Sunday, 17 May 2026

آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 17 مئی 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 17 May-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۷۱/مئی ۶۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ NEET پیپر لیک معاملے میں پونے سے ایک پروفیسر گرفتار۔
٭ مراٹھا ریزرویشن کے احتجاجی منوج جرانگے نے 30 مئی سے دوبارہ غیر معینہ بھوک ہڑتال کا دیا انتباہ۔
٭ گڑھ چرولی ضلع نکسل فری‘ آٹھ نکسلی گرفتار‘ پانچ نے کی خودسپردگی۔
اور۔۔۔٭ جنوب مغربی مانسون کی بارش انڈمان میں داخل؛ 10 جون تک ریاست میں پہنچنے کا امکان۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
NEET پیپر لیک معاملے میں پونے کی باٹنی پروفیسر منیشا مانڈھرے کو CBI نے مکمل جانچ کے بعد گرفتار کرلیا۔ وہ NEET-2026 کے باٹنی مضمون کا سوالیہ پرچہ تیار کرنے میں ملوث تھی۔ CBI نے کہا ہے کہ مانڈھرے نے منیشا واگھمارے سے رابطہ کیا جسے اس پیپر لیک معاملے میں پہلے گرفتار کیا جاچکا ہے۔ اس نے اپریل میں اپنی رہائش گاہ پر طلبہ کیلئے خصوصی اسباق لیے اور طلبہ کو امتحانی سوالات فراہم کیے تھے۔ عدالت نے مانڈھرے کو اور لاتور کے سبکدوش پروفیسر پی وی کلکرنی کو دس دنوں کی CBI حراست میں بھیج دیا ہے جس کو اس معاملے میں پہلے گرفتار کیا گیا تھا۔
***** ***** *****
دریں اثناء‘ لاتور کے دیانند کالج کے پرنسپل ڈاکٹر ایس ایس بیلاڑے نے کہا ہے کہ چند افراد کی غلط حرکتوں سے پورے تعلیمی نظام پر شک نہیں کرنا چاہیے۔ بیلاڑے NEET پیپر لیک معاملے میں اسی کالج کے ریٹائرڈ پروفیسر پی وی کلکرنی کی CBI کے ذریعے گرفتاری کے تناظر میں آکاشوانی سے بات کررہے تھے۔انھوں نے کہا کہ تعلیم کے میدان میں ایک قابلِ اعتماد مرکز لاتور ہے اور اس کیس سے لاتور کے تعلیمی ماحول پر کوئی منفی اثر نہیں پڑے گا۔
***** ***** *****
مراٹھا ریزرویشن تحریک کے لیڈر منوج جرانگے نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے مراٹھا سماج کو گمراہ کیا جارہا ہے اور دھوکہ دیا جارہا ہے۔ انھوں نے 30 مئی سے جالنہ ضلعے کے انتروالی سراٹی میں بھوک ہڑتال دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ مراٹھا سماج کی ایک اہم میٹنگ کل انتروالی سراٹی میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جرانگے نے حکومت سے سخت ناراضگی کا اظہار کیا۔ جرانگے نے مطالبہ کیا کہ 29 مئی تک کُنبی سرٹیفکیٹ تقسیم کیے جائیں۔ ستارا‘ کولہاپور‘ حیدرآباد اور دیگر ریاستوں کے گزٹ آرڈیننس کو نافذ کیا جائے‘ تحریک کے دوران مقدمات واپس لیے جائیں اور تحریک کے دوران اپنی جانیں قربان کرنے والوں کے خاندانوں کو مہاوِترن اور صنعتی شعبوں میں ملازمتیں فراہم کرنے کیلئے آرڈیننس جاری کیا جائے۔
ریاستی حکومت نے حال ہی میں ریزرو زمرے کے امیدواروں کی اوپن زمرے کی جائیدادوں پر تقرری پر پابندیاں عائد کی ہیں۔ جرانگے نے ماہرین سے اپیل کی کہ وہ 28 مئی کو انتروالی سراٹی میں اس موضوع پر بات کرنے کیلئے جمع ہوں۔
***** ***** *****
خواتین اور بچوں کی ترقی کے محکمے نے ریاست میں سرکاری و نیم سرکاری اور نجی اداروں میں خواتین کی حفاظت کیلئے ”POSH“یعنی کام کی جگہ پر خواتین کی جنسی ہراسانی کی روک تھام ممانعت اور ازالہ ایکٹ 2013 کے مؤثر نفاذ کی ہدایت دی ہے۔ محکمے نے اس سلسلے میں ایک سرکلر جاری کیا ہے جس میں افسران کو مختلف اداروں کا معائنہ کرنے کے زیادہ قانونی اختیارات دئیے گئے ہیں۔ ریاست کے اُن تمام اداروں میں جہاں دس یا اس سے زیادہ ملازمین کام کررہے ہیں ایک اندرونی شکایات ازالہ کمیٹی قائم کرنا لازمی ہے۔ اس کمیٹی میں کم از کم 50 فیصد خواتین رُکن ہوں گی‘ ایک سینئر خاتون ملازم کو بطورِ چیئرپرسن مقرر کیا جائے گا اور ایک بیرونی NGO کا نمائندہ شامل ہوگا۔
***** ***** *****
مردم شماری 2027 کے تحت گھریلو فہرست اور خانہ شماری کا دوسرا مرحلہ کل شروع ہوا۔ اس مرحلے کے تحت شمارکنندگان 16 مئی سے 14 جون تک معلومات جمع کریں گے۔ حکومت کی جانب سے مطلع کردہ 33 سوالات پر مبنی معلومات موبائل ایپلیکیشن کے ذریعے جمع کی جائیں گی۔ جن لوگوں نے خود گنتی کا عمل مکمل کرلیا ہے ان کی تصدیق گنتی کرنے والوں کے ذریعے ان کی ایس ای ID کے ذریعے کی جائیگی۔
ناندیڑ ضلع میں گھروں کا دورہ کرنے والے شمار کنندگان اور نگرانوں کو ضروری تعاون فراہم کرنے کی اپیل ضلع کلکٹر راہل کرڈیلے نے شہریوں سے کی ہے۔
***** ***** *****
CBSE یعنی سینٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن نے یکم جولائی سے جماعت ِ نویں کے نصاب میں تین زبانوں کو لازمی قرار دیا ہے۔ ان تین زبانوں میں کم از کم دو مقامی بھارتی زبانیں ہونی چاہیے۔ اس کے علاوہ تیسری زبان میں دسویں جماعت کے طلبہ کیلئے بورڈ کا کوئی امتحان نہیں لیا جائے گا۔ تمام ٹسٹ مکمل طورپر اسکول پر مبنی اور اندرونی نوعیت کے ہوں گے۔
***** ***** *****
گڑھ چرولی ضلع اب مکمل طورپر نکسل فری ہوگیا ہے۔ گڑھ چرولی کے پولس سپرنٹنڈنٹ ایم رمیش نے یہ اطلاع دی۔ پولس کے ذریعے کیے گئے آپریشن فائنل اسٹرائیک کے دوران آٹھ نکسلیوں کو گرفتار کیا گیا اور کل پانچ نکسلیوں نے پولس کے روبرو خودسپردگی کی ہے۔ ان تمام پر کُل 64 لاکھ روپئے کا انعام تھا۔ اس کے علا وہ ان کے پاس سے 65 لاکھ 34 ہزار روپئے نقد اور اے کے 47‘ ایس ایل آر اور دیگر بندوقیں بھی ضبط کی گئیں۔ رمیش نے یہ بھی واضح کیا کہ پولس اس بات کو یقینی بنانے کیلئے مسلسل نگرانی جاری رکھے گی کہ دیگر ریاستوں کے نکسلی گڑھ چرولی ضلعے میں نہ آئیں۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
ریاست کے ہر کالج کیلئے لازمی ہے کہ وہ اپنی داخلہ فیس‘ ٹیوشن فیس اور ڈیولپمنٹ فیس کے بارے میں مکمل معلومات کالج کے نوٹس بورڈ کے ساتھ ساتھ کالج کے معلوماتی کتابچے میں شائع کریں۔ اس حکم کی خلاف ورزی کرنے والے کالجوں کے خلاف براہِ راست کارروائی کیے جانے کا انتباہ جوائنٹ ڈائریکٹر محکمہئ تعلیم ڈاکٹر پنکجا واگھمارے نے دیا ہے۔ انھوں نے تمام سرکاری اور نجی کالجوں کو تعلیمی سال 2026-27 کے ڈگری داخلوں میں شفافیت لانے کے سخت احکامات جاری کیے ہیں۔ اس فیصلے کا مقصد طلبہ کے مالی استحصال کو روکنا اور داخلے سے قبل فیس کا واضح اندازہ فراہم کرنا ہے۔
***** ***** *****
ثقافتی اُمور کے وزیر آشیش شیلار نے ہدایت دی ہے کہ محکمہ آثارِ قدیمہ کے ریاست کے تاریخی باروں کے تحفظ کو ترجیح دیں اور اس کیلئے ایکشن پروگرام تیار کریں۔ وہ کل حکومت کی جانب سے تشکیل دی گئی بارو تحفظ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر کمیٹی ممبران نے مختلف تجاویز پیش کیں۔ شیلار نے ہدایت دی کہ ضلع کلکٹر کے ذریعے بارو کے علاقے میں تجاوزات کو ہٹانے کیلئے خصوصی مہم کی منصوبہ بندی کی جائے اور بارو کے تحفظ کا طریقہئ کار طئے کرتے ہوئے ایک سرکلر جاری کیا جائے۔
***** ***** *****
پربھنی ضلع کے ٹاکلی کمبھ کرن میں شہریوں کو ایک ہی جگہ اور آسان طریقے سے مختلف سرکاری خدمات فراہم کرنے کے مقصد سے کل‘ محصول محکمے کی جانب سے چھترپتی شیواجی مہاراجسو سمادھان کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ اس کیمپ میں گاؤں کے ساکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور مختلف اسکیموں کا فائدہ حاصل کیا۔ اس کیمپ میں 16 مختلف شعبہ جات کے الگ الگ اسٹال لگائے گئے تھے۔
***** ***** *****
بیڑ ضلع کے دھارور تعلقے کے ہنگنی گاؤں کے قریب سرسوتی جھیل میں کل دوپہر دو کمسن لڑکیاں اس وقت ڈوب گئیں جب وہ ایک کشتی پر کھڑی تھیں۔ ماہی گیر خاندان کی ایک خاتون اور چھ بچیاں جھیل پر گئی تھیں۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب تینوں لڑکیاں جھیل میں کھڑی ماہی گیری کی کشتی پر بیٹھ گئیں، جبکہ لڑکیاں پانی میں کھیل رہی تھیں۔
***** ***** *****
بیڑ شہر میں آوارہ کتوں کیلئے پناہ گاہ کی تعمیر کیلئے نائب وزیرِ اعلیٰ اور بیڑ کی سرپرست وزیر سنیترا پوار کے ذریعے 50لاکھ روپئے کا فنڈ منظور کیا گیا ہے۔ گیورائی کے رکنِ اسمبلی وجئے سنگھ پنڈت نے اس سلسلے میں نائب وزیرِ اعلیٰ سے نمائندگی کی تھی۔ یہ پناہ گاہ نگرپالیکا کے ذریعے راجیو گاندھی چوک کے قریب میونسپلٹی کی ملکیت والی زمین پر تعمیر کی جائیگی۔
***** ***** *****
جنوب مغربی مانسون کل انڈمان میں داخل ہوا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق‘ شری وجئے پورم اور جزائر انڈمان میں شدید بارش درج کی گئی۔ مانسون اس سال یکم جون تک تمل ناڈو اور 10 جون تک ریاست میں داخل ہونے کا امکان ہے۔ دریں اثناء، آئندہ 24 گھنٹوں میں مراٹھواڑہ اور وسطی مہاراشٹر کے مختلف مقامات پر گرج اور چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
***** ***** *****
درجہ حرارت میں اضافے کی وجہ سے ناندیڑ میں کل صبح ایک الیکٹرک اسکوٹی میں اچانک آگ لگ گئی۔ خوش قسمتی سے اس واقعے میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔
دریں اثناء‘ ریاست میں کل سب سے زیادہ درجہ حرارت امراوتی میں 45 اعشاریہ چھ ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔ مراٹھواڑہ کے چھترپتی سمبھاجی نگر میں 40 اعشاریہ آٹھ ڈگری سیلسیس، پربھنی میں 42 اعشاریہ سات ڈگری سیلسیس، بیڑ میں 41 اعشاریہ پانچ ڈگری سیلسیس اور دھاراشیو میں 41 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت درج ہوا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ NEET پیپر لیک معاملے میں پونے سے ایک پروفیسر گرفتار۔
٭ مراٹھا ریزرویشن کے احتجاجی منوج جرانگے نے 30 مئی سے دوبارہ غیر معینہ بھوک ہڑتال کا دیا انتباہ۔
٭ گڑھ چرولی ضلع نکسل فری‘ آٹھ نکسلی گرفتار‘ پانچ نے کی خودسپردگی۔
اور۔۔۔٭ جنوب مغربی مانسون کی بارش انڈمان میں داخل؛ 10 جون تک ریاست میں پہنچنے کا امکان۔
***** ***** *****
اس کے ساتھ ہی آکاشوانی سے علاقائی خبریں ختم ہوئیں۔ اس کے بعد ہمارے مرکز کا اگلا مراٹھی بلیٹن صبح گیارہ بجے نشر ہوگا۔
ان خبروں کو آپ AIR چھترپتی سمبھاجی نگر یوٹیوب چینل‘ پر دوبارہ کسی بھی وقت سن سکتے ہیں۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment