Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 11 December-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۱۱/دسمبر ۵۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ لوک سبھا میں انتخابی اصلاحات پر مباحثہ مکمل؛ مرکزی وزیرِ داخلہ کی جانب سے بحث کا جواب۔
٭ ریاست میں بجلی کی پیداواری صلاحیت میں 800 میگاواٹ کا اضافہ ہوگا: وزیرِ اعلیٰ کا اظہارِ خیال؛ تین مفاہمتی قراردادوں پر دستخط۔
٭ حکومت کی معلّنہ الیکٹرک گاڑیوں کی روڈ ٹیکس معافی آئندہ آٹھ دنوں میں لاگو کی جائے: اسمبلی اسپیکر راہل نارویکر کی ہدایت۔
٭ دیوالی کا تہوار یونیسکو کے غیر مادی ورثے کی فہرست میں شامل۔
اور۔۔۔٭ بھارت اور جنوبی افریقہ کے مابین دوسرا ٹی -ٹوئنٹی میچ آج چندی گڑھ میں۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
مرکزی وزیرِ داخلہ امیت شاہ نے کہا ہے کہ انتخابی کمیشن پر الزامات عائد کرنا درحقیقت دنیا بھر میں ہندوستانی جمہوریت کی شبیہ کو مسخ کرنے کے مترادف ہے۔ وہ کل لوک سبھا میں انتخابی اصلاحات پر مباحثے کا جواب دے رہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ حزبِ اختلاف کے یہ الزامات بے بنیاد ہیں اور اس خصوص میں رائے دہندگان میں کوئی ابہام نہیں پایا جاتا۔ انھوں نے کہا:
Byte: Home Minister Amit Shah
امیت شاہ نے مزید کہا کہ فہرست ِ رائے دہندگان میں درانداز ہونے والے ووٹر کیلئے ڈٹیکٹ‘ ڈیلیٹ اور ڈی پورٹ کا سہ نکاتی کلیہ استعمال ہوگا۔ امیت شاہ کی جانب سے بحث کے جواب کے دوران ہی غیر مطمئن حزبِ اختلاف نے ایوان سے واک آؤٹ کیا۔
***** ***** *****
وندے ماترم گیت کے ڈیڑھ سو سال مکمل ہونے کے حوالے سے راجیہ سبھا میں کل بھی بحث جاری رہی۔ سماجی انصاف کے مملکتی وزیر رام داس آٹھولے، کانگریس کے جئے رام رمیش‘ بی جے پی کے ڈاکٹر بھاگوت کراڑ سمیت مختلف جماعتوں کے ارکان نے اس بحث میں حصہ لیا۔ ڈاکٹر بھاگوت کراڑ نے پدم وِبھوشن گووند بھائی شراف کی جانب سے جدوجہدِ آزادی کے دوران وندے ماترم کے حوالے سے کیے گئے اقدامات پر روشنی ڈالی:
Byte: MP Dr. Bhagwat Karad
***** ***** *****
امرت بھارت ریلوے اسٹیشن اسکیم کے تحت اب تک ملک بھر کے 160 ریلوے اسٹیشنوں کی تجدید ِ نو کی جاچکی ہے۔ وزیرِ ریلوے اشونی ویشنو نے کل لوک سبھا میں وقفہئ سوالات کے دوران یہ معلومات دیں۔ انھوں نے بتایاکہ اس اسکیم کے تحت کُل 300 ریلوے اسٹیشنز کی جدید کاری کی جائیگی اور مسافروں کیلئے سہولیات مہیا کی جائیں گی۔
***** ***** *****
مہاراشٹر میں پمپ اسٹوریج منصوبے کی تعمیر کیلئے کیے گئے معاہدے کے باعث بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت میں 800 میگا واٹ کا اضافہ ہوگا۔ کل اس ضمن میں معاہدوں پر دستخط کیے جانے کے بعد وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے یہ اطلاع دی۔ انھوں نے بتایا کہ ان معاہدوں کے مطابق ریاست میں 23 ہزار 800 کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری ہوگی اور ساڑھے گیارہ ہزار روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔
***** ***** *****
اسمبلی اسپیکر راہل نارویکر نے حکم دیا ہے کہ مہاراشٹر میں تمام الیکٹرک گاڑیوں کیلئے حکومت کی جانب سے دی گئی روڈ ٹیکس معافی کے فیصلے پر اندرونِ آٹھ یوم عمل درآمد کیا جائے اور فیصلہ لاگو ہونے کے بعد وصول کی گئی روڈ ٹیکس کی رقم صارفین کو واپس کی جائے۔ وہ‘کل اسمبلی میں ایک سوال پر ہوئی بحث کے بعد حتمی جواب دے رہے تھے۔ انھوں نے مزید ہدایت کی کہ اس طرح کی گاڑیوں کیلئے ریاست بھر میں چارجنگ اسٹیشنز کی تعداد بڑھائی جائے اور ان اسٹیشنز کی استعداد میں بھی اضافہ کیا جائے۔
***** ***** *****
وزیرِ محنت آکاش پھنڈکر نے انتباہ دیا ہے کہ ریاست میں صنعتی شعبے میں کام کرنے والے ملازمین کیلئے حفاظتی اقدامات نہ کرنے والی صنعتوں کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں گے۔ وہ کل اسمبلی میں ایک توجہ دلاؤ نوٹس کا جواب دے رہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ ورکروں کو ضروری حفاظتی آلات نہ دینے والی کمپنیوں کے خلاف کارروائی کی جائیگی‘ نیز بغیر اجازت کام کرنے والی اکائیوں کے خلاف اسپیشل ڈرائیو چلائی جائیگی۔
***** ***** *****
زمین محصول سے متعلق غیر زرعی کی شرط منسوخ کیے جانے کے بعد اب اس کیلئے صداقت نامہ حاصل کرنے کی شرط بھی منسوخ کردی گئی ہے۔ اس ضمن میں مہاراشٹر زمین محصول ضوابط دوسرا ترمیمی بل‘ وزیرِ محصول چندر شیکھر باون کُڑے نے کل اسمبلی میں پیش کیا۔ اس بل کے مندرجات کے مطابق ریڈی ریکنر کی شرح کے مطابق پریمیم جمع کرواکر زمینوں کا استعمال باقاعدہ کیا جاسکتا ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
صدرِ جمہوریہ دروپدی مُرمو نے کہا ہے کہ انسانی حقوق کے تحفظ اور فروغ کیلئے بھارت پُرعزم ہے۔ کل عالمی یومِ انسانی حقوق کے حوالے سے نئی دہلی میں منعقدہ ایک اجلاس سے وہ خطاب کررہی تھیں۔ انھوں نے کہا کہ معاشرے کے آخری فرد کے انسانی حقوق کا بھی تحفظ ہونا چاہیے اور انسانی حقوق دن محض ایک دِن کا عمل نہیں بلکہ ہر ایک کے دل میں اسے روزمنانا چاہیے۔
Byte: President Droupadi Murmu
چھترپتی سمبھاجی نگر کے پیٹھن میں واقع کھلی جیل میں کل قیدیوں کے ساتھ بین الاقوامی یومِ انسانی حقوق منایا گیا۔ مہاراشٹر اسٹیٹ لیگل سروسیز اتھاریٹی اور ریاستی انسانی حقوق کمیشن کے مشترکہ تعاون سے یہ پروگرام منعقد کیا گیا۔
***** ***** *****
دیوالی تہوار کو اب انسانیت کا غیر مادی ورثہ قرار دیا گیا ہے۔ مرکزی وزیر برائے ثقافتی اُمور گجیندر سنگھ شیخاوت نے سماجی رابطے پر اپنی پوسٹ میں بتایا کہ یونیسکو کی غیر مادی ورثہ فہرست میں دیوالی کو بھی شامل کرلیا گیا ہے۔ وزیرِ اعظم نریندر مودی نے اس خصوص میں سماجی رابطوں پر اپنے پیغام میں اظہارِ مسرت کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ دیوالی‘ محض ایک تہوار نہیں بلکہ ثقافت‘ روایات اور زندگی کی اقدار سے جڑے جذبات کا اظہارہے۔ اس سے قبل‘ رام لیلا‘ دُرگا پوجا اور دیگر کئی ہندوستانی روایات کو یونیسکو کی اس فہرست میں شامل کیا جاچکا ہے۔
***** ***** *****
ریاستی وزیرِ محصول اور بی جے پی کے انتخابی انچارج چندرشیکھر باون کُڑے نے کہا ہے کہ ضلع پریشد اور میونسپل کارپوریشن کے آئندہ انتخابات میں بھی مہایوتی کا اتحاد برقرار رہے گا۔ کل‘ اس سلسلے میں ناگپور میں وزیرِ اعلیٰ اور دونوں نائب وزرائے اعلیٰ سے ملاقات کے بعد وہ اخبار نویسوں سے گفتگو کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ مقامی سطح پر چند ایک مقامات پر دشواری ہوسکتی ہے‘ تاہم تینوں رُکن جماعتوں کے سربراہان اس خصوص میں حتمی فیصلہ کریں گے۔
***** ***** *****
گڈچرولی میں کل 11 خطرناک نکسلائٹس نے ڈائریکٹر جنرل آف پولس رشمی شکلا کے سامنے خودسپردگی کردی۔ ان تمام نکسل عسکریت پسندوں پر مجموعی طور پر 82 لاکھ روپئے انعام رکھا گیا تھا۔ شکلا نے خطرناک نکسلائٹ بھوپتی کی خودسپردگی میں اہم کردار ادا کرنے والے C-60 کمانڈو کا اس موقع پر استقبال بھی کیا۔ گڑچرولی پولس اور سی آر پی ایف کی مشترکہ کوششوں کے سبب 2015 سے اب تک 112 نکسلائٹس نے ہتھیار ڈالے ہیں۔
***** ***** *****
فلیگ ڈے فنڈ 2024 جمع کرنے میں بیڑ ضلع نے ریاست میں پہلا مقام حاصل کیا ہے۔ ضلع میں 30 نومبر تک ایک کروڑ 32 لاکھ 30 ہزار روپئے جمع کیے گئے۔ اس کارکردگی پر گورنر اچاریہ دیو وَرَت نے کل ممبئی کے لوک بھون میں منعقدہ ایک پروگرام میں بیڑ کے ضلع کلکٹر ویویک جانسن کا استقبال کیا۔
***** ***** *****
بھارت اور جنوبی افریقہ کے مابین دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ آج چندی گڑھ میں کھیلا جائے گا۔شام سات بجے میچ کا آغاز ہوگا۔ پانچ میچوں کی اس سیریز میں پہلا میچ جیت کر بھارت نے ایک صفر کی سبقت حاصل کررکھی ہے۔
***** ***** *****
موسم: ریاست میں کل سب سے کم درجہئ حرارت اہلیا نگر میں ساڑھے سات ڈگری سیلسیئس ریکارڈ کیا گیا۔ جس کے بعد ناگپور‘ جلگاؤں اور ناسک میں آٹھ ڈگری‘ پونا میں ساڑھے آٹھ اور بیڑ میں کم سے کم درجہئ حرارت نو ڈگری درج کیا گیا۔ پربھنی میں ساڑھے دس‘ چھترپتی سمبھاجی نگر میں 10.8 اور دھاراشیو میں درجہئ حرارت ساڑھے بارہ ڈگری سیلسیئس ریکارڈ کیا گیا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ لوک سبھا میں انتخابی اصلاحات پر مباحثہ مکمل؛ مرکزی وزیرِ داخلہ کی جانب سے بحث کا جواب۔
٭ ریاست میں بجلی کی پیداواری صلاحیت میں 800 میگاواٹ کا اضافہ ہوگا: وزیرِ اعلیٰ کا اظہارِ خیال؛ تین مفاہمتی قراردادوں پر دستخط۔
٭ حکومت کی معلّنہ الیکٹرک گاڑیوں کی روڈ ٹیکس معافی آئندہ آٹھ دنوں میں لاگو کی جائے: اسمبلی اسپیکر راہل نارویکر کی ہدایت۔
٭ دیوالی کا تہوار یونیسکو کے غیر مادی ورثے کی فہرست میں شامل۔
اور۔۔۔٭ بھارت اور جنوبی افریقہ کے مابین دوسرا ٹی -ٹوئنٹی میچ آج چندی گڑھ میں۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment