Tuesday, 26 May 2026

آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 26 مئی 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 26 May -2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ پہلے مرحلے کے پدم ایوارڈز صدر جمہوریہ کے ہاتھوں تفویض، مہاراشٹر کے آٹھ معززین کو مختلف شعبوں میں ان کی کامیابیوں کے لیے اعزاز سے نوازا گیا۔
٭ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 15/مئی کے بعد سے چوتھی بار اضافہ۔
٭ سپریم کورٹ نے نیٹ امتحان میں بے ضابطگیوں پر کیا اظہار تشویش، پیپر لیک معاملے میں پونے کی منیشا حوالدار کو چھ دن کی CBIحراست
٭ حج کے رکن اعظم عرفات کے قیام کی آج ادائیگی۔
٭ TCSتبدیلی مذہب معاملے میں ایم آئی ایم کارپوریٹر متین پٹیل سے پولس کی تفتیش
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ کے بیشتر حصوں میں غیر موسمی بارش و ژالہ باری۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
اس سال کے پہلے مرحلے کے پدم ایوارڈز کل صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے تفویض کئے۔ ان میں مہاراشٹر کے آٹھ افراد کو مختلف شعبوں میں ان کی نمایاں خدمات کے لیے اعزاز سے نوازا گیا۔ اس موقع پر اداکار دھرمیندر کو بعد از مرگ پدم وبھوشن سے نوازا گیا۔ ان کی اہلیہ ہیما مالنی نے یہ ایوارڈ قبول کیا۔ مشہور صنعتکار اودے کوٹک اور مہاراشٹر کے سابق گورنربھگت سنگھ کوشیاری کو پدم بھوشن سے نوازا گیا۔ اشتہارات کے شعبے میں گراں قدرخدمات انجام دینے والے پیوش پانڈے کو بعد از مرگ پدم بھوشن سے نوازا گیا۔
پربھنی کے شری رنگ دیوبا عر ف دادا لاڈ کو زراعت کے شعبے میں ان کی کامیابیوں کے لیے پدم شری سے نوازا گیا۔ امراوتی کے شری گرودیو سیوامنڈل کے جنرل سیکریٹری جناردھن پنت بوتھے گروجی کو بھی پدم شری دیا گیا۔اس کے علاوہ رام چندر اور سنیتا گوڈبولے، ڈرامہ آرٹسٹ رگھوبیر کھیڈکر، کرکٹ کھلاڑی ہرمن پریت کور، معذور کھلاڑی پرون پوار کو پدم شری سے نوازا گیا۔ پہلے مرحلے کے 66/پدم ایوارڈز اس موقع پر دیئے گئے۔
***** ***** *****
کل پیٹرول کی قیمتوں میں دو روپیئے 61پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمتوں میں دو روپئے 71/پیسے کا اضافہ ہوا۔ اس اضافے کے بعد ممبئی میں پیٹرول کی قیمت ایک سو گیارہ روپئے اکیس پیسے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت 97روپئے 83پیسے پہنچ گئی ہے۔ 15/مئی سے اب تک پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں چار بار اضافہ ہو چکا ہے۔ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں سات روپیوں سے زیادہ کا اضافہ ہواہے۔
***** ***** *****
عالمی بازار میں خام تیل کی قیمتوں میں پانچ فی صد سے زائد کمی ہوئی ہے کیونکہ مغربی ایشیائی تنازع کے حل اور آبنائے ہرمز کے کھلنے کاامکان بڑھ گیا ہے۔ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت دو ہفتوں کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ برینٹ کروڈ کی قیمت 100ڈالر فی بیرل سے نیچے آگئی ہے۔
***** ***** *****
سپریم کور ٹ نے نیٹ امتحان کے انعقاد میں مسلسل بے قائدگیوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ عدالت نے کہا ہے کہ یہ افسوسناک ہے کہ پچھلے پیپر لیک ہونے کے باوجود NTAنے اس سے کوئی سبق نہیں سیکھا۔ میڈیکل داخلے کے امتحان کے انعقاد کے لیے NTAکی بجائے ایک اور خودمختار ادارہ قائم کرنے کا مطالبہ کرنے کی درخواست پر سماعت کے وقت جسٹس بی ایس نرسمہا اور جسٹس آلوک آرادھے کی بینچ نے یہ بات کہی۔
نیٹ امتحان منسوخ ہونے سے 22لاکھ طلباء کا نقصان ہونے کا دعویٰ در خواست گذاروں نے کیا اور مطالبہ کیا کہ امتحان کی نگرانی کے لیے ایک سبکدوش جج کی سربراہی میں اعلیٰ اختیاری کمیٹی قائم کی جائے۔
نیٹ پیپر لیک معاملے میں زیر حراست پروفیسر منیشا حوالدار کو دہلی کی راؤس ایونیو کورٹ نے چھ دن کی CBIحراست میں بھیجا ہے۔ CBIشبہ ہے کہ حوالدار نے طلبا کو نیٹ فزکس پر چے کے سوالات فراہم کئے تھے۔
***** ***** *****
وزیر اعلیٰ دیویندر فڈنویس کی موجودگی میں کل ریاستی حکومت اور ایگریکو انڈیا کمپنی کے درمیان مفاہمت نامے پر دستخط کئے گئے۔ ایگریکو انڈیا ایک کمپنی ہے جو توانائی اور درجہ حرات کنٹرول کے حل کے شعبے میں کام کر رہی ہے۔ اس معاہدے کے مطابق کمپنی پونے ضلع کے پھول گاؤں میں جدید ترین عالمی انجنیرنگ اور پیداوار ی مرکز قائم کرے گی۔ اس سے پونے میں آئندہ دس سالوں میں 400کروڑ روپیوں کی سرمایہ کاری کے ساتھ ایک ہزار ملازمتیں پیدا ہونگی۔
***** ***** *****
عید الضحی کے ضمن میں وزیر ٹرانسپورٹ پر تاپ سر نائیک نے محکمہ ٹرانسپورٹ کو ریاست بھر میں خصوصی جانچ مہم چلانے کا حکم دیاہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ قدم گائے کی اسمگلنگ، غیر قانونی مذبح خانوں اور جانوروں کے ساتھ غیر انسانی ظلم کو روکنے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔ ٹرانسپورٹ کمشنر کے دفترسے جاری کردہ سرکولر کے مطابق سرحدی علاقوں، ممبئی سمیت بڑے شہروں اور ریاست کے حساس راستوں پر خصوصی ناکہ بندی اور گاڑیوں کی جانچ کی جائے گی۔
***** ***** *****
حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ یعنی عرفات کا قیام آج ادا کیا جائے گا۔ اس ادائیگی کے لیے آج فجر کے بعد سے لاکھوں عازمین حج منیٰ کی وادی سے عرفات کی جانب روانہ ہو رہے ہیں۔ عازمین حج زوال آفتاب سے غروب آفتاب تک عرفات میں قیام کریں گے۔ میدان عرفات کی مسجد نمرہ میں آج ظہر کی نماز سے قبل حج کا خطبہ پڑھا جائے گا۔ غروب آفتاب کے بعد حجاج عرفات سے مزدلفہ روانہ ہونگے جہاں وہ مغرب اور عشاء کی نمازیں ایک ساتھ اداکریں گے۔ مزدلفہ کی وادی میں آج رات بھر حاجیوں کا قیام رہے گا۔ اس مرتبہ 15/لاکھ سے زائد حاجی حج کا فریضہ ادا کررہے ہیں۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
ریاست میں کل دو مختلف حادثات میں چودہ افراد کی موت ہوگئی۔ صبح کی اولین ساعتوں میں مہا بلیشور اور پولاپور کو جوڑنے والے آمبے نلی گھاٹ پر ایک چار پہیہ گاڑی گہری کھائی میں گرنے سے پیش آئے حادثے میں آٹھ افراد کی موت ہو گئی۔ستارا ضلع کے آٹھ افراد جو ہرنے بندر پر سیرکے لیے گئے تھے، گاڑی میں واپس آرہے تھے کہ ڈرائیور کا کنٹرول کھو گیا اور حادثہ پیش آیا۔
دوسرا حادثہ ممبئی آگرہ قومی شاہ راہ پر واقع دھولیہ تعلقے کے لڑنگ گھاٹ پر پیش آیا۔ تیز رفتار ڈمپر نے سامنے سے آنے والے ٹرک کو ٹکر مار دی اور اسی دوران پیچھے سے آنی والی گاڑی نے بھی ٹرک کو ٹکر ماردی۔ اس حادثے میں چھ افراد کی موقع پر ہی موت ہو گئی جبکہ 25/افراد زخمی ہوگئے۔
***** ***** *****
TCSکمپنی کے مبینہ تبدیلی مذہب و جنسی ہراسانی معاملے میں مشتبہ ملزمہ ندا خان کو پناہ دینے والے چھتر پتی سمبھاجی نگر کے ایم آئی ایم کارپوریٹر متین پٹیل اور گھر مالک حنیف خان سے ناسک کی کرائم برانچ میں کل تفتیش کی گئی۔ متین پٹیل کا موبائیل فون ایس آئی ٹی نے ضبط کیا ہے۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے جان بوجھ کر معلومات کو چھپا یا کہ ندا خان کرائے پر مکان لینا چاہتی تھی۔
***** ***** *****
پانی کی قلت سے پاک جالنہ کے مقصد کو حاصل کرنے کے لیے ضلع کلکٹر آشیما متل نے تمام متعلقہ ایجنسیوں سے تال میل سے کام کرنے کی اپیل کی ہے۔ وہ کل مشن نیوٹریشن جالنہ کے تحت خواتین اسپتال میں تربیتی پروگرام کا افتتاح کرنے کے بعد مخاطب تھیں۔ اس کیمپ کا مقصد ضلع میں غذائی قلت کے واقعات کو کم کرنا اور بچو ں کی صحت کو بہتر بنانا ہے۔
***** ***** *****
بیڑ ضلع میں 15/مئی سے ہونے والی غیر موسمی بارشوں نے فصلوں، باغات، زرعی ڈھانچوں اور املاک کو نقصان پہنچایا ہے۔ اس ضمن میں بیڑ کے رکن پارلیمان بجرنگ سونونے نے وزیر اعلیٰ دیویندر فڈنویس، وزیر زراعت دتاترے بھرنے اور ضلع کلکٹر وویک جونسن کو خط لکھ کر نقصان کے معاوضے کا مطالبہ کیا ہے۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ کے کئی مقامات پر کل غیر موسمی بارش و ژالہ باری ہوئی۔ چھتر پتی سمبھاجی نگر شہر میں کل قبل از مانسون بارش ہوئی۔ ضلع کے پھلمبری شہر سمیت تعلقے کے کئی مقامات پر بارش کی اطلاع ہمارے نمائندے نے دی ہے۔ جالنہ شہر سمیت ضلع میں کل شام بارش ہوئی۔ بھوکردن تعلقے کے حسن آباد، شیرج گاؤں بوروڈ، کیدار کھیڑا، راجورمیں ہلکی تا درمیانی بارش ہوئی۔
***** ***** *****
لاتور ضلع کے کئی علاقوں میں کل بھی شدید بارش ہوئی۔ نیلنگا تعلقے کے جاؤ، نند، جویری، جوڑگا اور دیگر دیہاتوں میں زور دار بارش ہوئی۔ کچھ مقامات پر طوفانی ہواؤں سے درختوں کی شاخیں ٹوٹ گئیں۔ اوسہ تعلقے کے گھوروسا، کلاری اور دیگر گاؤں میں زور دار بارش ہوئی۔ اچانک ہوئی اس بارش سے شہریان کو راحت ملی ہے۔ دھاراشیو شہر و علاقے میں کل ہلکی بارش ہوئی۔
بیڑ ضلع کے ماجل گاؤں کے لاؤل علاقے سمیت آشٹی اور پاٹودہ تعلقوں میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ ژالہ باری ہوئی۔ اس سے زراعت کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔ امباجوگائی شہر اور اطراف میں آدھی رات کو موسلہ دھار بارش ہوئی۔ اچانک ہونے والی بارش سے ماحول ٹھنڈا ہو گیا ہے۔ ناندیڑ ضلع کے ماہور تعلقے کے دہے گاؤں علاقے میں کل تیز ہواؤں کے ساتھ زور دار بارش ہوئی۔ اس بارش سے فصلوں کے نقصان کی اطلاع ہے
***** ***** *****
ودربھ کے کچھ مقامات پر زیادہ سے زیادہ در جہ حرارت میں قابل ذکر اضافہ ہوا ہے۔ کل ریاست میں سب سے زیادہ در جہ حرارت برہما پوری میں 47اعشاریہ دو ڈگری سیلسیس در ج کیا گیا ہے۔ محکمہ ئ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ اگلے دو دنوں میں کونکن، وسطی مہاراشٹر اور مراٹھواڑہ کے کچھ مقامات پر بارش ہوگی جبکہ ودر بھ کے کچھ مقامات پر بارش ہوگی جبکہ ودربھ کے کچھ مقامات پر گرمی کی شدید لہر ہوگی۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ پہلے مرحلے کے پدم ایوارڈز صدر جمہوریہ کے ہاتھوں تفویض، مہاراشٹر کے آٹھ معززین کو مختلف شعبوں میں ان کی کامیابیوں کے لیے اعزاز سے نوازا گیا۔
٭ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 15/مئی کے بعد سے چوتھی بار اضافہ۔
٭ سپریم کورٹ نے نیٹ امتحان میں بے ضابطگیوں پر کیا اظہار تشویش، پیپر لیک معاملے میں پونے کی منیشا حوالدار کو چھ دن کی CBIحراست
٭ حج کے رکن اعظم عرفات کے قیام کی آج ادائیگی۔
٭ TCSتبدیلی مذہب معاملے میں ایم آئی ایم کارپوریٹر متین پٹیل سے پولس کی تفتیش
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ کے بیشتر حصوں میں غیر موسمی بارش و ژالہ باری۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment