Thursday, 11 June 2026

آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 11 جون 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 11 June-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۱۱/جون ۶۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ ترقی یافتہ بھارت کا ہدف حاصل کرنے کیلئے ترقی کی رفتار تیز کرنے کی وزیرِ اعظم کی ترغیب۔
٭ طویل ترین عرصے تک عوامی عہدے پر فائز رہنے پر وزیرِ اعظم کو مرکزی کابینہ کی مبارکباد؛ غیر ملکی سربراہانِ مملکت کی جانب سے بھی نیک خواہشات۔
٭ کسانوں کی قرض معافی اسکیم کے تحت 56 لاکھ کسانوں کے 36 ہزار کروڑ روپئے کے قرض معاف کیے جائیں گے: وزیرِ اعلیٰ کا اعلان۔
٭ ریاست میں ماہِ مئی و جون میں ژالہ باری کے باعث پھلوں کی فصلوں کو ہوئے نقصانات کے پنچنامے فوری مکمل کرنے کی ہدایت۔
اور۔۔۔٭ بیڑ، لاتور اور دھاراشیو اضلاع میں آئندہ دو دِنوں کیلئے برسات کا یلو الرٹ۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
ترقی یافتہ بھارت کے ہدف کے حصول کیلئے ترقی کی رفتار تیز کرنے کی اپیل وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کی ہے۔ وہ گذشتہ روز نئی دہلی میں قومی جمہوری اتحاد یعنی(NDA) کے ایک اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ NDAکی تمام رُکن جماعتوں کے سربراہان اور NDA کے زیرِ اقتدار ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ اس اجلاس میں شریک تھے۔ ان تمام سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا:
Byte: Prime Minister Narendra Modi
اسی دوران عوامی طورپر منتخب سربراہ کی حیثیت سے سب سے طویل مدت تک خدمات انجام دینے پر NDA کی تمام اتحادی جماعتوں نے وزیرِ اعظم کو مبارکباد دی۔ مرکزی کابینہ نے بھی کل ایک خصوصی قرارداد منظور کرکے انھیں مبارکباد دی۔ مودی نے وزیرِ اعظم کے عہدے پر چار ہزار 399 دن مکمل کرلیے ہیں۔ انھوں نے ملک کے پہلے وزیرِ اعظم جواہر لال نہرو کا چار ہزار 398 دنوں تک وزیرِ اعظم رہنے کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔
دریں اثناء‘ صدرِ جمہوریہ دروپدی مُرمو، نائب صدر سی پی رادھا کرشنن اور لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا سمیت امریکہ کے متعدد عوامی نمائندوں‘ آسٹریلیاء‘ ملیشیاء‘ نائیجیریا‘ مالدیپ اور سری لنکا کے سربراہانِ مملکت نے بھی مودی کو نیک خواہشات پیش کی ہیں۔
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے وزیرِ اعظم نریندر مودی کے دورِ اقتدارکو سنہری دور قرار دیا ہے۔ وہ کل نئی دہلی میں ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر انھوں نے نریندر مودی کے دور میں مختلف شعبوں میں ہوئی ترقی کا تفصیلی جائزہ بھی پیش کیا۔
***** ***** *****
ریاستی حکومت کی نہایت اہم کسان قرض معافی اسکیم کے تحت 56 لاکھ کسانوں کے 36ہزار کروڑ روپئے کے قرض معاف کیے جائیں گے۔ یہ اطلاع وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے دی۔ انھوں نے بتایا کہ 2020 میں قرض معافی کا فائدہ اٹھانے کے بعد دوبارہ مقروض ہونے والے کسانوں کیلئے اس اسکیم میں چند ایک شرائط رکھی گئی ہیں‘ تاہم وضاحت کی کہ بیشتر کسانوں کو ان شرائط کا نقصان نہیں ہوگا۔ اس کے علاوہ کھادوں کی دستیابی سے متعلق پھڑنویس نے کہا کہ عالمی صورتحال کے باعث سپلائی محدود ہونے کے باوجود ریاست میں کھادوں کی قلّت نہیں ہے۔
***** ***** *****
ریاست میں مئی اور جون 2026 کے دوران غیر موسمی بارش‘ تیز آندھیوں اور ژالہ باری کے باعث پھلوں کی فصلوں کو ہونے والے نقصانات کے پنچنامے فوری مکمل کرنے کا حکم وزیرِ زراعت دتاتریہ بھرنے‘ نے دیا ہے۔ وہ کل منترالیہ میں منعقدہ ایک اجلاس سے مخاطب تھے۔ انھوں نے کہا کہ کسانوں کو کوئی دشواری نہ ہو اس بات کا خیال رکھتے ہوئے معاوضے کی ادائیگی کے عمل کو تیز کیا جائے۔ مئی اور جون کے مہینوں میں ریاست کے 27 اضلاع میں کُل 61 ہزار 4 ہیکٹر رقبے میں پھلوں کی فصلوں اور باغات کو نقصان پہنچا۔ جس میں سے 18ہزار 121 ہیکٹر رقبے پر کیلے کی فصل تھی۔ وزیرِ موصوف نے بتایا کہ متاثرہ علاقوں کے سروے اور پنچنامے تیار کرنے کا عمل جاری ہے۔
***** ***** *****
مرکزی وزیر برائے پیٹرولیم و طبعی گیس ہردیپ سنگھ پوری نے وضاحت کی ہے کہ ملک میں سی این جی یعنی کامپریسڈ نیچرل گیس کی کوئی قلّت نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ ملک میں گھر گھر میں پی این جی یعنی پائپ کے ذریعے طبعی گیس کی رسد میں اضافہ ہوا ہے اور ایل پی جی کنکشنز کو پی این جی کنکشنز میں تبدیل کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ وزیرِ موصوف نے یہ بتایا کہ گیس کی مصنوعی قلّت پیدا کرکے اور گمراہ کُن معلومات پھیلاکر کچھ عناصر صورتحال کا ناجائز فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ اس طرح کے افراد کے خلاف حکومت کی جانب سے کارروائی کی جارہی ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
عالمی یومِ عطیہئ چشم کل منایا گیا۔ اس سلسلے میں آنکھیں عطیہ کرنے کے موضوع پر عوامی بیداری کے مختلف پروگرام منعقد کیے گئے۔
چھترپتی سمبھاجی نگر سے تعلق رکھنے و الے تین نوجوانوں نے بصارت سے محروم افرادکو ڈیجیٹل بصارت دینے کیلئے ”لیٹس سی“ نام کا ایک موبائل ایپ تیار کیا ہے۔ شونک ساورگاؤنکر، شری نیواس کھستے اور ڈاکٹر اَوجس مندڑا ان لوگوں کا نام ہے۔ ان نوجوانوں کا تفصیلی انٹرویو آپ ہمارے مرکز سے نشر ہونے والے یووانی پروگرام میں 12 جون کو شام ساڑھے پانچ بجے سماعت کرسکتے ہیں۔
دھاراشیو میں سرکردہ ماہرِ امراضِ چشم ڈاکٹر رام چندر لکشمن بھالچندر کی یاد میں یومِ چشم ہفتے کا کل افتتاح عمل میں آیا۔ اس موقع پر بعد از مرگ عطیہئ چشم کا عزم کرکے بصارت سے محرومی کی روک تھام کیلئے بیداری پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
***** ***** *****
ریاستی تعلیمی بورڈ کے جماعت ِ دہم اور بارہویں کے سپلیمنٹری اور گریڈ بہتری کے امتحان 16جون تا 8جولائی کے درمیان ہوں گے۔ چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع میں 24 امتحانی مراکز پر پانچ ہزار 819 طلبہ یہ امتحان دیں گے۔ جماعت ِ دہم کے امتحان 16 تا 30 جون کے دوران اور بارہویں کے امتحانات 16 جون تا 8 جولائی کے درمیان ہوں گے۔
***** ***** *****
بیڑ کے ضلع کلکٹر ویویک جانسن نے ہدایت کی ہے کہ ضلع میں 15جون سے اسکولوں کے آغاز کے ساتھ طلبہ کے آدھار رجسٹریشن اور اپڈیٹ کیلئے خصوصی کیمپ منعقد کیے جائیں۔ انھوں نے کہا کہ اسکول کھلنے سے پہلے تعلقے کی سطح اور اسکولوں کی سطح پر آدھار کیمپوں کا جامع منصوبہ تیار کیا جائے اور 15جون سے شروع ہونے والے اسکولو ں میں ہی یہ خصوصی کیمپ منعقد کیے جائیں۔
***** ***** *****
لاتور ضلع کے کسان کاشی ناتھ گائیکواڑ کا بیل آسمانی بجلی گرنے سے ہلاک ہوگیا تھا‘ جس کے باعث انھیں اپنی اہلیہ کو ہل میں جوتنے کی نوبت آگئی تھی۔ اس معاملے کا وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے براہِ راست نوٹس لیا اور چند ہی گھنٹوں کے اندر اس خاندان کو ایک نیا بیل اور ہلاک شدہ بیل کے معاوضے کی رقم فراہم کردی گئی۔ اس پر خاندان نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اب خریف سیزن کے کام بروقت مکمل ہوجائیں گے۔
***** ***** *****
ضلع ناندیڑ کی گرام پنچایتوں میں موجود ”آپلے سرکار سیوا کیندروں“ کو جدید بناکر مکمل صلاحیتوں کے ساتھ فعال کرنے کی ہدایت ضلع پریشد کے چیف ایکزیکٹیو آفیسر اور ایڈمنسٹریٹر میگھنا کاؤلی نے دی ہے۔ اس اقدام سے دیہی علاقوں کے ساکنوں کو مختلف سرکاری خدمات اور دستاویزات گاؤں کی سطح پر ہی دستیاب ہوسکیں گے۔
***** ***** *****
بھارتیہ جنتا پارٹی کے ریاستی صدر رویندر چوہان نے یقین ظاہر کیا ہے کہ قانون ساز کونسل کے انتخابات میں مہایوتی اتحاد کے تمام امیدوار کامیاب ہوں گے۔ انھوں نے لاتور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی- شیوسینا اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے تمام قائدین اور عہدیدار انتخابی عمل پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔
***** ***** *****
ضلع ناندیڑ میں غیر قانونی شراب سازی‘ فروخت اور حمل و نقل کے خلاف ریاستی محکمہئ ایکسائز کی خصوصی مہم کے دوران 140 انسدادی کارروائیاں انجام دی گئیں اور 10 لاکھ 72 ہزار 885 روپئے مالیت کی اشیاء ضبط کی گئیں۔ محکمہئ ایکسائز کے سپرنٹنڈنٹ ایس ایل کدم نے کل ناندیڑ میں یہ اطلاع دی۔ انھوں نے بتایا کہ 29 مئی سے جاری کارروائیوں میں اب تک 142 ملزمان گرفتار کیے جاچکے ہیں۔
***** ***** *****
موسم: محکمہ موسمیات نے مراٹھواڑہ کے بیڑ، لاتور اور دھاراشیو اضلاع کیلئے آئندہ دو دنوں کیلئے بارش کا یلو الرٹ جاری کیا ہے۔ ان اضلاع میں بعض مقامات پر تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی تا درمیانی بارش کا امکان ہے‘ جبکہ دیگر اضلاع میں بھی گرج چمک کے ساتھ کہیں کہیں بارش ہونے کی پیش گوئی محکمہ موسمیات نے کی ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ ترقی یافتہ بھارت کا ہدف حاصل کرنے کیلئے ترقی کی رفتار تیز کرنے کی وزیرِ اعظم کی ترغیب۔
٭ طویل ترین عرصے تک عوامی عہدے پر فائز رہنے پر وزیرِ اعظم کو مرکزی کابینہ کی مبارکباد؛ غیر ملکی سربراہانِ مملکت کی جانب سے بھی نیک خواہشات۔
٭ کسانوں کی قرض معافی اسکیم کے تحت 56 لاکھ کسانوں کے 36 ہزار کروڑ روپئے کے قرض معاف کیے جائیں گے: وزیرِ اعلیٰ کا اعلان۔
٭ ریاست میں ماہِ مئی و جون میں ژالہ باری کے باعث پھلوں کی فصلوں کو ہوئے نقصانات کے پنچنامے فوری مکمل کرنے کی ہدایت۔
اور۔۔۔٭ بیڑ، لاتور اور دھاراشیو اضلاع میں آئندہ دو دِنوں کیلئے برسات کا یلو الرٹ۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment