا۔ دریں اثناء‘ وزیرِ اعلیٰ نے بتایا کہ بروک فیلڈ کمپنی ممبئی میں تقریباً 20 لاکھ مربع فٹ کے رقبے پر ایشیاء کا سب سے بڑا عالمی صلاحیت کا مرکز قائم کرے گی۔
***** ***** *****
میونسپل کارپوریشن‘ ضلع پریشدوں اور پنچایت سمیتی کے آئندہ انتخابات میں دلچسپی رکھنے والے امیدوار روایتی آف لائن طریقے کے ذریعے بھی کاغذاتِ نامزدگی داخل کرسکیں گے۔ ریاستی الیکشن کمشنر دنیش واگھمارے نے کل ممبئی میں سیاسی جماعتوں کے ساتھ میٹنگ کے بعد یہ اطلاع دی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے اس سلسلے میں 29 میونسپل کارپوریشنوں‘ 31 ضلع پریشدوں اور 336 پنچایت سمیتی کے انتخابات کا منصوبہ بنایا ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
”ساگر پران تڑمڑلا“ گیت کے 115 سال مکمل ہونے کے موقعے پر کل انڈمان میں راشٹریہ سویم سیوک سنگھ آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت کے ذریعے ساورکر کے ایک مکمل مجسّمے کی نقاب کشائی کی گئی۔ اس موقعے پر مرکزی وزیرِ داخلہ امیت شاہ اور دیگر موجود تھے۔
***** ***** *****
سابق گورنر شیوراج پاٹل چاکورکر کی آخری رسومات آج لاتور میں ادا کی جائیں گی۔ اس کی شروعات صبح ساڑھے نو بجے لاتور میں انکی رہائش گاہ سے ہوگی اور ورونٹی میں چاکورکر فارم میں صبح گیارہ بجے آخری رسومات ادا ہوں گی۔ چاکورکر کا کل صبح لاتور میں انتقال ہوگیا تھا۔ ان کی عمر 91 برس تھی۔
صدرِ جمہوریہ دروپدی مُرمو‘ وزیرِ اعظم نریندر مودی‘ لوک سبھا اسپیکر اوم برلا‘ اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے چاکورکر کی موت پر غم کا اظہار کیا ہے۔ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس‘ وزیرِ ماحولیات پنکجا منڈے‘ سابق وزیر امیت دیشمکھ اور دیگر لوگوں نے چاکورکر کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے چاکورکر کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایک تجربہ کار، تہذیب یافتہ اور خدمت پر مبنی رول ماڈل جس نے سیاست اور سماجی کاموں کو بالکل یکجا کیا تھا انتقال کرگئے۔
نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار نے کہا کہ ہم نے ملک کی سیاست میں ایک تہذیب یافتہ اور مطالعہ کرنے والی شخصیت کو کھو دیا ہے۔
کانگریس کے ریاستی صدر ہرش وردھن سپکال نے عوامی زندگی میں ایک تجربہ کار، مطالعہ کرنے والی اور مہذب رہنماء کو کھونے کا احساس ظاہر کیا۔
***** ***** *****
سابق مرکزی وزیر گوپی ناتھ منڈے کے یومِ پیدائش کے موقعے پر چھترپتی سمبھاجی نگر میں واقع ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی میں ایک خصوصی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا۔ دیہی قیادت کے موضوع پر اس مذاکرے میں بہت سے افراد نے اپنے خیالات پیش کیے۔
***** ***** *****
مارکیٹنگ کے وزیر جئے کمار راول نے کل اسمبلی کو بتایا کہ ریاست میں ہر خریداری مرکز پر 23 کوئنٹل فی ہیکٹر کے حساب سے کپاس خریدی جائیگی۔ ریاست میں کم از کم امدادی قیمت اسکیم کے تحت فی ہیکٹر کپاس کی خریداری کی حد بڑھانے کا مطالبہ کسانوں کی جانب سے کیا جارہا تھا۔ اس تناظر میں وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کی ہدایات کے مطابق اس حد میں اضافہ کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
پرانی پنشن اسکیم کو نافذکرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کل ناگپور میں قانون ساز اسمبلی کے روبرو احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مطالبہ کیا گیا کہ حکومت پرانی پنشن اسکیم کو فوری نافذ کرے۔
***** ***** *****
وزیرِ زراعت دتاتریہ بھرنے نے اعلان کیا ہے کہ ریاست کی چاروں زرعی یونیورسٹیوں میں خالی آسامیوں کو آئندہ بجٹ اجلاس سے پہلے پُر کیا جائے گا۔ بھرنے‘ نے قانون ساز کونسل میں یہ اطلاع رکنِ اسمبلی ستیش چوہان کی دلچسپ تجویز پر دی۔
***** ***** *****
جالنہ میں آج سے دو روزہ ”وارکری سنت ساہتیہ سمیلن“کا آغاز ہو رہا ہے۔ اس سمّیلن کا انعقاد ریاستی حکومت کے مراٹھی زبان محکمہ، ریاستی ادبی وثقافتی بورڈ اور JES کالج کے اشتراک سے کیا گیا ہے۔ یہ سمّیلن جے ای ایس کالج کے چُنّی لال گوئل اجلاس گاہ میں منعقد ہوگا۔ سمّیلن کا آغاز صبح ساڑھے سات بجے کتابی ریلی سے ہوا۔ ڈاکٹر رام کرشن مہاراج لَہوِتکر اس سمّیلن کی صدارت کریں گے۔
***** ***** *****
قومی اور ریاستی قانونی خدمات اتھاریٹی کی جانب سے آج ایک لوک عدالت کا انعقاد کیا گیا ہے۔ چھترپتی سمبھاجی نگر کے ضلع اور سیشن عدالت میں اب سے کچھ دیر بعد صبح ساڑھے دس بجے لوک عدالت منعقد ہوگی۔ تمام متعلقہ افراد سے اس سے استفادہ کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر ڈویژن کے تمام آٹھ اضلاع میں 20 دسمبر تک GSTR-3B ٹیکس ریٹرن داخل کرنے کیلئے خصوصی مہم چلائی جا رہی ہے۔ متعلقہ ٹیکس دہندگان سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ مقررہ تاریخ تک اپنے ٹیکس ریٹرن داخل کریں۔
***** ***** *****
انڈر 19 ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں کل بھارت نے UAE کو 234 رنز سے شکست دے کر اپنی مہم کا فاتحانہ آغاز کیا۔ دبئی میں کھیلے گئے میچ میں متحدہ عرب امارات کی ٹیم 434 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 199 رنز ہی بنا سکی۔ بھارت کا اگلا میچ اتوار کو پاکستان سے ہو گا۔
***** ***** *****
ریاست میں کل سب سے کم درجہ حرارت اہلیانگر میں سات اعشاریہ تین ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔ مراٹھواڑہ کے دھاراشیو میں 10 اعشاریہ چار، چھترپتی سمبھاجی نگر میں 10 اعشاریہ چھ اور پربھنی میں 10 اعشاریہ آٹھ ڈگری سیلسیس درجہئ حرارت درج ہوا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ مرکزی حکومت نے دو مرحلوں میں ہونے والی مردُم شماری کیلئے 11 ہزار 718 کروڑ روپئے فنڈ کو دی منظوری؛ مردُم شماری کے دوسرے مرحلے میں ذات پات کا بھی ہوگا اندراج۔
٭ مہاراشٹر نکسل واد سے آزاد ہونے کی راہ پر: وزیرِ اعلیٰ کا بیان۔
٭ آزاد وِدربھ کے معاملے پر سابق وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے کی تنقید۔
٭ سابق گورنر شیوراج پاٹل چاکُورکر کی آج لاتور میں ہوگی آخری رسومات ادا۔
اور۔۔۔٭ آج سے جالنہ میں دو روزہ وارکری سنت ساہتیہ سمّیلن کا انعقاد۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment