Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 22 May 2026
Time: 09:00-09:10 AM
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۲۲/مئی ۶۲۰۲ء
وقت: 09.00 سے 09.10/ بجے
***** ***** *****
سرخیاں
پہلے خاص خبروں کی سرخیاں...
٭ ریاستی حکومت عالمی شراکت داری کیلئے پُرعزم؛ وزیرِ اعلیٰ کی یقین دہانی‘ سائپرس آئندہ یکم ستمبر سے ممبئی میں تجارتی مرکز کھولے گا۔
٭ خریف ہنگام کیلئے زیادہ سے زیادہ کسانوں کو قرض فراہم کرنے کی وزیرِ اعلیٰ کی تجویز۔
٭ لاتور کے رہائشی‘ بچوں کے امراض کے ماہر ڈاکٹر منوج شرورے کو NEET امتحانی پرچہ افشاء کیے جانے کے معاملے میں CBI نے کیا گرفتار۔
اور۔۔۔ ٭ پیٹرول اور ڈیژل کا وافر ذخیرہ موجود ہے۔ شہری تحمل سے کام لیں: چھترپتی سمبھاجی نگر اور ناندیڑ کے ضلع کلکٹرس کی اپیل۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ مہاراشٹر حکومت مستحکم‘ فیصلہ ساز اور صنعتوں کے قیام کی حامی ہے۔ حکومت عالمی شراکت داری کیلئے مکمل طورپر پُرعزم ہے۔ وزیرِ اعلیٰ کل ممبئی میں سائپرس- بھارت بزنس فورم کے پروگرام سے خطاب کررہے تھے۔ وزیرِ اعلیٰ نے قبرص کے صنعتی گروپوں سے مہاراشٹر میں سرمایہ کاری کرنے کی اپیل کی ہے۔
اس موقعے پر خطاب کرتے ہوئے قبرص کے صدر نکوس کرسٹو ڈولیدیس نے یقین دلایا کہ قبرص بھارتی صنعتوں ص کو نہ صرف یوروپ بلکہ مشرقی بحیرہئ روم‘ خلیج اور شمالی افریقہ کے ممالک میں بازار کھولنے میں مدد کرے گا۔ نکوس نے آئندہ یکم ستمبر سے ممبئی میں سائپرس ٹریڈ سینٹر کھولنے کا اعلان کیا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان چھ معاہدوں پر دستخط ہوئے ہیں۔
***** ***** *****
اسی بیچ ریاست کے فروغِ ہنر مندی‘ روزگار‘ انٹرپرینرشپ اور اختراع کے محکمے نے کل جنوبی کوریا کے ساتھ تین باہمی معاہدوں پر دستخط کیے۔ اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس موجود تھے۔ انھوں نے کہا کہ ہنرمندی کے شعبے میں جنوبی کوریا کے ساتھ شراکت داری ریاست کے نوجوانوں کیلئے عالمی مواقع پیدا کرے گی۔ انھوں نے مزید کہا کہ جدید ٹکنالوجی اور عالمی معیار کا تربیتی نظام بھارت کی ہنرمند افرادی قوت کو مضبوط کرے گا۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ زیادہ سے زیادہ کسانوں کو خریف موسم کیلئے قرض ملے‘ اس بات کو یقینی بنانے کیلئے منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ وزیرِاعلیٰ کل ممبئی میں ریاستی سطح کے موسمِ خریف سے پہلے کے جائزاتی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے یہ بھی بتایا کہ قومی بینکوں کو زیادہ سے زیادہ قرض دینے کی اور زرعی قرض کیلئے Cibil Score کو نظر انداز کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کی اس پیش گوئی کے بعد کہ موسمی تبدیلی ایل نینو خریف موسم کو متاثر کرے گی، جس کے سبب ریاست میں اوسط بارش صرف 88 فیصد ہونے کا امکان ہے۔ وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ ریاستی حکومت اس بحران کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہے۔ اس بحران کے پیشِ نظر انتظامیہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ جل یُکت شیوار مہم کے تحت کاموں کو جلد از جلد مکمل کرلے۔ وزیرِ اعلیٰ نے یقین دلایا کہ ریاست میں بیجوں اور کھادوں کو وافر مقدار میں موجود ہے۔
***** ***** *****
انا صاحب پاٹل اکنامک بیک ورڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے ذریعے پہلے مرحلے میں 150 کروڑ روپؤں کا فنڈ تقسیم کیا گیا ہے۔ ریاستی بجٹ میں اس کارپوریشن کیلئے کُل 750 کروڑ روپؤں کا فنڈ مختص کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں محکمہ منصوبہ بندی نے سرکُلر جاری کیا ہے۔
***** ***** *****
طبّی خدمات کے ڈائریکٹوریٹ جنرل نے ایبولہ نامی بیماری سے متاثرہ ملکوں سے آنے والے مسافروں کے معاملے میں چوکنا رہنے کی اپیل کی ہے۔ افریقہ کے ڈیموکریٹک ریپبلک آف کانگو‘ یوگانڈا اور جنوبی سوڈان سے آنے والے مسافروں کی جانب سے ایبولا کی علامات ظاہر ہونے کی شکایات پر فوری طبّی امداد فراہم کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ان علامات میں بخار‘ سردرد‘ پٹھوں میں درد اور قئے ہونا شامل ہے۔
***** ***** *****
سابق وزیرِ اعظم آنجہانی راجیو گاندھی کو کل ان کی برسی کے موقع پر خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ چھترپتی سمبھاجی نگر میں کانگریس کمیٹی کے ضلع صدر کرن پاٹل ڈونگاؤنکر‘ شہر صدر سیّد اکرم اور دیگر معززین نے راجیو گاندھی کے مجسّمے کو پھولوں کے ہار پہناکر خراجِ عقیدت پیش کیا۔ چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن کے صدر دفتر میں کل دہشت گردی کی روک تھام کا حلف دلایا گیا۔ میئر سمیر راجورکر‘ کمشنر امول ییڑگے اور دیگر افسران نے یہ حلف لیا اور دہشت گردی سے پاک‘ پُرامن معاشرے کی تشکیل کا عزم کیا۔
ہنگولی ضلع کلکٹر دفتر میں بھی اضافی ضلع کلکٹر مہندر کمار کامبلے کی موجودگی میں یہ حلف دلایا گیا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جا رہی ہیں
***** ***** *****
NEET امتحانی پرچہ افشاء کیے جانے کے معاملے میں بچوں کے امراض کے ماہر ڈاکٹر منوج شرورے کو کل مرکزی جانچ ایجنسی (CBI) نے حراست میں لے لیا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ کارروائی اس شبہ پر کی گئی ہے کہ شرورے نے اپنی بیٹی کیلئے NEET سوالیہ پرچے کا ایک سیٹ خریدا تھا۔ چند دن قبل CBI نے ان کے اسپتال جاکر ان سے تفتیش کی تھی۔ مزید جانچ کیلئے انھیں پونے بلایا گیا، جہاں ان کی گرفتاری عمل میں آئی۔
اسی دوران RCC کوچنگ کلاسیز کی جانب سے لاتور کے مختلف مراکز پر NEET کے طلبہ کیلئے مشقی امتحان کا انعقاد کیا گیا تاکہ طلبہ کو تعلیمی نقصان سے بچایا جاسکے۔ اس تعلیمی ادارے کے ڈائریکٹر NEET سوالیہ پرچہ لیک کیے جانے کے معاملے میں فی الحال CBIکی حراست میں ہے۔
***** ***** *****
ضلع کلکٹر ونئے گوڑا جی سی نے چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع میں پیٹرول اور ڈیژل کی بلاتعطل فراہمی کی یقین دہانی کرائی ہے۔ انھوں نے شہریان سے صبر و تحمل سے کام لینے کی اپیل کی ہے۔ پچھلے چند دنوں میں انتظامیہ کے علم میں یہ بات آئی ہے کہ شہریان مختلف پیٹرول پمپس پر ایندھن خریدنے کیلئے غیر ضروری طور پر ہجوم کررہے ہیں۔ سوشل میڈیا پر غلط اطلاعات کی وجہ سے یہ تذبذب پیدا ہوا ہے۔ انتظامیہ نے بتایا ہے کہ ضلع کے تمام پیٹرول پمپس کو معمول کی طلب سے 30 فیصد زیادہ ایندھن فراہم کیا جارہا ہے۔ ضلع کلکٹر نے افواہیں پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا انتباہ دیا ہے۔
اسی طرح ناندیڑ کے ضلع کلکٹر راہل کرڈیلے نے بتایا کہ ناندیڑ شہر اور ضلع میں پیٹرول اور ڈیژل کا وافر ذخیرہ موجود ہے اور بلاتعطل فراہمی بھی جاری ہے۔ انھوں نے بتایا کہ ایندھن کی مانگ میں اچانک 25 سے 30 فیصد اضافہ ہونے کے سبب عدم دستیابی کے خوف سے خریداری کی جارہی ہے جس سے قلّت جیسی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔
***** ***** *****
ہینڈلوم پر ریشمی کپڑا تیار کرنے کا تربیتی پروگرام کل جالنہ ضلع کے کھرپڑی میں واقع زرعی سائنس مرکز میں اختتام پذیر ہوا۔ ضلع کلکٹر آشیما متل نے کہا ہے کہ جالنہ میں ریشم کی صنعت کو فروغ دینے کیلئے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں 30 خواتین کو تربیت دی گئی اور انھوں نے مستقبل میں مزید 500 خواتین کو تربیت دینے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔
***** ***** *****
300 کروڑ درخت لگانے کی مہم کے پس منظر میں لاتور کے ضلع کلکٹر ڈاکٹر بھارت باسٹیواڑ نے ضلع میں شجرکاری کیلئے موزوں زمینوں کی ء”Land Bank“ بنانے کی ہدایت دی ہے۔ وہ کل اس سلسلے میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ باسٹیواڑ نے ہر تعلقے میں سرکاری دفاتر کے احاطوں‘ کھلی جگہوں‘ سڑکوں کے دونوں کناروں‘ خالی زمینوں اور دلچسپی رکھنے والے کسانوں کی زمینو ں کا سروے جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی ہے۔
***** ***** *****
آئندہ مانسون اور قدرتی آفات کے ممکنہ خطرے سے نمٹنے کیلئے ناندیڑ شہر میں میونسپل کمشنر مہیش کمار ڈوئی پھوڑے کی صدارت میں قدرتی آفات شہری انتظامیہ کمیٹی کی میٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔ کمشنر نے ہدایت دی کہ ہر محکمہ اس بات کا خیال رکھے کہ شہریان کو مانسون کے دوران کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انھوں نے افسران و ملازمین کو انتباہ دیا کہ کام میں غفلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
***** ***** *****
سرخیاں
آخرمیں خاص خبریں ایک مرتبہ پھر سن لیجیے...
٭ ریاستی حکومت عالمی شراکت داری کیلئے پُرعزم؛ وزیرِ اعلیٰ کی یقین دہانی‘ سائپریس آئندہ یکم ستمبر سے ممبئی میں تجارتی مرکز کھولے گا۔
٭ خریف ہنگام کیلئے زیادہ سے زیادہ کسانوں کو قرض فراہم کرنے کی وزیرِ اعلیٰ کی تجویز۔
٭ لاتور کے رہائشی‘ بچوں کے امراض کے ماہر ڈاکٹر منوج شرورے کو NEET امتحانی پرچہ افشاء کیے جانے کے معاملے میں CBI نے کیا گرفتار۔
اور۔۔۔ ٭ پیٹرول اور ڈیژل کا وافر ذخیرہ موجود ہے۔ شہری تحمل سے کام لیں: چھترپتی سمبھاجی نگر اور ناندیڑ کے ضلع کلکٹرس کی اپیل۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment