Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 10 May-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۰۱/مئی ۶۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ ملک کی دفاعی فوج کے سربراہ- CDS کی حیثیت سے لیفٹیننٹ جنرل این ایس راجہ سبرامنی کی نامزدگی۔
٭ مغربی بنگال میں وزیرِ اعلیٰ شوبھیندُو ادھیکاری کی حلف برداری؛ تملناڈو میں جوزف وجئے آج حلف لیں گے؛ کیرالہ میں وزیرِ اعلیٰ کا فیصلہ ہنوز نہ ہوسکا۔
٭ قومی پنچایت ایوارڈ 2025 کا اعلان؛ ریاست کی تین پنچایتوں کو ایوارڈز۔
٭ گیارہویں میں داخلے کیلئے پہلے لازمی راؤنڈ کے ٹائم ٹیبل کا اعلان۔
اور۔۔۔٭ ندا خان کو پناہ دینے کے ملزم کارپوریٹر کے خلاف کارروائی کا شیوسینا کا مطالبہ؛ ایم آئی ایم کی جانب سے دفاع۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
ملک کے آئندہ کے دفاعی افواج کے سربراہ سی ڈی ایس کی حیثیت سے سبکدوش لیفٹیننٹ جنرل این ایس راجہ سبرامنی کی نامزدگی عمل میں آئی ہے۔ موجودہ سی ڈی ایس جنرل انیل چوہان کی مدتِ ملازمت آئندہ 30 مئی کو ختم ہورہی ہے، اسی دن جنرل این ایس راجہ سبرامنی عہدے کا جائزہ لیں گے اور منترالیہ میں فوجی کام کاج کے محکمے کے سیکریٹری کی حیثیت سے کام دیکھیں گے۔ لیفٹیننٹ جنرل سبرامنی یکم ستمبر 2025 سے قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹریٹ میں فوجی مشیر کے طور پر کام کررہے ہیں۔
***** ***** *****
مغربی بنگال میں بی جے پی کے پہلے وزیرِ اعلیٰ کی حیثیت سے شوبھیندو ادھیکاری نے کل حلف لیا۔ کولکتہ میں گورنر آر این روی نے انھیں ریاست کے نوویں وزیرِاعلیٰ کے طور پر عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔ پانچ کابینی وزراء نے بھی ان کے ساتھ حلف لیا۔ وزیرِ اعظم نریندر مودی‘ وزیرِ داخلہ امت شاہ‘ دیگر مرکزی وزراء‘ مہاراشٹر کے وزیرِ اعلیٰ دیویندرپھڑنویس‘ نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے اور نائب وزیرِ اعلیٰ سُنیترا پوار سمیت ملک کی بی جے پی کی زیرِ اقتدار ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ نے بھی اس حلف برداری تقریب میں شرکت کی۔
دریں اثناء‘ تملناڈو میں ٹی وی کے پارٹی کے سربراہ جوزف وجئے آج وزیرِ اعلیٰ کے عہدے کا حلف لیں گے۔ وجئے نے کل 120 ارکانِ اسمبلی کی حمایت سے متعلق مکتوب گورنر راجندر آرلیکر کے سپرد کیا۔ جس کے بعد گورنر نے انھیں حکومت سازی کی دعوت دیتے ہوئے 13 مئی تک اکثریت ثابت کرنے کا وقت دیا۔ چنئی میں آج صبح دس بجے حلف برداری کی یہ تقریب ہوگی۔
***** ***** *****
صدرِ جمہوریہ دروپدی مُرمو نے پدوچیری کے وزیرِ اعلیٰ کی حیثیت سے این رنگا سامی کو نامزد کیا ہے۔ نائب گورنر کیلاش ناتھن نے رنگا سامی کو حکومت سازی کیلئے مدعو کیا۔ آئندہ 13 مئی کو رنگا سامی پدوچیری کے وزیرِاعلیٰ کے طور پر پانچویں بار حلف لیں گے۔
دریں اثناء‘ کیرالہ میں لیجسلیچر پارٹی کے رہنماء سے متعلق کانگریس پارٹی ہنوز کوئی فیصلہ نہیں کرپائی ہے۔ پارٹی کے کیرالا اُمور کے ذمہ دار دیپا داس منشی نے کہا ہے کہ سی ایل پی قائد کے نام کا فیصلہ پارٹی صدر ملک ارجن کھرگے اور قائد ِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی کریں گے۔
***** ***** *****
ملک میں اقلیتی فرقے سے تعلق رکھنے والے شہریوں کے غیر محفوظ ہونے کا الزام کو مرکزی وزیر برائے اقلیتی اُمور کرن رجیجو نے مسترد کردیا ہے۔کل ممبئی میں صحیفہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ملک میں موجودہ اور ملک سے باہر کے بھارت کے دشمن اس طرح کی غلط فہمی پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انھوں نے کہا:
Byte: Union Minister Kiren Rijiju
پارسی سماج کے قومی کاموں کیلئے اعانت کا وزیر ِ موصوف نے فخریہ اظہار کیا۔ تاہم‘ پارسی شہریوں کی تعداد میں ہورہی کمی پر انھوں نے تشویش ظاہر کی۔
***** ***** *****
مرکزی حکومت نے قومی پنچایت ایوارڈ 2025 کا اعلان کردیا ہے۔ ان میں ملک بھر سے منتخب کردہ 42 پنچایتوں کو یہ ایوارڈز دئیے جائیں گے۔ ایوارڈز میں کرناٹک کے چھ ایوارڈ کے ساتھ پہلے اور آندھرا پردیش و اڑیسہ پانچ پانچ ایوارڈ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ ریاست کے بھنڈارہ ضلع کی اینٹ گاؤں پنچایت کو محب ِ اطفال پنچایت کیلئے ایک کروڑ روپیہ، ناسک ضلع کی نمباڑی پنچایت کو بہترنظم و نسق کیلئے 75ہزار روپئے کا ایوارڈ دیا جائے گا۔ رائے گڑھ کی کھاری ولی پنچایت کو آبی خودانحصاری کے ایک کروڑ اور چامبھارلی پنچایت کو سماجی انصاف و سلامتی کیلئے ساڑھے 37 لاکھ روپئے کا ایوارڈ دیا جائے گا۔ آئندہ 3 جون کو نئی دہلی میں یہ اعزاز تفویض کیے جائیں گے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
نئی اور قابلِ تجدید توانائی کی مرکزی وزارت کے سیکریٹری سنتوش کمار سارنگی نے کہا ہے کہ ترقی یافتہ بھارت کیلئے ملک کے کسان بھی ترقی یافتہ ہونا چاہیے اور اس کیلئے مرکزی حکومت شمسی توانائی پر چلنے والے پمپ سمیت مختلف اسکیمیں چلارہی ہیں۔ انھوں نے اپیل کی کہ ان اسکیموں سے فائدہ اٹھانے والے افراد دوسرے سے کسانوں کو سولر پمپ کا فائدہ اٹھانے کی ترغیب دیں۔ وہ کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں ان اسکیموں کے استفادہ کنندگان سے بات چیت کررہے تھے۔ ریاست کے نئی اور قابلِ تجدید توانائی کے وزیر اتل ساوے اور مہاوترن کمپنی کے افسران اس موقع پر موجود تھے۔
***** ***** *****
وزیرِ تجارت جئے کمار راول نے کہا ہے کہ کسانوں کے پیدا کردہ معیاری پھلوں اور سبزیوں میں ملاوٹ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائیگی۔ انھوں نے کہا کہ پھلوں کو جلدی پکانے اور پُرکشش بنانے کیلئے خطرناک کیمیاوی مادوں کا استعمال کیے جانے کی شکایات موصول ہورہی ہیں اور حکم دیا کہ اس طرح کے واقعات پر قابو پانے کیلئے بازار کمیٹیاں سخت اقدامات کریں۔
اسی دوران ریاست کے کئی مقامات پر کئی تاجر تنظیمیں اور زرعی پیداور کمپنیاں بغیر کسی لائسنس کے زرعی اشیاء کی خرید و فروخت کرنے کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔ ان واقعات پر قابو پانے کیلئے سخت کارروائی کا انتباہ بھی وزیرِ موصوف نے دیا۔
***** ***** *****
ریاست میں گیارہویں جماعت کے سینٹرل آن لائن داخلے کے عمل کے پہلے لازمی راؤنڈ کا ٹائم ٹیبل ریاستی ثانوی اور اعلیٰ ثانوی تعلیمی ڈائریکٹوریٹ نے جاری کردیا ہے۔ جس کے مطابق نئے طلبہ کا رجسٹریشن‘ پہلے حصے میں درستی اور دوسرے حصے کو پُر کرنے کا عمل 12 اور 22 مئی کو ہوگا۔ طلبہ کو کم از کم ایک اور زیادہ سے زیادہ 10جونیئر کالج کے متبادل منتخب کرنا ہوں گے۔ 26مئی کو داخلے کی تقسیم کی فہرست جاری کی جائیگی۔ 26 تا 28 مئی کے دوران متعلقہ جونیئر کالج میں موجود رہ کر دستاویزات کی جانچ اور فیس بھرنا لازمی ہوگا۔
***** ***** *****
ٹی سی ایس کی ملازمہ ندا خان کو مبینہ پناہ دینے کے معاملے میں ایم آئی ایم کے کارپوریٹر کے خلاف کارروائی کا مطالبہ شیوسینا نے کیا ہے۔ اس ضمن میں شیوسینا کے ایک نمائندہ وفد نے کل چھترپتی سمبھاجی نگر پولس کمشنریٹ جاکر ایک میمورنڈم پیش کیا۔ ڈپٹی میئر راجندر جنجاڑ کی زیرِ صدارت وفد نے پولس کمشنر کو یہ میمورنڈم دیا۔ ٹی سی ایس معاملے کی ملزمہ ندا خان کو پناہ دینے کا الزام ایم آئی ایم کارپوریٹر متین پٹیل پر عائد کیا جارہا ہے۔
دریں اثناء‘ ایم آئی ایم کے قومی سربراہ اسدالدین اویسی نے کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کیا۔ انھوں نے کہا کہ ندا خان اور متین پٹیل پر ابھی محض الزامات ہیں اور جب تک عدالت انھیں مجرم قرار نہیں دیتی تب تک وہ ان کا دفاع کریں گے۔
***** ***** *****
مہاراشٹر نونرمان سینا کے کارکنوں نے کل جالنہ میں ماہرِ قانون گُن رَتن سداورتے کی گاڑی کا گھیراؤ کرکے اس پر سپاریاں اور سیاہ تیل پھینکا۔ جالنہ کے چھترپتی سمبھاجی نگر روڈ کے چوراہے پر یہ واقعہ پیش آیا۔ ہمارے نامہ نگار نے بتایا ہے کہ پولس نے فوری جائے وقوع پر پہنچ کر ایم این ایس کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔
***** ***** *****
ویر شرومنی مہارانا پرتاپ کی سالگرہ کے سلسلے میں چھترپتی سمبھاجی نگر میں اُتسو سمیتی کی جانب سے کل صبح شہر میں ایک ٹووہیلر ریلی نکالی گئی۔ بہوجن اور دیگر پسماندہ طبقات کی بہبودکے وزیر اتل ساوے کے ہاتھوں اس ریلی کا افتتاح عمل میں آیا۔ سڈکو کے کیناٹ گارڈن میں واقع مہارانا پرتاپ کے مجسّمے پر پھول چڑھا کر انھیں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگرشہر کے بھڑکل دروازہ کی مرمت اور درستی کے کام کے باعث کل بروزِ پیر سے آمد و رفت میں ردّ وبدل کیا گیا ہے۔ کل سے کام مکمل ہونے تک بھڑکل دروازے سے گذرنے والی تمام ٹریفک کو بند کردیا جائے گا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ ملک کی دفاعی فوج کے سربراہ- CDS کی حیثیت سے لیفٹیننٹ جنرل این ایس راجہ سبرامنی کی نامزدگی۔
٭ مغربی بنگال میں وزیرِ اعلیٰ شوبھیندُو ادھیکاری کی حلف برداری؛ تملناڈو میں جوزف وجئے آج حلف لیں گے؛ کیرالہ میں وزیرِ اعلیٰ کا فیصلہ ہنوز نہ ہوسکا۔
٭ قومی پنچایت ایوارڈ 2025 کا اعلان؛ ریاست کی تین پنچایتوں کو ایوارڈز۔
٭ گیارہویں میں داخلے کیلئے پہلے لازمی راؤنڈ کے ٹائم ٹیبل کا اعلان۔
اور۔۔۔٭ ندا خان کو پناہ دینے کے ملزم کارپوریٹر کے خلاف کارروائی کا شیوسینا کا مطالبہ؛ ایم آئی ایم کی جانب سے دفاع۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment