Sunday, 28 December 2025

Text-آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 28 دسمبر 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 28 November-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ ریاست میں میو نسپل کارپوریشن انتخابات کے پیش نظر سیاسی سرگرمیاں تیز۔نشستوں کی تقسیم کے معاملے میں مہا یوتی میں گفت و شنیدجاری۔
٭ راشٹر وادی کانگریس کے دونوں گروپ متحد ہو جائیں تو کانگریس تنہا الیکشن لڑے گی۔ وجئے وڈیٹی وار کی وضاحت۔
٭ وزیر اعظم نریندر مودی آج من کی بات پروگرام میں عوام سے بات چیت کریں گے۔
٭ وی بی جی رام جی قانون لاکر مرکزی حکومت نے غریبوں کے پیٹ پر لات ماری ہے۔ کانگریس کی تنقید۔
اور۔۔۔٭ دھاراشیو ضلع کے کاشے گاؤں دیہات میں بجلی کا جھٹکا لگنے سے 4/ افراد کی موت۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ ریاست میں میونسپل کارپوریشن انتخابات کے لیے مہا یوتی کی رکن جماعتوں کے درمیان نشستوں کی تقسیم سے متعلق گفت و شنید جاری ہے اور عنقریب یہ تعطل ختم ہو جائے گا۔کل امراوتی میں اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مہا یوتی میں نشستوں کی تقسیم سے متعلق مثبت موقف پیش کیا۔اسی دوران ان انتخابات کے پیش نظر سیاسی سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں۔بی جے پی اور شیو سینا کے مابین سیٹوں کے بٹوارے پر بات چیت جاری ہے۔ نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے بتایا کہ میونسپل کارپوریشن انتخابات کے لیے شیو سینا اور بی جے پی کے مابین بہتر مکالمے کے ذریعے اتحاد ہو جائے گا۔
***** ***** *****
ممبئی میونسپل کارپوریشن کے آئندہ انتخابات کے لیے بی جے پی اور شیو سینا کے مابین آخرکار نشتوں کی تقسیم میں پیش رفت ہوئی ہے۔ ممبئی بی جے پی کے صدر امیت ساٹم نے کل اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مجموعی طور پر 207/نشستوں پر فیصلہ ہو چکا ہے۔ ان میں بی جے پی 128/نشستوں پر اور شیو سینا 79/حلقوں میں اپنے امیدوار کھڑے کرے گی بقیہ 20/سیٹوں پربات چیت جاری ہے۔ اور اعلیٰ سطح پر گفتگو کے بعد ان پر بھی فیصلہ ہو جائے گا۔
***** ***** *****
کانگریس رہنما وجئے وڈیٹی وار نے کہا ہے کہ اگر راشٹر وادی کانگریس کے دونوں گروپ متحد ہو جاتے ہیں تو کانگریس تنہا انتخابات لڑے گی۔ ناگپور میں صحیفہ نگارو ں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ جہاں ممکن ہو سکے وہاں ونچت بہو جن آگھاڑی کے ساتھ انتخابی مفاہمت کے لیے بات چیت جاری ہے۔ اور مقامی قیادت کو آگاہ کردیا گیا ہے کہ ہم خیال جماعتو ں کے ساتھ اتحادکیا جائے گا۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی نفرت کی سیاست کر رہی ہے اور ریاست میں منفی سیاست جاری ہے۔
***** ***** *****
آکولہ میونسپل کارپوریشن انتخابات کے پیش نظر بی جے پی اور راشٹر وادی کانگریس کے مابین نشستوں کی تقسیم پر بات چیت کے لیے کل پہلا اجلاس منعقد ہوا۔ راشٹروادی کانگریس کے رہنما اندرنیل نائیک نے بتایا کہ اس سلسلے میں 99/فی صد حلقوں کے لیے اتفاق ہو چکا ہے۔ تاہم ایک یا دو حلقوں میں تعطل ہنوز برقرار ہے اورعنقریب ہونے والی دوسری میٹنگ میں یہ تعطل ختم ہو جائے گا۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن انتخابات کے لیے میونسپل کمشنر و ایڈمنسٹریٹر اور انتخابی افسر جی شری کانت نے کل انتخابات سے قبل کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے وضاحت کی کہ انتخابی مہم کے دوران کسی بھی سیاسی پارٹی یا امیدوار کو شہر کا ایک ہی میدان، ہال یا جلسہ گاہ مسلسل آٹھ سے دس دن تک ریزرو رکھنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اس اجلاس میں انتخابات کے لیے منصوبہ بندی، تشہیر ی مہم کے دوران انتظامات۔نفری قوت کی تربیت۔ ضابطہ ئ اخلاق کے نفاذ کے سمیت تما م پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ شفاف۔بے خوف اور پر امن انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام افسران کو اپنی ذمہ داریاں نبھانے کی اپیل بھی انہون نے کی۔
***** ***** *****
دوسر ی جانب چھتر پتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن انتخابات کے پیش نظر آج آٹھ ہزار پولنگ اسٹیشن صدور اور پو لس افسران کی تربیت کے لیے ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا ہے۔ چتھرپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن انتخابات کے لیے اب تک 639/ نامزدگی کے فارم فروخت ہو چکے ہیں۔ 17/امیدواروں نے اپنے پر چہئ نامزدگی داخل کئے ہیں۔
***** ***** *****
شولاپور میونسپل کارپوریشن کے لیے کانگریس نے 10/ وارڈوں کے لیے 20/امیدوار وں کی اپنی پہلی فہرست جاری کردی ہے۔ کولہاپور میونسپل کارپوریشن کے لیے بھی کانگریس نے پارٹی کے 48/امیدوار وں کے ناموں کا اعلان کیا ہے۔
عام آدمی پارٹی نے پہلی بار نئی ممبئی اوربھیونڈی سے میونسپل کارپوریشن انتخابات لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اور دونوں میونسپل کارپوریشنوں میں زیادہ سے زیادہ امیدوار کھڑا کرنے کی پارٹی کوشش کر رہی ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
ہندوستان کے پہلے وزیر زراعت ڈاکٹر پنجاب راؤ دیشمکھ کی یوم پیدائش کی مناسبت سے امراوتی کی شری شیواجی شکشن سنستھا کا بھاؤ صاحب دیشمکھ میموریل ایوارڈ کل وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کو پیش کیا گیا۔ امراوتی میں منعقدہ اس تفویض اعزاز پروگرام میں ممتاز سائنسداں وجئے بھٹکر کے ہاتھوں وزیر اعلیٰ کو یہ ایوارڈ دیا گیا۔ پروگرام سے خطا ب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا موجودہ حکومت ِ مہا راشٹر پنجاب راؤ دیشمکھ کے نقش قدم پر چل رہی ہے۔ اور زراعت میں جدید ٹیکنا لوجی کو تیزی سے فروغ دیا جارہا ہے۔ اسی مقصد کے تحت حکومت نے زراعت میں مصنوعی ذہانت یعنی AIکا منصوبہ شروع کیا ہے۔
***** ***** *****
ناندیڑ میں سوامی راما نند تیرتھ مراٹھواڑہ یونیورسٹی کی انتظامی عمارت کے استقبالیہ پر یو نیورسٹی کے وائس چانسلر منوہر چاسکرنے ڈاکٹر پنجاب راؤ دیشمکھ کی تصویر کی گلپوشی کرکے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔
***** ***** *****
وزیر اعظم نریندر مودی آج صبح 11 / بجے آکاشوانی پر من کی بات سلسلے کے تحت ملک کی عوام سے بات چیت کریں گے۔ یہ اس پروگرام کی 129/ قسط ہے۔ جس کی براہ راست نشر یات آکاشوانی اوردوردرشن کے تمام چینلز۔اے آئی آر نیوز کی ویب سائٹ اور موبائیل ایپ نیوز آن AIRپر کی جائے گی۔اسی طرح اے آئی آر نیوز۔ ڈی ڈی نیوز۔وزیر اعظم کے دفتر اور وزارت اطلاعات و نشریات کے یو ٹیوب چینل پر بھی یہ پروگرام براہ راست نشر کا یاجائے گا۔ پروگرام کے بعد علاقائی زبانوں میں اس کا ترجمہ نشر ہوگا۔
***** ***** *****
کانگریس کے قومی صدر ملک ارجن کھرگے نے کہا ہے کہ من ریگا کی بجائے وی۔بی جی۔رام جی۔ قانون لا کر مرکزی حکومت نے غریبوں کے پیٹ پر لات ماری ہے اور انتباہ دیا کہ اس اسکیم کے خلاف تحریک شروع کی جائے گی۔ کل نئی دہلی میں منعقدہ کانگریس مجلس عاملہ کے اجلاس میں اس قانون سمیت کئی موضوعات پر گفتگو ہوئی جس کے بعد پارٹی صدر نے پارٹی کا موقف پیش کیا۔اجلاس میں بنگلہ دیش میں ہندو اقلیتوں پر حملوں کی مذمت بھی کی گئی اور فہرست رائے دہندگان پر باریکی سے نظرثانی مہم پر بات چیت کی گئی۔اس اجلاس میں کانگریس پارلمانی پارٹی کی رہنما سونیا گاندھی اور لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی بھی موجود تھے۔
***** ***** *****
ایئر پور ٹ اتھارٹی آف انڈیا کے تحت ملک کی 62/طیرانگاہوں پر صارفین کے مطمئن ہونے یا نہ ہونے سے متعلق سروے کیا گیا۔ اس سروے کے دوسرے مرحلے میں چھترپتی سمبھاجی نگر طیران گاہ نے پہلا مقام حاصل کیا۔ گزشتہ سال کے سروے میں یہ ہوائی اڈہ 4587نشانات کے ساتھ 113ویں نمبر پر تھا۔ جس کے بعد ہوائی اڈے کے انتظامیہ نے اس بر س یہ اعزازحاصل کیا ہے۔
***** ***** *****
بیڑ ضلع کے ساکشڑ پمپری میں انڈین کائن کارپوریشن سی سی آئی، کے ذریعے کپاس خرید مرکز شروع کیا جائے گا۔اس وقت کپا س کی فروخت کا موسم جاری ہونے کے باوجود شیرور۔آشٹی۔ پاٹودہ اور بیڑ تعلقوں کے کسانوں کو 50سے 60کلو میٹر دور جانا پڑ رہا تھاجس سے انہیں مالی اور وقت کی دشواریوں کا سامنا تھا۔ یہ مسئلہ شیو سنگرام پارٹی کی صدر ڈاکٹر جیوتی میٹے نے رابطہ وزیر اور نائب وزیر اعلٰی اجیت پوا رکے گوش گذار کیا تھاجس پر انہوں نے یہ احکامات دیئے۔
***** ***** *****
دھاراشیو ضلع کے تلجا پور تعلقے کے موضع کیشے گاؤں میں ایک کھیت میں بجلی کا جھٹکا لگنے سے چار افراد کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ کل دوپہر ایک کسان گنپتی ساکھرے کے کھیت میں بورویل کی موٹر نکالنے کے دوران مہا وترن کے بجلی کے تار سے مس ہو جانے کے باعث یہ حادثہ پیش آیا۔
***** ***** *****
سکھ مذہب کے دسویں گرو شری گرو گوبند سنگھ کی یوم پیدائش کے حوالے سے چھترپتی سمبھاجی نگر شہر کے دھاونی محلے میں واقع گردوارے میں کل اکھنڈ پاٹھ مکمل کیا گیا۔ اس موقع پر مختلف مذہبی اورسماجی پروگرام منعقد کئے گئے۔ اوردھاونی محلے سے ایک جلوس بھی نکالاگیا۔
***** ***** *****
خواتین کرکٹ میں بھارت اورسری لنکا کے مابین چوتھا ٹی ٹوینٹی میچ آج تیرواننتھ پورم میں کھیلا جائے گا۔ شام سات بجے اس میچ کا آغاز ہوگا۔ پانچ میچوں کی اس سیریز میں بھارت تین۔صفر کی غیر مفتوح سبقت حاصل کر چکا ہے۔
***** ***** *****
ریاست میں کل سب سے کم درجہئ حرارت 7.3سیلسیس اھلیہ نگر میں درج کیا گیا۔ مالیگاؤں اور ناسک میں اوسطاً 10، چھترپتی سمبھاجی نگر میں 11.5اور پربھنی اور ناسک میں در جہ ئ حرارت 12.4سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ ریاست میں میو نسپل کارپوریشن انتخابات کے پیش نظر سیاسی سرگرمیاں تیز۔نشستوں کی تقسیم کے معاملے میں مہا یوتی میں گفت و شنیدجاری۔
٭ راشٹر وادی کانگریس کے دونوں گروپ متحد ہو جائیں تو کانگریس تنہا الیکشن لڑے گی۔ وجئے وڈیٹی وار کی وضاحت۔
٭ وزیر اعظم نریندر مودی آج من کی بات پروگرام میں عوام سے بات چیت کریں گے۔
٭ وی بی جی رام جی قانون لاکر مرکزی حکومت نے غریبوں کے پیٹ پر لات ماری ہے۔ کانگریس کی تنقید۔
اور۔۔۔٭ دھاراشیو ضلع کے کاشے گاؤں دیہات میں بجلی کا جھٹکا لگنے سے 4/ افراد کی موت۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment