Saturday, 9 May 2026

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 09 مئی 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 09 May-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۹/مئی ۶۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ دسویں جماعت کے نتائج کا اعلان؛92 فیصد طلباء ہوئے کامیاب؛ لاتور ضلع مراٹھواڑہ میں سرفہرست مقام پر۔
٭ تھیلیسیمیا کے خاتمے کیلئے ”ہفتہئ عزم“ اختتام پذیر؛ ریاست کو تھیلیسیمیا سے پاک بنانے کا اعادہ۔
٭ ٹریفک قوانین سے متعلق بیداری پیدا کرنے کیلئے ریاست بھر میں 60 ٹریفک پارکس قائم کرنے کی تجویز۔
٭ ریاست میں چنے کی خریداری کے تمام مراکز کھولنے کا مارکیٹنگ کے وزیر نے دیا حکم۔
اور۔۔۔٭ آئندہ دو دنوں میں ریاست میں غیر موسمی بارش کا امکان۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
ریاستی ثانوی اور اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کے دسویں جماعت کے امتحان کے نتائج کا کل اعلان کر دیا گیا۔ ریاست کا مجموعی نتیجہ 92 اعشاریہ صفر نو فیصد رہا ہے اور اس سال بھی لڑکیوں نے 94 اعشاریہ 96 فیصد کے ساتھ کامیابی حاصل کرکے سبقت برقرار رکھی ہے جبکہ لڑکوں کی کامیابی کا تناسب 89 اعشاریہ پانچ چھ فیصد ہے۔
علاقائی تعلیمی بورڈ کے نتائج میں اس سال کوکن ڈویژن 97 اعشاریہ چھ دو فیصد کے ساتھ ریاست بھر میں سرِفہرست رہا، جبکہ چھترپتی سمبھاجی نگر ڈویژن 88 اعشاریہ چار ایک فیصد نتائج کے ساتھ آخری مقام پر ہے۔ چھترپتی سمبھاجی نگر ڈویژن میں بیڑ ضلع 89 اعشاریہ سات دو فیصد کے ساتھ پہلے مقام پر‘ ناندیڑ ضلع83 اعشاریہ چھ دو فیصد، جالنہ85 اعشاریہ نو صفرفیصد جبکہ لاتور ڈویژن کا نتیجہ 88 اعشاریہ چار دو فیصد رہا۔
ریاست میں 179 طلباء نے 100 میں سے 100 نشانات حاصل کیے ہیں، جن میں لاتور ڈویژن کے سب سے زیادہ 104 طلباء شامل ہیں۔ کامیاب طلباء 23 مئی تک اپنے نشانات کی تصدیق کیلئے آن لائن درخواست دے سکیں گے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن کے 17 ثانوی اسکولوں کے دسویں جماعت کے نتائج 79 اعشاریہ چھ پانچ فیصد آئے ہیں اور گوری جگتاپ نامی طالبہ نے میونسپل کارپوریشن کے تمام اسکولوں میں 94 اعشاریہ چھ صفر فیصد نشانات کے ساتھ سرِفہرست مقام حاصل کیا ہے۔
***** ***** *****
دریں اثناء‘ اسکولی تعلیم کے وزیر دادا بھوسے نے دہم جماعت میں کامیاب طلبہ کو مبارکباد دی ہے۔ ساتھ ہی جن طلبہ کو اس امتحان میں متوقع کامیابی نہیں مل سکی، انھیں مایوس نہ ہوکر دوبارہ کوشش کرنے اورحکومت ان کے ساتھ ہونے کا تیقن بھی وزیرِ موصوف نے دیا ہے۔
***** ***** *****
صحت ِ عامہ کی ریاستی وزیر ِمملکت میگھنا ساکورے بورڈیکر نے مہاراشٹر کو تھیلیسیمیا سے پاک بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ وہ کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں منعقدہ ”ایک قدم‘ تھیلیسیمیا سے نجات کی طرف“ مہم کے تحت ”ہفتہ عزم“ کی اختتامی تقریب سے مخاطب تھیں۔ بورڈیکر نے بتایا کہ حکومت تھیلیسیمیا کے مریضوں کے علاج اور دیگر سہولیات کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔
اس پروگرام کے دوران ریاست کے تمام سرکاری اسپتالوں میں خواتین اور لڑکیوں کیلئے PCOD کلینک کا آن لائن افتتاح کیا گیا۔ اس موقعے پر تھیلیسیمیا کے تدارک کیلئے کام کرنے والے ڈاکٹروں، اداروں اور ذمہ داران کی خدمات کا اعتراف کیا گیا۔
***** ***** *****
محکمہ ٹرانسپورٹ نے کم عمری میں ٹریفک قوانین کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کیلئے ریاست بھر میں 60 ٹریفک پارکس قائم کرنے کی تجویز تیار کی ہے۔ وزیر ٹرانسپورٹ پرتاپ سرنائیک نے یہ اطلاع دی۔ دھرم ویر آنند دِیگھے کے نام پر ہر ضلعے میں کم از کم ایک ٹریفک پارک قائم کیا جائے گا اور اس پارک میں چھوٹے راستے، زیبرا کراسنگ، ٹریفک سگنل، رہنمائی کرنے والے بورڈ اور چھوٹی گاڑیوں کی علامتیں بناکرطلباء کو ٹریفک کے بارے میں معلومات فراہم کی جائے گی۔
***** ***** *****
روزگارضمانت محکمے کے وزیر بھرت گوگاولے نے ”ماتوشری گرام سمردّھی“ اسکیم کے تحت کھیت اور پگڈنڈی راستوں کے کاموں کو ترجیح دیکر دیہی علاقوں میں روزگار فراہمی میں تیزی لانے کی ہدایت دی ہے۔ وہ کل‘ منترالیہ میں منعقدہ جائزاتی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ انھوں نے وضاحت کی کہ مرکزی حکومت کا ترقی یافتہ بھارت - روزگار و گذر بسر قانون ابھی نافذ نہیں ہوا ہے۔ لہٰذا‘ منریگا اسکیم پہلے کی طرح جاری رہے گی۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
شُبھیندُو ادھیکاری آج مغربی بنگال کے وزیر اعلی کے عہدے کا حلف لیں گے۔ انہوں نے کل گورنر سے ملاقات کرکے حکومت سازی کا دعویٰ پیش کیا۔ حلف برداری کی تقریب کولکتہ کے تاریخی ”بریگیڈ پریڈ گراؤنڈ“ میں منعقد ہوگی۔ بھارتیہ جنتا پارٹی پہلی بار مغربی بنگال میں برسرِاقتدار آئی ہے۔
دریں اثناء، تمل ناڈو میں، TVK پارٹی کے رہنماء جوسیف وجئے نے بھی کل ریاستی گورنر سے ملاقات کرکے حکومت سازی کا دعویٰ کیا۔ بائیں بازو کی جماعتوں سمیت کچھ دیگر جماعتوں کی وجئے کو غیر مشروط حمایت ملنے سے وہ اکثریت کا ہندسہ عبور کرگئے ہیں۔
وہیں پدوچیری میں، آل انڈیا این آر کانگریس پارٹی کے این رنگاسامی کو قومی جمہوری محاذ کی قانون ساز پارٹی کا رہنماء منتخب کیا گیا۔ انہوں نے کل گورنر سے ملاقات کی اور حکومت بنانے کا دعویٰ پیش کیا۔
***** ***** *****
آکاشوانی کے 90ویں یومِ تاسیس کے موقعے پر کل دہلی سمیت مختلف شہروں میں میراتھان منعقد کی گئیں۔ اس میراتھان میں آکاشوانی، دوردرشن اور پرسار بھارتی کے ملازمین نے حصہ لیا۔ پرسار بھارتی کے سی ای او گورو دُویدی اور آکاشوانی کے ڈائریکٹر جنرل راجیو کمار جین نے دہلی میں منعقدہ تقریب میں شرکت کی۔ گورو دویدی نے اس سلسلے میں کہا…
بائٹ-گورو دُویدی
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میں، ہوٹلس، ریسٹورینٹ اور کیٹررس مالکان کیلئے کھانے کی اشیاء میں پنیر کے بجائے مصنوعی طور پر تیار کردہ چیس کا استعمال کیے جانے پر لوازمات کی فہرست میں اس کی وضاحت لازمی قرار دی گئی ہے۔ ضلع کلکٹر ونئے گوڑا جی سی نے خوراک و ادویات انتظامیہ کو اس سلسلے میں سخت کارروائی کرنے کی ہدایت دی ہے۔ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے تاجروں کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ دیا گیا ہے۔
***** ***** *****
مارکیٹنگ کے وزیر جئے کمار راول نے ریاست میں چنے کی خریداری کے تمام مراکز شروع کرنے کا حکم دیا ہے۔ ان خریداری مراکز کے پورٹل بند ہونے کی وجہ سے ربیع ہنگام کے چنے کی خریداری کا عمل رُک گیا تھا۔ اس سلسلے میں پاتھری کے رُکن اسمبلی راجیش وِٹیکر نے مارکیٹنگ کے وزیر راول سے ملاقات کرکے ان سے خریدی مراکز شروع کرنے کی درخواست کی تھی۔
***** ***** ****
ناسک کی ٹی سی ایس کمپنی میں جبری تبدیلیئ مذہب کے مبینہ معاملے میں مشتبہ ملزم ندا خان کو پیر تک پولس حراست میں رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔ پولس نے پرسوں چھترپتی سمبھاجی نگر کے نارے گاؤں علاقے سے ندا خان کو حراست میں لیا تھا۔
دریں اثناء، مجلس اتحادالمسلمین کے کارپوریٹر متین پٹیل کے خلاف چھترپتی سمبھاجی نگر میں ندا خان کو پناہ دینے کے الزام میں پولس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
سماجی انصاف کے ریاستی وزیر سنجے شرساٹ نے انتظامیہ سے سماجی بہبود محکمے کو مزید اونچائیوں پر لے جانے کیلئے بہتر کام کرنے کی اپیل کی ہے۔ وہ کل لوناولہ میں ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر تربیتی اور تحقیقی ادارے کی ریاستی سطح کی ورکشاپ سے مخاطب تھے۔ انہوں نے عہدیداران سے اپیل کی کہ وہ ”سماجی انصاف“ کے تصور کو مدِنظر رکھ کر سماج کے آخری فرد کو انصاف فراہم کرنے کیلئے کام کریں۔
***** ***** *****
انڈین پریمیر لیگ کرکٹ ٹورنامنٹ میں کل کھیلے گئے ایک میچ میں کولکتہ نائٹ رائیڈرس نے دہلی کیپٹلس کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے دی۔ دہلی کیپٹلس کی طرف سے مقررہ 143 رنز کا ہدف کولکتہ نے پندرہویں اوور میں ہی حاصل کر لیا۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع لیگل سروسیز اتھارٹی کی جانب سے آج ایک قومی لوک عدالت کا انعقاد کیا گیا ہے۔ ضلعے کی تمام عدالتوں میں زیر التواء تصفیے کے قابل اور عدالت میں جانے سے قبل کے تمام معاملات ثالثی کے ذریعے نمٹائے جائیں گے۔ اتھارٹی کے سکریٹری پروین اُنہاڑے نے متعلقہ فریقوں سے لیگل سروسیز کمیٹی کے دفتر سے رابطہ کرنے کی اپیل کی ہے۔
***** ***** *****
موسم: لاتور ضلعے کے چند علاقوں میں کل شام تیز ہواؤں کے ساتھ زوردار بارش ہوئی۔ اس غیر موسمی بارش سے تیار شدہ مکئی، چنا اور پھلوں کے باغات متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ چھترپتی سمبھاجی نگر، پربھنی اور ناندیڑ اضلاع کے ساتھ واشم ضلعے میں بھی غیر موسمی بارش کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
جبکہ آئندہ دو دنوں میں وسطی مہاراشٹر، مراٹھواڑہ اور ودربھ کے مختلف مقامات پر غیر موسمی بارش کا امکان ہے۔
اسی دوران‘ ریاست میں کل‘ سب سے زیادہ درجہ حرارت واشم میں 42 اعشاریہ دو ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔ جبکہ مراٹھواڑہ کے دھاراشیو اور پربھنی میں 40 ڈگری سیلسیس سے زیادہ اور چھترپتی سمبھاجی نگر میں 39 اعشاریہ تین ڈگری سیلسیس درجہ حرارت درج ہوا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ دسویں جماعت کے نتائج کا اعلان؛92 فیصد طلباء ہوئے کامیاب؛ لاتور ضلع مراٹھواڑہ میں سرفہرست مقام پر۔
٭ تھیلیسیمیا کے خاتمے کیلئے ”ہفتہئ عزم“ اختتام پذیر؛ ریاست کو تھیلیسیمیا سے پاک بنانے کا اعادہ۔
٭ ٹریفک قوانین سے متعلق بیداری پیدا کرنے کیلئے ریاست بھر میں 60 ٹریفک پارکس قائم کرنے کی تجویز۔
٭ ریاست میں چنے کی خریداری کے تمام مراکز کھولنے کا مارکیٹنگ کے وزیر نے دیا حکم۔
اور۔۔۔٭ آئندہ دو دنوں میں ریاست میں غیر موسمی بارش کا امکان۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment