Friday, 26 December 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 26 دسمبر 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 26 December-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۶۲/دسمبر ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ آج ویر بال دِن کی مناسبت سے صدرِ جمہوریہ کے ہاتھوں اطفال ایوارڈ کی تقسیم۔
٭ ملک کی تعمیر میں رکنِ پارلیمان کھیل مقابلوں کا کرداراہم ہے- وزیر اعظم کا بیان۔
٭ میونسپل کارپوریشنز کے انتخابات کیلئے سیاسی سرگرمیوں میں اضافہ۔
٭ عرق اور مشروبات کو چائے بتاکر فروخت نہ کرنے کی FSSAI کی ہدایت۔
٭ نئی ممبئی کی بین الاقوامی طیران گاہ سے مسافروں کی آمدورفت کا آغاز۔
اور۔۔۔٭ مالیگاؤں یاترا میں شنکرپٹ کی سنسنی - ساڑھے چار سیکنڈ میں دوڑ مکمل کرنے والی بیل کی جوڑی پہلے مقام پر۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
بہادریِ اطفال دن یعنی ’ویر بال دِن‘ آج منایا جا رہا ہے۔ یہ دن سکھ مذہب کے دسویں گرو، شری گرو گووند سنگھ جی کے بیٹے صاحب زادہ بابا زورآور سنگھ جی اور صاحب زادہ بابا فتح سنگھ جی کی شہادت کی یاد میں منایا جاتا ہے۔ اس موقعے پر وزیر اعظم نریندر مودی آج دہلی کے بھارت منڈپم میں ایک پروگرام میں شرکت کریں گے۔
دریں اثنا، وِیر بال دِن کے موقعے پر، وزیرِ اعظم قومی اطفال ایوارڈس صدرِ جمہوریہ دروپدی مُرمو کے ہاتھوں آج نئی دہلی میں تفویض کیے جائیں گے۔ اس سال 18 ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں کے مختلف شعبوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے 20 بچوں کو اس ایوارڈ کیلئے منتخب کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
ملک بھر میں رکنِ پارلیمان کھیل مقابلے2025 گزشتہ روز اختتام پذیر ہوگئے۔ اس موقعے پر وزیرِ اعظم نریندر مودی نے حاضرین سے بذریعہئ ویڈیو کانفرنسنگ خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایم پی اسپورٹس فیسٹیول قوم کی تعمیر میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ کھیلوں سے نوجوانوں میں کھلاڑی کی صفات پیدا ہوتی ہیں اور فتح اور شکست کو پسِ پشت ڈال کر نظم و ضبط رکھنے والے نوجوان تیار ہو رہے ہیں، جو مستقبل میں قوم کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ وزیرِ اعظم نے کہا:
Byte: Prime Minister Narendra Modi
وزیر اعظم نے مزید بتایا کہ دولت مشترکہ کھیلوں کا انعقاد 2030 میں بھارت میں کیا جائے گا، اور وہ 2036 میں اولمپک کھیلوں کے ملک میں انعقاد کیلئے بھی کوشاں ہیں۔ دریں اثناء، کل ملک بھر میں ایم پی کھیل فیسٹیولز کا اختتام عمل میں آیا۔
***** ***** *****
وزیرِ اعظم دیہی سڑک منصوبے کے کل‘ 25 سال مکمل ہو گئے۔ 25 دسمبر سال 2000 میں شروع کیے گئے، اس منصوبے کا مقصد پہلے سے غیر متصل دیہی علاقوں سے رابطے کو یقینی بنانا ہے۔
***** ***** *****
سابق وزیرِ اعظم بھارت رتن آنجہانی اٹل بہاری واجپائی کے ایک سو ایک ویں یومِ پیدائش پر کل ملک بھر میں اُنھیں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ صدر ِ مملکت دروپدی مُرمو، نائب صدر ِ جمہوریہ سی پی رادھا کرشنن، وزیرِ اعظم نریندر مودی نے نئی دہلی میں اَٹل بہاری واجپائی کی سمادھی پر جاکر انھیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اسی دوران‘ وزیرِ اعظم نے کل لکھنؤ میں قومی ترغیبی مقام کا افتتاح بھی کیا۔ یہ قومی ترغیبی مقام98 ہزار مربع میٹر رقبے پر پھیلا ہوا ہے اور اس میں کنول کے پھول کی شکل کا ایک جدید ترین میوزیم قائم کیا گیا ہے۔ ملک کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرنے والے قائدین کی خدمات کو اس میوزیم میں پیش کیا گیا ہے۔
وزیرِ اعلی دیویندر پھڑنویس نے ممبئی میں اٹل بہاری واجپائی کی یوم پیدائش کے موقعے پر ”قومی ہیرو کا سفرِ زندگی“ نمائش کا افتتاح کیا۔ چھترپتی سمبھاجی نگر اور پربھنی سمیت مراٹھواڑہ میں ہر جگہ آنجہانی وزیرِ اعظم واجپائی کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
***** ***** *****
ریاست کی 29 میونسپل کارپوریشن کے عام انتخابات کے اعلان کے بعد اہم سیاسی جماعتوں کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔ ریاست میں برسرِ اقتدار عظیم اتحاد اور حزبِ مخالف مہاوکاس اگھاڑی کے درمیان مقامی سطح پر مختلف سیاسی اتحاد بنانے کی کوششیں جاری ہیں۔
کُل ہند مجلس ِ اتحاد المسلمین نے چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن کیلئے اپنے آٹھ امیدواروں کی پہلی فہرست پرسوں جاری کی۔ اسی طرح پارٹی نے ناسک میونسپل کارپوریشن کیلئے اپنے تین اور جالنہ میونسپل انتخابات کیلئے ایک امیدوار کے نام کا بھی اعلان کیا ہے۔ جبکہ دھولیہ، ناسک، جالنہ اور ناندیڑ سمیت مختلف مقامات کی کارپوریشن میں خواہشمند امیدواروں کے انٹرویوز کا سلسلہ جاری ہے۔
چھترپتی سمبھاجی نگر میں کل بی جے پی اور شیوسینا کے مقامی قائدین کا ایک اجلاس منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں انتخابات میں اتحاد سے متعلق مثبت تبادلہئ خیال کیا گیا۔ میونسپل انتخابات میں اتحاد کے سلسلے میں بات چیت آخری مرحلے میں پہنچنے کی اطلاع متعلقہ خبر میں دی گئی ہے۔
میونسپل انتخابات کیلئے امیدواروں کے انتخاب کے سلسلے میں گزشتہ روز ممبئی میں کانگریس کی ریاستی انتخابی عاملہ کا ایک اجلاس منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں ریاستی صدر ہرش وردھن سپکال، قانون ساز کونسل کے رہنماء وجئے وڑیٹیوار، سابق وزیر اعلیٰ سشیل کمار شندے اور پرتھوی راج چوہان سمیت مختلف پارٹی رہنماء موجود تھے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
ناسک میں کل‘ دو سابق میئر سمیت مختلف پارٹیوں کے نمائندوں نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی۔ ان میں شیو سینا ادھو بالا صاحب ٹھاکرے پارٹی کے ونایک پانڈے اور یتین واگھ، ایم این ایس کے دِنکر پاٹل، راشٹروادی کانگریس شرد پوار گروپ کے نتن بھوسلے اور کانگریس پارٹی کے شاہو کھیرے شامل ہیں۔ بی جے پی رہنماء اور آبی وسائل کے وزیر گریش مہاجن نے بی جے پی دفتر میں ان سب کا استقبال کیا۔
کانگریس کے سابق کارپوریٹر روی شنکر جادھو اور پُنیت پاٹل کل لاتور میں اپنے کارکنان سمیت بی جے پی میں شامل ہو گئے۔ سابق وزیر اور لاتور شہر کے انتخابی مبصر و رکنِ اسمبلی سمبھاجی پاٹل نلنگیکر، ارکانِ اسمبلی ابھیمنیو پوار، رمیش کراڑ سمیت دیگر پارٹی عہدیداران و کارکنان اس تقریب میں موجود تھے۔
***** ***** *****
فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈز اتھارٹی آف انڈیا (FSSAI) نے ہدایت دی ہے کہ عرق یا عرق پر مبنی مشروبات کو چائے کہہ کر فروخت نہ کیا جائے۔ رائے باس ٹی، ہربل ٹی، فلاور ٹی جیسے ناموں سے بہت سی مصنوعات بازاروں میں فروخت ہوتی ہیں‘ تاہم‘ اتھارٹی کے ضابطوں کے مطابق صرف کیمیلیا سینینسِس پودے سے تیار شدہ مشروبات کو ہی چائے کہا جا سکتا ہے۔ اتھارٹی نے کہا ہے کہ ان میں سے کوئی بھی مشروبات چائے سے نہیں بنتا، اس لیے انہیں چائے کہہ کر فروخت کرنا یا اور فروخت کیلئے رکھنا قانونی طور پر غلط اور گمراہ کرنے والا ہے۔
***** ***** *****
ریلوے کرایوں میں اضافے کا فیصلہ گذشتہ نصف شب سے نافذ العمل ہو گیا۔ اس فیصلے کے تحت پہلے 215 کلومیٹر کے غیر ریزرویشن یا سیکنڈ کلاس کے سفر کے کرایے میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ جبکہ اس سے آگے کے سفر کیلئے سیکنڈ کلاس کا کرایہ ایک پیسہ فی کلومیٹر اور ایکسپریس ٹرینوں سے سفر کے کرایے میں دو پیسے فی کلومیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔ ایئر کنڈیشنڈ سفر کے کرائے میں دو پیسے فی کلومیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔
ریلوے انتظامیہ نے وضاحت کی ہے کہ جن مسافروں نے کرایہ میں اضافے سے پہلے سفر کیلئے پیشگی بکنگ کرائی تھی، انہیں کوئی اضافی چارجز ادا نہیں کرنا پڑیں گے۔ ساتھ ہی مضافاتی ٹرینوں اور ماہانہ پاس کے کرایوں میں بھی کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔
***** ***** *****
عیسائی مذہب کے عقائد کے مطابق گزشتہ روز حضرت عیسیٰ علیہ السلام کا یوم ولادت یعنی کرسمس ہر طرف روایتی جوش و خروش سے منایا گیا۔ جگہ جگہ چرچ اور عبادت گاہوں پر روشنائی کی گئی تھی، اور کرسمس تحائف لانے والے سانتا کلاز کی نقلیں سبھی کی توجہ مبذول کر رہی تھیں۔ گرجا گھروں میں جشن ولادت کے مناظر، کیرول گانے اور مختلف پروگرامس منعقد کیے گئے۔ کرسمس کے موقع پر چھترپتی سمبھاجی نگر، جالنہ و دیگر مقامات پر منعقد ہونے والے پروگراموں میں عیسائی برادری کے افراد نے جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا۔
***** ***** *****
نئی ممبئی کی بین الاقوامی طیران گاہ کل سے مسافروں کی آمدورفت کیلئے شروع کردی گئی۔ یہ خدمات فی الحال اندرون ملک شروع کی گئی ہیں، تاہم‘ آئندہ سال مارچ تک اسے بین الاقوامی پروازوں تک وسعت دینے کی اطلاع ہمارے نمائندے نے دی ہے۔
***** ***** *****
ناندیڑ ضلعے کی مالیگاؤں یاترا میں کل روایتی شنکر پٹ یعنی بیل گاڑیوں کی دوڑ کے مقابلے روایتی جوش و خروش کے ساتھ منعقد ہوئے۔ ان دلچسپ مقابلوں میں مجموعی طور پر 38 بیل جوڑیات شریک ہوئیں۔ کونڈی با موہن کورڈے کے بیلوں کی جوڑی نے صرف ساڑھے چار سیکنڈ میں پہلا مقام حاصل کیا۔ امول دیوی داس راٹھوڑ کی بیلوں کی جوڑی چار عشایہ 42 سیکنڈ میں دوسرے نمبر پر رہی جبکہ اشونی اور کدم کے بیلوں کی جوڑی نے 4.43 سیکنڈ میں دوڑ مکمل کی۔ ان تینوں بیل جوڑیوں کو نقد انعامات اور سرٹیفکیٹس دئیے گئے۔ ساتھ ہی مقابلے کا حصہ بننے والی دیگر بیل جوڑیوں کے مالکان کو ترغیبی انعامات بھی دئیے گئے۔
***** ***** *****
بھارت اور سری لنکا کے مابین جاری خواتین کرکٹ ٹی ٹوئنٹی سیریز کا تیسرا میچ آج ترواننت پورم میں کھیلا جائے گا۔ یہ میچ شام سات بجے شروع ہوگا۔ بھارتی خواتین ٹیم نے پانچ میچوں کی اس سیریز میں دو- صفر سے برتری حاصل کررکھی ہے۔
***** ***** *****
موسم: ریاست میں کل سب سے کم درجہئ حرارت اہلیا نگر میں نو اعشاریہ تین ڈگری سیلسیئس درج کیا گیا۔ اس کے علاوہ مراٹھواڑہ میں بیڑ میں نو اعشاریہ چھ‘ ناندیڑ میں دس اعشاریہ دو‘ پربھنی اور دھاراشیو میں اوسطاً 11 اور چھترپتی سمبھاجی نگر میں 12 اعشاریہ چار ڈگری سیلسیئس درج کیا گیا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ آج ویر بال دِن کی مناسبت سے صدرِ جمہوریہ کے ہاتھوں اطفال ایوارڈ کی تقسیم۔
٭ ملک کی تعمیر میں رکنِ پارلیمان کھیل مقابلوں کا کرداراہم ہے- وزیر اعظم کا بیان۔
٭ میونسپل کارپوریشنز کے انتخابات کیلئے سیاسی سرگرمیوں میں اضافہ۔
٭ عرق اور مشروبات کو چائے بتاکر فروخت نہ کرنے کی FSSAI کی ہدایت۔
٭ نئی ممبئی کی بین الاقوامی طیران گاہ سے مسافروں کی آمدورفت کا آغاز۔
اور۔۔۔٭ مالیگاؤں یاترا میں شنکرپٹ کی سنسنی - ساڑھے چار سیکنڈ میں دوڑ مکمل کرنے والی بیل کی جوڑی پہلے مقام پر۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment