Tuesday, 30 December 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 30 دسمبر 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 30 December-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۳۰؍دسمبر ۲۰۲۵ء؁
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ بنگلہ دیش کی سابق وزیرِ اعظم او ر بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کی سربراہ بیگم خالدہ ضیا کا انتقال۔
٭ میونسپل کا رپو ریشن انتخابات کےپرچۂ نامزدگی جمع کرانے کا آج آخری دن ۔
٭ مراٹھواڑہ کی پانچ میونسپل کا رپوریشنز میں بیشتر سیاسی جماعتوں کا آزادانہ طور پر انتخابات لڑنے کا مؤقف۔
٭ عدالت ِ عظمیٰ کا اَراولی پہاڑی سلسلے کی نئی تعریف پر روک لگانے کا فیصلہ۔
٭ ہنگولی ضلعے میں آج علی الصبح زلزلے کے خفیف جھٹکوں کا اندراج۔
اور۔۔۔٭ ریاست کے بیشتر مقامات پر کم سے کم درجہ حرارت میں کمی۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
بنگلہ دیش کی سابق وزیرِ اعظم اور بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کی چیئرمین خالدہ ضیاء آج علی الصبح ڈھاکہ کے ایک اسپتال میں انتقال کر گئیں۔ وہ 80 برس کی تھیں۔ بی این پی کی جانب سے جاری کردہ ایک سوشل میڈیا پیغام میں یہ اطلاع دی گئی۔ بی این پی نے بتایا کہ خالدہ ضیاء کا انتقال ایک نجی اسپتال میں دورانِ علاج آج صبح ہوا۔ خالدہ ضیاء دو مرتبہ بنگلہ دیش کی وزیر اعظم رہیں۔ وہ کئی دہائیوں تک بنگلہ دیشی سیاست کی سب سے بااثر شخصیات میں سے ایک تھیں۔ ساتھ ہی وہ کئی سالوں تک بی این پی کی سربراہ بھی رہ چکی ہیں۔
***** ***** *****
ریاست میں میونسپل کارپور یشن انتخابات کیلئے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرنے کا آج آخری دن ہے۔ اس کے پیشِ نظر انتظامیہ اور سیاسی جماعتیں تیاریوں میں مصروف ہیں۔ مختلف سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کے درمیان پارٹیوں کی تبدیلی اور سیاسی اتحاد کی سرگرمیاں عروج پر پہنچ چکی ہیں۔ مہایوتی اور مہاوکاس آگھاڑی مقامی رہنمائوں کی معرفت مختلف سیاسی سمجھوتے کرنے میں مصروف ہیں۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ میں مہایوتی اور مہاوکاس آگھاڑی میں نشستوں کی تقسیم کو لے کر اختلافات شدید ہوجانے کے سبب بہت سی سیاسی جماعتوں نے ہنوز اپنے امیدواروں کا اعلان نہیں کیا ہے۔
چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن میں نشستوں کی تقسیم کو لے کر بی جے پی اور شیو سینا کے درمیان تلخیاں آگئی ہیں۔ دریں اثنا، راشٹروادی کانگریس پارٹی نے مہایوتی سے باہرہوکر اپنے کچھ امیدواروں کا اعلان کردیا ہے ۔ شیوسینا کے ضلع صدر راجندر جنجال نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے انتخابات نہ لڑنے کا اعلان کر دیا ہے۔
پربھنی میونسپل کارپوریشن میں مختلف سیاسی محاذ کی تشکیل سامنے آئی ہے۔ یہاں، بی جے پی اور شیوسینا نے مہایوتی برقرار رکھی ہے، اور دونوں راشٹروادی کانگریس متحد ہوکر الیکشن لڑرہے ہیں، جبکہ کانگریس اور شیوسینا ادھو بالا صاحب ٹھاکرے پارٹی نے اپنا علیحدہ محاذ بنایا ہے۔
جالنہ میونسپل کارپوریشن میں بی جے پی اور اس کی اتحادی جماعتوں کے درمیان مہایوتی میں نشستوں کی تقسیم کا فیصلہ ابھی تک نہیں ہوسکا ہے جس سے دونوں پارٹیوں کے کارکنان کشمکش کا شکار ہیں ۔نشستوں کی تقسیم پر فیصلہ کرنے کیلئے سینئر رہنمائوں کے اجلاس جاری ہیں۔
دریں اثنا‘ پرچۂ نامزدگیاں داخل کرنے کیلئے کل جالنہ میں امیدواروں کی بڑی بھیڑ دیکھی گئی۔ گزشتہ روز شہر کے 16 بلاکس سے ایک ہی دن 252 درخواستیں داخل کی گئیں۔
ناندیڑ میں مہایوتی اور مہاوکاس اگھاڑی میں ابھی تک اتحاد کا اعلان نہیں ہوسکا ہے اور بتایا جارہا ہے کہ بی جے پی اور کانگریس سمیت تمام جماعتوں کے مابین بات چیت جاری ہے۔
اسی دوران، ناندیڑ میونسپل کارپوریشن کے 20 پربھاگ میں 81 نشستوں کیلئے اب تک 302 درخواستیں داخل کی جاچکی ہیں۔
مجلس اتحادالمسلمین نے کل ناندیڑ میونسپل کارپوریشن کیلئے 20 امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کردی۔
لاتور میونسپل کارپوریشن میں مہایوتی اور مہاوکاس آگھاڑی کی جماعتوں نے بھی علیحدہ ‘ علیحدہ انتخابی میدان میں اُترنے کی تیاری شروع کردی ہے۔
اسی دوران‘ لاتور میونسپل کارپوریشن میں چار دنوں میں دو ہزار 373 کاغذات نامزدگی فروخت ہوئے ہیں اور 156 کاغذاتِ نامزدگی داخل کیے گئے ہیں۔
***** ***** *****
ممبئی میونسپل کا رپوریشن کیلئے، کانگریس نے 87 امیدواروں کی پہلی فہرست جبکہ راشٹروادی کانگریس نے 27 امیدواروں کی دوسری فہرست ، اور راشٹرواد ی کانگریس شرد چندر پوار پارٹی نے اپنے سات امیدواروں کی پہلی فہرست کل جاری کی۔ کانگریس کے ساتھ مل کر انتخاب لڑنے والی راشٹریہ سماج پارٹی نے ممبئی کیلئے اپنے چھ امیدواروں کا اعلان کیا۔ جبکہ رام داس آٹھولے نے مہایوتی سے کم از کم 16 نشستیں ریپبلکن پارٹی کو دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
مہاراشٹر نونرمان سینا نے کل سے اپنے امیدواروں کو اے بی فارم فراہم کرنے کا آغاز کیا۔ جبکہ اس سے قبل راج ٹھاکرے نے ایک اجلاس میں پارٹی عہدیداروں سے خطاب کیا۔
ممبئی میونسپل کارپوریشن انتخابات کے پس منظر میں شیو سینا ادھو بالا صاحب ٹھاکرے پارٹی نے ایک کتابچہ شائع کرکے کووڈ بحران کے دوران مہا وکاس آگھاڑی کی کاموں کی تفصیلات فراہم کی ہیں۔
***** ***** *****
شیوسینا نے بزرگ رہنماپرکاش مہاجن کا پارٹی ترجمان کے عہدے پر تقرر کیا ہے۔ یہ تقرری شیوسینا کے اہم قائدین اور نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے کی ایماپر کی گئی ہے۔ مہاجن حال ہی میں ایم این ایس سے علیحدہ ہوکر شیوسینا میں شامل ہوئے ہیں۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
پربھنی بلدیہ عظمیٰ کے انتخابات کیلئے شہر میں 146 مقامات پر 341 رائے دہی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ ان مراکز پر اٹھارہ سو پولنگ اسٹیشن صدور اور پولنگ اسٹیشن افسران سمیت مختص عملے کا تقرر کیا گیا ہے ‘اس عملے کو پہلی تربیت 5 جنوری اور دوسری تربیت 10 جنوری کو دی جائے گی جس کیلئے 79 زونل افسران کو مقرر کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
عدالت ِ عظمیٰ نے کل اَراولی پہاڑی سلسلے کی نئی اصطلاح پر روک لگا دی ہے۔چیف جسٹس سوریہ کانت، جسٹس اے جی مسیح اور جے کے مہیشوری کی بنچ نے کل اس معاملے کی سماعت کی‘ اس دوران عدالت نے اَراولی پہاڑیوں کی نئی تعریف کو لے کر ماہرینِ ماحولیات اور سماجی تنظیموں کی طرف سے ظاہر کردہ خدشات کا نوٹس لیا۔ عدالت نے کہا کہ اَراولی پہاڑی سلسلے کی نئی تعریف کے حوالے سے کچھ باتوں کو واضح کرنا ضروری ہے، لہٰذا‘ اس سے قبل کی کمیٹی کی سفارشات کی جانچ کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی جس میں انتظامی اہلکار بھی شامل ہوں گے۔
دریں اثنا‘ مرکزی وزیر برائے جنگلات وماحولیات اور موسمی تبدیلی بھوپیندر یادو نے عدالت کے اس فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔
***** ***** *****
ہنگولی ضلعےکے بسمت، اونڈھا اور کلمنوری تعلقہ جات کے قصبوں میں آج صبح زلزلے کے خفیف جھٹکے محسوس کیے گئے۔ دانڈے گاوں، رامیشور تانڈہ، آکھاڑا بالاپور، پوترا، کَوڑا، بولڈا،پانگرا، واپٹی، پمپل دری اور دیگر کئی علاقوں میں ہلکے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ ہمارے نامہ نگار نے اطلاع دی ہے کہ کئی مقامات پر لوگ مکانات سے باہر نکل آئے ہیں۔
***** ***** *****
پونے پولس نے یکم جنوری کو بھیما کورے گاؤں میں یومِ شجاعت کیلئے ستونِ فتح پر خراجِ عقیدت پیش کرنے کیلئے سخت حفاظتی انتظامات کیے ہیں۔ پونے کے پولس کمشنر امیتیش کمار نے کل ایک اخباری کانفرنس میں اس کی جانکاری دی۔ پیرنے پھاٹہ علاقے میں چھ ہزار پولس افسران اور ملازمین کو تعینات کیا گیا ہے۔ ٹریفک کی منصوبہ بندی کیلئے 20 سے 22 پارکنگ زونس کی نشاندہی کی گئی ہے، اور پیرنے پھاٹہ کے علاقے کے راستے یکم جنوری کو ٹریفک کی آمد و رفت کیلئے بند رکھے جائیں گے۔ جبکہ عقیدتمندوں کو شٹل خدمات کے ذریعے ستونِ فتح کے علاقے تک پہنچایا جائے گا۔
***** ***** *****
بیڑ ضلعے کے مانجرسمبا محصول ڈویژن کے تحصیلدار چندرکانت شیلکے نے موضع مورگاؤںمیں ناجائز قبضہ جات اور کھیت راستوںکی حالت کا جائزہ لیا۔ انہوں نے تحصیل سطح کا جائزاتی اجلاس لیکر کسانوں اور ساکنان کے مسائل کی سماعت کی ۔ کھیتوں میں تجاوزات اور راستوں سے متعلق شکایات موصول ہوتے ہی انہوں نے ملازمین کے ہمراہ متعلقہ مقامات کا معائنہ کیا اور راستوں کو ہموار کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقعے پر مختلف سرکاری سرٹیفکیٹس اور فو ائد کےسرٹیفکیٹس بھی تقسیم کیے گئے۔
***** ***** *****
ریاستی ادبی و ثقافتی بورڈ اور اننت پال نو یووک لائبریری کے زیرِ اہتمام ایک ادبی میلہ کل لاتور ضلعے کے شرور اننت پال میں منعقد ہوا۔ پرنسپل ناگوراؤ کُمبھار کی سربراہی میں ہونے والے اس میلے میں کتابی ریلی، بزرگ مصنف دھننجے گُڑسُورکر کا انٹرویو، مشاعرہ اور مذاکرےسمیت دیگر سرگرمیاں انجام دی گئیں۔
***** ***** *****
ناندیڑ واگھالا میونسپل کارپوریشن کے سابق کارپوریٹر اور شیوسینا جنوبی اسمبلی حلقے کے سربراہ اشوک پاٹل اُمریکر نے راشٹروادی کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔ شمولیت کی تقریب پارٹی رہنما و سابق رکنِ پارلیمان اور لوہا اسمبلی حلقے کے رُکنِ اسمبلی پرتاپ راؤ پاٹل چکھلیکر کی موجودگی میں منعقد ہوئی۔
***** ***** *****
مارکیٹنگ کے ریاستی وزیر جئے کمار راول نے کل دھولیہ ضلعے کے ڈونڈائیچہ میں کپاس خریداری مرکز کا اچانک دورہ کیا اور کاٹن کارپوریشن آف انڈیا کے خریداری مرکز کے کام کاج کا معائنہ کیا ۔ اس موقع پر راول نے کپاس خریداری کا رجسٹریشن، سلاٹ بکنگ اور راست خریداری کے عمل کے کاموں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو کسانوں کے مسائل فوری حل کرنے کی بھی ہدایت کی۔
***** ***** *****
ریاست میں ودربھ سمیت وسطی مہاراشٹرا اور مراٹھواڑہ کے کچھ مقامات پر کم سے کم درجہ حرارت میں کمی آئی ہے، کل ریاست میں سب سے کم درجہ حرارت اہلیا نگر میں سات اعشاریہ سات ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔ جبکہ مراٹھواڑہ کے پربھنی میں نو اعشاریہ نو، چھترپتی سمبھاجی نگر میں دس اعشاریہ پانچ، جبکہ دھاراشیو میں بارہ ڈگری سیلسیس درجۂ حرارت درج ہوا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ بنگلہ دیش کی سابق وزیرِ اعظم او ر بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کی سربراہ بیگم خالدہ ضیا کا انتقال۔
٭ میونسپل کا رپو ریشن انتخابات کےپرچۂ نامزدگی جمع کرانے کا آج آخری دن ۔
٭ مراٹھواڑہ کی پانچ میونسپل کا رپوریشنز میں بیشتر سیاسی جماعتوں کا آزادانہ طور پر انتخابات لڑنے کا مؤقف۔
٭ عدالت ِ عظمیٰ کا اَراولی پہاڑی سلسلے کی نئی تعریف پر روک لگانے کا فیصلہ۔
٭ ہنگولی ضلعے میں آج علی الصبح زلزلے کے خفیف جھٹکوں کا اندراج۔
اور۔۔۔٭ ریاست کے بیشتر مقامات پر کم سے کم درجہ حرارت میں نمایاں کمی۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment