Monday, 8 June 2026

آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 08 جون 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 08 June 2026
Time: 09:00-09:10 AM
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۸/ جون ۶۲۰۲ء؁
وقت: 09.00 سے 09.10/ بجے
***** ***** *****
سرخیاں
پہلے خاص خبروں کی سرخیاں...
٭ ریاست میں 15 جون تک مانسون کی رفتار سست رہے گی، محکمہ زراعت کی جانب سے تخم ریزی میں عجلت نہ کرنے کی اپیل۔
٭ راشٹروادی کانگریس کی جانب سے راجیہ سبھا کی مخلوعہ نشست کیلئے راجندر جین کی امیدواری کا اعلان۔
٭ گھریلو ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں 29 روپے کا اضافہ۔
٭ NTA نے NEET-UG کے دوبارہ امتحان کے سوالیہ پرچے افشاء ہونے کے دعوے کو کیا مسترد؛ افواہوں پر یقین نہ کرنے کی اپیل۔
اور۔۔۔ ٭ دھاراشیو ضلعے میں 13 آبپاشی منصوبوں میں دستیاب آبی ذخیرے کو پینے کیلئے مختص کرنے کا حکم۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
جنوب مغربی مانسون کی ریاست میں آمد ہوچکی ہے، تاہم مانسون کی پیش رفت ریاست میں 15 جون تک سست رہے گی، اس لیے محکمہ زراعت اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ نے کسانوں سے تخم ریزی میں جلدی نہ کرنے کی اپیل کی ہے۔ جنوب مغربی مانسون جنوبی کوکن میں داخل ہو گیا ہے، اور سندھو دُرگ اور رتناگری اضلاع کے کچھ حصوں میں 9 جون تک اوسط تا زوردار بارش متوقع ہے۔ تاہم، محکمہ موسمیات نے بارش کی پیش رفت 15 جون تک سست رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے بھی کل ناگپور میں صحیفہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے اس کی جانکاری دی۔ انہوں نے کہا کہ اس سال ایل نینو کا خدشہ ہے اور کسانوں کو بوائی کیلئے عجلت سے کام نہیں لینا چاہیے تاکہ اُن پر دوبارہ بوائی کی نوبت نہ آئے۔
***** ***** *****
راشٹروادی کانگریس پارٹی کی جانب سے ریاست میں راجیہ سبھا کی خالی نشست کیلئے راجندر جین کو امیدواری دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پارٹی کے ریاستی صدر سنیل تٹکرے نے کل رات پارٹی کی کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد اس کی اطلاع دی۔ یہ نشست راشٹروادی کانگریس پارٹی کی قومی صدر سُنیترا پوار کے استعفیٰ سے خالی ہوئی ہے۔ اس الیکشن کیلئے امیدواری درخواست داخل کرنے کا آج آخری دن ہے۔
راجندر جین، بھنڈارا-گوندیا ضلعے میں ایک اہم رہنماء کے طور پر جانے جاتے ہیں اور2010 میں بھنڈارا-گوندیا مقامی اداروں کے قانون ساز کونسل حلقے سے رکنِ کونسل منتخب ہوئے تھے۔
***** ***** *****
پکون گیس یعنی گھریلو ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں کل سے 29 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ گزشتہ تین ماہ میں یہ دوسرا اضافہ ہے۔ اس اضافے کی وجہ سے ممبئی میں گھریلو ایل پی جی سلنڈر کی قیمت 912 روپئے پچاس پیسے سے بڑھ کر 941 روپئے پچاس پیسے ہو گئی ہے۔
دریں اثناء، مرکزی حکومت نے کہا ہے کہ عالمی سطح پر پکوان گیس کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود ملک میں گھریلو ایل پی جی سلنڈر کی قیمتیں دنیا میں سب سے کم ہیں۔ پیٹرولیم اور طبعی گیس کی مرکزی وزارت نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ امریکہ، کینیڈا اور آسٹریلیا جیسی ترقی یافتہ معیشتوں کے مقابلے بھارت میں گھریلو ایل پی جی سستا ہے۔
***** ***** *****
نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (NTA) نے 21 جون کو ہونے والے NEET-UG کے دوبارہ امتحان کے سوالیہ پرچے افشاء ہونے کے دعوے کی تردید کی ہے۔ تنظیم نے سماجی رابطوں کے ذرائع پر جاری ایک پیغام میں کہا کہ یہ منظم گروہوں کا کام ہے جو طلباء اور والدین کے درمیان شکوک و شبہات کی صورتحال کا فائدہ اٹھا کر ایسی افواہیں پھیلا رہے ہیں۔ پیغام میں وضاحت کی گئی ہے کہ امتحانی عمل کی معتبریت برقرار ہے اور امیدواروں کے محفوظ اور بہتر ماحول میں امتحان کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کیے گئے ہیں۔ NTA نے انتباہ دیا کہ امتحان کے حوالے سے سوشل میڈیا پر قابل اعتراض مواد کے بارے میں سائبر کرائم برانچ کو فوری طور پر آگاہ کیا جا رہا ہے اور متعلقہ افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
***** ***** *****
کاکروچ جنتا پارٹی کے بانی ابھیجیت دیپکے نے دعویٰ کیا ہے کہ نئی دہلی میں ہوئے تنظیم کے احتجاج میں سات ہزار شہریوں نے شرکت کی اور یہ احتجاج کامیابی سے ہمکنار ہوا ہے۔ وہ کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں نامہ نگاروں سے بات کر رہے تھے۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ مرکزی وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفیٰ کے مطالبے کیلئے شروع کیا گیا یہ احتجاج اس وقت تک جاری رہے گا جب تک وہ استعفیٰ نہیں دے دیتے۔ دیپکے نے مزید وضاحت کی کہ یہ احتجاج جلد ہی ملک گیر سطح پر کیا جائے گا۔ اس احتجاج کے پس منظر میں سمبھاجی نگر میں واقع ان کے گھر پر سخت پولس بندوبست تعینات کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جا رہی ہیں۔
***** ***** *****
ادویات و خوراک انتظامیہ نے ریاست میں ممنوعہ گٹکھا، پان مسالہ اور اس جیسی اشیاء کے خلاف بڑی کارروائی کی ہے۔ 1 جون سے 5 جون کے درمیان ریاست بھر میں 195 چھاپوں میں 192 افراد کو گرفتار کیا گیا اور تقریباً ایک کروڑ 99 لاکھ روپئے کی ممنوعہ اشیاء کا ذخیرہ ضبط کیا گیا۔ محکمے نے بتایا کہ یہ کارروائی ایک خصوصی مہم کے تحت کی گئی ہے۔ انتظامیہ نے وضاحت کی ہے کہ محکمے کی طرف سے ریاست بھر میں غیر قانونی پیداوار، ذخیرہ اندوزی، نقل و حمل اور فروختگی کی روک تھام کیلئے سخت کارروائی کی جا رہی ہے۔
***** ***** *****
گوا کے مڈگاؤ میں منعقدہ خواتین کی سیف فٹ بال چمپئن شپ کا خطاب بھارت نے ریکارڈ چھٹی مرتبہ جیت لیا ہے۔ کل کھیلے گئے فائنل میچ میں بھارتی ٹیم نے دفاعی چمپئن بنگلہ دیش کو 3-1 سے شکست دے دی۔
صدرِ جمہوریہ دروپدی مُرمو، نائب صدر سی پی رادھا کرشنن اور وزیرِ اعظم نریندر مودی نے اس شاندار جیت پر ٹیم کی سراہنا کرتے ہوئے مبارکباد پیش کی ہے۔
***** ***** *****
بھارت اور افغانستان کے درمیان چندی گڑھ میں کھیلے جارہے واحد ٹیسٹ کرکٹ میچ پر بھارت نے اپنی پکڑ مضبوط کر لی ہے۔ کل میچ کے دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک افغانستان نے پانچ وکٹوں پر 113 رنز اسکور کیے تھے اور وہ اب بھی بھارت کی پہلی اننگ کے اسکور سے 451 رنز سے پیچھے ہے۔ اس سے قبل بھارت نے اپنی پہلی اننگ میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 564 رنز بنائے تھے۔ کل بھارت کی جانب سے مانَو سُتھار نے تین اور پرسِدّھ کرشنا نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
***** ***** *****
’سنڈے آن سائیکل‘ مہم کے تحت کل دھاراشیو میں سائیکل ریلی نکالی گئی۔ شیو چھترپتی ریاستی کھیل اعزاز یافتہ ڈاکٹر چندرجیت جادھو نے سبز جھنڈی دکھا کر ریلی کی شروعات کی۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر کے نوجوان مصنف رشی کیش گولہار کے ناول ”رانوباچا ماڑ“ کو”کلا گنگا دیہی ناول اعزاز“ حاصل ہوا ہے۔ انہیں کل یہ اعزاز واشم کے ساوتری بائی پھلے کالج میں منعقدہ ایک تقریب میں دیا گیا۔ واشم ضلعے کے دیہی کہانی نویس و ناول نگار بابا راؤ مُسڑے نے اپنے والدین کی یاد میں یہ ایوارڈ شروع کیا ہے۔
***** ***** *****
ریاستی بہبودیِ معذورین کمشنر نے بیڑ میں بہبودِ معذورین افسر پریارانی پاٹل کے خلاف ضابطہ شکنی کی کارروائی کا حکم جاری کیا ہے۔ معذور ملازمین کے مسائل کو حل کرنے کیلئے ضلع کلکٹر کے حکم پر عمل درآمد نہ کرنے پر یہ حکم دیا گیا ہے۔
***** ***** *****
شیوسینا اُدھو بالا صاحب ٹھاکرے پارٹی کی جانب سے مہنگائی کے خلاف کل‘ چھترپتی سمبھاجی نگر شہر کے کرانتی چوک پر ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ رکنِ کونسل امباداس دانوے کی قیادت میں کیے گئے اس احتجاج میں مرکزی حکومت کے خلاف زوردارنعرے بازی کی گئی۔
***** ***** *****
پانی کی ممکنہ قلت کے پیشِ نظر ضلع کلکٹر کیرتی کرن پجار نے دھاراشیو ضلعے کے دھاراشیو، کلمب، بھوم، واشی اور پرنڈا تعلقہ جات میں 13 آبپاشی منصوبوں میں دستیاب پانی کے ذخیرے کو آئندہ احکامات تک پینے کے استعمال کیلئے محفوظ رکھنے کا حکم جاری کیا ہے۔ اس کے علاوہ علاقے میں جانوروں کے پینے کے پانی کو مدنظر رکھ کر متعلقہ منصوبوں میں دستیاب پانی کو محفوظ کرنے پر زور دیا گیا ہے۔
***** ***** *****
مرگ نکشتر کے پہلے ہی دن کل‘ ناندیڑ شہر اور مضافات میں تیز ہواؤں اور گرج و چمک کے ساتھ زوردار بارش ہوئی۔ اس بارش کی وجہ سے شہر کے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی میں بھی رخنہ اندازی ہوئی۔
ہنگولی ضلعے کے کئی علاقوں میں کل اوسط بارش ہوئی۔ بسمت تعلقے میں دوپہر کے وقت تیز ہواؤں کے ساتھ تیز بارش ہوئی۔ اس وقت بسمت-ناندیڑ شاہراہ پر نیلا کے قریب ایک برقی ٹاور کے گرنے کی وجہ سے بسمت-آسے گاؤں راستہ شام تک آمد و رفت کیلئے بند رہا۔
***** ***** *****
دریں اثناء‘ محکمہ موسمیات نے آئندہ دو دنوں میں کوکن میں کئی مقامات، وسطی مہاراشٹر کے چند مقامات اور مراٹھواڑہ اور ودربھ کے مختلف مقامات پر گرج اور چمک کے ساتھ بارش کے امکان کی پیش گوئی کی ہے۔
***** ***** *****
سرخیاں
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر....
٭ ریاست میں 15 جون تک مانسون کی رفتار سست رہے گی، محکمہ زراعت کی جانب سے تخم ریزی میں عجلت نہ کرنے کی اپیل۔
٭ راشٹروادی کانگریس کی جانب سے راجیہ سبھا کی مخلوعہ نشست کیلئے راجندر جین کی امیدواری کا اعلان۔
٭ گھریلو ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں 29 روپے کا اضافہ۔
٭ NTA نے NEET-UG کے دوبارہ امتحان کے سوالیہ پرچے افشاء ہونے کے دعوے کو کیا مسترد؛ افواہوں پر یقین نہ کرنے کی اپیل۔
اور۔۔۔ ٭ دھاراشیو ضلعے میں 13 آبپاشی منصوبوں میں دستیاب آبی ذخیرے کو پینے کیلئے مختص کرنے کا حکم۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment