Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 21 December-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ ریاست کی 246 میونسپل کونسلز اور 42 نگر پنچایتوں کے ووٹوں کی آج ہوگی گنتی۔
٭ 23 میونسپل کونسلز اور نگر پنچایتوں کیلئے پرامن رائے دہی؛ دھرم آباد میں پیسوں کی تقسیم کے الزامات کی الیکشن حکام نے کی تردید۔
٭ برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن کے آئندہ انتخابات اپنے بل بوتے پر لڑنے کا‘ کانگریس پارٹی کا اعلان۔
٭ رامائن-مہابھارت عالمی سیاست کا سبق دینے والی رہنما کتابیں ہیں - پونے کتابی میلے میں وزیرِ خارجہ ایس جئے شنکر کابیان۔
٭ سوریہ کمار یادو T-20 کرکٹ عالمی کپ میں کپتان برقرار۔
اور۔۔۔٭ انڈر 19 ایشیاء کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے خطابی مقابلے میں آج بھارت اور پاکستان آمنے سامنے۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
ریاست کی 246 میونسپل کونسلوں اور 42 نگر پنچایتوں کے انتخابات کے ووٹوں کی گنتی آج کی جارہی ہے۔ اب سے کچھ دیر بعد صبح 10 بجے سے ووٹوں کی گنتی کا آغاز ہوگا۔ رائے شماری کے اس عمل کیلئے انتظامی مشنری پوری طرح تیار ہے اور امن و قانون کی صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے پولس کے سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔
پربھنی میں، ضلع مجسٹریٹ اور کلکٹر سنجے سنگھ چوہان نے رائے شماری مرکز پر شہری تحفظ قانون کی دفعہ 163 نافذ کی ہے۔
***** ***** *****
دریں اثنا، ریاست کی 23 میونسپل کونسلز اور نگر پنچایتوں کے صدراور اراکین کے عہدوں سمیت مختلف نگر پنچایتوں کے 143 اراکین کے انتخاب کیلئے رائے دہی کا عمل کل چند معمولی واقعات کو چھوڑ کر پُرامن طریقے سے انجام پایا۔
چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے کی پھلمبری نگر پنچایت میں وارڈ 16 اور صدر کے عہدے کیلئے تقریباً 84 فیصد ووٹنگ ہوئی ہے۔ جبکہ پیٹھن نگر پریشد کی چار نشستوں کیلئے تقریباً 77 فیصد، ویجا پور کی دو نشستوں کیلئے تقریباً 68، اور گنگاپور میں 73 فیصد رائے دہی ہوئی۔
لاتور ضلعے کی نلنگا میونسپل کونسل کیلئے 67 اعشاریہ 37 فیصد، جبکہ رینا پور نگر پنچایت کیلئے80 اعشاریہ 51 فیصد رائے دہی عمل میں آئی۔ اسی طرح اودگیر میونسپل کونسل کی تین نشستوں کیلئے 58 اعشاریہ 22 فیصد رائے دہی درج کی گئی۔
اسی طرح ہنگولی ضلعے کی بسمت میونسپل کونسل میں تقریباً 74 فیصد، جبکہ جالنہ ضلعے کی بھوکردن میونسپل کونسل کے وارڈ نمبر دو اور نو میں کل 73 فیصد ووٹنگ ہوئی۔
بیڑ ضلعے کے پرلی میں 60 فیصد، امبہ جوگائی میں 64 فیصد، قلعہ دھارور میں 66 اعشاریہ 20 فیصد اور بیڑ نگر پریشدکیلئے 73 فیصدکا ووٹنگ اندراج کیا گیا۔
دھاراشیو ضلعے میں، دھاراشیو میونسپل کونسل کیلئے 56 اعشاریہ 40 فیصد، عمرگہ میں 63 اعشاریہ 76 فیصد، جبکہ پربھنی ضلعے کے جنتور میں 61 فیصد، اور پورنا میں تقریباً 71 فیصد رائے دہی کا اندراج کیا گیا۔
ناندیڑ ضلعے کی مکھیڑ میونسپل کونسل میں تقریباً 76 فیصد، جبکہ دھرم آباد میونسپل کونسل میں 71 اعشاریہ 77 فیصد‘ کنڈل واڑی میں ایک بلاک کیلئے 79 فیصد، بھوکر کے ایک بلاک کیلئے 77 فیصد اور لوہا کے ایک بلاک میں 78 اعشاریہ 53 فیصد نے ووٹنگ درج کی گئی۔
اسی اثناء‘ رائے دہی کے دوران پیسوں کی تقسیم کے الزامات پر دھرم آباد میں کھلبلی مچ گئی۔ خانگی خبررساں چینلوں نے کچھ ووٹروں کو مبینہ طور پر ایک شادی خانے میں بند رکھنے کی خبریں دی تھیں۔ تاہم‘ انتخابی فیصلہ افسر نے ان خبروں کی تردید کی۔ انتخابی حکام کا کہنا تھا کہ جب پولس اور انتخابی دستہ مذکورہ مقام پر پہنچا تو وہاں کوئی موجودنہیں تھا۔
***** ***** *****
کانگریس بُرہن ممبئی میونسپل کارپوریشن کے آئندہ انتخابات تنہاء اپنے دَم پر لڑے گی۔ کانگریس کے مہاراشٹر انچارج رمیش چینّی تھلا نے کل ممبئی میں ایک اطلاعی کانفرنس میں یہ اعلان کیا۔ انہوں نے بتایا کہ کانگریس تمام 227 نشستوں پر مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہے۔ انھوں نے کہا کہ ممبئی میں ملک کے مختلف حصوں کے لوگوں کے درمیان اتحاد کو برقرار رکھنے اور ان کے مفادات کے تحفظ کیلئے پارٹی نے یہ فیصلہ لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان انتخابات میں بھی مختلف مذاہب میں نفرت پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور اس طرح کی سیاست ختم کرنے کی ضرورت ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
شیو سنگرام پارٹی صدر ڈاکٹر جیوتی میٹے نے اعلان کیاہے کہ ان کی پارٹی آئندہ بلدیاتی انتخابات میں حصہ لے گی۔ انہوں نے بتایا کہ پارٹی عوامی قائد ونایک راؤ میٹے وکاس اگھاڑی کے طور پر انتخابی میدان میں اُترے گی۔ اس سلسلے میں ممبئی، نئی ممبئی، تھانے اور پونے میں پارٹی عہدیداران کے اجلاس ہوئے ہیں۔ جس کے بعد یہ فیصلہ لیا گیا۔
***** ***** *****
قومی سائبرسیکیوریٹی ادارے (CERT) نے خبردار کیا ہے کہ وہاٹس ایپ کو دیگر ڈیوائسیز سے جوڑنے کے عمل میں وہاٹس ایپ اکاؤنٹس پر سائبر حملہ ہونے کا خدشہ ہے۔ ادارے نے اس سلسلے میں رہنما خطوط بھی جاری کیے ہیں، اس کمزور کڑی کو گھوسٹ پیئرنگ‘ کا نام دیا گیاہے۔ سائبر حملہ آور وہاٹس ایپ اکاؤنٹ کو کسی ڈیوائس سے جوڑتے وقت بغیر تصدیق کے پیئرنگ کوڈز کا استعمال کر کے متعلقہ اکاؤنٹ کو کنٹرول میں لے سکتے ہیں، اور اس سے تحفظ کیلئے سی ای آر ٹی نے کسی بھی شناسا شخص کی جانب سے موصولہ مشکوک لنکس پر کلک نہ کریں، ساتھ ہی وہاٹس ایپ یا فیس بک جیسی نظر آنے والی کسی بھی بیرونی ویب سائٹ پر اپنا فون نمبر فراہم نہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
***** ***** *****
سابق وزیر شالینی تائی پاٹل ممبئی میں انتقال کرگئیں۔وہ 98 برس کی عمرتھیں۔ ماہرِ قانون شالینی تائی پاٹل، نے سابق وزیرِ اعلیٰ اے آر انتولے کی کابینہ میں وزیرِ محصول کی ذمہ داریاں انجام دی تھیں۔ وہ مراٹھا ریزرویشن پر اپنے مضبوط موقف کیلئے بھی جانی جاتی تھیں۔ وہ سابق وزیرِ اعلیٰ آنجہانی وسنت دادا پاٹل کی اہلیہ تھیں۔
نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار سمیت سیاسی اور سماجی شعبوں سے وابستہ شخصیات نے شالینی پاٹل کی موت پر اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
***** ***** *****
وزیر ِخارجہ ایس جئے شنکر نے کہا ہے کہ رامائن اور مہابھارت صرف مذہبی کتابیں نہیں ہیں بلکہ عالمی سیاست سے متعلق سبق آموزبہترین رہنما کتابیں بھی ہیں۔ وہ کل پونے میں پونے کتابی فیسٹیول میں ”فرام ڈپلومیسی ٹو ڈسکورس“ کے موضوع پر حاضرین سے مخاطب تھے۔ اس موقعے پر مرکزی وزیرِ مملکت مرلی دھر موہوڑ، کُل ہند ادبی کانفرنس کے نامزد صدر وشواس پاٹل اور کئی دیگر شخصیات موجود تھیں۔ جئے شنکر نے خیال ظاہر کیا کہ بھارت کی خارجہ پالیسی کو اب مغربی خیالات سے آگے بڑھ کر ملکی تہذیب اور ثقافت پر مبنی ہونا چاہیے۔
***** ***** *****
بلڈانہ ضلعے کے کدما پور کے ضلع پریشد اسکول کے طلباء نے ریاضی میں زبردست مہارت حاصل کی ہے اور یہ طلباء صرف چند سیکنڈ میں ضرب، تقسیم، جمع اور تفریق کے حساب کر سکتے ہیں اور ان کی جانچ بھی کر سکتے ہیں۔
ان طلباء کو جرمن زبان بھی سکھائی جارہی ہے۔ طلباء کو ڈیجیٹل لین دین کی معلومات فراہم کرنے کیلئے 150 طلباء بینک اکاؤنٹس کھولے گئے ہیں۔ طلباء ان بینک کھاتوں میں جمع رقم کو تعلیمی لوازمات خریدنے کیلئے استعمال کررہے ہیں۔
***** ***** *****
راشٹرسنت گاڑگے بابا کی برسی کے موقعے پر کل انہیں مختلف سرگرمیوں کے ذریعے خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
چھترپتی سمبھاجی نگر کے بجاج نگر میں تین روزہ مہا صفائی مہم چلائی جارہی ہے۔ مختلف سماجی تنظیموں اور صفائی پسندوں کی پہل پر ”ایک دن‘ ایک علاقہ“ کی بنیاد پر یہ مہم چلائی جا رہی ہے۔
چھترپتی سمبھاجی نگر کے کرانتی جیوتی ساوتری بائی پھلے ثانوی اسکول میں سنت گاڑگے بابا کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ بزرگ مفکر وینکٹ راؤ کامبلے نے گاڑگے بابا کے دس نکاتی پیغام کو پر عمل درآمد کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
***** ***** *****
سوریہ کمار یادو کو‘ٹی ٹوئنٹی کرکٹ عالمی کپ میں بھارتی ٹیم کا کپتان برقرار رکھا گیا ہے جبکہ اکشر پٹیل کو نائب کپتان کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ قومی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین اجیت اگرکر نے کل 15 رکنی ٹیم کا اعلان کیا۔ عالمی کپ سے قبل ہونے والی نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز سے شبھمن گل کو ٹیم سے باہر رکھا گیا ہے‘جبکہ ایشان کشن اور رِنکو سنگھ کو دوبارہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
اُنیس سال سے کم عمر کھلاڑیوں کے ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا فائنل میچ آج بھارت اور پاکستان کے مابین کھیلا جائے گا۔ یہ میچ دُبئی میں صبح ساڑھے دس بجے شروع ہوگا۔
***** ***** *****
ریاست میں کل سب سے کم درجہ حرارت جلگاؤں میں چھ ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔ جبکہ اہلیانگر میں چھ اعشاریہ چار ڈگری سیلسیس، ناسک چھ اعشاریہ نو ڈگری، پونے آٹھ اعشاریہ ایک ڈگری اور چھترپتی سمبھاجی نگر میں دس اعشاریہ آٹھ ڈگری درجہ حرارت درج ہوا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ ریاست کی 246 میونسپل کونسلز اور 42 نگر پنچایتوں کے ووٹوں کی آج ہوگی گنتی۔
٭ 23 میونسپل کونسلز اور نگر پنچایتوں کیلئے پرامن رائے دہی؛ دھرم آباد میں پیسوں کی تقسیم کے الزامات کی الیکشن حکام نے کی تردید۔
٭ برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن کے آئندہ انتخابات اپنے بل بوتے پر لڑنے کا‘ کانگریس پارٹی کا اعلان۔
٭ رامائن-مہابھارت عالمی سیاست کا سبق دینے والی رہنما کتابیں ہیں - پونے کتابی میلے میں وزیرِ خارجہ ایس جئے شنکر کابیان۔
٭ سوریہ کمار یادو T-20 کرکٹ عالمی کپ میں کپتان برقرار۔
اور۔۔۔٭ انڈر 19 ایشیاء کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے خطابی مقابلے میں آج بھارت اور پاکستان آمنے سامنے۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment