Monday, 29 December 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 29 دسمبر 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 29 December-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۹۲/دسمبر ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ آج کا بھارت اپنی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرتا: وزیرِ اعظم کا بیان؛ رُخصت پذیر سال کی کارکردگی کا جائزہ۔
٭ بلدیاتی انتخابات کیلئے سیاسی پیش رفت تیز؛ ممبئی میں کانگریس اور ونچت بہوجن آگھاڑی کا اتحاد۔
٭ اَراولی پہاڑی سلسلے کی نئی تعریف پر ماحولیاتی ماہرین کے اعتراضات پر سپریم کورٹ میں آج سماعت۔
٭ بھارتی خواتین کرکٹ ٹیم کی سری لنکا سے ٹی -ٹوئنٹی مقابلوں کی سیریز میں چار- صفر کی برتری۔
اور۔۔۔٭ تلجابھوانی ماتا کا شاکمبھری نوراتر تہوار تلجاپور میں شروع۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ آج کا بھارت اپنی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرتا۔ وہ آکاشوانی کے من کی بات پروگرام میں اظہارِ خیال کررہے تھے۔ کل اس سیریز کی 129 ویں قسط نشر کی گئی۔ انھوں نے کہا کہ آپریشن سندور ہر بھارتی کیلئے فخر کی علامت بن گیا ہے۔ وہی جوش و خروش اس وقت بھی دیکھا گیا جب وندے ماترم کے 150سال مکمل ہوگئے۔ انھوں نے کہا:
Byte: Prime Minister Narendra Modi
وزیرِ اعظم نے اس پروگرام کے ذریعے رخصت پذیر سال کی یادیں تازہ کیں۔ انھوں نے کہا کہ سال 2025 نے ہمیں بہت سے ایسے لمحات دئیے جنھوں نے ہر بھارتی کو فخر دیا۔ قومی سلامتی سے لیکر کھیلوں کے میدانوں تک‘ سائنس لیباریٹریوں سے لیکر دنیا بھر کے بڑے پلیٹ فارمز تک‘ بھارت نے ہر جگہ اپنی مضبوط موجودگی کا احساس دلایا۔ انھوں نے کہا کہ کھیلوں کے میدان میں ملک کی کامیابی‘ سائنس اور خلاء‘ ماحولیاتی تحفظ اور جنگلی حیات کے تحفظ کے میدان میں لی گئی چھلانگ‘ پریاگ راج کمبھ میلہ، ایودھیا میں رام مندر پرچم کشائی‘ ان تمام واقعات نے ہمیں بڑا اعتماد دیا اور آج ہم فخر سے کہہ سکتے ہیں کہ 2025 نے بھارت کو بہت بڑا اعتماد دیا ہے۔ انھوں نے کہا:
Byte: Prime Minister Narendra Modi
وزیرِ اعظم نے کہا کہ ملک اب 2026 میں نئی اُمیدوں اور نئی قراردادوں کے ساتھ آگے بڑھنے کیلئے تیار ہے۔ نوجوانوں کی طاقت کے بارے میں بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ سائنس کے میدان میں ان کی کامیابیوں‘ اختراعی تحقیق اور تکنیکی وسعت نے دنیا بھر کے ممالک کو متاثر کیا ہے۔ انھوں نے ملک اور دنیا بھر میں بسے بھارتیوں کی جانب سے بھارتی زبان‘ ثقافتی ورثے اور روایتی فنون کو مضبوط کرنے کیلئے کی جانے والی کوششوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ انھوں نے کاشی تمل سنگم کی پہل کا ذکر کیا۔ اس اُمیدکا اظہار کرتے ہوئے کہ سال 2026 قرارداد کی تکمیل کے سفر میں ایک اہم سنگ ِ میل ثابت ہوگا۔ وزیرِ اعظم نے ہر ایک سے ورزش کرنے اور صحت مند رہنے کی اپیل بھی کی۔
***** ***** *****
مہاراشٹر کانگریس کمیٹی کے ریاستی صدر ہرش وردھن سپکال نے کہا ہے کہ ملک کو آج کانگریس کی سوچ کی ضرورت ہے۔ وہ کل ممبئی کے تلک بھون کے پارٹی دفتر میں انڈین نیشنل کانگریس پارٹی کے 140 ویں یومِ تاسیس کے موقعے پر منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ سپکال نے کہا کہ کانگریس منریگا میں مہاتما گاندھی کے نام کو برقرار رکھنے اور مزدوروں کے حقوق کیلئے عہد بند ہے۔ دریں اثناء‘ مزدوروں کو منریگا کے تحفظ کا حلف بھی دلایا گیا۔
***** ***** *****
کانگریس اور ونچت بہوجن آگھاڑی نے ممبئی میونسپل کارپوریشن انتخابات کیلئے اتحاد کا اعلان کیا ہے۔ ونچت ممبئی کی 227 میں سے 62 نشستوں پر الیکشن لڑے گی۔ کانگریس کے ریاستی صدر ہرش وردھن سپکال اور ونچت آگھاڑی کے لیڈر دھیریہ وردھن پُنڈکر نے کل ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں اتحاد کا اعلان کیا۔
دریں اثناء‘ ونچت بہوجن آگھاڑی نے کل چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن کیلئے چار اُمیدواروں کی پہلی فہرست شائع کی۔
***** ***** *****
شیوسینا اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی نے شولاپور میونسپل کارپوریشن کیلئے اتحاد کا اعلان کیا ہے اور دونوں پارٹیاں اب 51 نشستوں پر مقابلہ کریں گی۔ سابق وزیر اور شیوسینا لیڈر سدھ رام مہیترے نے کل شولاپور میں یہ اطلاع دی۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
ریاستی الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کیلئے آزاد اُمیدواروں کیلئے 194نشانیاں دستیاب کرائی ہیں۔ ان میں کھانے کی مصنوعات کی علامتوں سمیت مختلف علامتیں شامل ہیں۔ انتخابات میں حصہ لینے والے آزاد اُمیدواروں کے ساتھ ساتھ غیرتسلیم شدہ سیاسی جماعتوں کے امیدوار بھی ان آزاد نشانیوں میں سے منتخب کرسکیں گے۔ تاہم‘ تسلیم شدہ سیاسی جماعتوں کو صرف ان کے مخصوص نشانیوں پر ہی امیدوار کھڑا کرنے کی اجازت ہوگی اور آزاد نشانیوں کی شرائط ان پر لاگو نہیں ہوں گی۔
***** ***** *****
سپریم کورٹ نے اَراولی کی نئی تعریف پر ماہرین ماحولیات اور سماجی تنظیموں کی جانب سے اٹھائے گئے خدشات کا نوٹس لیا ہے، جبکہ چیف جسٹس سوریہ کانت، جسٹس جے کے مہیشوری اور اے جی مسیح پر مشتمل تعطیلاتی بینچ آج اس معاملے کی سماعت کرے گی۔ عدالت کی مداخلت اراولی سلسلے کی نئی تعریف پر بڑے پیمانے پر احتجاج اور اعتراضات کے بعد سامنے آئی۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کل مدھیہ پردیش کے جبل پور میں مہاراشٹر تعلیمی منڈل کی صد سالہ تقریبات میں شرکت کی۔ انھوں نے کہا کہ مراٹھی لوگوں کیلئے تعلیم اور ثقافت سب سے اہم مسائل ہیں۔ وزیرِاعلیٰ نے کہا کہ سنت گیانیشور نے اس کیلئے ریاضت کی جبکہ اس تنظیم کا قیام بھی اس طرح کی عالمگیر ذہنیت کی عکاسی کرتا ہے۔
اس تقریب میں مدھیہ پردیش کے وزیرِ اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے بھی شرکت کی۔
***** ***** *****
تلجاپور کی تلجابھوانی ماتا کا شاکمبھری نوراتر تہوار جو دیوی کے ساڑھے تین شکتی پیٹھوں میں سے مکمل پیٹھ ہے کل گھٹ استھاپنا کے ساتھ شروع ہوا۔ جل کمبھ یاترا بدھ کی صبح سات بجے سے شروع ہوگی۔ اس تہوار کیلئے آندھرا پردیش‘ کرناٹک اور تلنگانہ سمیت ریاست بھر سے عقیدت مند تلجاپور پہنچ رہے ہیں۔
دریں اثناء‘ تلجابھوانی مندر سنستھان نے تلجابھوانی دیوی کے قدموں پر عقیدت مندروں کی طرف سے چڑھائے گئے پھولوں سے اگربتی بناکر اس کے تقدس کو برقرار رکھنے کیلئے ایک ماحول دوست پہل شروع کی ہے۔
***** ***** *****
یکم جنوری کو پونے ضلع کے بھیما کورے گاؤں میں منعقد ہونے والے یومِ شجاعت تقریب کے پس منظر میں، سماجی انصاف کے محکمہ کے پرنسپل سکریٹری ڈاکٹر ہرش دیپ کامبلے کی موجودگی میں کل انتظامیہ کا ایک جائزاتی اجلاس منعقد ہوا۔ کامبلے نے اس تقریب کیلئے بھیما کورے گاؤں آنے والے عقیدتمندوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو اور تقریب کو خوش اسلوبی سے انجام دینے کو یقینی بنانے کی ہدایات دیں۔
***** ***** *****
خواتین کی کرکٹ میں بھارت نے سری لنکا کے خلاف چوتھا ٹی- ٹوئنٹی میچ 30 رنز سے جیت لیا۔ کل ترواننت پورم میں کھیلے گئے اس میچ میں بھارتی خواتین ٹیم نے پہلے بلّے بازی کرتے ہوئے 221 رنز اسکور کیے۔تاہم‘ اس کے جواب میں سری لنکن ٹیم مقررہ اوورز میں 191 رنز ہی بنا سکی۔ اس جیت کے ساتھ ہی بھارت نے پانچ میچوں کی سیریز میں چار- صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔
***** ***** *****
وجئے واڑہ میں منعقدہ 87ویں سینئر گروپ نیشنل بیڈمنٹن چمپئن شپ میں رِتوِک سنجیو ایس نے مردوں کے سنگلز کا خطاب جیت لیا ہے۔ انہوں نے فائنل مقابلے میں بھرت راگھو کو 21-16, 22-20 سے شکست دی۔ مردوں کے ڈبلز میں اے ہری ہرن اور روبن کمار‘ خواتین کے ڈبلز میں شِکھا گوتم اور اشونی بھٹ کے نے، اور مکسڈ ڈبلز میں ساتوِک ریڈی کے اور رادھیکا شرما نے خطاب اپنے نام کیا۔
***** ***** *****
پربھنی میں بال رنگ بھومی پریشد کے زیرِ اہتمام معذور طلباء کیلئے ”یہاں کے ہم سکندر“ فیسٹیول کا افتتاح کل ضلع کلکٹر سنجے سنگھ چوہان کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ اس فیسٹیول میں 16 معذور اسکولوں کے طلباء نے رقص، ڈرامہ اور مصوری جیسے فنون میں بہترین کارکردگی کے نمونے پیش کیے۔
***** ***** *****
جالنہ پولس نے لرننگ ڈرائیونگ لائسنس جاری کرنے کیلئے جعلی سرکاری ویب سائٹ بنا کر دھوکہ دہی میں ملوث ایک گروہ کا پردہ فاش کیا ہے۔ مقامی کرائم برانچ اور سائبر پولس دستے نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے معاملے کے کلیدی ملزم بِٹّوراج یادو کو بہار سے گرفتار کیا۔ اس کارروائی میں پولس نے مجموعی طور پر ایک لاکھ 46 ہزار روپئے مالیت کا سازو سامان ضبط کیا۔
***** ***** *****
کل ریاست میں سب سے کم درجہ حرارت اہلیا نگر میں سات اعشاریہ تین ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔ جبکہ پونے اور ناسک میں اوسطاً آٹھ ڈگری سیلسیس، جلگاؤں میں ساڑھے نو ڈگری سیلسیس اور چھترپتی سمبھاجی نگر، پربھنی، دھاراشیو اور ناندیڑ میں اوسطاً 10 ڈگری سیلسیس درجہئ حرارت رہا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ آج کا بھارت اپنی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرتا: وزیرِ اعظم کا بیان؛ رُخصت پذیر سال کی کارکردگی کا جائزہ۔
٭ بلدیاتی انتخابات کیلئے سیاسی پیش رفت تیز؛ ممبئی میں کانگریس اور ونچت بہوجن آگھاڑی کا اتحاد۔
٭ اَراولی پہاڑی سلسلے کی نئی تعریف پر ماحولیاتی ماہرین کے اعتراضات پر سپریم کورٹ میں آج سماعت۔
٭ بھارتی خواتین کرکٹ ٹیم کی سری لنکا سے ٹی -ٹوئنٹی مقابلوں کی سیریز میں چار- صفر کی برتری۔
اور۔۔۔٭ تلجابھوانی ماتا کا شاکمبھری نوراتر تہوار تلجاپور میں شروع۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment