Tuesday, 23 December 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 23 دسمبر 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 23 December-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۳۲/دسمبر ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ ریاست میں 29میونسپل کارپوریشنز کے انتخابات کیلئے نامزدگی کے پرچے داخل کرنے کا آج سے آغاز۔
٭ حالیہ میونسپل انتخابات میں بی جے پی ریاست کی سب سے بڑی پارٹی بن کر اُبھری ہے: وزیرِ اعلیٰ کا دعویٰ؛ نومنتخبہ صدور اور کاؤنسلرس سے وزیرِ اعلیٰ کی بات چیت۔
٭ ملک کی ترقی اور پیش رفت میں IIT کا بڑا تعاون: مرکزی وزیر نتن گڈکری کا اظہارِ خیال۔
٭ راجستھان کے اراولی پہاڑی سلسلوں کے تقریباً 90 فیصد علاقوں میں کانکنی ممکن نہیں: مرکزی وزیرِ ماحولیات بھوپیندر یادو کی وضاحت۔
اور۔۔۔٭ سپریم کورٹ نے رہائش گاہ گھپلے کے معاملے میں سابق ریاستی وزیر مانک راؤ کوکاٹے کی سزا ملتوی کردی۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
ریاست میں 29 میونسپل کارپوریشنز کے انتخابات کیلئے نامزدگی کے پرچے داخل کرنے کے عمل کا آج سے آغاز ہورہا ہے۔ یہ عمل 30 دسمبر تک جاری رہے گا۔ نامزدگی کے پرچوں کی جانچ 31 دسمبر کو ہوگی اور 2 جنوری تک امیدواری واپس لی جاسکتی ہے۔ انتخابی نشانات کی تقسیم اور اُمیدواروں کی حتمی فہرست 3 جنوری کو شائع کی جائے گی۔ تمام میونسپل کارپوریشنز کیلئے رائے دہی 15 جنوری کو ہوگی، جبکہ ووٹوں کی گنتی 16 جنوری کو کی جائیگی۔ اس تناظر میں کل میونسپل کارپوریشنز کی جانب سے چھترپتی سمبھاجی نگر اور لاتور سمیت بیشتر مقامات پر انتخابی پروگرام سے متعلق معلومات دینے کیلئے صحافتی کانفرنسوں اور میٹنگز کا انعقاد کیا گیا۔
***** ***** *****
انکم ٹیکس محکمے نے ممبئی میں ریاست کے میونسپل کارپوریشنز انتخابات کے دوران پیسوں کے استعمال کی جانچ کی خاطر کنٹرول روم قائم کیا ہے جو 24 گھنٹے کام کرے گا۔ محکمے نے شہریان سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر محسوب نقد رقم، قیمتی سامان اور دیگر ترغیبات سے آگاہ رہیں اور اس کے بارے میں 58 37 11 38 77 اس فون نمبر پر اطلاع دیں۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے دعویٰ کیا ہے کہ حالیہ میونسپل انتخابات کے نتائج نے ثابت کردیا ہے کہ بی جے پی ریاست کی سب سے بڑی پارٹی ہے۔ وزیرِ اعلیٰ نے کل‘ ناگپور میں اپنی سرکاری رہائش گاہ پر ناگپور ضلع کے نئے چنے گئے میونسپل صدور اور کاؤنسلرز سے بات چیت کی۔ اس کے بعد منعقدہ صحافتی کانفرنس میں انھوں نے بتایا کہ 2017 کے میونسپل انتخابات کے مقابلے میں اس بار بی جے پی کے کاؤنسلرز کی تعداد دُگنی ہوگئی ہے۔
***** ***** *****
حالیہ میونسپل انتخابات میں کامیاب ہونے والے صدور اور کاؤنسلرز کی تربیت کیلئے پونے کے یشدا میں دو روزہ کیمپ کا انعقاد کیا جائے گا۔ نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار نے کل پونے کے قریب ”پھرسنگی اُرُڑی دیواچی“ کے صدرِ بلدیہ اور میونسپل اراکین کا استقبال کیا۔ اس موقع پر انھوں نے یہ اطلاع دی۔ پوار نے بتایا کہ میونسپل کاؤنسلز میں کام کیسے کریں‘ فالواَپ کس طرح کیا جائے اور کام کے معیار کو کیسے برقرار رکھا جائے۔ اس کے بارے میں اس کیمپ میں رہنمائی کی جائے گی۔ ریاست کے تمام نومنتخب صدورِ بلدیہ کو مبارکباد دیتے ہوئے پوار نے کہا کہ میونسپل انتخابات کے نتیجوں نے سب کی ذمہ داری بڑھا دی ہے۔
***** ***** *****
میونسپل کاؤنسلز اور نگر پنچایت انتخابات میں کانگریس کے 41 صدورِ بلدیہ اور ایک ہزار چھ اراکین منتخب ہوئے ہیں۔ کانگریس کے ریاستی صدر ہرش وردھن سپکاڑ نے ایک صحافتی مکتوب میں یہ اطلاع دی۔ سپکاڑ نے کہا کہ مشکل حالات میں ملی اس کامیابی سے پارٹی کارکنان کو آئندہ میونسپل الیکشن اور ضلع پریشد انتخابات میں توانائی ملے گی۔
***** ***** *****
مرکزی وزیر نتن گڈکری نے کہا ہے کہ ملک بھر کی IIT's اور ان کے طلبہ نے ملک کی ترقی اور پیش رفت میں اچھا تعاون کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ بھارت کو دنیا کی تیسری سب سے بڑی معیشت بنانے کی خاطر علم ایک طاقت ور ذریعہ ہے۔ وزیرِ موصوف کل ممبئی میں IIT پوئی کے ایک پروگرام میں بول رہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ کسی بھی ملک کا مستقبل اس کے پاس موجود ٹکنالوجی پر منحصر ہوتا ہے۔ گڈکری نے کہا:
Byte: Union Minister Nitin Gadkari
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
ممبئی عدالت ِ عالیہ نے مفادِ عامہ کی ایک درخواست کو کل مسترد کردیا جس میں راشٹروادی کانگریس کے قائدین شرد پوار، سپریہ سُلے اور اجیت پوار کی جانب سے پونے کے قریب واقع لواسا پروجیکٹ کو غیر قانونی طور پر اجازت نامے دینے کے الزام میں CBI جانچ کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ عدالت نے وضاحت کی کہ قانون میں پولس کو ایف آئی آر درج کرنے سے متعلق حکم دینے کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ اس لیے مذکورہ درخواست کو مسترد کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
ماحولیات کے مرکزی وزیر بھوپیندر یادو نے کہا ہے کہ راجستھان میں اراولی پہاڑی سلسلے کا تقریباً 90 فیصد علاقہ کانکنی کیلئے موزوں نہیں ہے۔ وزیرِ موصوف کل ایک خبررساں ایجنسی کو دئیے گئے انٹرویو میں نشاندہی کی کہ اجمیر اور اُدئے پور جیسے کئی شہر اس پہاڑی سلسلے میں واقع ہیں اور صدیوں سے آباد ہیں۔ یادو نے وضاحت کی کہ اراولی سلسلے کے علاقوں کو شہری بنانے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ انھوں نے کہا:
Byte: Union Minister Bhupendra Yadav
***** ***** *****
سپریم کورٹ نے رہائش گاہ گھپلے کے معاملے میں راشٹروادی کانگریس پارٹی کے لیڈر مانک راؤ کوکاٹے کی سزا کو ملتوی کردیا ہے۔ جس کے بعد کوکاٹے کا رکنِ اسمبلی کے طور پر درجہ فی الحال برقرار رہے گا۔ عدالت ِ عظمیٰ نے ریاستی حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا کہ سماعت مکمل ہونے تک کوکاٹے کو رکنِ اسمبلی کے طور پر نااہل نہیں کیا جائے گا۔ ایک ضلعی عدالت نے کوکاٹے کو فرضی دستاویزات کی بنیاد پر سرکاری رہائش حاصل کرنے کے معاملے میں قصوروار قرار دیتے ہوئے سزا سنائی تھی‘ تاہم بامبے ہائی کورٹ نے سزا کو برقرار رکھتے ہوئے ان کی گرفتاری پر روک لگادی تھی۔
***** ***** *****
ریاست کے آبی وسائل اور اہلیا نگر ضلع کے سرپرست وزیر رادھا کرشن وِکھے پاٹل نے محکمہئ جنگلات کو سنگم نیر تعلقے میں چیتوں کی بڑھتی ہوئی نقل و حرکت اور ضلع میں انسانی بستیوں پر اُن کے حملوں کو روکنے کی خاطر ’ہائی ٹیک‘ سسٹم استعمال کرنے کی ہدایت دی ہے۔ وزیرِ موصوف نے کل سنگم نیر تعلقے کے کڈلگ میں چیتے کے حملے میں ہلاک ہونے والے سدھیش کڈلگ کے اہلِ خانہ سے تعزیت کی۔ اس موقع پر انھو ں نے یہ ہدایت دی۔ پاٹل نے بتایا کہ تھرمل ڈرون‘ نائٹ وژن اور 500 سے زائد ٹریپ کیمرے ان علاقوں میں نصب کیے گئے ہیں۔
***** ***** *****
دھاراشیو ضلع میں طبّی خدمات میں اضافے کی خاطر تجویز کیے گئے ایک نئے 500 بستروں پر مشتمل جدید ترین ضلع اسپتال کی تعمیر کیلئے پیش رفت ہوئی ہے۔ طبّی خدمات کے ڈائریکٹر‘ ڈاکٹر نتن امباڈیکر نے کل اسپتال کیلئے تجویز کی گئی جگہ کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انھوں نے اسپتال کی عمارت کی ترتیب‘ مختلف شعبہ جات کے ڈھانچے اور وارڈ پلاننگ کا تفصیلی جائزہ لیا۔
***** ***** *****
غیر روایتی توانائی کی ڈائریکٹر سمن چندرا نے بیڑ ضلع کی ترقی کی خاطر افسران سے اپنے طور پر کام کرنے کی اپیل کی ہے۔ موصوفہ کل بیڑ میں وڑونی تعلقے کے جائزاتی اجلاس سے خطاب کررہی تھیں۔ انھوں نے ہدایت دی کہ آنے والے دنوں میں خواتین کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے کی خاطر تیز رفتاری سے کام کیا جائے تاکہ اس علاقے میں بچپن کی شادی کی شرح کو کم کیا جاسکے۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر ویویک جانسن اور دیگر افسران موجود تھے۔
***** ***** *****
چھرپتی سمبھاجی نگر کے دہشت گردی مخالف دستے (ATS) کی پولس سپرنٹنڈنٹ نیلم روہن کو ہنگولی کا سپرنٹنڈنٹ آف پولس مقرر کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں گذشتہ روز احکامات جاری کیے گئے۔
***** ***** *****
ناندیڑ ضلع کے شریکشیتر مالیگاؤں یاترا میں منعقدہ لاؤنی میلے کا افتتاح کل رکنِ اسمبلی پرتاپ راؤ پاٹل چکھلیکر کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ اس موقع پر انھوں نے بتایا کہ لاونی فن کاروں کی حوصلہ افزائی کی خاطر ان کے مشاہرے میں اضافہ کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
اب موسم کا حال: ریاست میں سب سے کم درجہئ حرارت کل اہلیا نگر میں سات اعشاریہ تین ڈگری سیلسیئس درج کیا گیا۔ پونے‘ مالیگاؤں اور ناسک میں درجہئ حرارت اوسطاً آٹھ ڈگری سیلسیئس رہا۔جبکہ چھترپتی سمبھاجی نگر‘ دھاراشیو‘ پربھنی‘ بیڑ اور ناندیڑ میں اوسطاً 10 ڈگری سیلسیئس درجہئ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ ریاست میں 29میونسپل کارپوریشنز کے انتخابات کیلئے نامزدگی کے پرچے داخل کرنے کا آج سے آغاز۔
٭ حالیہ میونسپل انتخابات میں بی جے پی ریاست کی سب سے بڑی پارٹی بن کر اُبھری ہے: وزیرِ اعلیٰ کا دعویٰ؛ نومنتخبہ صدور اور کاؤنسلرس سے وزیرِ اعلیٰ کی بات چیت۔
٭ ملک کی ترقی اور پیش رفت میں IIT کا بڑا تعاون: مرکزی وزیر نتن گڈکری کا اظہارِ خیال۔
٭ راجستھان کے اراولی پہاڑی سلسلوں کے تقریباً 90 فیصد علاقوں میں کانکنی ممکن نہیں: مرکزی وزیرِ ماحولیات بھوپیندر یادو کی وضاحت۔
اور۔۔۔٭ سپریم کورٹ نے رہائش گاہ گھپلے کے معاملے میں سابق ریاستی وزیر مانک راؤ کوکاٹے کی سزا ملتوی کردی۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment