Saturday, 20 December 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 20 دسمبر 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 20 December-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۰۲/دسمبر ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ ریاست کی 23 میونسپل کاؤنسل اور پنچایت سمیتیوں کیلئے آج رائے دہی۔
٭ قدیم علوم کو جدید تکنالوجی کے ساتھ مؤثر طور پر جوڑنے سے بھارت ایک بار پھر وشو گرو بن سکتا ہے: وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کا عندیہ۔
٭ پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس اختتام پذیر؛ پانچ اہم بل منظور۔
٭ ناندیڑ ضلع کی مالیگاؤں یاترا میں صحت سے متعلق بیداری مہم؛ مویشی نمائش کی بھرپور پذیرائی۔
اور۔۔۔٭ 19 سال سے کم عمر کھلاڑیوں کے ایشیاء کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں کل بھارت کا مقابلہ پاکستان سے۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
ریاست کی 23 میونسپل کاؤنسل اور پنچایت سمیتیوں کیلئے آج رائے دہی ہورہی ہے۔ اس کیلئے انتخابی مشنری پوری طرح مستعد ہے اور رائے دہی کا پُرامن آغاز ہوچکا ہے۔ پریسائیڈنگ افسروں کے فیصلے کے خلاف ڈسٹرکٹ کورٹ میں اپیل کیے جانے کے باعث 2 دسمبر کو ہونے والی اس رائے دہی کو انتخابی کمیشن نے مؤخر کردیا تھا۔ یہ ووٹنگ آج ہورہی ہے۔ تمام نگرپریشدوں اور نگر پنچایتوں کیلئے ووٹوں کی گنتی کل عمل میں آئیگی۔ مراٹھواڑہ کے پھلمبری‘ مکھیڑ، دھرم آباد، نلنگا، ریناپور اور بسمت کی میونسپل کاؤنسل اور نگر پنچایتوں کیلئے رائے دہی جاری ہے۔ اس کے علاوہ ریاست کے مختلف اضلاع کی 76 نگرپریشدوں اور نگر پنچایتوں کے 145 عہدوں کیلئے بھی ووٹنگ جاری ہے۔ ان میں چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع کے پیٹھن کے تین‘ ویجاپور اور گنگاپور کے دو، ناندیڑ ضلع کے بھوکر‘ لوہا اور کنڈلواڑی میں ایک ایک‘ بیڑ ضلع کے پرلی اور امبہ جوگائی کی چار چار جبکہ بیڑ اور دھارور کی ایک ایک نشست کیلئے بھی رائے دہی جاری ہے۔
***** ***** *****
ریاستی انتخابی کمشنر دنیش واگھمارے نے کل ریاست کی 29 میونسپل کونسلوں کے انتخابات کی تیاری کا جائزہ لیا اور رائے دہی کے عمل کیلئے سخت منصوبہ بندی کی ہدایت کی۔ اس موقع پر واگھمارے نے میونسپل کمشنروں کو حکم دیا کہ رائے دہی کیلئے ضروری نفری قوت مہیاکریں اور امن و انتظام کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے پولس مشنری کے ساتھ مؤثر تال میل بنائیں۔
***** ***** *****
راشٹروادی کانگریس کے ریاستی صدر سنیل تٹکرے نے مؤقف پیش کیا ہے کہ میونسپل کارپوریشن انتخابات کو مہایوتی کے طور پر لڑنا چاہیے۔ انھوں نے وضاحت کی کہ راشٹروادی کانگریس شرد چندر پوار پارٹی کے ساتھ انتخابی اتحاد کی کوئی بھی تجویز زیرِ غور نہیں ہے۔ انھوں نے مزید بتایا کہ مہایوتی سے متعلق فیصلہ کرنے کیلئے عنقریب راشٹروادی کانگریس کے رہنماء‘ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس سے ملاقات کریں گے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ قدیم علوم کو جدید تکنالوجی کے ساتھ مؤثر طور پر جوڑنے کے نتیجے میں بھارت ایک بار پھر وشوگرو بن سکتا ہے۔ وہ کل ممبئی کے باندرہ -کُرلا کمپلیکس میں ورلڈ ہندو اکنامک فورم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے بھارت کو جدید اختراع کا منبع قرار دیتے ہوئے کہا کہ عالمی معیشت میں 25 فیصد حصہ رکھنے والی ہندوستانی معیشت وزیرِ اعظم کی زیرِقیادت پیش رفت کررہی ہے اور دنیا بھر کے صنعتکاروں اور کاروباریوں کو اس فورم کے ذریعے یکجا کیا جارہا ہے۔
وزیرِ اعلیٰ نے مزید کہا کہ مصنوعی ذہانت (AI) کی بدولت صنعتوں میں انقلابی تبدیلیاں آرہی ہیں اور اس جدت کی قیادت کرنے کی صلاحیت بھارت میں موجود ہے۔ انھوں نے کہا کہ 54 افریقی ممالک کیلئے ایک شاندار عمارت جلد ہی ممبئی میں تعمیر کی جائیگی۔ وزیرِ اعلیٰ نے صنعتکاروں کو افریقہ پر توجہ مرکوز کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ افریقہ میں خاطر خواہ پیداوار شروع ہونے سے عالمی معیشت میں بنیادی تبدیلیاں آئیں گی اور اعتماد ظاہر کیا کہ اس تبدیلی کی قیادت بھی بھارت ہی کرے گا۔
***** ***** *****
سدنیکا بدعنوانی معاملے میں سابق وزیر مانک راؤ کوکاٹے کو سنائی گئی سزا ملتوی کرنے سے ممبئی عدالت ِ عالیہ نے انکار کردیا ہے۔ تاہم‘ طبّی بنیادوں پر کوکاٹے کی گرفتاری کو عدالت نے مؤخر کردیا ہے۔ عدالت ِ عالیہ نے ایک لاکھ روپئے کے مچلکے پر اُن کی ضمانت منظور کی ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس کل اختتام پذیر ہوا اور لوک سبھا اور راجیہ سبھا کی کارروائی غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردی گئی۔ اس اجلاس میں لوک سبھا کی 15 نشستیں ہوئیں اور 112 فیصد کام کاج ہوا۔ یہ اطلاع لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے دی۔ راجیہ سبھا چیئرمین سی پی رادھا کرشنن نے بتایا کہ ایوان میں 92 گھنٹے کام کاج ہوا۔ انھوں نے کہا کہ راجیہ سبھا کے چیئرمین کی حیثیت سے یہ ان کاپہلا اجلاس تھا۔ نائب صدرِ جمہوریہ نے ایوانِ بالا کے نائب چیئرمین‘ منتظمین ِ ایوان اور حزبِ اختلاف کے رہنماؤں کا شکریہ بھی ادا کیا۔ ایوان کی کارروائی میں بار بار خلل پڑنے پر انھوں نے سخت ناراضی کا بھی اظہار کیا اور اس کیلئے ہر ایک کو خوداحتسابی کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
یکم دسمبر سے شروع ہوئے اس اجلاس میں وندے ماترم گیت اور انتخابی اصلاحات کے موضوع پر تفصیلی بحث ہوئی۔ روزگار‘ بیمہ شعبے میں اصلاحات اور توانائی جیسے اہم شعبہئ جات پر بھی دونوں ایوانوں میں نتیجہ خیز اور سیر حاصل بحث ہوئی۔ اس اجلاس کے دوران پانچ اہم بل منظور کیے گئے۔
***** ***** *****
اسی دوران راجیہ سبھا میں ”وی بی جی‘ رام جی“ بل پر بحث کے دوران ہوئے شور و غل پر بی جے پی نے آٹھ ارکانِ پارلیمان کے خلاف مراعات شکنی کی نوٹس دی ہے۔ بی جے پی کے رکن نشی کانت دوبے نے کہا کہ کانگریس‘ ڈی ایم کے اور ترنمول کانگریس کے ارکان کا رویہ جمہوریت کیلئے ہتک آمیز تھا۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ ان آٹھ ارکان کو ایوان کے کام کاج میں شامل ہونے کی اجازت نہ دی جائے۔
***** ***** *****
ناندیڑ ضلع کے مالیگاؤں یاترامیں کل سے صحت بیداری مہم چلائی جارہی ہے۔ اس سلسلے میں کل ڈسٹرکٹ ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے طبّی نمائش اور طبّی جانچ کیمپ لگایا گیا۔ کندھار‘ لوہا کے رکنِ اسمبلی پرتاپ راؤ چکھلیکر کے ہاتھوں اس نمائش کا افتتاح عمل میں آیا۔ یہ نمائش اور کیمپ 25 دسمبر تک جاری رہے گا۔ دریں اثناء‘ اس یاترا میں مویشی نمائش میں ملک بھر سے مختلف نسلوں کے گھوڑے پہنچے ہیں اور ان کی بڑے پیمانے پر خرید و فروخت ہورہی ہے۔
***** ***** *****
غیر روایتی توانائی کے وزیر اتل ساوے نے کہا ہے کہ چھترپتی سمبھاجی نگر مستقبل ِ قریب میں الیکٹرک گاڑیوں کے صنعتی مرکز کی حیثیت سے شناخت بنائے گا۔ چھترپتی سمبھاجی نگر کے ایس ایف ایس اسکول میدان پر ٹریڈ فیئر کے نام سے شاندار نمائش کا وزیرِ موصوف کے ہاتھوں کل افتتاح عمل میں آیا۔ اس موقع پر اتل ساوے نے شہرمیں لگائی جانے والی بڑی صنعتوں کی تفصیلات بھی پیش کیں۔
***** ***** *****
کرکٹ:19 سال سے کم عمر کھلاڑیوں کے ایشیاء کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا فائنل کل روایتی حریف بھارت اور پاکستان کے مابین کھیلا جائے گا۔ ان دونوں ٹیموں نے کل اپنے سیمی فائنل جیت کر فائنل میں داخلہ حاصل کیا۔ پہلے سیمی فائنل میں بھارت نے سری لنکا کو آٹھ وکٹ سے شکست دی۔ پہلے بلّے بازی کرتے ہوئے سری لنکا نے بھارت کو جیت کیلئے 139 رنو ں کا ہدف دیا‘ جو بھارت نے محض دو وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ جیت میں اہم کردار ادا کرنے والے ایران جارج اور وِہان ملہوترا کو مشترکہ مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو آٹھ وکٹ سے شکست دی۔
***** ***** *****
بھارت اور جنوبی افریقہ کے مابین ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سیریز کے آخری میچ میں بھارت نے کل 30 رنوں سے فتح حاصل کی اور سیریز تین ایک سے جیت لی۔ کل احمدآباد میں کھیلے گئے اس میچ میں پہلے بلّے بازی کرتے ہوئے بھارت نے جنوبی افریقہ کو 231 رنوں کا ہدف دیا۔ تاہم مہمان ٹیم مقررہ اوورز میں 201 رن ہی بناسکی۔ 16 گیندوں میں نصف سنچری بنانے والے ہاردک پانڈیا کو مین آف دی میچ اور سیریز میں 10 وکٹ حاصل کرنے والے ورون چکرورتی کو مین آف دی سیریز قرار دیا گیا۔
***** ***** *****
انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ED) نے کرکٹ کھلاڑی یوراج سنگھ اور رابن اُتھپا‘ فلمی اداکار اُروشی روتیلا، سونو سُود‘ میمی چکرورتی‘ انکش ہاجرہ اور نیہا شرما کی آٹھ کروڑ روپئے کی جائیداد ضبط کرلی ہے۔ غیر قانونی سٹے بازی کے معاملے میں ای ڈی نے یہ کارروائی کی۔ ان تمام نے بیٹنگ کمپنی کے اشتہارات میں حصہ لیا تھا۔
***** ***** *****
موسم: ریاست میں کل سب سے کم درجہئ حرارت سات اعشاریہ تین ڈگری سیلسیئس اہلیا نگر میں درج کیا گیا۔ اس کے علاوہ ناسک میں ساڑھے سات اعشاریہ چار“ پونا میں آٹھ اعشاریہ تین اورساتارا میں 10 ڈگری سیلسئیس درجہئ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ مراٹھواڑہ میں بیڑ میں کم سے کم درجہئ حرارت ساڑھے آٹھ اور چھترپتی سمبھاجی نگر میں گیارہ اعشاریہ دو ڈگری سیلسیئس درجہئ حرارت درج کیا گیا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ ریاست کی 23 میونسپل کاؤنسل اور پنچایت سمیتیوں کیلئے آج رائے دہی۔
٭ قدیم علوم کو جدید تکنالوجی کے ساتھ مؤثر طور پر جوڑنے سے بھارت ایک بار پھر وشو گرو بن سکتا ہے: وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کا عندیہ۔
٭ پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس اختتام پذیر؛ پانچ اہم بل منظور۔
٭ ناندیڑ ضلع کی مالیگاؤں یاترا میں صحت سے متعلق بیداری مہم؛ مویشی نمائش کی بھرپور پذیرائی۔
اور۔۔۔٭ 19 سال سے کم عمر کھلاڑیوں کے ایشیاء کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں کل بھارت کا مقابلہ پاکستان سے۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment