Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 01 January-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: یکم جنوری ۶۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ شولاپور- ناسک شاہراہ کی سکس لین راہداری میں توسیع کو مرکزی کابینہ کی منظوری۔
٭ صنعت‘ سرمایہ کاری اور خدمات پالیسی 2025 ریاستی کابینہ میں منظور۔
٭ اعلیٰ پولس افسر سدانند داتے کی ڈائریکٹر جنرل آف پولس کی حیثیت سے تقرری۔
٭ ریاست میں میونسپل کارپوریشن انتخابات کیلئے کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ مکمل؛ کل درخواستیں واپس لینے کا آخری دن۔
اور۔۔۔٭ سالِ نو کا ہر طرف پُرجوش استقبال۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
مرکزی کابینہ نے شولاپور- ناسک شاہراہ کی سکس لین راہداری میں توسیع کو منظوری دے دی ہے۔ 374 کلو میٹر طویل اس شاہراہ کیلئے 19 ہزار 142 کروڑ روپئے بھی منظور کیے گئے ہیں۔ کل منعقدہ مرکزی کابینہ کے اجلاس کے بعد مرکزی وزیرِ اطلاعات و نشریات اشونی ویشنو نے بتایا کہ کئی شہروں کو باہم جوڑنے والی اس سڑک کی توسیع‘ سفر کا وقت 17 گھنٹوں تک کم ہوگا۔ اس ضمن میں مزید تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے انھوں نے کہا:
Byte: Union Minister Ashwini Vaishnav
***** ***** *****
ریاستی حکومت نے صنعت‘ سرمایہ کاری اور خدمات پالیسی 2025 کو منظوری دے دی ہے۔ یہ پالیسی پانچ برس کیلئے نافذالعمل رہے گی اور اس عرصے کے دوران پانچ لاکھ سے زائد روزگار کے مواقع پیدا کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔ اس پالیسی پر عمل درآمد کیلئے حکومت نے ایک لاکھ 18 ہزار 275 کروڑ روپئے کے مصارف کو بھی منظور کیا۔ سیکریٹری برائے محکمہئ صنعت نے کل اس خصوص میں سرکاری حکمنامہ جاری کیا۔ گذشتہ 11 دسمبر کو ریاستی کابینی اجلاس میں اس پالیسی کو منظور کیا گیا تھا۔
***** ***** *****
امراوتی ضلع کے چکھلدرا کے امبادیوی ادارے کو مہاراشٹر سیاحتی ترقیاتی کارپوریشن (MTDC) تین ایکڑ آٹھ آر زمین مفت دے گا۔ اس فیصلے کو کل کابینی اجلاس میں منظور کیا گیا۔ ریاستی سیاحتی ترقیاتی کارپوریشن کی ملکیت یہ زمین زیرِ استعمال نہیں تھی۔ اسی لیے امبادیوی ٹرسٹ نے زمین دئیے جانے کی درخواست کی تھی۔
***** ***** *****
ریاست میں میونسپل کارپوریشن انتخابات کیلئے داخل کردہ کاغذاتِ نامزدگی کی کل جانچ کی گئی۔ آئندہ روز 2 جنوری کو دوپہر تین بجے تک درخواست ِ نامزدگی واپس لی جاسکتی ہے۔ تین جنوری کو امیداروں میں انتخابی نشان تقسیم ہوں گے اور امیدواروں کی حتمی فہرست شائع کی جائیگی۔
دھولیہ میونسپل کارپوریشن کیلئے پرچہئ نامزدگی کی جانچ کے عمل کے بعد بی جے پی کی امیدوار اُجولا بھوسلے اور جیوتسنا پاٹل کا بلامقابلہ انتخاب طئے ہے۔ کلیان- ڈومبیولی میونسپل کارپوریشن میں بھی بی جے پی کے دو اُمیدوار بلامقابلہ منتخب ہوئے ہیں۔
***** ***** *****
میونسپل کارپوریشن انتخابات کے پیشِ نظر ریاستی انتخابی کمیشن نے امیدواروں کے تشہیری مصارف کے ضوابط میں اہم تبدیلیاں کی ہیں۔ نقد اخراجات کی حد مقرر کرتے ہوئے بینک لین دین اور اخراجات کا آڈٹ کیا جائے گا۔ کارپوریشن انتخابات کیلئے امیدواروں کی جانب سے کیے جانے والے زیادہ سے زیادہ اخراجات کی حد کا تعین میونسپل کارپوریشن کی درجہ بندی کے مطابق کیا گیا ہے۔
اب درجہئ اوّل کی میونسپل کارپوریشن کیلئے اخراجات کی حد 15 لاکھ‘ درجہئ دوّم کیلئے 13لاکھ‘ سی کیٹیگری کیلئے 11لاکھ اور درجہئ چہارم کیلئے زیادہ سے زیادہ اخراجات کی حد 9لاکھ روپئے مقرر کی گئی ہے۔
***** ***** *****
سابق وزیر دھننجئے منڈے کی جانب سے 2024 کے اسمبلی انتخابات میں اپنی درخواست ِ نامزدگی کے ساتھ منسلک کیے گئے حلف نامے پر کرونا شرما نے اعتراض اٹھایا تھا اور اس ضمن میں ایک درخواست پرلی کے فرسٹ کلاس جوڈیشیل مجسٹریٹ کی عدالت میں داخل کی تھی۔ تاہم‘ عدالت نے اس معاملے میں تمام الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کرونا شرما کی یہ درخواست کل مسترد کردی۔
***** ***** *****
اعلیٰ پولس افسر سدانندداتے کی ریاست کے ڈائریکٹر جنرل آف پولس کے عہدے پر تقرری عمل میں آئی ہے۔ موجودہ ڈی جی پی رشمی شکلا‘ پرسوں تین جنوری کو اپنے عہدے سے سبکدوش ہورہی ہیں۔ اُن کی جگہ سدانند داتے لیں گے اور آئندہ دو برسوں تک اس عہدے پر فائز رہیں گے۔
***** ***** *****
99 ویں کُل ہند مراٹھی ساہتیہ سمّیلن آج سے ساتارا میں شروع ہورہا ہے۔ آج دوپہر پرچم کشائی کے ساتھ اس سمّیلن کا آغاز ہوگا۔ اس سلسلے میں مختلف پروگراموں کے ساتھ ساتھ آج شام نونامزد صدر وشواس پاٹل کی موجودگی میں شہر میں گرنتھ ڈنڈی بھی نکالی جائے گی۔ کل وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کے ہاتھوں اس ساہتیہ سمّیلن کا باقاعدہ افتتاح عمل میں آئے گا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
کل درمیانِ شب سالِ رفتہ کو الوداع کیا گیا اور نئے سال کا پُرجوش استقبال کیا گیا۔ اس سلسلے میں عوام اور بالخصوص نوجوانوں میں کافی جوش و خروش دیکھنے کو ملا۔ مختلف سیاحتی مقامات پر سیاحوں کے ہجوم نے شب بارہ بجتے ہی زوردار آتش بازی کرتے ہوئے سالِ نو کا استقبال کیا اور ایک دوسرے کو مبارکباد دی۔
صدرِ جمہوریہ دروپدی مُرم‘ نائب صدر سی پی رادھا کرشنن‘ وزیرِ اعظم نریندر مودی‘ گورنر اچاریہ دیووَرَت‘ اور وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے نئے سال پر عوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
***** ***** *****
مرکزی ثانوی تعلیمی بورڈ (CBSE) نے جماعت دہم اور بارہویں کے امتحانات کا نظرِ ثانی شدہ ٹائم ٹیبل جاری کیا ہے۔ اب CBSE کے دسویں کے امتحانات 11 مارچ سے اور بارہویں کے امتحانات 10 اپریل سے شروع ہوں گے۔ اس سے قبل یہ دونوں امتحانات 3 مارچ سے شروع ہونے والے تھے۔
***** ***** *****
وزیرِ زراعت شیوراج سنگھ چوہان نے کہا ہے کہ قومی زرعی تحقیقاتی کونسل کو زرعی نصاب میں تبدیلی کیلئے برس کا انتظار کرنے کی بجائے ضرورت کے مطابق فوری تبدیلیاں کرے۔ وہ کل اہلیا نگر کے بابھلیشور میں ایک زرعی سمپوزیم سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر ریاستی میکانائزیشن اسکیم کے تحت کسانوں میں مشینیں اور آلات تقسیم کیے گئے اور مختلف زرعی اسکیموں کے مستفیدین اور جدت پسند کسانوں کو ان کے ہاتھوں اعزاز دئیے گئے۔
***** ***** *****
اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (ST) کے تمام بس اڈوں پر ہر پندرہ دن میں جامع صفائی مہم چلائی جائے گی۔ اس سے بس اڈے مزید صاف اور صحت بخش ہوں گے اور مسافروں کو بہتر سہولیات میسر آسکیں گی۔
***** ***** *****
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر کے سینئر اناؤنسر نتن دیشپانڈے کل خدمات سے سبکدوش ہوگئے۔ وہ 1991 میں آکاشوانی سے منسلک ہوئے تھے اور ناندیڑ اور چھترپتی سمبھاجی نگر میں مختلف ذمہ داریاں ادا کیں۔ اسی طرح آکاشوانی کے ملازم اِساک آٹھولے بھی 34 سال کی حسنِ خدمات کے بعد سبکدوش ہوگئے۔
***** ***** *****
تپِ دِق سے پاک بھارت مہم کے تحت لاتور ضلع میں انتہائی خطرے کے زمرے میں آنے والے رجسٹرڈ چار لاکھ افراد کی جانچ کی جائیگی۔ اس وقت ضلع میں 1882 تپ دِق کے مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 365 مریضوں کو غذائی کٹس فراہم کیے گئے ہیں۔
***** ***** *****
بیڑ ضلع جیل کے 1160 قیدیوں کیلئے تین ماہ پر مشتمل ”ہیلپر وائرمین“ تربیتی کورس کا کل آغاز ہوا۔ یہ کورس وزارت اسکل ڈیولپمنٹ و انٹرپرینیورشپ‘ دین دَیال تحقیقاتی ادار اور جن شکشن سنستھان کے اشتراک سے منعقد کیا گیا ہے۔ قید مکمل ہونے کے بعد یہ قیدی وزیرِ اعظم روزگار پروگرام کے تحت ضلع صنعتی مرکز کے ذریعے سرکاری بینکوں سے قرض حاصل کرسکیں گے۔ اس قرض میں 25 فیصد سبسیڈی بھی دی جائیگی۔
***** ***** *****
موسم: ملک کے شمالی حصوں میں شدید سردی کی لہر برقرار ہے۔ حدِ نظر کم ہونے کے باعث سڑک‘ ریل اور فضائی ٹریفک متاثر ہورہی ہے۔ دہلی ہوائی اڈے پر کل 148 پروازیں منسوخ کردی گئیں۔ شمالی ہندوستان کی بیشتر ریاستیں شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں اور مہاراشٹر میں بھی کم سے کم درجہئ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ ریاست میں کل سب سے کم درجہئ حرارت آٹھ اعشاریہ دو ڈگری سیلسیئس گوندیا میں درج کیا گیا۔ اس کے علاوہ ناگپور میں ساڑھے آٹھ‘ جلگاؤں میں نو اعشاریہ تین‘ اہلیا نگر میں ساڑھے نو ڈگری اور پربھنی‘ بیڑ اور چھترپتی سمبھاجی نگر میں کم سے کم درجہئ حرارت میں تقریباً 11 ڈگری سیلسیئس درج کیا گیا۔
***** ***** *****
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ شولاپور- ناسک شاہراہ کی سکس لین راہداری میں توسیع کو مرکزی کابینہ کی منظوری۔
٭ صنعت‘ سرمایہ کاری اور خدمات پالیسی 2025 ریاستی کابینہ میں منظور۔
٭ اعلیٰ پولس افسر سدانند داتے کی ڈائریکٹر جنرل آف پولس کی حیثیت سے تقرری۔
٭ ریاست میں میونسپل کارپوریشن انتخابات کیلئے کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ مکمل؛ کل درخواستیں واپس لینے کا آخری دن۔
اور۔۔۔٭ سالِ نو کا ہر طرف پُرجوش استقبال۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment