Sunday, 14 December 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 14 دسمبر 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 14 December-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۴۱/دسمبر ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ ممبئی کی قدیم عمارتوں کی تعمیر ِ نو کیلئے حکومت کی جانب سے ہاؤسنگ فار آل اسکیم۔
٭ مکھیہ منتری ماجھی لاڈکی بہن اسکیم کے استفادہ کنندگان کو ای KYC_ میں ایک مرتبہ ترمیم کیلئے 31 دسمبر تک مدت۔
٭ اسمبلی کا سرمائی اجلاس آج اختتام پذیر ہوگا؛ آخری ہفتہ تجویز کے ذریعے حزبِ اختلاف کی جانب سے حکومت پر سخت تنقید۔
٭ سابق گورنر شیوراج پاٹل چاکورکر کی پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ آخری رسومات ادا۔
اور۔۔۔٭ پرائیویٹ ٹور آپریٹرز کے ذریعے سفرِ حج پر جانے والے عازمین کو 15 جنوری سے قبل بکنگ عمل مکمل کرنے کی ہدایت۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
ممبئی کی قدیم عمارتوں کی تعمیرِ نو کیلئے ہاؤسنگ فار آل اسکیم کا وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے اعلان کیا ہے۔ اس ضمن میں کل وزیرِ اعلیٰ نے اسمبلی میں اور نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے قانون ساز کونسل میں تفصیلات پیش کیں۔ وزیرِ اعلیٰ نے اسمبلی کو بتایا کہ معاشی طور پر پسماندہ طبقے کیلئے 300 مربع فٹ تک ایف ایس آئی اور کم آمدنی والے طبقات کیلئے 600 مربع فٹ تک کے فلیٹ کی تعمیرِ نو بلامعاوضہ کرنے کی گنجائش ہوگی۔ انھوں نے مزید کہا کہ جھونپڑپٹیوں کے رہائشیوں کیلئے زمین کے مالکانہ حقوق کے پٹے دئیے گئے ہیں، جس سے ڈھائی لاکھ افراد مستفید ہوں گے۔ ناگپور میں صحیفہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے یہ تفصیلات پیش کیں۔
ریاست میں فوڈ پروسیسنگ صنعت قائم کرنے کی ضرورت پر بھی وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے زور دیا۔ وہ کل ناگپور میں سی آئی آئی فوڈ پروسیسنگ کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ کانفرنس میں مختلف موضوعات پر تبادلہئ خیال کیا جائے گا اور پروسیسنگ انڈسٹری میں ترقی کیلئے پالیسیاں مرتب کی جائیں گی۔ انھوں نے اعتمادکا اظہار کیا کہ جہاں استعداد موجود ہو وہاں کسان بازار پر اثر انداز ہوسکتے ہیں۔
***** ***** *****
نائب وزیرِ اعلیٰ اور وزیرِ خزانہ اجیت پوار نے کہا ہے کہ بارٹی‘ سارتھی‘ مہاجیوتی اور امرت جیسے خود مختار اداروں کے نظامِ کار میں شفافیت لائی جائے گی اور اس کیلئے رہنماء خطوط متعین کیے جائیں گے۔ وہ کل اسمبلی میں ڈاکٹر نتن راؤت کی جانب سے پوچھے گئے ایک سوال کا جواب دے رہے تھے۔ نائب وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ معاشی طور پر کمزور اور محروم طبقات کے ان طلبہ کو ترجیحی بنیادوں پر مدد دینا حکومت کی اولیت ہوگی جو بیرونِ ملک تعلیم حاصل کرنے کی استطاعت نہیں رکھتے۔ تاہم‘ ریسرچ کیلئے دی جانے والی اسکالر شپ کی اہلیت اور افادیت کی جانچ کی جائیگی۔
***** ***** *****
مکھیہ منتری ماجھی لاڈکی بہین اسکیم میں ای KYC- عمل کے دوران ہونے والی غلطیوں کی درستی کیلئے مدت میں 31 دسمبر 2025 تک توسیع کردی گئی ہے۔ یہ اسکیم خواتین کو بااختیار بنانے کے مقصد سے چلائی جارہی ہے۔ حکومت کے مطابق ای KYC- اسکیم کو مزید آسان اور سہل بنانے اور زیادہ سے زیادہ خواتین کو اس کا فائدہ پہنچانے کیلئے محکمہئ خواتین و بہبودِ اطفال پُرعزم ہے۔
***** ***** *****
زرعی پیداوار مارکیٹنگ ترمیمی بل 2025 کل اسمبلی اور قانون ساز کونسل میں منظور کرلیا گیا۔ اس بل کے ذریعے پہلی بار ریاست میں قومی اہمیت کے حامل بازار‘ یونیفائیڈ سنگل ٹریڈنگ لائسنس اور قومی زرعی بازار جیسے کسان نواز تصورات کو قانونی حیثیت دی گئی ہے۔ زرعی اجناس کو قومی و بین الاقوامی سطح پر تیز رفتار سپلائی چین کے ذریعے بازار فراہم کرنے میں یہ قانون نہایت اہم ثابت ہوگا۔
***** ***** *****
قانون ساز اسمبلی کا سرمائی اجلاس آج اختتام پذیر ہورہا ہے۔ اس مناسبت سے قائد ِ حزبِ اختلاف وجئے وڑیٹیوار نے کل اسمبلی میں آخری ہفتہ کی تجویز پیش کی۔ انھوں نے زرعی شعبے میں فنڈز کا ضیاع، امن و امان کی صورتحال اور بدعنوانی کے موضوعات پر حکومت پر سخت تنقید کی۔ اس تجویز میں انھوں نے مطالبہ کیا کہ ودربھ آئینی بورڈ کو فوری منظوری دی جائے۔
***** ***** *****
امراوتی کی شری شیواجی شکشن سنستھا کا ڈاکٹر پنجاب راؤ دیشمکھ میمورئیل ایوارڈ اس سال وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کو دیا جائے گا۔ سیاسی‘ سماجی اور ثقافتی شعبو ں میں گرانقدر کارکردگی کیلئے انھیں یہ ایوارڈ دیا جارہا ہے۔ اس تعلیمی ادارے کے سربراہ ہرش وردھن دیشمکھ نے کل امراوتی میں ایک اخباری کانفرنس میں یہ اعلان کیا۔ یہ ایوارڈ پانچ لاکھ روپئے نقد‘ شیلڈ اور توصیف نامے پر مشتمل ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
معروف صحافی اور بزرگ ادیب دھننجئے چنچولیکر آج صبح چھترپتی سمبھاجی نگر میں قلبی حملے میں چل بسے۔ وہ 59 برس کے تھے۔ چنچولیکر کی تصانیف قلمی نام‘ ببرووان‘ رُودر کنٹھا وار سے معروف ہوئیں۔
***** ***** *****
کانگریس کے سرکردہ رہنماء اور سابق گورنر شیوراج پاٹل چاکورکر کی آخری رسومات کل پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کردی گئیں۔ لاتور سے قریب ورونٹی میں لنگایت فرقے کے روایات کے مطابق ان کے جسد ِ خاکی کی تدفین کی گئی۔ پولس کی جانب سے ہوائی فائرنگ کر کے انھیں سلامی دی گئی۔ لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا، کانگریس کے قومی صدر اور راجیہ سبھا کے قائد ِ حزب ِ اختلاف ملک ارجن کھرگے، مرکزی مملکتی وزیرِ دفاع سنجئے سیٹھ، سابق وزیرِ اعلیٰ اشوک چوہان، کانگریس کے ریاستی صدر ہرش وردھن سپکاڑ اور موجودہ و سابق عوامی نمائندوں نے ان کی آخری رسومات میں شرکت کی۔ اس موقع پر لوک سبھا اسپیکر اوم برلا اور ملک ارجن کھرگے نے کچھ ان الفاظ میں انھیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔
Byte: Lok Sabha Speaker Om Birla And Rajya Sabha Oppsition Leader Mallikarjun Kharge
***** ***** *****
ریاست میں سڑکوں کی تعمیر کیلئے ڈیڑھ لاکھ کروڑ روپئے منظور کیے گئے ہیں۔ مرکزی وزیر برائے زمینی حمل و نقل نتن گڈکری نے کل ناگپو رمیں یہ اعلان کیا۔ مہاراشٹر بنیادی سہولیات ترقیاتی کارپوریشن‘ 16 ہزار 318 کروڑ روپئے کی لاگت سے پونا تا چھترپتی سمبھاجی نگر شاہراہ تعمیر کرنے جارہا ہے۔ گڈکری نے بتایا کہ اس شاہراہ کے باعث دونوں شہروں کے درمیان سفر کا وقت دو گھنٹے تک کم ہو جائے گا۔ اسی طرح موجودہ ممبئی- پونا ایکسپریس وے کے متوازی 15ہزار کروڑ روپئے کے صرفے سے تعمیر ہونے والے ایکسپریس وے کے سبب دونوں شہروں کا فاصلہ تقریباً ڈیڑھ گھنٹے کم ہوجائے گا۔ انھوں نے بتایا کہ تڑے گاؤں - چاکن- شکراپور شاہراہ کا سنگ ِ بنیاد مقامی بلدی اداروں کے انتخابات کے بعد رکھا جائے گا۔
***** ***** *****
مرکزی وزیر برائے اقلیتی اُمور کرین رِجیجو نے حج 2026 سے متعلق پرائیویٹ ٹور آپریٹرز کے ذریعے حج کرنے کے خواہشمند عازمین کو ترغیب دی ہے کہ وہ قبل از وقت اپنی درخواست دہی اور دستاویزات کی فراہمی کا عمل مکمل کرلیں۔ سماجی رابطے پر ایک پیغام میں انھوں نے عازمین کو تلقین کی ہے کہ وہ مسلمہ حج گروپ آرگنائزرس اور پرائیویٹ ٹور آپریٹرز کے ذریعے ہی حج کی درخواست دیں۔ اس ضمن میں سعودی حکومت نے رہائش‘ حمل و نقل و دیگر خدمات کیلئے یکم فروری 2026 کی قطعی تاریخ مقرر کی ہے۔ اس کے پیشِ نظر خانگی ٹور آپریٹرز کے ذریعے حج 2026 کیلئے جانے والے عازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ 15 جنوری سے قبل ہی اپنی بکنگ کا عمل مکمل کرلیں اور ٹور آپریٹرز حیثیت اور کوٹے سے متعلق بھی معلومات حاصل کریں۔
***** ***** *****
بھارت اور جنوبی افریقہ کے مابین رواں ٹی ٹوئنٹی سیریز کا تیسرا کرکٹ میچ آج دھرم شالہ میں کھیلا جائے گا۔ پانچ میچوں کی اس سیریز میں دونوں ٹیمیں ایک ایک میچ جیت کر برابری پر ہیں۔
***** ***** *****
موسم: ریاست میں کل سب سے کم درجہئ حرارت جلگاؤں میں سات ڈگری سیلسیئس ریکارڈ کیا گیا۔ اس کے علاوہ اہلیا نگر میں ساڑھے سات‘ پونا اور ناسک میں ساڑھے آٹھ ڈگری سیلسیئس درجہئ حرارت درج کیا گیا۔ مراٹھواڑہ میں چھترپتی سمبھاجی نگر میں کم سے کم درجہئ حرارت 11.7 سیلسیئس ریکارڈ کیا گیا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ ممبئی کی قدیم عمارتوں کی تعمیر ِ نو کیلئے حکومت کی جانب سے ہاؤسنگ فار آل اسکیم۔
٭ مکھیہ منتری ماجھی لاڈکی بہن اسکیم کے استفادہ کنندگان کو ای KYC_ میں ایک مرتبہ ترمیم کیلئے 31 دسمبر تک مدت۔
٭ اسمبلی کا سرمائی اجلاس آج اختتام پذیر ہوگا؛ آخری ہفتہ تجویز کے ذریعے حزبِ اختلاف کی جانب سے حکومت پر سخت تنقید۔
٭ سابق گورنر شیوراج پاٹل چاکورکر کی پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ آخری رسومات ادا۔
اور۔۔۔٭ پرائیویٹ ٹور آپریٹرز کے ذریعے سفرِ حج پر جانے والے عازمین کو 15 جنوری سے قبل بکنگ عمل مکمل کرنے کی ہدایت۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment