Tuesday, 9 June 2026

آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 09 جون 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 09 June-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۹/جون ۶۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ مہاراشٹر کو ریلوے دروازوں سے پاک کرنے کیلئے بنیادی سہولیات تعمیر کرنے کی وزیرِ اعلیٰ کی ہدایت۔
٭ 21 جون کو ہونے والے نیٖٹ- یوجی 2026 کے دوبارہ امتحان کیلئے مراکز کی فہرست جاری۔
٭ وزیرِ اعظم محفوظ ممتا مہم کو دس برس مکمل؛ گذشتہ 12 برسوں میں غریب و محروم طبقہ ہی مرکزی پالیسیوں کا مرکز رہا ہے: وزیرِ اعظم کا اظہارِ خیال۔
٭ عالمی یوگ آسن چمپئن شپ میں دھاراشیو کی ہندوی چَورے کو طلائی تمغہ۔
اور۔۔۔٭ ریاست میں جنوب مغربی مانسون کی مؤثر پیش قدمی۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
مہاراشٹر ریل انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ کارپوریشن یعنی مہا ریل کے ذریعے انجام دئیے جانے والے کُل 131 میں سے پہلے مرحلے میں 65 منصوبوں کو وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے منظوری دے دی ہے۔ اس ضمن میں کل منعقدہ ایک اجلاس میں انھوں نے مہاراشٹر کو ریلوے دروازوں سے پاک کرنے کیلئے بنیادی سہولیات کی تعمیر کے احکامات جاری کیے۔ ریاست کے تعمیراتِ عامہ اور شہری ترقیات کے محکموں کے تحت آنے والی سڑکوں پر ریلوے فلائی اوور‘ پیدل چلنے والے افراد کیلئے پُل اوری ریلوے راستوں کے نیچے سے سڑک تعمیر کرنے کے کام مہاریل کے ذریعے کیے جائیں گے۔ بڑے شہروں میں بڑھتی آبادی کو پیشِ نظر رکھ کر شہریوں کو سہل حمل و نقل کی سہولتیں بہم پہنچانے کی ہدایت بھی وزیرِ اعلیٰ نے کی۔
***** ***** *****
آئندہ 21 جون کو ہونے والے NEET-UG-2026 کے دوبارہ امتحان کیلئے امتحانی مراکز کی فہرست جاری کر دی گئی ہے۔ بیرون ملک کے 14 شہروں کے علاوہ ملک کے 551 مراکز پر دوپہر دو تا سوا پانچ بجے کے درمیان یہ تحریری امتحان لیے جائیں گے۔ امتحانات کے انعقاد کے ذمہ دار ادارے (NTA) نے کہا ہے کہ ہال ٹکٹ اور دیگر معلومات کیلئے طلبہ، تصدیق شدہ ویب سائٹس سے رابطے میں رہیں۔
***** ***** *****
CBSE کی جانب سے بارہویں جماعت کی جوابی بیاضوں کو جانچنے کیلئے آن اسکرین نشانات دینے کے طریقہئ کار کو چیلنج کرنے والی عرضداشت پر دہلی عدالت ِ عالیہ نے مرکزی حکومت اور CBSE کو نوٹس جاری کیے ہیں۔ اس مقدمے کی آئندہ سماعت 12 جون کو رکھی گئی ہے۔
***** ***** *****
مہاراشٹر ریاست ِ ثانوی اور اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کے جماعت ِ دہم اور بارہویں جماعت کے جون- جولائی 2026 میں ہونے والے امتحانات کے ہال ٹکٹ جاری کرنے کا کل سے آغاز ہوا۔ بورڈ کی ویب سائٹ ڈبلیو ڈبلیو ڈبلیو ڈاٹ مہا ایچ ایس ایس سی بورڈ ڈاٹ اِن پر سے ہال ٹکٹ ڈاؤن لوڈ کیے جاسکتے ہیں۔ بورڈ نے تمام ثانوی مدارس اور جونیئر کالجوں ں کو ہدایت کی ہے کہ طلبہ کو پرنٹیڈ ہال ٹکٹ دیں اور اس کیلئے کوئی اضافی فیس نہ لی جائے۔ علاوہ ازیں ہال ٹکٹ پر صدر مدرس یا پرنسپل کے دستخط اور ادارے کی مہر ہو۔
***** ***** *****
وزیرِ اعظم محفوظ ممتا مہم کو آج دس برس مکمل ہورہے ہیں۔ اس مہم کا مقصد حاملہ خواتین کو قبل از زچگی مختلف 9 خدمات فراہم کرنا ہے۔ اس حوالے سے وزارتِ حفظانِ صحت اور خاندانی بہبود کی جانب سے آج ملک بھر میں مختلف خصوصی پروگراموں کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ اس خصوص میں 75 روپئے کا ایک میمورئیل سکہ اور ڈاک ٹکٹ جاری کیے جائیں گے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے گذشتہ 12 برسوں میں غریبوں کی فلاح و بہبود کیلئے مرکزی حکومت کی جانب سے کیے گئے اقدامات کی معلومات سماجی رابطے پر دیں۔ انھوں نے کہا کہ اس عرصے کے دوران ملک میں کئی اہم تبدیلیاں ہوئیں اور اس تغیر کا مرکز غریبوں اور محروموں کی بہبود ہی رہا ہے۔
***** ***** *****
مرکزی حکومت کے 12 برس کے دورِ اقتدار میں امدادِ باہمی اور زراعت کے شعبوں میں قابلِ ذکر تبدیلیاں رونماء ہورہی ہیں۔ جس کے سبب زراعت اور دیہی معیشت میں بڑی اور تاریخی تغیر وقوع پذیر ہوا ہے۔ اس خصوص میں مرکزی کپاس تحقیقاتی ٹکنالوجی ادارے کے رکن مکرند کورڈے نے آکاشوانی سے بات چیت میں بتایا کہ گذشتہ برسوں میں حکومت نے کئی اسکیمیں شروع کی ہیں لیکن اس میں سب سے زیادہ قابلِ ذکر پردھان منتری کسان سنمان ندھی یوجنا رہی۔ جس کے تحت اہل کسان خاندانوں کو سالانہ چھ ہزار روپئے ان کے بینک کھاتوں میں راست جمع کیے جاتے ہیں جس کے سب کسانوں کو بڑی مالی بنیاد فراہم کی گئی ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
اپوزیشن اتحاد انڈیا آگھاڑی کا کل نئی دہلی میں اجلاس منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں مختلف 25 پارٹیوں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔ ہر دو ماہ میں اس طرح کا اجلاس بلانے کے فیصلے پر تمام رہنماؤں نے اتفاق کیا۔ کانگریس سربراہ ملک ارجن کھرگے نے بتایا ہے انڈیا آگھاڑی کا آئندہ اجلاس حیدرآبادمیں طلب کیا جائے گا۔
***** ***** *****
آل انڈیا ریڈیو یعنی آکاشوانی کو کل0 9 برس مکمل ہوگئے۔ 8 جون 1936 کو انڈین اسٹیٹ براڈ کاسٹنگ سروس کا نام تبدیل کرکے آل انڈیا ریڈیو رکھا گیا۔ اس کے تقریباً دو دہائیوں بعد اس ادارے کو آکاشوانی کا نام دیا گیا۔ آج آکاشوانی ملک کی 98 فیصد آبادی تک رسائی رکھتی ہے اور 23 زبانوں اور 146 بولیوں میں ملک بھر کے 591 مراکز سے پروگرام نشر کیے جاتے ہیں۔ اس کا بیرونی خدمات شعبہ 100 سے زیادہ ممالک میں آکاشوانی خبر رساں شعبہ کے پیشہ وارانہ اُصولوں اور اعلیٰ صحافتی معیار کے ساتھ ملک کی تمام اہم زبانوں میں خبروں کی نشریات جاری رکھے ہوئے ہے۔
***** ***** *****
صدرِ جمہوریہ دروپدی مُرمو کے ہاتھوں کل اعزازاتِ شجاعت تفویض کیے گئے۔ اس موقع پر سات کیرتی چکر، 15 وِیر چکر اور 29 شوریہ چکر تقسیم کرکے صدرِ جمہوریہ نے فوجیوں کا استقبال کیا۔
***** ***** *****
مہاراشٹر سے راجیہ سبھاکی ایک نشست کے ضمنی انتخاب کیلئے راشٹروادی کانگریس پارٹی کی جانب سے کل سابق رکنِ اسمبلی راجندر جین نے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ اس ضمنی انتخاب میں مہاوِکاس آگھاڑی کی جانب سے کوئی امیدوار میدان میں نہ اُتارے جانے کے باعث ان کی کامیابی یقینی سمجھی جارہی ہے۔
***** ***** *****
احمدآباد میں جاری عالمی یوگ آسن چمپئن شپ میں دھاراشیو کی ہندوی چَورے نے فارورڈ بینڈنگ زمرے میں طلائی تمغہ حاصل کیا ہے۔ اس چمپئن شپ میں بھارت کیلئے طلائی تمغہ حاصل کرنے والی وہ دھاراشیو ضلعے کی دوسری خاتون کھلاڑی بن گئی ہیں۔
***** ***** *****
نیو چندی گڑھ میں کھیلے گئے واحد کرکٹ ٹیسٹ میچ میں بھارت نے افغانستان کو ایک اننگ اور 300 رنوں سے شکست دے دی۔ بھارت نے اپنے پہلی اننگ آٹھ وکٹ پر4 56 رن پر ختم کرنے کا اعلان کیا۔ افغانستان کی پہلی اننگ 152 رنوں پر ہی ختم ہوگئی، جس کے بعد افغانستان کو فالو آن دیا گیا‘ لیکن دوسری اننگ میں بھی افغان ٹیم صرف 112 رن ہی بناسکی۔ اس میچ کی پہلی اننگ میں بھارت کی جانب سے اسپنر مانو ستار نے صرف 33 گیندوں میں افغانستان کے چھ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اپنے پہلے میچ میں ہی یہ کارکردگی پیش کرنے والے وہ بائیں ہاتھ کے ہندوستانی گیند باز بن گئے ہیں، جبکہ اپنے پہلے ہی میچ میں پانچ والے لینے والے دسویں بھارتی کھلاڑی قرار پائے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع میں تقریباً 22ہزار ہیکٹر سرکاری زمین پر دو کروڑ 44لاکھ درخت لگائے جائیں گے۔ گرین مہاراشٹر مشن کے تحت آئندہ 10 برسوں میں یہ مہم چلانے کا ہدف انتظامیہ نے رکھا ہے۔ ضلع کلکٹر ونئے گوڑا جی سی نے مختلف محکموں کے باہمی تال میل سے یہ کام مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
***** ***** *****
موسم: لاتور ضلع کے اوسا تعلقے میں کل سب سے زیادہ 37 ملی میٹر بارش ہوئی۔ ضلعے کے بیشتر تعلقوں میں کل برسات ہوئی۔ آئندہ چند دنوں میں ضلع میں مانسون کی مزید پیش قدمی کی پیش گوئی محکمہ موسمیات نے کی ہے۔ دھاراشیو ضلعے کے آٹھ تعلقوں میں کُل ملا کر 66 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ سب سے زیادہ تقریباً 122 ملی میٹر بارش کلمب تعلقے میں ہوئی۔
ریاست میں جنوب مغربی مانسون کی تیز رفتار پیش قدمی جاری ہے‘ سندھو دُرگ‘ رتناگری‘ کولہاپور‘ ستارا‘ سانگلی‘ کولہا پور اضلاع میں مانسون کے داخل ہونے کی اطلاع محکمہ موسمیات نے دی ہے۔ بیڑ، ناندیڑ، لاتور اور دھاراشیو میں آج بارش کا امکان ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ مہاراشٹر کو ریلوے دروازوں سے پاک کرنے کیلئے بنیادی سہولیات تعمیر کرنے کی وزیرِ اعلیٰ کی ہدایت۔
٭ 21 جون کو ہونے والے نیٖٹ- یوجی 2026 کے دوبارہ امتحان کیلئے مراکز کی فہرست جاری۔
٭ وزیرِ اعظم محفوظ ممتا مہم کو دس برس مکمل؛ گذشتہ 12 برسوں میں غریب و محروم طبقہ ہی مرکزی پالیسیوں کا مرکز رہا ہے: وزیرِ اعظم کا اظہارِ خیال۔
٭ عالمی یوگ آسن چمپئن شپ میں دھاراشیو کی ہندوی چَورے کو طلائی تمغہ۔
اور۔۔۔٭ ریاست میں جنوب مغربی مانسون کی مؤثر پیش قدمی۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment