Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 23 May 2026
Time: 09:00-09:10 AM
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۳۲/مئی ۶۲۰۲ء
وقت: 09.00 سے 09.10/ بجے
***** ***** *****
سرخیاں
پہلے خاص خبروں کی سرخیاں...
٭ NEET پرچہ افشاء ہونے کے معاملے میں پونا سے مزید ایک خاتون گرفتار؛ لاتور کے دو ڈاکٹروں سے سی بی آئی کی سخت تفتیش۔
٭ ناسک کے TCS معاملے میں 1500 صفحات پر مشتمل فردِ جرم داخل۔
٭ آئندہ 30 جون سے ریاست میں SIR مہم؛ سیاسی جماعتوں کی جانب سے ایک لاکھ سے زائد معاونین نامزد۔
٭ مردم شماری 2027 کی گھر شماری مہم میں جالنہ ریاست بھر میں پہلے نمبر پر۔
اور۔۔۔ ٭ مراٹھواڑہ کے دھاراشیو اور لاتور اضلاع کیلئے آج گرمی کا یلو الرٹ۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
NEET سوالیہ پرچے افشاء ہونے کے معاملے میں مرکزی تحقیقاتی ادارے (CBI) نے پونا سے منیشا حوالدار نامی خاتون کو حراست میں لے لیا ہے۔ پونا میں طبعیات مضمون کی پروفیسر اس خاتون کو قومی اگزامنیشن کونسل نے بحیثیت ماہر امتحانی بورڈ کیلئے مقرر کیا تھا۔ تاہم اس نے NEET کے امتحان سے قبل فزکس مضمون کے تمام سوالات‘ اس سے قبل گرفتار ہونے والی منیشا مانڈھرے کو دینے کا انکشاف ہوا ہے۔ سی بی آئی نے اب تک ناسک‘ پونا‘ لاتور اور اہلیا نگر سمیت دہلی‘ گروگرام‘ اور جئے پور سے مجموعی طور پر 11افراد کو گرفتار کیا ہے اور کئی مقامات پر اب بھی تفتیش کی جارہی ہے۔
دریں اثناء‘ سی بی آئی نے لاتور کے دو ڈاکٹروں سے سخت تفتیش کی ہے۔ ڈاکٹر منوج دیشمکھ اور ڈاکٹر ونود سوامی نامی ان دونوں ڈاکٹروں نے اپنے بچوں کیلئے اس معاملے کے مرکزی ملزم سمجھے جانے والے پی وی کلکرنی سے سوالیہ پرچہ خریدنے کے شک کا اظہار کیا جارہا ہے۔
***** ***** *****
ناسک کی TCS کمپنی میں مبینہ جنسی ہراسانی اور تبدیلیئ مذہب کے معاملے میں 1500 صفحات پر مشتمل پہلی فردِ جرم کل ناسک کی عدالت میں داخل کی گئی۔ اس فردِ جرم میں ندا خان‘ دانش شیخ‘ توصیف عطار کے علاوہ چھترپتی سمبھاجی نگر کے ایم آئی ایم کے کارپوریٹر متین پٹیل کا بھی تذکرہ موجود ہے۔
***** ***** *****
10 ریاستوں کی راجیہ سبھا کی 24 نشستوں کیلئے 18 جون کو انتخابات ہوں گے اور اسی دن ووٹوں کی گنتی عمل میں آئے گی۔راجیہ سبھا کی دو نشستوں پر ضمنی انتخابات بھی اسی دن ہونے جارہے ہیں۔ مہاراشٹر کی نائب وزیرِ اعلیٰ سنیترا پوار اور اے ڈی ایم کے‘ کے رہنماء سی وی شن مگم کے اسمبلی کیلئے منتخب ہونے کے بعد یہ نشستیں خالی ہوئی تھیں۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ ڈویژن میں چھترپتی سمبھاجی نگر‘ جالنہ، بیڑ، لاتور، دھاراشیو، ناندیڑ، ہنگولی، پربھنی کی مقامی خود مختار اداروں کی قانون ساز کونسل کی نشست پر انتخابات کے پیشِ نظر کل شیوسینا اُدّھو باڑا صاحب ٹھاکرے پارٹی کا اجلاس ہوا۔ پارٹی سربراہ اُدّھو ٹھاکرے کی موجودگی میں منعقدہ اس اجلاس میں مراٹھواڑہ کے سینئر عہدیداروں کے ساتھ انتخابی حکمت ِ عملی، تنظیم سازی اور دیگر موضوعات پر تفصیلی تبادلہئ خیال کیا گیا۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ مصنوعی ذہانت یعنی (AI) مستقبل کی تبدیلی کا سب سے مؤثر ذریعہ ہے۔ کل ممبئی کے سہیادری اتیتھی گرہ ”میں ٹیک ویک 2026“ کا اعلان کرنے کے بعد وہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ ”ممبئی ٹیک وِیک“ جیسے پروگراموں کے باعث مصنوعی ذہانت کے مواقع نوجوانوں تک پہنچیں گے اور مہاراشٹر ملک میں (AI) کی جدت کا ایک نمایاں مرکز بنے گا۔ ٹیک ویک پروگرام 29 اور 30مئی کو جیو ورلڈ کنونشن سینٹر میں منعقد ہوگا۔
***** ***** *****
مغربی ایشیاء میں جاری بحران کے پیشِ نظر پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 91 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے۔ خلیج ِ فارس میں آبنائے ہرمز پر جاری بحران کے باعث خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کو دیکھتے ہوئے ملک میں ایندھن کی قیمتیں بڑھائی گئی ہیں۔ اس سلسلے میں جاری خبروں میں بتایا گیا ہے کہ گذشتہ 10 دنوں میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں تیسری بار اضافہ کیا گیا ہے۔
اسی دوران ریاست کے اغذیہ‘ شہری رسد اور تحفظ صارفین محکمے کے وزیر چھگن بھجبل نے عوام سے اپیل کی ہے کہ خوف کی بناء پر پیٹرول اور ڈیزل خرید کر ذخیرہ اندوزی نہ کریں۔ کل ممبئی میں اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے بتایا کہ ضرورت سے زائد ایندھن خریدے جانے کے سبب مئی کے مہینے میں پیٹرول و ڈیزل 20 فیصد زیادہ فروخت ہوا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جا رہی ہیں
***** ***** *****
قومی مردم شماری کے تحت ریاست میں گھر شماری اور مکانات کی فہرست سازی کا کام مکمل ہوجانے کے بعد 30جون سے فہرست رائے دہندگان کی خصوصی نظرِ ثانی یعنی (SIR) مہم کا آغاز ہوگا۔ ریاست کے چیف الیکشن افسر ایس چوک لنگم نے کل ممبئی میں ایک اخباری کانفرنس کے دوران یہ اطلاع دی۔ اس عمل میں شفافیت برقرار رکھنے کیلئے تمام سیاسی جماعتوں سے بوتھ لیول معاونین نامزد کرنے کی اپیل کی گئی تھی۔ جس کے مطابق مختلف سیاسی جماعتوں نے ریاست بھر میں مجموعی طور پر ایک لاکھ 13 ہزار معاونین کو مقرر کیا ہے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعظم نریندر مودی آج مختلف سرکاری محکموں میں بھرتی کیے گئے 51 ہزار نوجوانوں کو تقرر نامے تفویض کریں گے۔یہ روزگار میلہ ملک بھر کے 47مقامات پر منعقد ہوگا۔
اسی دوران آکاشوانی کے ”من کی بات“ پروگرام میں آئندہ 31 مئی کو وزیرِ اعظم عوام سے گفتگو کریں گے۔ یہ اس سلسلے کی 134 ویں قسط ہوگی۔
***** ***** *****
مردم شماری 2027 کے تحت گھر شماری مہم میں جالنہ ضلع نے ریاست بھر میں پہلا مقام حاصل کیا ہے۔ اس کام میں ضلع نے 94 اعشاریہ 59 فیصد پیش رفت درج کی ہے۔ انتظامیہ کے مطابق ضلع کلکٹر اور چیف مردم شماری افسر آشیما متل کی رہنمائی میں منظم منصوبہ بندی اور ملازمین کے بہتر تال میل سے یہ کامیابی حاصل ہوئی۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر مہانگر پردیش وکاس پرادھیکرن کے تحت غیر قانونی تعمیرات پر کارروائی کی جائیگی۔ سرکاری قوانین کے مطابق 31 دسمبر 2020 سے قبل بغیر اجازت تعمیر کو قانونی شکل دی جائیگی۔ ڈویژنل کمشنر جی شریکانت نے یہ اطلاع دی۔ چھترپتی سمبھاجی نگر میں گنٹھے واری کے تحت تعمیرات کو قانونی شکل دینے کے عمل پر رہنمائی کیلئے منعقدہ اجلاس سے وہ خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے اپیل کی کہ متعلقین اپنی تعمیرات کو مقررہ مدت میں باقاعدہ شکل دیں۔
***** ***** *****
موسمِ خریف کے پیشِ نظر محکمہئ زراعت کی جانب سے ڈویژنل سطح پر فلائنگ اسکواڈ تشکیل دیا گیا ہے۔ ڈویژنل زرعی ایڈیشنل ڈائریکٹر سنیل وانکھیڑے نے یہ اطلاع دی۔ اس سلسلے میں خاطی پائے جانے والے افراد کے خلاف فوجداری مقدمات درج کیے جانے کا انتباہ بھی انھوں نے دیا۔
***** ***** *****
کسانوں کیلئے پیٹرول اور ڈیزل کی قلّت پیدا نہ ہو‘ اس کیلئے جالنہ کی ضلع کلکٹر آشیما متل نے ضلع کے تمام پیٹرول اور ڈیزل پمپ مالکان کو بیرل اور کین میں ایندھن دینے کا حکم دیا ہے۔ متعلقہ کسانوں کے ٹریکٹر کی آر سی بک اور ایگری اسٹیک آئی ڈی کی جانچ کرکے اندراج لازمی قرار دیا گیا ہے۔ کسانوں کے پاس ایگری اسٹیک آئی ڈی نہ ہونے کی صورت میں آدھار کارڈ‘ موبائل نمبر‘ نام اور دستخط لیے جانے کا حکم بھی انھوں نے دیا۔
***** ***** *****
IPL کرکٹ ٹورنامنٹ میں آج لکھنؤ سپر جائنٹس اور پنجاب کنگس کے مابین میچ کھیلا جائے گا۔ لکھنؤ میں شام ساڑھے سات بجے اس میچ کا آغاز ہوگا۔ کل کھیلے گئے میچ میں سن رائزرس حیدرآباد کی ٹیم نے رائل چیلنجرز بنگلورو کو 55 رنوں سے شکست دے دی۔ پہلے بلّے بازی کرتے ہوئے حیدرآباد کی ٹیم نے 255 رن اسکور کیے، جواب میں آر سی بی کی ٹیم چار وکٹ پر 200 رن ہی بناسکی۔
***** ***** *****
ریاست میں کل‘ برہم پوری میں سب سے زیادہ درجہ حرارت 47 اعشاریہ ایک ڈگری سیلسئیس درج کیا گیا۔ مراٹھواڑہ میں پربھنی میں 44 ڈگری اور چھترپتی سمبھاجی نگر میں 41 اعشاریہ آٹھ ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔
ودربھ میں آکولہ، امراوتی اور وردھا اضلاع کو آج گرمی کا ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ ناگپور، ایوت محل اور چندرپوار اضلاع کو آرینج الرٹ‘ جبکہ مراٹھواڑہ میں دھاراشیو اور لاتور اضلاع کو آج یلوالرٹ جاری کیا گیا ہے
اسی دوران چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع میں پیٹھن‘ ڈھورکن اور پمپل واڑی علاقوں میں کل تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش بھی ہوئی۔
***** ***** *****
سرخیاں
آخرمیں خاص خبریں ایک مرتبہ پھر سن لیجیے...
٭ NEET پرچہ افشاء ہونے کے معاملے میں پونا سے مزید ایک خاتون گرفتار؛ لاتور کے دو ڈاکٹروں سے سی بی آئی کی سخت تفتیش۔
٭ ناسک کے TCS معاملے میں 1500 صفحات پر مشتمل فردِ جرم داخل۔
٭ آئندہ 30 جون سے ریاست میں SIR مہم؛ سیاسی جماعتوں کی جانب سے ایک لاکھ سے زائد معاونین نامزد۔
٭ مردم شماری 2027 کی گھر شماری مہم میں جالنہ ریاست بھر میں پہلے نمبر پر۔
اور۔۔۔ ٭ مراٹھواڑہ کے دھاراشیو اور لاتور اضلاع کیلئے آج گرمی کا یلو الرٹ۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment