Sunday, 14 June 2026

آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 14 جون 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 14 June-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۴۱/جون ۶۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ کیندریہ وِدّیالیوں کی انجمن کی جانب سے جماعت ِ ششم اور نہم کیلئے سنسکرت زبان لازمی قرار۔
٭ راشٹروادی کانگریس شرد چندر پوار پارٹی کے کانگریس میں انضمام کے امکان کو سپریہ سُڑے نے کیا مسترد۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر اور لاتور میں دو سڑک حادثات میں چھ افراد کی موت۔
٭ مَردوں کے کرکٹ میچ میں بھارت کی افغانستان کے خلاف سات وِکٹ سے فتح۔
٭ خواتین کے ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں آج بھارت کا مقابلہ پاکستان سے۔
اور۔۔۔٭ چھترپتی سمبھاجی نگر اور جالنہ ضلع کیلئے آج گرمی کا یلو اَلرٹ‘ جبکہ ناندیڑ، لاتور اور دھاراشیو اضلاع کیلئے بارش کا یلو اَلرٹ۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
مرکزی اسکولوں یعنی کیندریہ وِدیالیہ کی تنظیم کے وی ایس نے تعلیمی سال 2026-27 سے جماعت ِ ششم اور جماعت ِ نہم کے طلبہ کیلئے سہ لسانی فارمولے کے تحت ہر اسکول میں کم از کم ایک سیکشن میں سنسکرت زبان کو لازمی مضمون قراردیا ہے۔ تبادلوں کے اہل مرکزی حکومت کے ملازمین کے بچوں کو تعلیمی مشکلات سے بچانے کیلئے یہ فیصلہ کیا گیا۔ نئے ضوابط کے مطابق طلبہ کی چنی گئی تیسری زبان کی بنیاد پر درجہ بندی کی جائیگی۔ جن اسکولو ں میں دو سیکشن ہوں گے وہاں ایک سنسکرت اور ایک علاقائی زبان کا سیکشن ہوگا۔ تاہم‘ صرف ایک سیکشن والے اسکولو ں میں سنسکرت زبان کا انتخاب کرنے والے کم از کم 15 طلبہ ہوں تو اُن کا ایک سیکشن بنایا جاسکتا ہے۔
***** ***** *****
مرکزی ثانوی تعلیمی بورڈ (CBSE) نے بھی قومی تعلیمی پالیسی 2020 کے مطابق جماعت ِ نہم کیلئے سہ لسانی نصاب کو لازمی قرار دیا ہے۔ ان میں کم از کم دو ہندوستانی زبانیں لازمی ہوں گی۔ طلبہ کے امتحانات کا بوجھ کم کرنے کی غرض سے دسویں جماعت کیلئے تیسری زبان کے مض مون کا بورڈ کی سطح پر امتحان نہیں لیا جائے گا۔ یہ وضاحت CBSE کی جانب سے کی گئی ہے۔
***** ***** *****
سنگل مدر یا واحد سرپرست کے زمرے میں آنے والے افراد کے بچوں کیلئے کالجوں میں خصوصی سہولتیں فراہم کرنے پر ریاستی حکومت غور کررہی ہے۔ اعلیٰ اور تکنیکی تعلیم کے وزیر چندر کانت پاٹل نے کل ممبئی میں یہ اطلاع دی۔ انھوں نے بتایا کہ اس خصوص میں ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کی جائیگی۔ اس کیلئے 17 جون کو ریاست کے 1500 کالجوں کے پرنسپلز کا ایک آن لائن اجلاس طلب کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
ریاستی آبی وسائل کے وزیر رادھا کرشن وِکھے پاٹل نے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم نریندر مودی کی زیرِ قیادت مرکزی حکومت کے 12 سال اعتماد، ترقی اور عوامی فلاح کے سنہرے سال ثابت ہوئے ہیں۔ اس دوران ملک نے نئی معیشت اور خود اعتمادی کے ساتھ کامیاب پیش قدمی کی ہے۔ نریندر مودی کی حکومت کے 12 سال مکمل ہونے کے حوالے سے وہ کل اہلیا نگر میں ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ اسی دوران ناگپور میں ایک اطلاعی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر برائے زمینی حمل و نقل نتن گڈکری نے مرکزی حکومت کی 12 سالہ کارکردگی کا جائزہ پیش کیا۔
***** ***** *****
راشٹروادی کانگریس شرد چندر پوار پارٹی کے کانگریس میں انضمام کے امکان کو پارٹی کی کارگذار صدر سپریہ سُڑے نے مسترد کردیا ہے۔ کل ناگپور میں اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے انضمام سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو محض افواہ قرار دیا اور کہا کہ انھیں بھی یہ خبریں سوشل میڈیا کے ذریعے ہی ملی ہیں۔ کسانوں کے تئیں مرکزی حکومت کو حساس رویہ اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے انھوں نے ترغیب دی کہ حکومت سیاست سے قطع نظر عوام کے بنیادی مسائل پر توجہ دے۔
***** ***** *****
کسانوں کے قرضہ جات معاف کرنے کیلئے مبینہ سخت شرائط اور پابندیوں کے خاتمے کیلئے راشٹروادی کانگریس شرد چندر پوار پارٹی کے رُکنِ اسمبلی روہت پوار نے پنڈھرپور میں بھوک ہڑتال شروع کردی ہے۔ انھوں نے انتباہ دیا ہے کہ مطالبات پورے ہونے تک وہ بھوک ہڑتال ختم نہیں کریں گے۔ کسانوں کی قرض معافی کیلئے 2019کی اسکیم سے استفادہ کرنے والے کسانوں کو صرف 50ہزار اسی طرح ترغیبی اسکیم کیلئے قرض کی رقم ادا کرنے کی شرط ختم کرنے کا انھوں نے مطالبہ کیا ہے۔ کانگریس کے ریاستی صدر ہرش وردھن سپکاڑ نے اس بھوک ہڑتال کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
ای گورننس کے قومی ایوارڈز میں مہاراشٹر میں پنچایتی راج شعبے سے وابستہ دو منصوبوں کو طلائی ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ سانگلی ضلع کے کڑے گاؤں تعلقے کی کڑے پور گرام پنچایت اور نندوربار ضلع پریشد کا صحت ِ عامہ شعبہ اس میں شامل ہے۔ کڑے پور گرام پنچایت کو خدمات کی توسیع واستحکام کیلئے دیہی سطح کے منصوبے کے زمرے میں‘ جبکہ نندوربار ضلع پریشد کے صحت ِ عامہ شعبے کو ”ای آروگیہ دھمنی“ نامی جدید رطرز کی مہم کیلئے طلائی تمغے سے نوازا گیا۔
***** ***** *****
وزیرِ تجارت و پروٹوکول جئے کمار راول نے کہا ہے کہ یوگ صرف جسمانی ورزش نہیں بلکہ جسم‘ ذہن اور روح میں ہم آہنگی پیدا کرنے والی طرزِ زندگی کا نام ہے۔ وہ کل ممبئی میں بین الاقوامی یوگ دن 2026 کے حوالے سے تمام ممالک کے قونصل جنرلوں اور اعزازی سفارتکاروں کے خصوصی یوگ سیشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔
***** ***** *****
احمدآباد میں منعقدہ عالمی یوگا چمپئن شپ میں طلائی تمغہ حاصل کرنے والے ناندیڑ کے شیریس مارکنڈے کا ناندیڑ ضلع انتظامیہ اور ضلع اسپورٹس دفتر کی جانب سے استقبال کیا گیا۔ اَپّر ضلع کلکٹر ڈاکٹر رَتن دیپ گائیکواڑ، اقامتی نائب کلکٹر کرن امبیکر اور دیگر معزز شخصیات اس موقع پر موجود تھیں۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر اور لاتور ضلع میں کل ہوئے دو علیحدہ علیحدہ سڑک حادثوں میں چھ افراد ہلاک ہوگئے۔ چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع میں گنگاپور تعلقے کے بابر گاؤں پھاٹے سے قریب ایک کنٹینر اور موٹر سائیکل کے مابین راست تصادم میں ٹووہیلر اور کنٹینر کے ڈرائیور کی جائے حادثے پر ہی موت ہوگئی جبکہ شدید زخمی خاتون اسپتال میں دورانِ علاج چل بسیں۔
دوسرے حادثہ لاتور ضلع کے چاکور تعلقے کے آلگرواڑی پاٹی کے قریب پیش آیا۔ کنٹینر‘ کار اور ٹووہیلر کے درمیان ہوئے اس سہ رخی حادثے میں ٹووہیلر سوار اور کار میں موجود ایک کمسن بچے کی موت واقع ہوگئی۔ حادثات کے اسباب کی پولس جانچ کررہی ہے۔
***** ***** *****
شیوسینا اُدّھو باڑا صاحب ٹھاکرے پارٹی کے رکنِ اسمبلی امباداس دانوے نے لاتور ضلع کے دورے کے دوران ریاستی حکومت اور انتظامیہ پر سخت تنقید کی ہے۔ کل صحیفہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ دیونی تعلقے کے کسانوں کی امداد کا حکومت صرف دکھاوا کررہی ہے۔ اس پورے معاملے کی جانچ کا بھی انھوں نے مطالبہ کیا۔ انھوں نے مزید کہا کہ جمہوریت میں انتخابی عمل نہایت اہمیت کا حامل ہے اور جیت اور ہار اس کا ایک حصہ ہے۔
***** ***** *****
مہاراشٹر قانون ساز کونسل کے مقامی اتھاریٹی حلقے کے دو سالہ انتخابی عمل کو منصفانہ اور پُرامن ماحول میں مکمل کرنے کیلئے الیکشن کمیشن کی ہدایت پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ انتخابی مبصر ڈاکٹر مادھوی کھوڑے چورے نے کل ناندیڑ میں منعقد دوسرے تربیتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی فرائض انجام دیتے وقت سوشل میڈیا کا استعمال نہایت احتیاط اور ذمہ داری سے کیا جائے۔
***** ***** *****
مَردوں کے کرکٹ میں کل بھارت نے دھرم شالہ میں کھیلے گئے پہلے ایک روزہ میچ میں افغانستان کو سات وِکٹ سے شکست دے دی۔ بارش کے باعث تاخیر سے شروع ہونے والا میچ 25-25 اوور کا کرکردیا گیا تھا۔ ٹاس جیت کر بھارت نے افغانستان کو پہلے بلّے بازی کی دعوت دی اور افغانستان کی پوری ٹیم 194 رن بناکر آؤٹ ہوگئی۔ بھارت نے یہ ہدف تین وکٹ کے نقصان پر 23 ویں اوور میں ہی حاصل کرلیا۔ غیر مفتوح 84 رن بنانے والے کپتان شبھمن گل کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ سیریز کا دوسرا میچ 17جون کو لکھنؤ میں کھیلا جائے گا۔
***** ***** *****
خواتین کے ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ میں آج بھارت اور پاکستان کے مابین اہم میچ ہوگا۔ یہ میچ انگلینڈ کے برمنگھم میں ہندوستانی وقت کے مطابق شام سات بجے شروع ہوگا۔
***** ***** *****
موسم:
محکمہ موسمیات کے مطابق جنوب مغربی مانسون کی مزید پیش قدمی کیلئے آئندہ دو دِنوں میں حالات سازگار ہیں۔ مہاراشٹر کے متعدد علاقوں میں آج گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
ودربھ کے بیشتر اضلاع میں آج بارش کا یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ مراٹھواڑہ میں، چھترپتی سمبھاجی نگر اور جالنہ اضلاع کیلئے آج گرمی کا یلو الرٹ، جبکہ ناندیڑ، لاتور اور دھاراشیو اضلاع کیلئے بارش کا یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ دیگر اضلاع میں بھی ہلکی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ کیندریہ وِدّیالیوں کی انجمن کی جانب سے جماعت ِ ششم اور نہم کیلئے سنسکرت زبان لازمی۔
٭ راشٹروادی کانگریس شرد چندر پوار پارٹی کے کانگریس میں انضمام کے امکان کو سپریہ سُڑے نے کیا مسترد۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر اور لاتور میں دو سڑک حادثات میں چھ افراد کی موت۔
٭ مَردوں کے کرکٹ مقابلے میں بھارت کی افغانستان کے خلاف سات وِکٹ سے فتح۔
٭ خواتین کے ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں آج بھارت کا مقابلہ پاکستان سے۔
اور۔۔۔٭ چھترپتی سمبھاجی نگر اور جالنہ ضلع کیلئے آج گرمی کا یلو اَلرٹ‘ جبکہ ناندیڑ، لاتور اور دھاراشیو اضلاع کیلئے بارش کا یلو اَلرٹ۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment