Wednesday, 20 May 2026

آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 20 مئی 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 20 May 2026
Time: 09:00-09:10 AM
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۰۲/مئی ۶۲۰۲ء؁
وقت: 09.00 سے 09.10/ بجے
***** ***** *****
سرخیاں
پہلے خاص خبروں کی سرخیاں...
٭ ریاستی حکومت نے جوہری توانائی کی پیداوار کیلئے چار کمپنیوں کے ساتھ کیے مفاہمتی معاہدے۔
٭ NEET امتحانی پرچہ افشاء کیے جانے کے معاملے میں CBI نے طلبہ کے گھروں پر مارے چھاپے؛ موٹیگاؤنکر کے نابالغ بیٹے سے بھی کی گئی تفتیش۔
٭ دھولیہ سائبر پولس نے آن لائن دھوکہ دہی کرنے والے گروہ کا کیا پردہ فاش؛ چار مشتبہ افراد گرفتار۔
٭ ڈاکٹر غنی پٹیل کو ”شبد گندھ ساہتیہ پریشد“ کی جانب سے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ دئیے جانے کا اعلان۔
٭ گرمی میں شدت میں اضافے کے سبب ریاست کے کئی علاقوں میں پانی کی قلّت۔
اور۔۔۔ ٭ آئندہ دو دِنوں میں مراٹھواڑہ اور ودربھ کے مختلف مقامات پر گرمی کی لہر کا امکان۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
ریاستی حکومت نے مہاراشٹر میں جوہری توانائی پیدا کرنے کیلئے چار کمپنیوں کے ساتھ باہمی معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ ان میں نیشنل تھرمل پاور کارپوریشن لمیٹڈ‘ اڈانی پاور کمپنی‘ ریلائنس انڈسٹریز لمیٹڈ اور بجاج انڈسٹریز گروپ کی للت پور پاور جینیریشن کمپنی لمیٹڈ شامل ہیں‘ جن کے ساتھ تقریباً ڈیڑھ لاکھ کروڑ روپؤں کے باہمی معاہدے کیے گئے۔ یہ چاروں کمپنیاں مل کر 25 ہزار 400 میگاواٹ جوہری توانائی فراہم کریں گی۔ اس منصوبے کے تحت ایک لاکھ 23ہزار 500 ملازمتیں پیدا ہونے کی توقع ہے۔
اس موقع پر روایتی توانائی کے ریاستی وزیر اتل ساوے سمیت حکومت اور مذکورہ کمپنیوں کے اعلیٰ افسران موجود تھے۔ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ صاف توانائی کی پیداوار کے معاملے میں ریاست میں آنے والی سرمایہ کاری سے بھارت کو توانائی سے مالامال ملک بنانے میں فروغ ملے گا۔
اسی بیچ وزیرِ اعلیٰ پھڑنویس نے کہا ہے کہ دیگر پسماندہ طبقات (OBC) کی ترقی ریاست کی ہمہ گیر ترقی کی بنیاد ہے۔ دیگر پسماندہ طبقات کی بہبود کی پارلیمانی کمیٹی نے کل وزیرِ اعلیٰ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ نے یہ بات کہی۔ اس ملاقات میں دیگر پسماندہ طبقات کی بہبود کے ریاستی وزیر اتل ساوے‘او بی سی کی ترقی کی پارلیمانی کمیٹی کے چیئرمین گنیش سنگھ سمیت دیگر معززین موجود تھے۔ اس دوران وزیرِ اعلیٰ نے او بی سی سماج کی ترقی کیلئے حکومت کی جانب سے چلائی جارہی مختلف اسکیمات کا جائزہ لیا۔
***** ***** *****
مرکزی جانچ ایجنسی (CBI) نے NEET امتحانی پرچے کے افشاء کے معاملے میں ناگپور اور چندرپور اضلاع میں تین طلبہ کے گھرں پر چھاپے مارے۔ اس کارروائی کے دوران اہم دستاویزات‘ ہاتھ سے لکھے ہوئے نوٹس اور الیکٹرانک سامان قبضے میں لیا گیا۔ ضبط شدہ تحریری مواد اور NEET کے امتحانی پرچے میں مماثلت کی جانچ اب فارنسک سطح پر کی جائیگی۔ سی بی آئی کی رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں کم از کم ایک ہزار طلبہ نے لیک کیے گئے پرچے خریدے ہیں۔
اسی دوران مرکزی جانچ ایجنسی (CBI) نے لاتور میں اس معاملے کے ملزم شیوراج موٹیگاؤنکر کی RCC کوچنگ کلاسیز کے کاغذات اور تعلیمی مواد کی جانچ شروع کردی ہے۔ اس کوچنگ کلاس میں بارہویں جماعت کی تعلیم حاصل کرنے والے اور اس برس کے NEET امتحان میں شریک ہونے والے نابالغ طالب ِ علم کی بھی جانچ کی جارہی ہے۔ یہ اطلاع ہمارے نامہ نگار نے دی۔
دوسری جانب مہاراشٹر نونرمان سینا نے لاتور میں موٹیگاؤنکر اور پی وی کلکرنی کے خلاف RCC کوچنگ کلاسیز کے روبرو مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر مظاہرین نے RCC کلاسیز کی جانب سے ہزاروں طلبہ سے وصول کی گئی فیس واپس کرنے کا مطالبہ کیا۔
***** ***** *****
پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کل تقریباً 90 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا۔ ایک ہفتے سے بھی کم عرصے میں یہ دوسرا اضافہ ہے۔ اسی کے ساتھ ممبئی میں اب پیٹرول 107 روپئے 59 پیسے اور ڈیزل 94 روپئے 80 پیسے فی لیٹر ہوگیا ہے۔ قیمتو ں میں یہ اضافہ چار سال سے زائد عرصے کے بعد ہوا ہے۔ اس بارے میں موصولہ خبر میں بتایا گیا ہے کہ ایران جنگ اور آبنائے ہرمز کی بندش کے باعث عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے سبب یہ قیمتیں بڑھائی گئی ہیں۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جا رہی ہیں
***** ***** *****
پونے طیران گاہ پر کل تین بنگلہ دیشی شہریوں کو حراست میں لیا گیا۔ ان میں دو خواتین اور ایک نابالغ شامل ہے۔ وہ پونے سے آسام کے گوہاٹی جانے کی کوشش کررہے تھے۔ گذشتہ دس مہینوں کے دران پونے سے 57 بنگلہ دیشی شہریوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
دھولیہ پولس کے سائبر محکمے نے آن لائن دھوکہ دہی کرنے والی ایک بین ریاستی گروہ کا پردہ فاش کیا ہے جو زیادہ منافع دلانے کی لالچ دیکر مالی دھوکہ دہی کرتے تھے۔ اس معاملے میں چار ملزمین کو گرفتار کیا گیا ہے۔ سائبر پولس نے تکنیکی تجزیے کے ذریعے وسئی میں کام کرنے والے جعلی کال سینٹر کو بھی بے نقاب کیا ہے۔ پولس نے مختلف بینک کھاتوں میں موجود ایک کروڑ 19 لاکھ روپئے منجمد کرکے دھوکہ دہی کے شکار نوجوان کو واپس دلانے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ اس انجینئر سے تین کروڑ 14 لاکھ 99 ہزار 891 روپؤں کا دھوکہ کیا گیا تھا۔
***** ***** *****
ممبئی کی PMLA عدالت نے Enforcement Directorate (ED) کو 70 کروڑ روپؤں کے مالی گھپلے میں ملوث جعلی بابا اشوک کھرات کو گرفتار کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ اشوک کھرات کو جنسی زیادتی اور دھوکہ دہی کے ساتھ ساتھ ہفتہ وصولی کے مقدمات میں پہلے ہی عدالتی حراست میں بھیجا جاچکا ہے۔
***** ***** *****
ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی کی سینیٹ کے سابق رُکن ڈاکٹر غنی پٹیل کو شبد گندھ ساہتیہ پریشد کی جانب سے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ دئیے جانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ یہ ایوارڈ آئندہ 23 تاریخ کو دیا جائے گا۔ ڈاکٹر غنی پٹیل نے خلدآباد کے چشتیہ کالج میں شعبہئ تاریخ کے سربراہ اور پرنسپل کی ذمہ داریاں سنبھالی ہیں۔ اس کے علاوہ وہ سماجی‘ ادبی اور تعاون کے شعبوں میں بھی کام کررہے ہیں۔
***** ***** *****
سنت ادب کے سینئر محقق ڈاکٹر کمود گوساوی کا کل پونے میں عمر رسیدہ ہونے کے سبب انتقال ہوگیا۔ وہ 85 برس کے تھے۔ ڈاکٹر گوساوی چھترپتی سمبھاجی نگر کے رہائشی تھے۔ انھوں نے ملک کے کئی سنتوں کی سوانح عمری لکھی۔
***** ***** *****
بیڑ ضلع کے ماجل گاؤں تعلقے کے پرشوتم پوری میں درشن کیلئے آئے ایک 12 سالہ لڑکے کی گوداوری ندی میں ڈوبنے سے موت ہوگئی۔ یہ حادثہ کل دوپہر پیش آیا۔
***** ***** *****
بیڑ میں کل مختلف سرکاری اسکیمات کی گرانٹ کی فراہمی میں تاخیر کرنے کے خلاف پنچایت سمیتی کے دفتر کو تالالگاکر اور دَف بجاکر احتجاج کیا گیا۔ ہمارے نامہ نگار نے بتایا کہ اس احتجاج میں کسانوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
***** ***** *****
انڈین انسٹیٹیوٹ آف ماس کمیونیکیشن (IIMC) نے تعلیمی سال 2026-27کے دوران اُردو صحافت میں پوسٹ گریجویٹ ڈپلومہ کورس میں داخلے کیلئے آن لائن درخواستیں طلب کی ہیں۔ دلچسپی رکھنے والے امیدوار آئندہ 26مئی تک ادارے کی سرکاری ویب سائٹ پر درخواست دے سکتے ہیں۔ اس کورس میں داخلے کیلئے اہلیتی امتحان یکم جون کو ادارے کے نئی دہلی میں واقع مرکزی دفتر میں ہوگا۔ کسی بھی تسلیم شدہ یونیورسٹی سے کسی بھی شعبے میں بیچلر ڈگری کے حامل امیدوار اس کورس کیلئے درخواست دینے کے اہل ہیں۔ آخری سیمسٹر یا آخری سال کے امتحانات میں شرکت کرنے والے طلبہ بھی درخواست دے سکتے ہیں۔
***** ***** *****
ناندیڑ ضلع میں ڈرگ ڈیلرس اسوسی ایشن کی جانب سے آج منائے جانے والے بند کے پیشِ نظر حکومت نے مریضو ں کو ممکنہ تکلیف سے بچانے کی خاطر ایک کنٹرول روم قائم کیا ہے۔ مذکورہ بند کے پیشِ نظر شہریان سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ضروری ادویات پہلے ہی سے خرید کر رکھیں اور ضرورت پڑنے پر دوا اور خوراک انتظامیہ کے اسسٹنٹ کمشنر دفتر سے رابطہ کریں۔
***** ***** *****
گرمی کی شدت کے پیشِ نظر ریاست کے کئی علاقوں میں پانی کی قلّت کا سامنا ہے۔ حکومت نے ریاست کے 15اضلاع کے 633 دیہاتوں اور 1652 چھوٹی بستیوں میں 706 ٹینکرس کے ذریعے پانی کی فراہمی جاری رکھی ہے۔ ان میں سب سے زیادہ 244ٹینکروں سے چھترپتی سمبھاجی ڈویژن میں آبرسانی کی جارہی ہے۔
***** ***** *****
اب موسم کا حال: ریاست میں سب سے زیادہ درجہ حرارت کل امراوتی میں 46 اعشاریہ چھ ڈگری سیلسیئس درج کیا گیا۔ اس کے بعد آکولہ میں 46 اعشاریہ پانچ ڈگری درج کیا گیا۔ وہیں مراٹھواڑہ کے پربھنی میں 44‘ بیڑ 43 اعشاریہ تین ڈگری‘ چھترپتی سمبھاجی نگر 43 اعشاریہ چار اور دھارا شیو میں درجہ حرارت 42 اعشاریہ ایک ڈگری سیلسیئس ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ دو دِنوں میں مراٹھواڑہ اور ودربھ کے دوردراز کے مقامات پر گرمی کی لہر کی پیش گوئی کی ہے۔ اسی بیچ موسمیات کے ماہرین نے آئندہ 8 اور 9 جون کے درمیان مراٹھواڑہ میں مانسون کے آنے کی پیشن گوئی ہے۔
***** ***** *****
سرخیاں
آخرمیں خاص خبریں ایک مرتبہ پھر سن لیجیے...
٭ ریاستی حکومت نے جوہری توانائی کی پیداوار کیلئے چار کمپنیوں کے ساتھ کیے مفاہمتی معاہدے۔
٭ NEET امتحانی پرچہ افشاء کیے جانے کے معاملے میں CBI نے طلبہ کے گھروں پر مارے چھاپے؛ موٹیگاؤنکر کے نابالغ بیٹے سے بھی کی گئی تفتیش۔
٭ دھولیہ سائبر پولس نے آن لائن دھوکہ دہی کرنے والے گروہ کا کیا پردہ فاش؛ چار مشتبہ افراد گرفتار۔
٭ ڈاکٹر غنی پٹیل کو ”شبد گندھ ساہتیہ پریشد“ کی جانب سے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ دئیے جانے کا اعلان۔
٭ گرمی میں شدت میں اضافے کے سبب ریاست کے کئی علاقوں میں پانی کی قلّت۔
اور۔۔۔ ٭ آئندہ دو دِنوں میں مراٹھواڑہ اور ودربھ کے مختلف مقامات پر گرمی کی لہر کا امکان۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment